لندن(صباح نیوز)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف کا گھر کی صفائی سے متعلق بیان درست ہے میں بھی اس موقف کا حامی ہوں کہ اپنے گھر کی صفائی ہونی چاہیے ۔ لندن میں ایک نجی ٹی وی کے ساتھ خصوصی گفتگو میں انہوںنے کہا کہ خواجہ آصف کا موقف بالکل درست ہے ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ہم سب کو اپنے اپنے گھر اور اپنی اپنی جگہ صفائی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز حلقہ این اے 120کے انتخابات سے ثابت ہوا ہے کہ پاکستان کے عوام کیا چاہتے ہیں اور میاں نوازشریف کی قیادت ہی اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے ۔ انہوںنے کہا کہ احتساب کا عمل اتنا شفاف نہیں ہے اس پر اپنی ایک خاص حکمت عملی بنا رہے ہیں جس پر بڑی جلدی قوم کو اعتماد میں لیں گے ۔ ایل این جی کیس میں حاضر ہوں میرا دامن صاف ہے عدالت میں سب کچھ سامنے آجائے گا۔ شیخ رشید کے الزامات جھوٹے ثابت ہوں گے میں کہیں نہیں جاﺅں گا۔ مجھے علم ہے بنگلہ دیش سمیت پوری دنیا میں جہاں بھی ایل این جی ہے ان سب سے سستے نرخوں پر لی ہے ۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان نے امریکہ کے سامنے اپنی قومی پالیسی واضح کر دی ہے، نیویارک میں پاکستان کا دہشت گردی کے حوالے کردار پر دنیا کو بتائیں گے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نیویارک پہنچ گئے پاکستانی سفیر اعزاز چودھری اور ملیحہ لودھی نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا ہے وہ پرسوں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
