خاشقجی کے قتل کاحکم سعودی اعلیٰ قیادت نے دیا، ترک صدر

واشنگٹن/ انقرہ(ویب ڈیسک) ترک صدر طیب اردگان نے کہا ہے کہ مقتول صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے احکامات سعودی حکومت کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے آئے۔واشنگٹن پوسٹ کے لیے لکھے گئے اپنے کالم میں ترک صدر طیب اردگان نے ایک بار پھر اپنا موقف دہرایا کہ سعودی عرب کے 18 حکام صحافی کے قتل میں ملوث ہیں جنہیں ترکی کی حکومت کے حوالے کیا جانا چاہیے تاکہ مقتول کی لاش کا پتہ لگایا جاسکے۔ترک صدر نے مزید لکھا کہ صحافی کے قتل کے احکامات سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے دیے گئے جس پر عمل درآمد کرنے کے لیے 15 سعودی حکام استنبول پہنچے اور سعودی قونصل خانے کے 3 حکام کے ساتھ مل کر صحافی کو قتل کرکے لاش کو ٹھکانے لگانے کے لیے مقامی شخص کے حوالے کردی۔ترک صدر نے اپنے کالم میں مطالبہ کیا کہ جن 18 شہریوں کو سعودی عرب نے حراست میں لیا ہے انہیں قتل کے حکم دینے والے اور لاش سے متعلق تمام معلومات ہیں اس لیے ان 18 سعودی شہریوں کو ترکی کے حوالے کیا جائے۔ ترکی لاش کی حوالگی، قتل کا حکم دینے اور لاش ٹھکانے لگانے والے مقامی شخص سے متعلق سوالات اٹھاتا رہے گا۔
صحافی کی لاش کو تیزاب میں تحلیل کیا گیا ؟
دوسری جانب ترکی کے ایک اعلی اہلکار اور صدارتی مشیر یاسین اکتے کا کہنا ہے کہ مقتول صحافی جمال خاشقجی کی لاش کے ٹکڑے کر کے تیزاب میں تحلیل کردیے گئے ہیں تاکہ لاش کا کوئی سراغ نہ لگ سکے تاہم تیزاب سے لاش کے ٹکڑوں کو تحلیل کرنے کے فرانزک شواہد نہیں ملے ہیں۔

امریکی صدر نجی محافل میں سیاہ فام افراد کیلیے نفرت انگیز گفتگو کرتے ہیں، سابق وکیل ٹرمپ

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی صدر کے سابق وکیل مائیکل کوہن نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نجی محافل میں سیاہ فام افراد کا مذاق اڑاتے اور طنزیہ گفتگو کرتے ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق صدر ٹرمپ کے سابق رفیق خاص اور معتمد وکیل مائیکل کوہن نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر نجی محافل اور گفتگو کے دوران سیاہ فام افراد کے لیے عادتاً نفرت آمیز کلمات استعمال کرتے ہیں۔مائیکل کوہن نے یادداشت پر زور دیتے ہوئے سی این این کو بتایا کہ مجھے اچھی طرح وہ چار مواقع یاد ہیں جب صدر ٹرمپ نے اخلاقیات کی تمام حدوں کو پار کرتے ہوئے سیاہ فام افراد کے لیے نامناسب اورتوہین آمیز الفاظ استعمال کیے۔مائیکل کوہن کا مزید کہنا تھا کہ 2016ء میں انتخابی جلسے میں لوگوں کی تعداد کے حوالے سے گفتگو کے دوران ٹرمپ نے سیاہ فام افراد کو احمق ترین ووٹرز قرار دیا اور مجھ سے ایسے کسی ملک یا شہر کا نام پوچھا جس کا انتظام سیاہ فام شخص کے ہاتھ میں ہو۔مائیکل کوہن کے اس بیان کی تصدیق یا تردید کے لیے وائٹ ہاﺅس انتظامیہ کا کوئی بھی اہلکار میڈیا کو دستیاب نہیں تھا تاہم ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے والے سابق اہل کاروں نے نام نہ بتانے کی شرط پر مائیکل کوہن کے موقف کی تصدیق کی۔واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نسل پرستی پر مبنی نفرت انگیز کلمات کی بازگشت سنائی دی گئی ہو بلکہ حال ہی میں وسط مدتی الیکشن کے دوران انتخابی مہم میں بھی ٹرمپ نفرت پھیلانے سے باز نہیں رہے۔

