بالی ووڈ کی بڑی شخصیات ہندو انتہا پسندی کیخلاف بول پڑیں

ممبئی(شوبز ڈیسک) بھارتی ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی پر مشتعل افراد کے حملے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے بعد بالی ووڈ کی بڑی شخصیات اب ہندو انتہا پسندی کیخلاف کھل کر بول پڑی ہیں۔ ہدایتکار انوراگ کشیب نے ٹوئٹ میں سنجے لیلا بھنسالی پر حملے اور تشدد پر شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرنی سینا پر شرم آتی ہے اور آپ کی وجہ سے ہی مجھے اپنے راجپوت ہونے پر شرم آرہی ہے ، کرن جوہر کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ سنجے لیلا کیساتھ جو ہوا اس سے ناخوش ہوں اور اسے بھول نہیں پارہا ہوں لیکن اب متحد ہونے کا وقت آگیا ہے جبکہ ریتک روشن کا کہنا تھا بھنسالی سرمیں آپکے ساتھ کھڑا ہوں۔ اور یہ سب غضبناک ہے۔ہدایتکار و اداکار فرحان اختر نے ٹوئٹ پر کہا کہ فلم نگری کے ساتھیوں اگربار بار ڈرانے دھمکانے کے واقعات کیخلاف اب بھی ایک نہیں ہوئے توحالات مزید بد تر ہوجائینگے۔

لولیا سلمان خان کے غیر سنجیدہ رویے سے تنگ آگئی

ممبئی(شوبز ڈیسک) رومانیہ کی ماڈل گرل لولیا وینتر اور سلمان خان کی گہری دوستی گزشتہ ایک عرصے سے خبروں کی زینت بنی ہوئی تھی اورلولیا کا بار بار بھارت آجانا اور اداکار سلمان خان کے خاندان کے ساتھ وقت گزارنا بھی ان دونوں کی شادی کا اشارہ دے رہے تھے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ماڈل جلد ہی اداکار کے باندرہ میں گلیکسی فلیٹس میں منتقل ہونے والی تھیں لیکن وہ سلمان خان کے غیر سنجیدہ رویے سے تنگ آگئی ہیں اور انہوں نے بھارت کا ویزا نہ ملنے کا بہانہ بنا کرسلمان سے دوری اختیارکرلی ہے۔واضح رہے کہ کچھ عرصے سے سلمان خان اورلولیا کی منگنی اورشادی کی خبریں گردش کر رہی تھیں تاہم سلمان خان یا لولیا نے اس بات کی کبھی تصدیق نہیں کی۔

عدنان صدیقی خود کو بوڑھا سمجھنے لگے

کراچی (شوبز ڈیسک)اداکار عدنان صدیقی نے کہا ہے کہ ہیروازم کا کردارادا کرنے کی اب عمر نہیں،کہانی و سکرپٹ کے مطابق جاندار کردار چاہے منفی نوعیت کے ہی کیوں نہ ہو ں وہ کرکے میرے اندر کے فنکار کو سکون ملتاہے۔ یکسانیت سے بچنے کیلئے اچھے سکرپٹ و کردار کی تلاش میں رہتاہوں۔ نئی ڈرامہ سیریل ”سمی“ میں میری پرفارمنس ناظرین کو ضرور متاثر کریگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیریل سمّی کے سیٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سیریل کا کیمرہ کلوز کردیا گیا 20 اقساط کی سیریل کا آغاز آج سے ہوگا۔

ہالی وڈ فلم ”کنگ آرتھر۔ لیجنڈ آف دی سورڈ“ کا ٹریلر جاری

لاس اینجلس(شوبز ڈیسک ) ایکشن فلموں کے دیوانے ہو جائیں تیار، ماردھاڑ سے بھرپور ہالی وڈ فلم ”کنگ آرتھر۔۔ لیجنڈ آف دی سورڈ“ کا نیا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے۔ فلم مارچ میں بڑی اسکرین پر سجے گی۔ایکشن، ایڈونچر فلم ”کنگ آرتھر۔۔ لیجنڈ آف دی سورڈ“ کی کہانی ایسے جانباز نوجوان کے گرد گھومتی ہے جو چٹان میں دھنسی طلسماتی تلوار کو کھینچ نکالتا ہے اور پھر ایسے ایسے کارنامے انجام دیتا ہے کہ بادشاہ اور رعایا سب حیران رہ جاتے ہیں۔فلم کی ہدایات گے رچی نے دی ہیں۔اداکاروں میں چارلی ہینم، اینابیل شامل ہیں۔

