روس : مسافر بردار طیارے کو حادثہ، ایک شخص ہلاک ،18 زخمی

ماسکو (ویب ڈیسک) روس کے شہر سوچی کے ہوائی اڈے پر ایک مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے اتر گیا جس سے ایک شخص ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے۔بوئنگ 737 نے ماسکو سے اڑان بھری اور سوچی کے ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے دوران اس کے پر میں آگ لگنے سے جہاز رن وے سے اتر گیا۔ امدادی کارکنوں نے مسافروں کو جہاز سے نکالا اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال پہنچا دیا۔جہاز میں166 مسافروں کے علاوہ عملہ کے 6 ارکان سوار تھے، حادثے میں زخمی ہونے والوں کی اکثریت جھلسنے کے باعث زخمی ہوئے جب کہ کچھ کاربن مونو آکسائیئد گیس کا شکار ہو گئے۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

پنجاب حکومت کی کارکردگی قابل تقلید ہونی چاہیے، وزیراعظم کی صوبائی کابینہ کو ہدایت

لاہور(ویب ڈیسک) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پنجاب کابینہ کے ارکان سے ملاقات کی اور اس موقع پر کہا کہ پنجاب میں بدعنوانی کا خاتمہ سب سے بڑا چیلنج ہے۔عمران خان نے پنجاب کابینہ کے ارکان سے ملاقات میں کہا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی دوسرے صوبوں کے لیے قابل تقلید ہونی چاہیے، پنجاب کابینہ کے ارکان بدعنوانیوں کی نشاندہی کو اپنی پہلی ترجیح بنائیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پنجاب کابینہ کے ارکان بدعنوان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پنجاب میں زمینوں پر قبضے اور تجاوزات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ زمینوں پر قبضے اور تجاوزات میں مافیاز اور بڑے گروپس ملوث ہیں، زمینوں پر قبضے اور تجاوزات کرنے والے مافیاز اور بڑے گروپوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ہدایت کی کہ پنجاب میں تجاوزات کے خلاف فوری مہم شروع کی جائے، پنجاب میں زمینوں پرقبضے کرنےوالوں کے خلاف بھی فوری کارروائی کی جائے، تجاوزات کے خلاف کارروائی میں صوبائی حکومت کی بھرپور مدد کی جائے گی۔عمران خان نے کہا کہ کفایت شعاری اور سادگی کو اختیار کرنے کی ضرورت ہے، پنجاب کابینہ کے ارکان ٹیکس دہندگان کا پیسہ بچاتے ہوئے مثال قائم کریں، ہمیں اپنے اخراجات معقول رکھتے ہوئے انسانی ترقی پر سرمایہ کاری کرنی ہے، پاکستان کا خطے میں سب سے کم ہیومن ڈیویلپمنٹ انڈیکس ہے۔وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کابینہ کے ارکان کو ہدایت کی کہ 100 روزہ ایجنڈے پر عمل درآمد کے لیے انتھک کام کریں، پنجاب کا وقتاً فوقتاً دورہ کروں گا اور سو دن کے ایجنڈے کا جائزہ لوں گا۔عمران خان نے بعد ازاں گرین پاکستان مہم کا بھی آغاز کیا اور جی او آر میں پودا لگا لگایا

ایشین گیمز: قومی ہاکی ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں شکست

جکارتہ (ویب ڈیسک) ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم کانسی کا تمغہ بھی نہ جیت سکی، قومی ہاکی ٹیم تیسری پوزیشن کے میچ میں بھارت سے 2کے مقابلے میں ایک گول سے ہار گئی۔بھارت کے آکاش دیب اور ہرمن پریت سنگھ نے گول کئے جبکہ پاکستان کا واحد گول محمد عتیق نے گول اسکور کیا۔یاد رہے کہ 2010 کے ایشین گیمز میں قومی ہاکی ٹیم فاتح رہی تھی۔ پاکستان نے ایشین گیمز 2014 میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔

کامران اکمل کوچ اور کپتان کے خلاف پھٹ پڑے

کراچی(ویب ڈیسک) وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں سلیکشن کمیٹی، کوچ اور کپتان کو مل کر فیصلہ کرنا چاہیے لیکن موجودہ حالات میں کوچ اور کپتان کی چل رہی ہے۔کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کوچ اور کپتان کے خلاف پھٹ پڑے، انہوں نے کہا کہ میری کرکٹ ابھی ختم نہیں ہوئی ہے، میری فٹنس اور کارکردگی بھی سب کے سامنے ہے، دیگر ممالک کی ٹیموں میں دو وکٹ کیپر شامل ہوتے ہیں۔کامران اکمل نے کہا کہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں سلیکشن کمیٹی، کوچ اور کپتان کو مل کر فیصلہ کرنا چاہیے لیکن موجودہ حالات میں کوچ اور کپتان کی چل رہی ہے۔ چیف سلیکٹر کا ٹیم کے انتخاب میں زیادہ عمل دخل نظر نہیں آرہا، اتنی ہمت نہیں کہ حق کے لئے لڑائی کرسکوں، حق کے لئے آواز بلند کروں گا تو نوٹس جاری ہوجاتا ہے،اپنے آپ کو بیٹ ماروں یا سامان جلا دوں، کیا منفرد کارنامہ انجام دوں کہ شاید پی سی بی مجھ سے رابطہ کرے۔