یمن میں قحط کی علامت بن جانے والی بچی پناہ گزین کیمپ میں دم توڑ گئی

صنعا(ویب ڈیسک) یمن میں قحط زدگی کی علامت بن جانے والی 7 سالہ بچی خوراک کی کمی کے باعث پناہ گزین کیمپ میں خالق حقیقی سے جا ملی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے پناہ گزین میں خوراک و پانی سے سسکتی 7 سالہ امل حسین کی زندگی کا چراغ ہمیشہ کے لیے گل ہو گیا وہ شمع جس کی لو ابھی ٹھیک سے بھڑکی بھی نہ تھی کہ جنگ کی بے رحم ہوا کا شکار ہوگئی۔شمالی یمن کے پناہ گزین کیمپ میں مقیم امل کی والدہ مریم علی نے اپنی بیٹی کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہر وقت مسکرانے والی امل کی جدائی سے میرا دل ریزہ ریزہ ہوگیا ہے اور اب میں اپنے دیگر بچوں کے لیے پریشان ہوں۔امل کی ڈاکٹر مکیہ مہدی نے بتایا کہ اس کیمپ میں امل جیسے کئی بچے خوراک کی شدید کمی کا شکار ہیں۔ سہولیات کی کمی اور تجربہ کار عملے کے فقدان کے باعث ہم ان کے لیے کچھ نہیں کر پارہے ہیں۔گزشتہ ہفتے ہی نیو یارک ٹائمز میں امل حسین کی تصویر چھپی تھی جس نے پوری دنیا کو یمن میں جنگ کے ساتھ ساتھ قحط سے نبرد آزما معصوم بچوں کی جانب توجہ دینے کے لیے مجبور کردیا تھا۔معروف فوٹو گرافر ٹیلر ہک نے امل حسین کو یونیسیف کے موبائل کلینک کے بستر پر دھیمی دھیمی سانسیں لیتا دیکھا تھا جیسے معصوم کلی اپنی مرجھاتی سانسیں گن رہی ہو۔ خوراک کی کمی نے اس کے جسم کی ایک ایک ہڈی کو نمایاں کردیا تھا۔ٹیلر ہک نے اس دلخراش منظر کو کیمرہ کی آنکھ میں محفوظ کرلیا، نیویارک ٹائم میں تصویر چھپنے کے بعد دنیا کو سنگین صورت حال کا ادراک ہوا۔ اس تصویر پر ٹیلر ہک کولٹیزر ایوارڈ بھی ملا۔

