لاہور (سپورٹس رپورٹر) چوتھی ایشین مینز ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز (آج) جمعرات سے ملائیشیا میں ہو گا، دفاعی چیمپئن پاکستانی ٹیم ٹائٹلز کی ہیٹرک مکمل کرنے کی مہم کا آغاز میزبان ملائیشیا کے خلاف میچ سے کرے گی۔ ایشیا کی چھ بہترین ٹیمیں جن میں پاکستان، بھارت، ملائیشیا، چین، جنوبی کوریا اور جاپان شامل ہیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ ابتدائی روز دو میچز کھیلے جائیں گے، افتتاحی میچ میں پاکستان اور ملائیشیا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، دوسرے میچ میں بھارت کا مقابلہ جاپان سے ہو گا، پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ 21 اکتوبر کو جنوبی کوریا، تیسرا میچ 23 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت، چوتھا میچ 25 اکتوبر کو جاپان جبکہ پانچواں اور آخری میچ 27 اکتوبر کو چین کے خلاف کھیلے گی۔ ایونٹ کے سیمی فائنلز 29 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 30 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