انوکھے ہیرسٹائل نے سوشل میڈیا پر کھلبلی مچادی

لاہور(خصوصی رپورٹ)امریکی نوجوان نے اپنے انوکھے ہیئر سٹائل کی بدولت اپنا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کروا لیا ہے۔امریکی ماڈل بینینے اپنے بالوں کا20.5انچ اونچا ٹاور بنایاجو نہایت خوبصورتی سے اس نے سر پرسجا رکھا تھا۔بینی نے اپنے انوکھے ہیئر سٹائل سے نہ صرف لوگوں کوحیران کر دیا بلکہ اپنا نام بھی گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر وا لیا۔

تصویر نے سب کو چکر دیدیا, یہ بچی پانی کے اندر ہے یا باہر؟

لندن(خصوصی رپورٹ)انٹرنیٹ کی دنیا بصری دھوکوں سے بھری ہوئی ہے، اب وہ دانستہ ہو یا حادثاتی، مگر آئے روز ایسی تصاویر سامنے آتی رہتی ہیں جو ذہن گھما کر رکھ دیتی ہیں۔یقین نہیں آتا تو اوپر دی گئی تصویر دیکھیں اور فوٹوگرافر کو داد دیں جس نے سوشل میڈیا پر متعدد افراد کو پریشان کردیا۔کچھ عرصے پہلے سوشل میڈیا سائٹ ریڈیٹ پر اس بچی کی تصویر شائع کی گئی تھی اور پوچھا گیا تھا کہ یہ پانی کے اندر ہے یا باہر؟دیکھنے میں تو یہ بچی پانی کے اندر ہی لگ رہی کیونکہ اس کے گرد بلبلے کچھ ایسا ہی عندیہ دیتے ہیں مگر آپ کے خیال میں صحیح جواب کیا ہے؟ایک منٹ تک سوچیں اور اپنا جواب نیچے کمنٹ میں بتائیں۔اور اپنے جواب کو کمنٹ میں دیکر آپ نیچے دیا گیا ہمارے جواب سے اس کا موازنہ کرسکتے ہیں۔تو اس کا جواب یہ ہے کہ یہ بچی پانی کے اندر نہیں بلکہ باہر ہے، کیونکہ زیرآب جانا اور چھینٹے اڑانا بیک وقت ممکن نہیں اور اس کی کوئی تک بھی نہیں

سوئٹزرلینڈ اپنی سرزمین پر آزاد بلوچستان سے متعلق تشہیری مہم روکے

جنیوا(ویب ڈیسک) پاکستان نے سوئٹزلینڈ سےآزاد بلوچستان سے متعلق تشہیری مہم روکنےاورکالعدم بی ایل اے کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کردیا۔ اقوام متحدہ جنیوا میں پاکستان کے مستقل مندوب فرخ عامل نے سوئس ہم منصب کو ایک مراسلہ بھیجا ہے جس میں سوئس سرزمین کو بی ایل اے تنظیم کی بھارتی گٹھ جوڑ سے پاکستان مخالف سرگرمیوں کےاستعمال پر گہری تشویش اور تحفظات سے آگاہ کیا گیاہے۔مراسلے کے متن میں کہا گیاہے کہ سوئٹزرلینڈ میں “آزاد بلوچستان” نعرے کی تشہیر پاکستان کی سالمیت و خود مختاری پر حملہ ہے، کالعدم دہشت گرد تنظیم پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اورمعصوم شہریوں پر حملوں میں ملوث ہے جب کہ برطانیہ میں بھی یہ تنظیم اور امریکا میں اس کے کئی نمائندے دہشت گرد قرار دیئے جا چکے ہیں۔ مراسلے میں آزاد بلوچستان کی تشہیر روکنے،کالعدم بی ایل اے کے دہشت گردوں کی تشہیری کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