مولانا سمیع الحق کی شہادت میں بیرونی سازش کی بو آرہی ہے

تجزیہ: امتنان شاہد

گزشتہ روز مولانا سمیع الحق کی شہادت کا واقعہ پیش آیا۔ اگر اس کا وقت (Timing) دیکھی جائے تو بیرونی سازش کی بو آ رہی ہے۔ یہ ایک فرقے کو دوسرے فرقے سے لڑانے کی سازش لگتی ہے کیونکہ مولانا سیع الحق ایک پرانے اور جید عالم دین اور سیاستدان رہے ہیں ۔جن کا تعلق دارالعلوم حقانیہ کی نظریاتی سوچ سے تھا اور جن کے LINKسرحد کے دونوں طرف موجود طالبان کے ساتھ بڑے پرانے سمجھے جاتے رہے ہیں ۔یہاں تک کے طالبان کے بانی ملا محمد عمر ان کی دیگر قیادت مولانا کو اپنا روح رواں نہ صرف مانتی تھی بلکہ مانتی ہے ۔ایسے وقت میں جب پاکستان پہلے ہی سے ایک اہم دینی مسئلے میں گھرا تھا‘ ایک عالم دین کا درد ناک قتل اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ یہ صرف پاکستان دشمن سازش ہے جس میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے ۔مولانا سمیع الحق کا کردار تاریخ میں اس بات پر بھی یاد رکھا جائے گا کہ طالبان کے اوپر ان کا اثر و رسوخ کس حد تک تھا کہ جب گزشتہ دور حکومت میں طالبان نے ثالثی کیلئے کسی کو مقرر کیا تو ان میں مولانا سمیع الحق کا سرفہرست تھا تین روز قبل پاکستان میں پکڑے گئے ۔طالبان کے نائب امیر ملا عبدالغنی برادر کی رہائی ہوئی ‘اس رہائی میں بھی مولانا سمیع الحق کی سفارش کو اہم تصور کیا گیا اور ان کے کہنے ہی پر ان کی رہائی عمل میں آئی ۔ان کی ہلاکت کی واقعہ میں یہ بات کہنا جائز ہوگا کہ یہ کام صرف اور صرف پاکستان کا دشمن ہی کروا سکتا ہے جس کا بنیادی مقصد پاکستان میں فرقہ واریت کو ہوا دینا ہے۔ اگر کل رات تک کی پوزیشن دیکھی جائے تو ایک طرف ایک طبقہ سڑکوں پر تھا اور دوسری طرف پاکستان کے ایک اہم عالم دین کو شہید کیا گیا۔ یہ بھی غور طلب بات ہے کہ پہلے خبر آئی کہ ان کو فائرنگ سے شہید کیا گیا بعد میں معلوم ہوا کہ ان کے سکیورٹی پر معمور افراد جب گھر سے کھانا کھانے گئے تو ان کی غیرموجود میں گھر میں گھس کر چند افراد نے ان کو چاقوں کے وار سے شہید کیا۔ اس بات کی تفتیش اور تحقیق ہونا ابھی باقی ہے کہ کیا یہ کسی گھر کے بھیدی کا کام ہے یا کسی اور کا البتہ یہ طے ہے کہ یہ قتل کوئی عام قتل نہیں تھا ۔ ایک طرف وہ طبقہ جو پاکستان بھر میں آسیہ بی بی رہائی کیس میں گزشتہ کئی دنوں سے پاکستان میں سڑکوں پر بیٹھا ہے اور دوسری طرف پاکستان ایک طالبان کمانڈر ملا عبدالغنی برادر کو چھوڑتا ہے اور اس کے ساتھ ہی طالبان کے روح رواں یا ان کے استادکوقتل کر دیا جاتا ہے اور سرحد کے اس پار پچھلے ایک ماہ میں افغانستان میں کم و بیش آٹھ سے نو بڑے دہشت گردی کے واقعات ہوتے ہیں اور امریکہ ملا عبدالغنی برادر کی رہائی پر ناخوش بھی نظر آتا ہے۔ ان کڑیوں کو اگر آپس میں ملایا جائے تو یہ صرف اور صرف پاکستان میں بے چینی مزید بڑھانے کی کوشش ہے۔ مولانا سمیع الحق کی شخصیت ہمیشہ سے پاکستان کے نظام حکومت ¾ ریاست ¾ پارلیمنٹ پر یقین رکھنے والی معتدل شخصیت مانی جاتی تھی اور ہر حکومت کے ساتھ ایک ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرلیتی تھی۔ جیسا انہوں نے نوازشریف ¾ بینظیر یہاں تک کے جنرل پرویز مشرف کی حکومت کے ساتھ بھی کیا جبکہ وہ اس وقت ایم ایم اے کے بڑے لیڈروں میں سے تھے۔ انہوں نے مشرف حکومت کے ساتھ ایک معاہدہ طے کیا جس کا مقصد جنرل مشرف کو دو عہدے چھوڑنے پر راضی کرنا تھا۔ مولانا سمیع الحق عمران خان کی جماعت تحریک انصاف کے باقاعدہ اتحادی بھی رہے اور انہوں نے فرنٹ فٹ پر آ کر تحریک انصاف جیسی لبرل جماعت کی گزشتہ پانچ سال خیبرپختونخوا میں سپورٹ کی ۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ان کی سیاست میں ایک فلیکسی بیلٹی موجود تھی۔ اور وہ ایک لچک دار شخصیت کے حامل تھے۔

