وزیراعلیٰ پنجاب نے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی

لاہور(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مولانا سمیع الحق کی قاتلانہ حملے میں شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔دارلعلوم اکوڑہ خٹک کے سرپرست اعلیٰ اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ اور ممتاز عالم دین مولانا سمیع الحق کوراولپنڈی میں ان کے گھر پر نامعلوم حملہ آوروں نے چھریوں سے وار کرکے شہید کر دیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے افسوسناک واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انسپکٹرجنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیراعلی عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ ذمہ داران کوجلد قانون کی گرفت میں لایا جائے اورملزمان کی گرفتاری ہرصورت یقینی بنائی جائے۔

آسیہ بی بی کیس: وفاقی حکومت اور مظاہرین کے درمیان معاہدہ طے پا گیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک)حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان احتجاج ختم کرنے کے حوالے سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔وفاقی حکومت ، پنجاب حکومت اور تحریک لبیک کے معاہدے میں پانچ نکات کا شامل ہیں۔اس معاہدے پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور صاحبزادہ ڈاکٹر نور الحق ، صوبائی وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت ، تحریک لبیک کے سرپرست اعلیٰ پیر افضل قادری اور تحریک لبیک کے مرکزی ناظم اعلیٰ محمد وحید نور کے دستخط موجود ہیں۔

 

مولانا سمیع الحق کو افغان حکومت سے خطرہ تھا، بیٹا مولانا حامد الحق

نوشہرہ(ویب ڈیسک) مولانا سمیع الحق کے صاحبزادے مولانا حامد الحق نے کہا ہے کہ افغان حکومت اور مختلف طاقتوں کی جانب سے والد کو خطرہ تھا کیوں کہ والد صاحب افغانستان کو امریکا کے تسلط سے آزاد کرانا چاہتے تھے۔میڈیا سے خصوصی بات کرتے ہوئے مولانا حامد الحق کا کہنا تھا کہ والد صاحب کو افغان حکومت اور مختلف طاقتوں کی جانب سے خطرہ تھا، کیوں کہ وہ افغانستان کو امریکا کے تسلط سے آزاد کرانا چاہتے تھے، جب کہ ہمیں ملکی خفیہ اداروں نے بھی کئی بار بتایا تھا کہ مولانا سمیع الحق بین الاقوامی خفیہ اداروں کے ہدف پر ہیں۔ایک سوال کے جواب میں مولانا حامد الحق کا کہنا تھا کہ ہم نے پولیس اور سیکیورٹی اداروں کو دھمکیوں کے حوالے سے آگاہ کردیا تھا، جب کہ دارالعلوم اکوڑہ خٹک میں بھی سیکیورٹی سخت کردی گئی تھی تاہم مولانا صاحب سیکیورٹی کو پسند نہیں کرتے تھے اس لیے سفر میں ان کے ساتھ دوستوں کے علاوہ کوئی سیکیورٹی اہلکار نہیں ہوتا تھا۔مولانا حامد الحق نے مزید کہا کہ ایسی قوتیں جو ملک میں اسلام کا غلبہ نہیں چاہتیں، جو جہاد مخالف ہیں، جو مدرسوں اور خانقاہوں کی مخالفت کرتے ہیں وہی طاقتیں اس قتل میں ملوث ہیں۔ میں اس موقع پر مولانا سمیع الحق کے چاہنے والے کارکنان اور عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور دشمن قوتوں کو تنقید کا موقع نہ دیں۔

74 فیصد امریکی سمجھتے ہیں کہ مسلمانوں کیساتھ متعصب رویہ اختیار کیاجاتا ہے، سروے

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی اداروں کی جانب سے کیے گئے سروے میں 74 فیصد امریکیوں نے اعتراف کیا ہے کہ ملک میں مسلمانوں کے ساتھ متعصب رویہ اختیار کیا جاتا ہے۔امریکا فاﺅنڈیشن اور امریکن مسلم انیشی ایٹو کے مشترکہ سروے میں اسلام اور مسلمانوں سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جوابات میں دلچسپ اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔ امریکا کی کثیر آبادی مسلمانوں پر عدم اعتماد کا اظہار کرتی ہے. صدر ٹرمپ کے دور حکومت میں مسلمانوں کے خلاف منفی رائے میں اضافہ ہوا ہے۔سروے کے مطابق 56 فیصد امریکی اسلام کو امریکی تہذیب سے مطابقت رکھنے والا مذہب سمجھتے ہیں تاہم 42 فیصد امریکی اسلام کو امریکی کلچر سے متصادم قرار دیتے ہیں جب کہ 60 فیصد امریکی مسلمانوں کو محب وطن سمجھتے ہیں اور 38 فیصد کے نزدیک مسلمان امریکا سے مخلص نہیں۔سروے میں 74 فیصد امریکی کی رائے تھے کہ ملک میں مسلمانوں کے خلاف متعصب رویہ رکھا جاتا ہے تاہم 56 فیصد امریکیوں کا خیال ہے کہ امریکا میں مقیم مسلمانوں میں انتہا پسندی عروج پارہی ہے۔ اسی طرح حکمراں جماعت ریپبلکن کے حامیوں میں سے 71 فیصد نے اسلام کو امریکی تہذیب سے متصادم قرار دیا اور 56 فیصد ریپبلکن اپنے پڑوس میں تعمیر ہونے والی نئی مسجد سے خوف زدہ ہوجاتے ہیں۔واضح رہے کہ امریکا میں ہونے والے وسط مدتی الیکشن میں 100 سے زائد مسلمان امیدوار میدان میں موجود ہیں تاہم ریپبلکن اس امر کو مثبت نہیں سمجھتے۔