وزیراعظم نے تمام اداروں کو یرغمال بنا رکھا ہے, تمام ثبوت موجود

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ شریف خاندان کے صاحبزادوں نے انصاف سے بچنے کے لئے منی لانڈرنگ کے الزامات اپنے دادا پر عائد کر دیئے ہیں ۔ سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کرے گی اس سے خوشحال پاکستان معرض وجود میں آئے گا ۔ وزیراعظم نے کرپشن چھپانے کے لئے تمام قومی اداروں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ سپریم کورٹ میں شریف خاندان پر واضح ہوا ہے کہ ان کے پاس منی ٹریل نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ میں جو انکشاف ہو رہے ہیں وہ اب قوم کے سامنے ہیں۔ اسمبلی تقریر میں واضح دستاویز پیش کرنے کا کہا گیا تھا لیکن سپریم کورٹ میں حکومتی وکیل کہتے ہیں کہ یہ تو بہت دیر کی بات ہے۔ کیش ٹرانزیکشن ہوئی تھی۔ یعنی کہ ایک کروڑ بیس لاکھ درہم گاڑیوں میں یہ لوگ لی کر گئے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ اب کیس کے آگے چلتے ہی بیان بھی بدلتے جا رہے ہیں۔ دبئی سے جدہ اور پھر جدہ سے لندن پیسے بھیجنے کی کوئی دستاویز بھی نہیں ہے۔ اب سپریم کورٹ کو بتایا گیا ہے کہ قطری کو پیسے دیئے گئے اور پھر قطری نے پیسے لندن میں پہنچا دیئے۔ بیچ میں جدہ کا نام ہی اڑ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلف سٹیل مل جس نے انڈے دیئے آج سپریم کورٹ میں اس پر بھی بات ہوئی ۔ ڈیڑھ کروڑ درہم گلف سٹیل مل نے نقصان کیا تھا تو پھر پیسہ آگے کیسے گیا۔ ان کے پاس کوئی جواب بھی نہیں تھا۔ عمران خان نے کہا کہ پھر پیسے ان لوگوں نے کیش دیئے بینکوں کے ذریعے بھی نہیں دیئے گئے ورنہ ان کے پاس منی ٹریل ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ گلف کے پاس تو پیسے نہیں تھے وہ نقصان میں جا رہی تھی لیکن حقیقت میں اسحاق ڈار وعدہ معاف گواہ بن گئے تھے۔ وہ اصل منی ٹریل تھا اور انہوں نے خود کہا تھا کہ وہ نواز شریف کے لئے منی لانڈرنگ کرتے تھے۔ پھر کیس ہائی کورٹ میں چیئر مین نیب نے بری قرار دیا کیونکہ وہ چیئر مین نیب نواز شریف کا اپنا لگایا ہوا تھا اور اس نے آگے گواہ کو بھی بری کروا دیا۔ سپریم کورٹ نے ایسے پہلے وزیراعظم کی کبھی بھی تلاشی نہیں لی پہلی مرتبہ پاکستان کی تاریخ میں وزیراعظم کی تلاشی لی جا رہی ہے۔نواز اگر خود نیب کا چیئر مین بنائیں گے تو پھر وہ کیسے نواز شریف کے خلاف ایکشن لے گا۔ ایف بی آر شریف خاندان کو بچانے کے لئے دستاویز بنا رہی ہے۔ نیب ایف آئی اے، ایف بی آر تمام ادارے وزیراعظم کے نیچے ہوں گے تو پھر کس طرح وزیراعظم کی کرپشن کے خلاف ایکشن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تو اپوزیشن نے پانامہ انکشاف کے بعد ایکشن لیا ورنہ دو سو سال گزرنے کے بعد بھی یہ بات عیاں نہ ہوتی۔ عمران خان نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ بیانات بدل رہے ہیں، سارا کچھ میاں شریف پر ڈالا جارہا ہے، نواز شریف کو نہیں پتہ تھا کہ ان کو عدالت میں آنا پڑیگا، اسحاق ڈار کے اعترافی بیان میں ساری منی ٹریل موجود ہیں، ایک جھوٹ کو چھپانے کیلئے سو جھوٹ بولنے پڑتے ہیں، ملک میں کوئی ادارہ آزاد نہیں نیب کنٹرولر ادارہ ہے وہ مجرموں کو کیسے پکڑے گا، اسمبلی میں کہا گیا ثبوت ہیں اب بتائیں کہاں ہیں، عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی طاقتور کی اس طرح سے تلاشی نہیں لی گئی، پوری دنیا میں جمہوریت میں جب بھی کسی وزیر یا وزیر اعظم کے خلاف تحقیقات ہوتی ہیں اسے استعفیٰ دینا پڑتا ہے کیونکہ اس کے نیچے ادارے کام کرتے ہیں۔