گوشت کی ایک پلیٹ کی قیمت 70ہزار روپے, حیرت انگیز خبر

لاہور(خصوصی رپورٹ)یوں تو آپ نے کئی بارمختلف ذائقوں اور ترکیبوں سے بنے مزیدار گوشت کھائے ہونگے لیکن پیرس میں دنیا کے سب سے مہنگے گوشت کی ایک پلیٹ کی قیمت70ہزار روپے ہے ۔دنیا کے سب سے مہنگے گوشت کو ایک انوکھے طریقے سے تیار کیا جاتا ہے جس کی ایک بڑی چانپ کی قیمت 3 لاکھ 20 ہزار روپے اورایک پلیٹ کی قیمت 70 ہزار روپے تک ہے ۔یہ گوشت کم ازکم 5 سال پرانا ہوتا ہے ۔کمپنی کے مطابق فرانسیسی شہری کے فارم میں جانوروں کو ہر طرح کے آرام میں رکھا جاتا ہے اور انہیں دباو اور تناو سے دور رکھا جاتا ہے کیونکہ اس سے ان کے گوشت پر اثر پڑتا ہے اور ایک ہفتے میں صرف 4 گائیں ذبح کی جاتی ہیں۔

آپ کی یادداشت، ذہانت متاثر کرنے کرنیوالا دشمن آپ کے سب سے قریب ہے

لندن (خصوصی رپورٹ)برطانوی دماغی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سمارٹ فون اور دیگر دستی آلات پر بڑھتا ہوا انحصار ہماری یادداشت، معلومات جمع کرنے اورمسائل حل کرنے کیلئے سوچ بچار کی صلاحیت شدید متاثر کررہا ہے اسی لیے ممتاز دماغی ماہر نے خبردار کیا ہے کہ سمارٹ فون کا بے تحاشا استعمال اور اس پر انحصار ہمیں کند ذہن بنارہا ہے ۔دماغی ماہر ڈاکٹر سوسن گرین فیلڈ نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا بڑھتا ہوا استعمال آج کی نسل کو شدید متاثر کررہا ہے اور ان میں معلومات جمع کرنے اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت اور محنت میں کمی واقع ہورہی ہے ۔ ماہرین نے کہا اب نام یاد رکھنا اور سالگرہ ازبر کرنا صرف ایک کلک کے حوالے کردیا گیا ہے ۔ ان کے مطابق دماغ مسلسل مشق سے سیکھتا ہے اور اس میں حقائق جمع کرنے کی کوشش نہ کی جائے تو یہ دماغی صلاحیت بتدریج کمزور ہوتی جاتی ہے ۔

ہالی وڈ کی مشہور گلوکارہ، اداکارہ نے اپنی سب سے بڑی خواہش ظاہر کردی

لاس اینجلس(خصوصی رپورٹ)بالی وڈ گلوکارہ میڈونا نے اپنے کنسٹرٹس میں نئی جدت لانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق تقریبا 27 برس قبل شہرہ آفاق گلوکارہ میڈونا نے اپنے ‘بلونڈ ایمبیشن’ نامی میوزک ٹور سے جدید پاپ موسیقی کے کنسرٹس کرنے کی نئی جدت قائم کی تھی۔اس ٹور میں کئے گئے کنسرٹس بڑے سٹیڈیمز میں منعقد ہوئے جہاں انہوں نے بہت داد سمیٹی تاہم برطانوی خبررساں ادار ے سے گفتگو کرتے ہوئے میڈونا نے بتایا کہ میں مستقبل میں چھوٹے پیمانے پر کنسرٹس کرنے پر غورکر رہی ہوں ،میڈونا نے کہا میں سوچ رہی ہوں کہ ایسے شوز کئے جائیں جہاں میں دنیا بھر کا سفر کرنے کے بجائے ایک جگہ رہوں ۔

عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ لیڈی گاگابارے افسوسناک خبر

