آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم کیس ، شہباز شریف کے فیصلے نے سب کو حیران کر دیا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بائیس جنوری کو نیب کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا ان کا یہ فیصلہ قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد سامنے آیا، اس سے قبل پنجاب حکومت کے ترجمان نے نیب کی جانب سے طلبی کے نوٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کو آشیانہ ہاوسنگ سکیم کے حوالے سے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا ۔ تین روز قبل نیب لاہور کے ایڈیشنل ڈائریکٹر خاور الیاس کی جانب سے جاری نوٹس میں شہباز شریف کو 22جنوی کو صبح ساڑھے 10 بجے ٹھوکر نیاز بیگ لاہور میں واقع نیب کمپلیکس میں کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہو کربیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی گئی تھی ۔ نوٹس میں کہا گیا تھا کہ آشیانہ ہاوسنگ سکیم کے حوالے سے جاری کیس میں پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کی انتظامیہ، افسروں ، عہدیداروں اور لاہور کاسا ڈویلپرز کے مالکان، انتظامیہ اور دیگر نے دوران تفتیش یہ انکشاف کیا ہے کہ شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ غیرقانونی احکامات جاری کیے ۔شہباز شریف کو جاری کیے گئے خط میں کہا گیا کہ پی ایل ڈی سی بورڈ کے غیرقانونی اقدامات کے باعث قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا ۔وزیراعلیٰ پنجاب کو کہا گیا تھا کہ آپ نے آشیانہ اقبال سکیم کے ٹھیکے کیلئے کامیاب بولی حاصل کرنیوالی کمپنی لطیف اینڈ سنز کا ٹھیکہ دوسری کمپنی کاسا ڈویلپرز کو دینے کے احکامات جاری کیے جس کی وجہ سے 19 کروڑ 30 لاکھ کا نقصان ہوا ۔نیب نوٹس میں مزید کہا گیا کہ بطور وزیراعلی آپ نے پی ایل ڈی سی کو آشیانہ اقبال منصوبے کا ٹھیکہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو دینے کے احکامات جاری کیے جس کے باعث لاہور کاسا ڈویلپرز(جے وی) کو ساڑھے 71 کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا اور منصوبہ ناکام ہوا۔ اس نوٹس کی موصولی کے بعد اب وزیر اعلی پنجاب نےاپنے وکلا اور قانونی ماہرین سے طویل مشاورت کے بعد 22 جنوری کے دن نیب کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ 22 جنوری کو نیب کی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی کے روبرو اپنا بیان ریکارڈ کروائیں گے ،اس سے قبل ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ آشیانہ ہاوسنگ سکیم کی تحقیقات کے حوالے سے نیب کی جانب سے وزیر اعلی پنجاب کو کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا ۔

بھارت میں گلوکاری کر نا بھی پاکستان کی جیت

لاہور (شوبز ڈیسک) گلوکار شفقت امانت علی خان نے کہا ہے کہ بھارت جا کروہاں گلوکاری کر نا بھی پاکستان کی جیت ہوتی ہے پاکستان کے لوگ کھولے دل کے ہیں مگر بھارت میں لوگوں کا رویہ پوری دنیا کے سامنے ہیں ۔ ایک ملاقات کے دوران شفقت امانت علی خان نے کہا کہ شوبز فنکاروں کو پوری دنیا میں کام کر نے کا حق ہے مگر اس بات میں بھی کوئی شک نہیں سب سے پہلے پاکستان کی سالمیت اور عزت ہے جسکے لیے ہم اپنی جان بھی دینے کو تیار ہیں اور پوری قوم متحد ہے اور دشمن کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا ۔

 