 

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ہرا کر مسلسل 11 ویں ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرلی

دبئی(ویب ڈیسک) تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی جب کہ یہ پاکستان کی مسلسل 11 ویں ٹی ٹوئنٹی سیریز ہے جو اپنے نام کی ہے۔دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا اور ٹیم کو 40 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 40 رنز پر گری اور فخر زمان 24 رنز بناکر ملنے کی گیند پر آﺅٹ ہوئے۔دوسری وکٹ کی شراکت میں بابر اعظم اور آصف علی کے درمیان 55 رنز کی پارٹنر شپ ہوئی اور بابر اعظم 40 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور کیویز کی جانب سے اننگز کا آغاز کولن منرو اور گلین فلپس نے جارحانہ انداز میں کیا اور ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ نیوزی کی پہلی وکٹ 50 کے مجموعی اسکور پر گری جب گلین فلپس 5 رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر سرفراز کو کیچ تھما بیٹھے۔کیویز کے دوسرے آﺅٹ ہونے والی کھلاڑی کولن منرو تھے جو 44 رنز بناکر حفیظ کا شکار بنے جب کہ گرینڈ ہوم 4 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے جنہیں عماد وسیم نے آﺅٹ کیا۔روز ٹیلر 3 رن بنا کر رن آﺅٹ ہوئے جب کہ ولیم سن 44 اور سیفرٹ 11 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے، ٹم ساو¿تھی کھاتے کھولے بغیر رن آﺅٹ ہوئے۔کیویز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے جب کہ کولن منرو 44، اینڈرسن 44 اور ولیم سن 37 رنز بناکر نمایاں رہے۔گرین شرٹس کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، عماد وسیم اور محمد حفیظ نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ پاکستان نے 31 اکتوبر کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد کیویز کو 2 رنز سے شکست دی تھی۔یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی، تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز متحدہ عرب امارات میں ہونی ہے۔

فلم ’زیرو‘میں میرا کردار انتہائی چیلنجنگ ہے، انوشکا شرما

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ انوشکا شرما نے فلم ’زیرو‘ میں اپنے کردار سے متعلق بتادیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق انوشکا شرما نے فلم ’زیرو‘ میں اپنے کام کے حوالے سے بتایا کہ ’میں کنگ خان کی فلم میں عافیہ نامی لڑکی کا کردار ادا کررہی ہوں جو کہ ’سیریبرل پیلسی‘ نامی بیماری میں مبتلا ہونے کی وجہ سے اپنے پیروں پر کھڑی نہیں ہوسکتی۔انوشکا شرما نے کہا کہ فلم میں میرے لیے یہ کردار نبھانا کسی چیلنج سے کم نہیں تھا اور میرے نزدیک اس کردار میں ڈھلنے کا ایک ہی طریقہ کرسی پر بیٹھنے کی تربیت تھی اور پھر یہی ہوا کہ میں اپنا زیادہ تر وقت کرسی پر بیٹھ کر گزارنے لگی کیوں کہ بطور اداکارہ اس طرح کے چیلنج کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب کہ یہ کردار میرے لیے بہت مشکل اور ایک تحفہ بھی تھا لیکن اگر میں یہ کردار ادا کرنے سے پیچھے ہٹ جاتی تو یہ میری ہار ہوتی۔واضح رہے کہ انند ایل رائے کی ہدایت کاری میں بننے والی کنگ خان کی فلم ’زیرو‘ میں کترینہ کیف اور انوشکا شرما بھی مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔ یہ فلم 21 دسمبر 2018ءمیں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

