اسلام آباد، اوچ شریف (سٹاف رپورٹر’ نیوز رپورٹر، نمائندہ خصوصی’نیوز ایجنسیاں ) اسلام آباد کے پوش سیکٹر
ایف ایٹ تھری میں سابق ریاست بہاولپور کے شاہی خاندان کی رہائش گاہ پر چوری کی واردات سامنے آئی ہے، جہاں گھریلو ملازم نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے تقریباً دو کروڑ روپے مالیت کے قیمتی تاریخی نوادرات اور ورثے کا سامان چرا لیا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ نواب صلاح الدین عباسی کے بیٹے پرنس بہاول عباس خان عباسی کے گھر پیش آیا، ملزم نے قیمتی نوادرات پر ہاتھ صاف کیا جن میں تاریخی اہمیت کی حامل نایاب اور بیش قیمت اشیا چاندی کی تخت نما کرسی، چاندی کی سیڑھیاں، چاندی کے پیالے، سونے کی پلیٹیں اور مختلف نایاب مجسمے، ریاستِ بہاولپور کے شاہی نشان والی سونے کی اشیا اور چاندی کا تاریخی فریم، تاریخی نوعیت کی پرانی بندوقیں اور تلواریں شامل ہیں۔مارگلہ تھانے کے انچارج محمد عمران نے غیرملکی میڈیا کو بتایا کہ چوری کے اس واقعے میں ملوث مرکزی گھریلو ملازم کو گرفتار کر کے اس سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جبکہ اسلام آباد کی پولیس نے نواب آف بہاولپور کے گھر چوری کی واردات کرنے والے مبینہ 6 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پیر کو اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ سیکٹر ایف ایٹ تھری میں واقع نواب آف بہاولپور کی رہائش گاہ سے چوری کرنے والے ملزمان سے 70 سے 80 فیصد چوری شدہ سامان بھی برآمد کر لیا گیا ۔ترجمان اسلام کی پولیس کے مطابق ملزمان کو ہیومن ریسورسز اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق چوری کا واقعہ یکم اکتوبر کی سہ پہر تین بجے کے قریب پیش آیا۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ نواب صلاح الدین عباسی کے بیٹے پرنس بہاول عباس عباسی نے کہا کہ یکم اکتوبر کو سہ پہر تین بجے کے قریب انہیں اپنے گھر کا سٹور روم کھلا اور ٹوٹ پھوٹ کی حالت میں ملا۔ایف آئی آر میں موقف اپنایا گیا کہ ان کے گھر سے تاریخی اور بیش قیمت اشیا غائب تھیں۔ ان اشیا میں چاندی کی کرسی، چاندی کی سیڑھی، چاندی کے پیالے اور مجسمیں شامل تھے۔پرنس بہاول عباس عباسی کے مطابق ان کے گھر کے سٹور روم سے بہاولپور ریاست کے نشان والی سونے کی پلیٹیں اور قیمتی سلور فریم بھی چوری ہوئے۔ انہوں نے پولیس سے استدعا کی کہ بہاولپور ریاست کی 10 قدیم بندوقیں، اور تلواریں بھی گھر سے چوری ہوئی۔پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف دفعہ 380، 381 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
نواب بہاولپور