دلچسپ سکرپٹ ہی فلموں کو کامیابی سے ہمکنار کرسکتا ہے

کراچی (شوبز ڈیسک )معروف اداکارہ نیلم منیر نے کہا کہ ٹی وی ڈرامہ کے بعد فلموں میں عمدہ پرفارمنس سے اپنی منفرد شناخت بنا نا چاہتی ہوں۔ پہلی فلم چھپن چھپائی کی کامیابی نے میرے حوصلے بڑھا دیئے ہیں۔ موجودہ دور میں تفریح سے بھر پور جاندار اور دلچسپ سکرپٹ ہی فلموں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کا سبب بن رہا ہے۔ اچھی و بری فلم کا مقابلہ کرنے کے بجائے ملکی فلم انڈسٹری کو استحکام دینے کیلئے ہمیں سینما گھروں کو آباد کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انکا کہنا تھا نئے لوگوں نے فلم بنائی اور توقع سے زیادہ پسند کی جارہی ہے۔ کم بجٹ کی فلم ہونے کے باوجود شائقین نے جو حوصلہ افزائی کی ہے اس سے ہماری ٹیم کو ایک نئی زندگی مل گئی ہے۔2018 پاکستانی فلم انڈسٹری کیلئے مزید کامیابیاں لے کر آئیگا۔

انہوں نے کہا ٹی وی ڈراموں کی مصروفیات بھی فلم کی ریلیز سے قبل چھوڑ دی تھی۔ اب نئے ٹی وی ڈراموں کو وقت دوں گی۔ کئی نئے پراجیکٹس کی آفرز مل رہی ہیں جس کو اب فائنل کروں گی۔

 

ظہیرکومختصرفارمیٹ میں ٹیم سے کچھ کردکھانے کی امید

شارجہ(اے پی پی) ایشین بریڈ مین اور سابق کرکٹر ظہیر عباس نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کی شکست پر بے حد مایوسی ہوئی، امید ہے کہ کھلاڑی مستقبل میں غلطیاں نہیں دوہرائیں گے، ٹی20 سیریز میں قومی ٹیم کو نئی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہو گا، اچھی ٹیمیں وہی ہوتی ہیں جو انٹرنیشنل مقابلوں کے لئے زیادہ سے زیادہ کھلاڑی تیار کریں، اسی طرح پاکستان کو بھی بہترین بیک اپ تیار کرنا چاہیے۔ ہفتے کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں اے پی پی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ٹیم کی شکست پر مایوسی ہوئی ہے، ہماری ٹیم میں زیادہ تر نئے کھلاڑی تھے جس کی وجہ سے ان سے غلطیاں ہوئیں، نیوزی لینڈ کی وکٹوں پر کھلاڑیوں کو سیکھنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی وکٹیں تیز ہیں، سیریز کی تیاری کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو وہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگی حاصل کرنے کیلئے ٹیم کو جلد نیوزی لینڈ بھیجنا چاہیے تھا تاکہ اسے زیادہ سے زیادہ پریکٹس کا موقع مل سکتا، انہوں نے کہا کہ ٹی ٹونٹی سیریز میں ٹیم کو نئی حکمت عملی کے تحت میدان میں اترنا ہو گا، امید ہے کہ ٹیم سیریز جیت کر دوبارہ ٹریک پر آجائے گی۔

آسٹریلین اوپن سے شراپوا کا بوریا بستر گول

میلبورن (اے پی پی) عالمی نمبر ایک سیمونا ہالپ، اینجلیق کربر، کیرولینا پلسکووا، کیرولین گارسیا، کیرولین وزنائیکی اور میڈیسن کیز پیش قدمی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں، ماریا شرا پووا شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئیں۔ آسٹریلیا میں جاری سال کے پہلے گرینڈ سلام کے سلسلے میں ہفتے کو کھیلے گئے ویمنز سنگلز لاسٹ 32 راﺅنڈ میچز میں سٹار رومانوی کھلاڑی ہالپ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکن کھلاڑی ڈیوس کو 4-6، 6-4 اور 15-13 سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جرمنی کی اینجلیق کربر روس کی گولڈن گرل شرا پووا پر حاوی رہیں، انہوں نے روسی کھلاڑی کو سٹریٹ سیٹس میں 6-1 اور 6-3 سے زیر کیا، جمہوریہ چیک کی پلسکووا بھی تیسری آزمائش میں سرخرو رہیں، انہوں نے ہم وطن کھلاڑی لوسی سفارووا کو شکست دی، فرانس کی کیرولین گارسیا نے ساسنووچ کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا، فتح کے ساتھ ہی گارسیا پری کوارٹر فائنل میں داخل ہو گئیں، دیگر کھیلے گئے میچز میں کیرولین وزنائیکی، میڈیسن کیز، اوساکا اور بربورا سٹرائیکووا اپنی اپنی حریفوں کو ہرا کر پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔

شعیب ملک کیویزکیخلاف ٹی20سیریزسے باہر

کراچی (نیوزایجنسیاں)قومی ٹیم کے آل راو¿نڈر شعیب ملک نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہو گئے۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، کپتان سرفراز احمد، منیجر طلعت علی اور فزیو وی بی سنگھ پر مشتمل ٹور مینجمنٹ کمیٹی نے میٹنگ کے بعد فیصلہ کیا کہ آل راﺅنڈر شعیب ملک کو مزید آرام کی ضرورت ہے، اس لئے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کی بجائے انہیں وطن واپس بھیج دینا مناسب ہوگا۔یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں رن بناتے ہوئے کولن منرو کے تھرو پر گیند شعیب ملک کے سر سے ٹکرائی تھی، طبی امداد ملنے پر انہوں نے بیٹنگ شروع کردی تھی لیکن تھوڑی دیر بعد ہی آﺅٹ ہوگئے، بعد ازاں سر چکرانے کی شکایت پر انہیں گرین شرٹس کی فیلڈنگ کے دوران میدان میں نہیں اتارا گیا جب کہ آل راﺅنڈر پانچواں ون ڈے بھی نہیں کھیل سکے۔پی سی بی کے مطابق شعیب ملک کا نیوزی لینڈ میں میڈیکل پینل سے مکمل چیک اپ کروایا گیا تھا، جس میں یہ چیز سامنے آئی کہ بھاگ دوڑ کے دوران ان کا سر چکرانے کی شکایت سامنے آسکتی ہے لہٰذا ان کو وطن واپس بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ مینجمنٹ نے متبادل کے طور پر کسی کھلاڑی کو طلب نہیں کیا۔

ٹیم ٹی20میں شکستوں کے داغ دھونے کیلئے پر عزم

ویلنگٹن(آئی این پی) نیوزی لینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (کل)پیر کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا، گرین شرٹس سیریز میں شکستوں کے داغ دھونے کیلئے پر عزم ہے، اس سے قبل کھیلی گئی ون ڈے سیریز میں میزبان نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5-0 سے وائٹ واش کیا تھا۔ون ڈے سیریز میں شاندار فتح کے بعد میزبان ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے سیریز اپنے نام کرنے کیلئے پر جوش ہیں تو دوسری جانب شکست خوردہ پاکستانی ٹیم جو کہ ٹی ٹونٹی کی خطرناک ٹیم شمار کی جاتی ہے، سیریز جیت کر ایک روزہ سیریز میں شکست کا بدلہ چکانے کی خواہاں ہے اسلئے دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی 25 جنوری جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی 28 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

اربوں کی لوٹ مار ، 56 کمپنیوں کیخلاف شکنجہ تیار

لاہور (نیا اخبار رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ نے صاف پانی کمپنی سمیت 56 کمپنیوں میں اربوں روپے سے زائد کی مبینہ کرپشن کے خلاف درخواست پر کمپنیوں کے وکلاءکو جواب جمع کروانے کے لئے آخری مہلت دے دی۔ جسٹس شاہد کریم نے شہری منیر احمد سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت شروع کی تو صاف پانی کمپنی سمیت 56 کمپنیوں کے وکلاءنے جواب جمع کروانے کے لئے مزید مہلت دینے کی استدعا کی۔ جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر جواب داخل نہ کروائے گئے تو عدالت قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔ درخواست گزاروں کا مﺅقف ہے کہ آئین آرٹیکل 140 اے کے تحت جو کام کمپنیز کو سونپے گئے۔ وہ بلدیاتی نمائندوں کے کرنے کے ہیں۔ 80 ارب سے زائد کی کرپشنکے باوجود ان کمپنیز کا آڈٹ نہیں کروایا ۔لہذا عدالت کمپنیوں میں کرپشن کے حوالے سے نیب کوازسر نو تحقیقات کا حکم دے۔