آفرین فلم ”جنون عشق“میں آئٹم گرل بن گئی

لاہور(شوبز ڈیسک) اداکارہ آفرین فلم ”جنون عشق“میں آئٹم گرل بن گئی، تفصیلات کے مطابق اداکارہ آفرین ان دنوںڈائر ےکٹر نسیم حیدر شاہ کی نئی پاکستانی فلم ”جنون عشق“کے آئٹم سانگ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔فلم کا آئٹم سانگ ایورنیو اسٹوڈیومیں عکسبند کیا گیاہے جس میں فلمی ستاروں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی آئٹم سانگ کے لئے برقی قمقموں سے بھرپور خصوصی سیٹ لگایا اس آئٹم سانگ کے کوریو گرافر پپو سمراٹ تھے۔ آئی این پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ آفرین نے کہا کہ ہمیشہ ہی فلموں میں مرکزی کردار کیا ہے لیکن اس بار آئٹم سانگ کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہاامید ہے میرے مداحوں کو میرا آئٹم نمبر دیکھ کراچھا لگے گا۔

”رئیس“نے تین دنوں میں60”قابل“نے 37 کروڑ کمالیے

ممبئی (شوبز ڈیسک)ریلیز کے تیسرے دن بھی’ رئیس‘ کی بیٹری فل چارج ہے،باکس آفس پر 60 کروڑروپے کمالئے،’قابل‘ کی کمائی 37کروڑ روپے رہی۔ریتک روشن اور یمی گوتم کی نئی بالی ووڈ فلم ’قابل‘ نے باکس آفس پر کچھوے کی چال چلتے ہوئے بھارت میں اب تک تین دنوں میں صرف38اعشاریہ 87کروڑ روپے ہی کماسکی۔دوسری جانب کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے کنگ خان اداکاری کا میدان ہویا حقیقی زندگی کی کوئی پرفارمنس،اپنے فینز کو بھرپور انداز میں محظوظ کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔حال ہی میں شاہ رخ خان نے نئی بالی ووڈ فلم ’رئیس‘ کی تشہیری مہم کے حوالے سے کالج میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران اپنے فینز کے ساتھ مشہور گانے ’چھمک چھلو‘پر دلچسپ ڈانس فارم کرکے جہاں سماں باندھ دیا وہیں شائقین کو بھی خوب محظوظ کیا۔

دہشتگردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے, اہم اعلان

اسلام آباد(آئی این پی ) صدر ممنون حسین اور وزیرا عظم محمد نواز شریف نے قومی معیشت، بدعنوانی میں کمی کے بارے میں عالمی اداروں کی رپورٹ اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری کے لیے حکومت کی کوششوں،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر جاری پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا اور اس بات پر اتفاق کیاگیا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کی مکمل بیخ کنی تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا، تعلیم اور صحت کی سہولتوں کو بہتر بنانے کی حکومتی پالیسی جاری رہے گی اور حکومت ترقیاتی ایجنڈے سے اپنی توجہ نہیں ہٹائے گی،مت ترقیاتی عمل کے دوران قومی سرمائے کے درست اور شفاف استعمال کو ہر صورت میں یقینی بنائے گی اور بدعنوانی کو کسی بھی سطح پر برداشت نہیں کیا جائے گا، پاک چین اقتصادی راہداری کے عظیم الشان منصوبہ سے تمام صوبوں اور خطوں کو یکساں فوائد حاصل ہوں گے۔ پیر کو صدر مملکت ممنون حسین سے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ملاقات میں دونوں رہنماوں نے قومی اور بین الاقوامی امور پر با ت چیت کی۔وزیرا عظم نواز شریف نے صدر مملکت ممنون حسین کو غیر ملکی دورے سمیت قومی امور پر حکومت کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماوں نے قومی معیشت، بدعنوانی میں کمی کے بارے میں عالمی اداروں کی رپورٹ اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری کے لیے حکومت کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ قومی معیشت کے استحکام کے سلسلے میں حکومت کی پالیساں درست سمت میں ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم اور ان کی اقتصادی ٹیم اپنی مضبوط حکمت عملی کے تحت قومی معیشت کی بہتری کے لیے قابِل قدر کردار ادا کر رہی ہے جس کو بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا گیا ۔ملک میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی بہتر کارکردگی پر بھی ا ظہار اطمینان کیا گیا۔دونوں رہنماوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور ان کی بیخ کنی تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا۔ قومی صحت پروگرام پر عمل درآمد کے بارے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہاکہ عوام کو طویل عرصے تک ان کے حقوق سے محروم رکھا گیا ‘ عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں تک رسائی ان کا بنیادی حق ہے‘ وفاقی حکومت پورے ملک میں صحت پروگرام پر عمل درآمد یقینی بنائے گی‘ وسائل کی کمی کو پروگرام کی راہ پر حائل نہیں ہونے دیں گے‘ پروگرام کی کامیابی کے لئے اداروں کا تعاون قابل تعریف ہے‘ اقتصادی اور سماجی محاذوں پر اپنی تمام صلاحیتیں استعمال کرنا ہوں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں تک رسائی ان کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین صلاحیتوں کے ذریعے ہی قوم کو صحت کی معیاری سہولتیں فراہم کرسکتے ہیں۔ نادار افراد کو جامع پیکج کے ذریعے صحت کی خدمات فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ بیماریاں اور غربت نادار خاندانوں کے لئے مہلک ثابت ہوتی ہیں۔دریں انثاءوزیراعظم سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاءاللہ نے ملاقات کی، ایڈمرل ذکا اللہ نے وزیراعظم کو پاک بحریہ کے پیشہ وارانہ امور پر بریفنگ دی ۔ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ ملکی دفاع کیلئے پاک بحریہ کا کردار انتہائی اہم ہے،پاک بحریہ کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ہرممکن اقدامات کریںگے۔ اس موقع پر نیول چیف نے کہاکہ پاک بحریہ سمندری حدود کی حفاظت اور ہرقسم کے خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کی اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترقیاتی اور فلاحی سکیمیں پاکستان کے عوام کی خدمت اور ملک میں دستیاب مواقع سے بھرپور استفادہ کے لئے اسے صحیح سمت میں گامزن رکھنے کے لئے ہیں۔ ملاقات میں غلام بی بی بھروانہ نے کہا کہ ملک میں سیکورٹی کی مجموعی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے جس سے وزیراعظم کی قیادت میں اقتصادی استحکام کی راہ ہموار ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے طول و عرض میں رابطے کے منصوبہ جات اور بجلی کے شعبہ میں خطیر سرمایہ کاری سے ملک کی معاشی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔

اعجاز احمد یو اے ای کرکٹرکوکھیل کے گرسکھائیں گے

دبئی (آئی این پی) اعجاز احمد ، آل رانڈر عبدالرزاق اور دیگر انٹرنیشنل اسٹارز یو اے ای میں نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کریں گے۔ان کی خدمات ماسٹرز چیمپئنز لیگ اکیڈمی کیلئے حاصل کی گئی ہیں جس کا گزشتہ دنوں ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ بیٹسمین برائن لارا کی موجودگی میں دبئی کالج میں افتتاح کیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین ایم سی ایل ظفر شاہ نے بتایا کہ اعجاز احمد اور عبدالرزاق دبئی میں موجود ہیں اور فل سمنز جلد آئیں گے لہذا نوجوان نسل کے پاس ٹاپ انٹر نیشنل کھلاڑیوں سے میل جول اور ان سے سیکھنے کا اچھا موقع ہے۔

معین نے بھی سرفرازکی کپتانی کےلئے صدابلندکردی

لاہور(نیوزایجنسیاں) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے بھی سرفراز احمد کو تینوں فارمیٹس کا کپتان بنانے کی حمایت کی ہے، انہوں نے کہا کہ اظہر علی پاکستان ٹیم کی کپتانی کے حقدار نہیں ہیں، ان کو قیادت سے قبل سکواڈ میں اپنی جگہ بنانی ہوگی۔ سابق وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ اظہر کو براہ راست ٹیم میں شامل کرتے ہوئے قیادت سونپ دی گئی اور میں نے ہمیشہ اس فیصلے کی مخالفت کی، انہیں ٹیم میں اپنی جگہ بنانے کے بعد ہی کپتان بنانا چاہیے تھا۔معین خان نے سرفراز احمد کو تینوں فارمیٹس کا کپتان بنانے کیلئے شاہد آفریدی کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وکٹ کیپر بیٹسمین میں تینوں طرز کی کرکٹ میں قیادت کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کیلئے خدمات انجام دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں اور پی سی بی نے اگر کوئی ذمہ داری دی تو اسے بھرپور طریقے سے نبھائیں گے۔