پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کا موبائل فون نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے تاحال واپس نہیں کیا۔ ذرائع کے مطابق رضوان سے 2 اکتوبر کو لاہور میں ایجنسی کے دفتر میں پوچھ گچھ کی گئی، جبکہ ان کا موبائل فون فرانزک جانچ کے لیے ایجنسی کے پاس موجود ہے۔
رپورٹس کے مطابق رضوان سے چار رکنی تحقیقاتی ٹیم نے پوچھ گچھ کی، جس میں ایک ڈپٹی ڈائریکٹر اور تین انسپکٹرز شامل تھے۔ تحقیقات کا بنیادی مقصد موبائل فون کا فرانزک معائنہ اور اس سے متعلق معلومات حاصل کرنا تھا۔
محمد رضوان نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کا فون 31 اگست کو انگلینڈ میں لیا گیا تھا اور انہوں نے اس کا پاس ورڈ بھی حکام کو فراہم کیا تھا۔ ان کے مطابق انہیں فون تین گھنٹے میں واپس کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، تاہم کافی وقت گزرنے کے باوجود فون واپس نہیں کیا گیا۔

