وفاقی دارالحکومت میں رواں سال اب تک ڈینگی کے 21 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد ضلعی محکمہ صحت نے ڈینگی کی روک تھام کیلئے نگرانی اور مچھر مار سرگرمیاں مزید تیز کردی ہیں۔
ضلعی محکمہ صحت کے مطابق یکم جنوری سے 5 اکتوبر تک رپورٹ ہونے والے 21 کیسز میں سے 14 دیہی جبکہ 7 شہری علاقوں سے سامنے آئے ہیں۔
5 اکتوبر کو انسدادِ ڈینگی ٹیموں نے شہر بھر میں 36 ہزار 167 نگرانی اور کنٹرول کی سرگرمیاں انجام دیں۔ ٹیموں نے ممکنہ افزائش گاہوں کی نشاندہی کرتے ہوئے 740 مثبت مقامات ختم کیے، جبکہ ہاٹ اسپاٹس کے 2 ہزار 602 مقامات کا معائنہ کیا گیا۔
محکمہ صحت کے مطابق اندرونِ خانہ سرویلنس کے دوران 7 ہزار 103 گھروں کا بھی معائنہ کیا گیا۔ حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ گھروں، چھتوں اور صحن میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور پانی کے برتن ڈھانپ کر رکھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے مسلسل فیلڈ سرویلنس، مچھروں کی افزائش گاہوں کا بروقت خاتمہ اور شہریوں کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔
اسلام آباد میں ڈینگی کے وار 21 کیسز سامنے آگئے