مقبوضہ کشمیر کی پہلی مسلمان خاتون پائلٹ

سری نگر(ویب ڈیسک) ارم حبیب نے مقبوضہ کشمیر کی پہلی مسلمان خاتون پائلٹ ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ذرائع کے مطابق ارم حبیب اس وقت دہلی میں کمرشل پائلٹ کا لائسنس حاصل کرنے کے لیے کلاسز لے رہی ہیں اور اس ماہ کمرشل پائلٹ کے طور پر وہ ایک ایئرلائن میں شمولیت اختیار کرنے جارہی ہیں۔30 سالہ ارم حبیب کو بچپن سے ہی پائلٹ بننے کا شوق تھا، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اسی شعبے میں ڈگری حاصل کی۔ارم حبیب نے پائلٹ بننے کے لیے ابتدائی تربیت 2016 میں امریکا کے شہر میامی میں حاصل کی۔ارم حبیب نے بتایا کہ ‘چونکہ میں ایک کشمیری مسلم لڑکی تھی تو سب حیران رہ جاتے تھے کہ میں پائلٹ بن رہی ہوں’۔واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی پہلی خاتون پائلٹ تانوی رائنہ ہیں جنہوں نے 2016 میں ایئر انڈیا میں شمولیت اختیار کی تھی۔

جس ملک میں چیف جسٹس چھاپے مارے تو ہم کیا کہیں گے: زرداری

کراچی(ویب ڈیسک) سابق صدر آصف زرداری نے چیف جسٹس کے چھاپے کے دوران شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی برآمدگی پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ جس ملک میں چیف جسٹس چھاپے مارے تو ہم کیا کہیں گے۔گزشتہ روز کراچی کی بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری کی عبوری ضمانت منظور کی تھی تاہم ان کی جانب سے ضمانتی مچلکے جمع نہیں کرائے گئے تھے۔ہفتے کے روز سابق صدر آصف زرداری ضمانتی مچلکے جمع کرانے بینکنگ کورٹ پہنچے جہاں انہوں نے 20 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے عدالت میں جمع کرائے۔ضمانتی مچلکوں پر ا?صف زرداری اور ان کے ضامن عاشق حسین نے دستخط کیے۔
ہیلی کاپٹر کا تذکرہ
اس موقع پر آصف زرداری نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیئے، صحافی کے سوال پر کہ آج پھر گاڑی میں آئے ہیلی کاپٹر میں نہیں؟ سابق صدر نے جواب دیا کہ ہیلی کاپٹرکی بات ہو رہی ہے، دیکھیں کب ملتا ہے۔صحافی نے سوال کیاکہ ہیلی کاپٹر تو سستا ہوگیا ہے، آصف زرداری نے کہا کہ سن رہا ہوں 50،55 میں سفر ہوتا ہے۔
شرجیل میمن کے معاملے پر ردعمل
صحافی کی جانب سے بتایا گیاکہ چیف جسٹس نے اسپتال میں چھاپا مارا ہے جس میں شرجیل میمن کے کمرے سے شراب برآمد ہوئی ہے۔اس پر سابق صدر کاکہنا تھا کہ جس ملک میں چیف جسٹس چھاپے مارے ہم کیا کہیں گے۔ایک صحافی کی جانب سے کہا گیاہے کہ آپ کو چیف جسٹس کے دوروں پر اعتراض ہے مگر شرجیل میمن کے کمرے سے شراب برآمد گی ٹھیک ہے؟سابق صدر نے کہا کہ مجھے صرف یہ پتا ہے سپریم کورٹ میں اور بھی 5 ہزار کیسز ہیں، یا لاکھ کیسز ہیں ان پر بھی زور ہونا چاہیے۔
صدارتی امیدوار پر گفتگو
آصف زرداری سے سوال کیا گیا کہ سنا ہے صدارتی انتخاب ون ٹوون ہوگا آپ اعتزاز احسن کو دستبردار کرالیں گے ؟انہوں نے جواب دیاکہ ہوسکتا ہے مولانا فضل الرحمان دستبردار ہوجائیں۔