اردن میں سیلاب سے بچوں کی ہلاکت پر وزیر سیاحت اور وزیر تعلیم مستعفی

عمان(ویب ڈیسک) بحیرہ مردار کے سیلابی ریلے میں اسکول بس کے بہہ جانے کے باعث بچوں کی ہلاکت پر اردن کے وزرائے سیاحت اور تعلیم دونوں نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔اردن کی وزیر سیاحت لینا عنب نے ٹویٹر پر مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے اسی طرح وزیر تعلیم عزمی محمود بھی طلبا کو تحفظ فراہم نہ کرنے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے وزارت سے مستعفی ہوگئے۔ایک ہفتے قبل بحیرہ مردار میں پانی کی سطح بلند ہوجانے کے باعث سیلاب کا ریلہ ساحل پر موجود تمام سیاحوں کو اپنے ساتھ بہا لے گیا تھا۔ سیلابی ریلے میں پکنک منانے کے لیے آنے والی اسکول کے بچوں کی بس بھی بہہ گئی تھی جس کے نتیجے میں بس میں سوار بچے ہلاک ہوگئے تھے۔ مجموعی طور پر سیلاب میں 28 افراد ہلاک، 42 زخمی اور 44 لاپتا ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ 25 اکتوبر کو آنے والے سیلاب میں اسکول بس کے بہہ جانے پر اور بڑے پیمانے پر جانی نقصان پر اردن حکومت کو شدید تنقید کا سامنا تھا۔

وکیل کا گاﺅن پہننے پر امیتابھ بچن مشکل میں پھنس گئے

ممبئی(ویب ڈیسک)وکیل کا گاﺅن پہننے پر بالی وڈ شہنشاہ امیتابھ بچن قانونی شکنجے میں پھنس گئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن نے ایک اشتہار میں وکیل کا گاﺅن استعمال کیا تھا جس پر سپر اسٹار اور انہیں مدعو کرنے والے افراد قانونی شکنجے میں پھنس گئے ہیں۔بالی وڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن کو دہلی بار کونسل کی جانب سے قانونی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔دہلی بار کونسل نے امیتابھ بچن کے ساتھ بھارت کی معروف مصالحہ کمپنی اور یوٹیوب کو بھی نوٹس جاری کیے ہیں۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ امیتابھ بچن نے حکام کی اجازت کے بغیر اشتہار میں وکیل کا لباس پہنا لہٰذا انہیں اور اس میں شامل دیگر افراد اور اداروں کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اس طرح کے اشتہارات کو فوری طور پر روکنا ہو گا۔بھارتی بار کونسل اور دیگر ریاستوں کی بار کونسلز مستقبل میں کسی بھی اشتہار میں وکیلوں کا لباس پہننے کی اجازت نہیں دیں گی۔اس کے ساتھ ہی نوٹس میں شامل اداکار اور اداروں کو 10 روز کے اندر جواب داخل کرنے کا کہا گیا ہے، بصورت دیگران کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

دوسرا ٹی 20: نیوزی لینڈ کا پاکستان کو جیت کیلئے 154 رنز کا ہدف

دبئی(ویب ڈیسک) تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کی پاکستان کیخلاف بیٹنگ جاری ہے۔دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز کولن منرو اور گلین فلپس نے جارحانہ انداز میں کیا اور ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ نیوزی کی پہلی وکٹ 50 کے مجموعی اسکور پر گری جب گلین فلپس 5 رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر سرفراز کو کیچ تھما بیٹھے۔کیویز کے دوسرے آﺅٹ ہونے والی کھلاڑی کولن منرو تھے جو 44 رنز بناکر حفیظ کا شکار بنے جب کہ گرینڈ ہوم 4 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے جنہیں عماد وسیم نے آﺅٹ کیا۔روز ٹیلر 3 رن بنا کر رن آﺅٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف قومی اسکواڈ کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، بابراعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، آصف علی، فہیم اشرف، عماد وسکیم، حسین طلعت، حسن علی، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، صاحبزادہ فرحان، عثمان خان اور وقاص مقصود پر مشتمل ہے۔پاکستان نے 31 اکتوبر کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد کیویز کو 2 رنز سے شکست دی تھی۔یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی، تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز متحدہ عرب امارات میں ہونی ہے۔