حافظ آباد(میاں فضل احمد ارائیں)جہیز پیکج کا جھانسہ دیکر خواتین کا خون اور ریڑھ کی ہڈی میں انجکشن لگاکر مواد نکالنے والے گروہ کا انکشاف،گروہ ایک گھر میں کے خون نکالنے کے بعدریڑھ کی ہڈی میں انجکشن کے ساتھ مواد نکال رہاتھا کہ لڑکی کی حالت غیر ہوگئی،علم ہونے پر چھوڑ کر فرار ،ملزمان محکمہ صحت کی نیم پلیٹ لگاکرواردتیں کرتے ، ریڑھ کی ہڈی سے نکالا گیا مواد بھاری قیمت میں فروخت ، ایس ایچ اوکی مدعیت میں گروہ کے خلاف مقدمہ درج۔ ملزمہ گھرسے گرفتار، سرفراز احمد ولد شیر محمدقوم ملک سکنہ محلہ بہاولپورہ کے مطابق اس کی بیوی صائمہ بی بی اوراسکی بیٹی کنزہ بعمر16/17سال گھرمیں کام کاج میں مصروف تھیں کہ ملزم ندیم ولد محمداقبال غفاری سکنہ محلہ شریف پورہ جس نے اپنے پارچات پر ندیم اقبال ہیلتھ آفس DHQ کی سبز رنگ کی نیم پلیٹ لگائی ہوئی تھی اور خود کو سول ہسپتال کا اہلکار ظاہر کیا ہمراہ آمنہ بی بی زوجہ محمد اسلم ہنجرا سکنہ گلہ شیلر والا اس کے گھر آئے اورکہا کہ آپ غریب لوگ ہیں کنزہ بی بی کی شادی کے سلسلہ میں جہیز پیکج دینا چاہتے ہیں ۔جہیز پیکج کے سلسلہ میں کچھ ضروری فارم کے ساتھ کنزہ کا میڈیکل بھی لگے گا جس کے لئے خون ودیگر مادہ جات کے سیمپل حاصل کریں گے اور سیمپل کےلئے جسم کا اہم عضو نکالنا ہوگا۔غریب اورسادگی کی وجہ سے ورغلا پھسلا کر جہیز پیکج کا جھانسہ دیکر اسکی بیوی صائمہ اور بیٹی کنزہ کو ملزمان ندیم اور آمنہ بی بی مکان محمداسلم ولد غلام محمد ہنجرا گلہ شیلر والا لے گئے جہاں پر محمد عرفان ولد غلام رسول غفاری سکنہ محلہ شریف پورہ پہلے سے موجود تھا۔مسمی ندیم احمد بذریعہ انجکشن سرنج اسکی بیٹی کنزہ کے جسم کے مختلف حصہ جات سے مادہ نکالنا شروع کردئےے جس سے اس کی حالت غیر ہوگئی اور شدید جسمانی تکلیف میں مبتلا ہوگئی جس پر ملزمان نمونہ جات چھوڑ کرفرارہوگئے۔پولیس تھانہ سٹی نے ایس ایچ اواعجاز احمد بٹ انسپکٹر کی مدعیت میں زیردفعہ 324,420,170,171ت پ مقدمہ درج کرکے تفتیش انچارج انویسٹی گیشن ویمن سیل بھجوادی ہے ۔ پولیس نے آمنہ بی بی کو گرفتارکرکے تفتیش کے بعد جیل بھجوادیا ہے۔