وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے مسلسل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مملکت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کیلئے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے والے حملوں کی مذمت کی۔ ان حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتیں اور زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے۔ وزیراعظم نے بیلسٹک میزائلوں کو روکنے اور شہریوں کی جانوں کے تحفظ کیلئے سعودی مسلح افواج اور اتحادی فورسز کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے اور اس کے اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے حالیہ فیصلوں کے تحت سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے پاکستان کا عزم مضبوط ہے۔ وزیراعظم نے سعودی عرب کے اپنے عوام، شہروں اور اہم تنصیبات کے دفاع کے جائز حق کی بھی حمایت کی اور حوثی ملیشیا پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر حملے بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان خطرات کے مقابلے میں سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
سعودی عرب کے دفاع میں پاکستان ساتھ کھڑا رہے گا: وزیراعظم شہباز شریف

