واشنگٹن(آئی این پی )امریکی محکمہ دفاع نے امریکی فوج کے ایک سابق میجر کو فائرنگ سکواڈ کے ذریعے سزائے موت دینے کا اعلان کیا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی فوج کے میجر اور معالج ندال ملک حسن نے 2009 میں فورٹ ہڈ فوجی اڈے پر فائرنگ کر کے 13 غیر مسلح امریکی فوجیوں کو ہلاک جبکہ 32 دیگر کو زخمی کر دیا تھا۔پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے اس سزا کی سفارش کی تھی، جسے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منظور کر لیا ہے۔یہ دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کے بعد فائرنگ سکواڈ کے ذریعے ہونے والی پہلی فوجی سزائے موت ہو گی۔حسن ملک کو 13 افراد کے قتلِ عمد اور 32 افراد کے قتل کی کوشش کے الزامات میں فوجی افسران پر مشتمل 13 رکنی جیوری نے مجرم قرار دیا تھا۔ جیوری نے متفقہ طور پر انہیں سزائے موت دینے کی سفارش کی تھی۔
