حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا۔ پٹرول کی قیمت میں 2 روپے 31 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 78 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 9 اکتوبر 2026 سے ہوگا۔
حالیہ اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 398 روپے 96 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 395 روپے 72 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں میں یہ تبدیلی عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، پریمیم اور دیگر متعلقہ اخراجات میں اتار چڑھاؤ کے تناظر میں کی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ جائزے کا نیا طریقہ کار بھی نافذ ہے، جس کے تحت عالمی مارکیٹ کی قیمتوں میں تبدیلی کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں ردوبدل کیا جا سکتا ہے۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی اثر پڑنے کا امکان ہے، کیونکہ پٹرول عام گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں جبکہ ڈیزل بڑی گاڑیوں، ٹرانسپورٹ اور جنریٹرز میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتا ہے۔
پٹرول 2 روپے 31 پیسے اور ڈیزل 78 پیسے فی لیٹر مہنگا