خبردار !اے ٹی ایم فراڈ ئیے کہیں آپ کے شہر تو نہیں پہنچ گئے

ملتان (خصوصی رپورٹ) کراچی کے بعد ملتان میں بھی اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے والا گروہ سرگرم ہوگیا۔ سردار مظاہر حسین خان کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان کو دی جانے والی درخواست میں مو¿قف اختیار کیا ہے کہ 14 جنوری 2018ءکو ایک کال موصول ہوئی جس میں نوسرباز نے بینک اہلکار بن کر موبائل کال کرکے اکاﺅنٹ ڈیٹا اور دیگر تفصیلات معلوم کرلیں اور اس کے تین لاکھ روپے سات مختلف اکاﺅنٹس میں منتقل کردیئے۔ اکاﺅنٹ ہولڈروں میں چار خواتین کے نام بینک اکاﺅنٹ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ متاثرہ نے بتایا کہ واردات کے فوری بعد بینک حکام سے رجوع کیا لیکن کوئی بھی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔ متاثرہ شخص کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ پولیس اور ایف آئی اے نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

بچے اور بچیوں کے اغوا بارے سنسنی خیز انکشافات

لاہور (خصوصی رپورٹ) بچوں اور بچیوں کو اونٹ ریس کیلئے اغوا کرنے کے انکشافات کی رپورٹ پولیس و خفیہ اداروں نے اعلیٰ حکام کو پیش کر دی جس کے بعد تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق اغواکاروں کا گروہ لاہور سمیت مختلف شہروں میں متحرک ہے جس میں خواتین بھی شامل ہیں۔ ان کی سرپرستی بیرونی ممالک کے باشندے کر رہے ہیں۔ عیدالفطر کے بعد خلیج میں بڑے پیمانے پر اونٹ ریس ہوتی ہے جس کیلئے بچے اغوا کئے گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان‘ بہاولپور اور ملتان کے خانہ بدوش بچوں کو 40 سے 60ہزار میں خرید کر دبئی پہنچا دیا جاتا ہے۔ لاہور سے گزشتہ چند ماہ سے اغوا 11بچے ابھی تک لاپتہ ہیں۔ سندر سے ڈیڑھ ماہ قبل تین بہنوں مناہل‘ رابعہ اور صبا کو اغوا کیا گیا۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش میں لکھا شبہ ہے کہ ملزم کالی وغیرہ اور اس کی ساتھی خاتون نازیہ نے اونٹ ریس کیلئے اغوا کر کے آگے فروخت کر دیا۔ مزید پیشرفت نہ ہونے پر فائل بند کر دی گئی۔ شادباغ سے 12سالہ وحید‘ شادمان سے دس سالہ فیصل ایک سال قبل اغوا ہوئے‘ ان کا سراغ نہیں لگ سکا۔ ملت پارک میں 10جولائی 2017ءکو ایک گروہ نے ایڈووکیٹ کے بیٹے ابرار کو اغوا کیا‘ پکی ٹھٹھی کے ایک فلیٹ پر لے گئے۔ ابرار موقع پا کر بھاگ نکلا جس کے بعد پولیس نے ایک ملزم ادریس کو گرفتار کیا‘ دیگر کی گرفتاری کیلئے مختلف شہروں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایک ملزم نے پولیس کو بتایا وہ بچے اغوا کر کے ڈیرہ غازی خان پہنچاتے ہیں‘ فی بچہ انہیں ایک لاکھ ملتا ہے۔ اس گروہ کی گرفتاری کیلئے پولیس اور وفاقی تحقیقاتی اداروں کو سپیشل ٹاسک دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے عثمان انور کے مطابق اونٹ ریس کیلئے بچوں کے اغوا کے واقعات پہلے پیش آتے تھے‘ یہ سلسلہ اب ختم ہو گیا ہے۔
اونٹ ریس