ریوڈی جنیرو(خصوصی رپورٹ)عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ لیڈی گاگا شدید بیماری کے بعد ہسپتال منتقل ہوگئی ہیں جس کے باعث گلوکارہ نے برازیل کے سالانہ ’راک ان ریو‘ فیسٹیول میں اپنی شرکت بھی منسوخ کردی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لیڈی گاگا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنے بازو کی تصویر شیئر کی جس پران کے ہاتھ میں ڈرپ لگی نظر آرہی ہے۔ لیڈی گاگا نے اپنی پوسٹ پر مداحوں کے نام پیغام میں کہا کہ میں آپ لوگوں کے لئے کچھ بھی کرسکتی ہوں تاہم اس وقت مجھے اپنی صحت کا خیال رکھنا ہے۔ لیڈی گاگا نے کہا کہ بہترین ڈاکٹر ان کی نگرانی کررہے ہیں اور انہوں نے ریو ڈی جنیرو میں اپنے تمام مداحوں کا شکریہ اداکیا ہے۔دوسری جانب لیڈی گاگا کے انسٹاگرام پیج پرایک پیغام دیا گیا جس میں کہا گیا کہ شدید جسمانی تکلیف کی وجہ سے لیڈی گاگا اپنے فن کا مظاہرہ کرنے سے قاصرہیں۔ وہ راک ان ریو کنسرٹ میں شرکت نہیں کریں گی۔

وزیرا عظم اور آرمی چیف میں 4مرتبہ ہیلو ہائے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)سول ملٹری تعلقات پر گماہ اگست کی جائزہ رپورٹ جاری ‘خارجہ امور اور قومی سلامتی کے معاملات پر قومی سلامتی کمیٹی کے تین اجلاس ہونے وزیراعظم اور آرمی چیف میں چار بار ملاقاتیں ہونے اور پارلیمنٹ میں ان امور پر بحث کا کلیدی طورپر تذکرہ کیا گیا قومی سلامتی پر پارلیمینٹ کی فعالیت کو اجاگر کرنے کے علاوہ سول ملٹری قریبی رابطوں کو سراہا گیا ہے ، پاک فوج کی آئین جمہوریت کے ساتھ وابستگی کے اظہار کو بھی رپورٹ کے ذریعے اجاگر کیا گیا آغاز ہی میں رپورٹ میں پاک فوج کے آئین و جمہوریت کے ساتھ عزم کا اعادہ کا تذکرہ کیا گیا ہے امریکہ سے امداد کی ضرورت نہیں عزت و احترام اور باہمی اعتماد کی ضرورت ہے سے متعلق آرمی چیف کی گزشتہ ماہ امریکی سفیر سے ملاقات کو بھی رپورٹ میں خصوصی طور پر اجاگر کیا گیا ہے۔ رپورٹ حال ہی میں ایک غیر سرکاری ادارے (پلڈاٹ) کی طرف سے جاری کی گئی ہے۔جائزہ رپورٹ کے آغاز میں پاک فوج کے ترجمان کے 21 اگست کے اس بیان کو سول ملٹری میں کوئی تقسیم نہیں ہے کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہوئے رپورٹ کا ڈی جی آ ئی ایس پی آر کے بیان کو شامل کیا گیا ہے ۔یاد رہے کہ امریکی سفیر سے ملاقات میں آرمی چیف نے واضح کیا کہ امریکہ سے امداد کی ضرورت نہیں ہے عزت و احترام اور باہمی اعتماد کی ضرورت ہے۔ رپورٹ میں اگست میں ممتاز قانون دان عاصمہ جہانگیر کی جے آئی ٹی سے متعلق پریس کانفرنس کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔ اسی طرح سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے اگست کے اوائل میں سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو کا ذکر بھی ملتا ہے۔ اگست میں آرمی چیف کی انتخاب کے بعد نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کا اہم تذکرہ بھی رپورٹ میں ملتا ہے اسی طرح گیارہ اگست کو چیف آف آرمی سٹاف کی جی ایچ کیو میں انٹرن شپ پروگرام کے طلبہ و طالبات سے ملاقات اور اس موقع پر پاک فوج کے اہم بیان کا بھی خصوصی ذکر کیا گیا ہے۔، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں 16 اگست، 24 اگست اور 30 اگست کو قومی سلامتی کے اجلاسوں کے انعقاد کو کلیدی طور پر اجاگر کیا گیا ہے یہ اجلاس پاک امریکہ تعلقات اور قومی سلامتی کی صورتحال کے جائزہ کے کے لیے ہوئے تھے اور رپورٹ میں ایک ماہ میں قومی سلامتی کمیٹی کے تین اجلاس کے انعقاد پر حکومت کی تعریف کی گئی ہے۔سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے چیف آف آرمی سٹاف کے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو کلثوم نواز شریف کی صحت دریافت کرنے کے لیے ٹیلی فون کا بھی خصوصی طور پر اس جائزہ رپورٹ میں ذکر کیا گیا ہے ترکی میں فوجی سربراہان کی اگست میں ہونے والی تبدیلی کا بھی اس جائزہ رپورٹ میں تذکرہ ملتا ہے۔ اگست میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان چار مرتبہ براہ راستہ رابطہ ہوا ۔ایک بار ون آن ملاقات ہوئی تین بار قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاسوں کے دوران براہ راست رابطہ ہوا اس کو خصوصی طور پر سراہا گیا ہے۔

