اسلام آباد: سپریم کورٹ نےکوہاٹ میں میڈیکل کالج کی طالبہ عاصمہ رانی کے قتل کی ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان فواد چوہدری کو فوری طلب کرلیا۔چیف جسٹس آف پاکستان میان ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بنچ عاصمہ رانی قتل کے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کررہا ہے۔سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کو فوری طلب کرلیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ‘فواد چودھری کہتے ہیں کہ ہماری پولیس بہت مثالی ہے، انہیں طلب کر لیتے ہیں تاکہ پتا چلے کہ خیبرپختونخوا کی پولیس کتنی مثالی پولیس ہے’۔سماعت کے دوران ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) بشیر میمن نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ ‘ملزم مجاہد آفریدی دبئی میں ہے یا سعودیہ عرب میں معلوم نہیں’۔ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ‘یہ تو لگتا ہے کہ ملزم نے مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ قتل کیا’۔