وزیراعظم عمران خان نے گرین پاکستان مہم کا آغاز کر دیا

لاہور (ویب ڈیسک)) وزیراعظم عمران خان نے گرین پاکستان مہم کا آغاز کر دیا، ایوان وزیراعلیٰ لاہور میں مہم کے آغاز کے موقع پر عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے پودے لگائے۔وزیراعظم پاکستان عمران خان نے گرین پاکستان مہم کا آغاز کر دیا، ایوان وزیراعلی لاہور میں مہم کا افتتاح کرتے ہوئے عمران خان اور وزیراعلی پنجاب نے ایک ایک پودا لگایا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب پولیس کو سیاسی اثرورسوخ سے آزاد کرائیں گے، سرکاری افسروں کو بھاری تنخواہوں پربھرتی نہیں کیا جائے گا، پنجاب میں خیبر پختونخوا طرز پر نیا بلدیاتی نظام متعارف کرائیں گے۔وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ 100 دن کےاندر صحت اور تعلیم میں تبدیلی کا پلان واضح کر دیں گے، سبسڈی پر چلنے والے منصوبوں کا فوری آڈٹ کرایا جائے گا۔

دبئی سے پاکستانیوں کے اثاثے واپس لانے کیلئے کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ میں بیرون ملک پاکستانیوں کے اثاثوں کا معاملہ دیکھنے والی کمیٹی نے رپورٹ جمع کرادی جس کے مطابق سب سے پہلے دبئی سے اثاثے واپس لانے کے لیے کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سپریم کورٹ میں بیرون ملک سے پاکستانیوں کے اثاثے واپس لانے کے معاملے پر گورنر اسٹیٹ بینک کی سربراہی میں قائم کمیٹی کے ٹی او آر سپریم کورٹ میں پیش کیے گئے۔رپورٹ کے مطابق کمیٹی نے سب سے پہلے دبئی سے پاکستانیوں کے اثاثے واپس لانے کے لیے کارروائی کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لیے ایف آئی اے، ایف بی آر اور نیب پر مشتمل جوائنٹ ٹاسک فورس بنانےکا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے کے پاس متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کے اثاثوں کی کافی معلومات ہیں اور کمیٹی سب سے پہلے دبئی سے پاکستانیوں کے اثاثے واپس لانے پر کام کرے گی۔کمیٹی برطانیہ میں پاکستانیوں کے اثاثوں پر ایف بی آر کے پاس معلومات کا بھی جائزہ لے گی اور جوائنٹ ٹاسک فورس بیرون ملک اثاثے رکھنے والوں کو طلب کرے گی۔جوائنٹ ٹاسک فورس میں پیش نہ ہونے والوں کے نام مناسب اقدامات کے لیے سپریم کورٹ کو دیئے جائیں گے جب کہ پیش ہونے والوں سے غیر ملکی اثاثوں پر بیان حلفی طلب کیے جائیں گے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمیٹی میں غیرملکی اثاثوں کی ملکیت تسلیم کرنے والوں سے منی ٹریل مانگی جائے گی تاہم بیان حلفی میں غیرملکی اثاثوں سے انکار پر مناسب کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔سپریم کورٹ میں پیش رپورٹ کے مطابق غیر ملکی اثاثوں کی منی ٹریل پیش نہ کرنے پر قانون نافذکرنے والے ادارے اثاثے ضبط کریں گے جب کہ کمیٹی اپنی رپورٹ ہرماہ سپریم کورٹ میں پیش کرےگی۔جے ٹی ایف قومی اداروں سے معلومات لینے اور بیرون ملک سے رجوع کرسکے گی

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

لاہور (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق لاہور، اور شیخوپورہ سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جھٹکے محسوس ہوتے ہی شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے دفاتر اور گھروں سے باہر نکل آئے۔تفصیلات کے مطابق لاہور شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں ہفتہ کے روز درمیانے درجے کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ خوش قسمتی سے زلزلے کی شدت کم تھی جس کے باعث کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

عرفان خان کے کینسر کا سن کر دھچکا لگا ان کیلئے دعاگوہوں، دپیکا پڈوکون

ممبئی(ویب ڈیسک) نامور بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون نے اداکار عرفان خان کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں عرفان خان کے کینسر کی خبرسن کردھچکا لگا تھا۔حال ہی میں بھارتی ویب سائٹ نیوانڈین ایکسپریس کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں دپیکا پڈوکون نے عرفان خان کے کینسر سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عرفان خان ایک عام انسان سے بڑھ کرہیں، میں ان سے بے حد محبت کرتی ہوں، یہ سب کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے لیکن عرفان خان کے کینسر کی خبر سن کر میں گنگ رہ گئی تھی۔
دپیکا نے کہا میں اپنے ماضی کے تجربات کی روشنی میں کہہ رہی ہوں کہ زندگی اتنی بھی آسان نہیں، کسی کے ساتھ کسی بھی وقت کچھ بھی ہوسکتا ہے۔دپیکا پڈوکون نے عرفان خان کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتی ہیں ان کے ساتھی اداکار جلدی ٹھیک ہوجائیں۔