آصف زرداری کی دھواں دار باﺅلنگ, کپتان کی 2وکٹیں اُڑادیں

پشاور (خصوصی وقائع نگار) سابق صدر وشریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میاں صاحب کو نہ پہلے حکومت کرنی آئی تھی نہ اب حکومت کرنا آئی ہے ، یہ ملک ہے کوئی لمیٹڈ کمپنی نہیں ، جنگ بھی ہوجاتی ہے اور حالات اچھے برے ہوتے رہتے ہیں ، ہم ملک کو سنبھالیں گے اور اپنے پاﺅں پر کھڑا کریں گے ، اسد گلزار ‘ ضیاءآفریدی پی ٹی آئی رہنما پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے ۔کے پی کے حکومت کے پاس اپنا تیل ، گیس اور پانی ہے جس سے سستی بجلی بنائی جا سکتی ہے ، ہمارے ہاں ٹیکنوکریٹس کو اللہ نے عقل نہیں دی ۔ اتوار کو نیوز کانفرنس کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا یہ ملک ہے کوئی لمیٹڈ کمپنی نہیں ، ہم پاکستان کو دوبارہ اپنے پاﺅں پر کھڑا کریں گے ، میاں نوازشریف کو نہ پہلے حکومت کرنی آئی تھی نہ اب حکومت کرنی آئی ہے ، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کی سیاست پر یقین رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس دفعہ پیپلزپارٹی کی اپنی حکومت اور کے پی کے میں اپنا وزیراعلیٰ ہوگا ، خیبرپختونخوا کے پاس اپنا تیل ،گیس اور پانی ہے جس سے سستی بجلی پیدا کی جا سکتی ہے ، صرف کام کرنے اور محنت کرنے کی دیر ہے ، ہمارے ہاں جو ٹیکنوکریٹس ہیں اللہ نے ان کو عقل نہیں دی ، اس وقت کافی مشکلات ہیں۔

ناکامی کے بعد یاسمین راشد نے اہم اعلان کر دیا

 لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں  این اے 120 میں ضمنی انتخاب چیلنج کرتے ہوئے نتیجہ روکنے کی درخواست دائر کردی۔ این اے 120 میں ضمنی الیکشن میں شکست سے دوچار ہونے والی تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد نے حتمی نتیجے اور نوٹی فکیشن روکنے کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا ہے۔ صوبائی الیکشن کمیشن میں دائر درخواست میں انتخابی نتائج روکنے کی اپیل کی گئی ہے۔ درخواست دائر کرنے کے بعد یاسمین راشد نے کہا کہ حلقے میں ایک ارب کے ترقیاتی کام کروائے گئے جو کہ انتخابات سے قبل دھاندلی تھی، انتخابی مہم کے دوران  حکمران جماعت نےسرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا اور وزرا کے ساتھ ساتھ ارکان اسمبلی آزادی سے مہم چلاتے رہے جو سراسر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی تھی جب کہ  ہمارے بار بار کہنے کے باوجود 29ہزار ووٹوں کی تصدیق نہیں ہوسکی جب تک ووٹوں کی تصدیق نہیں ہوجاتی الیکشن کا نتیجہ جاری نہیں ہونے دیں گے۔ ڈاکٹر یاسمین نے کہا کہ نتائج کا اجرا روکنے کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی ہے ضابطہ اخلاق کے مطابق ہمیں پہلےالیکشن کمیشن سے ہی رجوع کرنا ہے اگر الیکشن کمیشن نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرکے ذمہ داران کے خلاف کارروائی نہ کی تو الیکشن کمیشن کو عدالت میں لے کرجائیں گے۔