چین میں خاتون مسافر کے جھگڑے نے 15 افراد کی جان لے لی

بیجنگ(ویب ڈیسک) چین میں خاتون مسافر اور ڈرائیور کے درمیان چلتی گاڑی میں جھگڑے سے بس بے قابو ہو کرپل سے دریا میں جا گری جس کے نتیجے میں 15 مسافر ہلاک ہوگئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں مسافر بس پل سے نیچے گر کر 230 فٹ گہرے دریا ’ ینگٹزی‘ میں ڈوب گئی جس کے نتیجے میں بس میں سوار 15 مسافر ہلاک ہوگئے۔ 13 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ دو تاحال لاپتہ ہیں۔ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے مسافروں کی لاشوں کو دریا سے نکال کر اسپتال منتقل کردیا جہاں میتوں کو لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے مسافروں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ بس میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز سے پتہ چلا ہے کہ حادثہ 48 سالہ خاتون مسافر کی وجہ سے پیش آیا جو اپنا اسٹاپ نکل جانے پر ڈرائیور سے بحث کررہی تھی اور مسلسل اپنا موبائل فون ڈرائیور کے سر پر مار رہی تھی۔ڈرائیور خاتون مسافر کے حملے سے بچنے کی کوشش میں بس پر قابو کھو بیٹھا اور بس پل کی حفاظتی ریلنگ کو توڑتے ہوئے دریا میں گر گئی۔ قبل ازیں خیال کیا جا رہا تھا کہ حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔

جمال خاشقجی کا شدت پسند مذہبی گروہ سے تعلق تھا، سعودی ولی عہد

واشنگٹن(ویب ڈیسک) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ صحافی جمال خاشقجی کا تعلق شدت پسند تنظیم ’اخوان المسلمون‘ سے ہے۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ جمال خاشقجی کے سعودی قونصل خانے استنبول میں قتل کے اعتراف کے بعد ولی عہد محمد بن سلمان نے وائٹ ہاﺅس میں امریکی صدر کے داماد جیئرڈ کشنر اور مشیر قومی سلامتی جان بولٹن سےٹیلی فونک گفتگو کی۔ٹیلی فونک گفتگو میں ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی عہدیداروں کو بتایا کہ صحافی جمال خاشقجی کا تعلق شدت پسند تنظیم ’اخوان المسلمون‘ سے ہے جو نفرت آمیز مواد پھیلانے اور انتہا پسندی کو ترغیب دیتے ہیں تاہم صحافی کے قتل سے متعلق انہیں کوئی معلومات نہیں۔دوسری جانب جمال خاشقجی کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ جمال خاشقجی کا تعلق کسی شدت پسند گروہ سے نہیں تھا اور وہ کسی طور بھی خطرناک شخص نہیں تھے۔ جمال خاشقجی کے حوالے سے ولی عہد کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے اور صحافی خود بھی چند برسوں سے اس الزام کی مسلسل تردید کرتے آئے ہیں۔واضح رہے کہ استنبول کے سعودی قونصل خانے میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل پر سعودیہ عرب نے 18 شہریوں کو حراست میں لیا تھا اور انٹیلی جنس افسران کو معطل کردیا تھا تاہم اب تک صحافی کی لاش سے متعلق کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا ہے۔

دوسرا ٹی ٹوئنٹی: نیوزی لینڈ کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

دبئی(ویب ڈیسک) تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرلیا۔دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے مدمقابل ہوں گی، گرین شرٹس کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔نیوزی لینڈ کے خلاف قومی اسکواڈ کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، بابراعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، آصف علی، فہیم اشرف، عماد وسیم، حسین طلعت، حسن علی، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، صاحبزادہ فرحان، عثمان خان اور وقاص مقصود پر مشتمل ہے۔پاکستان نے 31 اکتوبر کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد کیویز کو 2 رنز سے شکست دی تھی۔یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی، تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز متحدہ عرب امارات میں ہونی ہے۔

وزیراعظم کی مولانا سمیع الحق پر حملے کی فوری تحقیقات، ذمے داران کا تعین کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے سربراہ جے یوآئی (س) مولا ناسمیع الحق پر حملے کے نتیجے میں ان کی شہادت کی شدید مذمت کی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت سے ملک جید عالم دین اور اہم سیاسی رہنما سے محروم ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کی دینی اور سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وزیراعظم نے مولانا سمیع الحق پر حملے کے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔وزیراعظم عمران خان نے واقعے کی فوری تحقیقات اور ذمے داران کا تعین کرنے کی ہدایت کردی۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان اس وقت چین کے سرکاری دورے پر ہیں جنہیں مولانا سمیع الحق پر حملے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔مولانا سمیع الحق کے صاحبزادے مولانا حامد الحق نے میڈیا کو ٹیلی فون پر بتایا کہ مولانا سمیع الحق پر گھر کے اندر حملہ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ مولانا سمیع الحق عصر کے بعد اپنے گھر پر آرام کر رہے تھے ،ان کے ڈرائیور اور محافظ مولانا احمد حقانی کچھ دیر کے لیے باہر گئے جب واپس آئے تو مولانا اپنے بستر پر پڑے تھے۔مولانا سمیع الحق کے بیٹے نے بتایا کہ ان کے والد پر چھریوں سے وار کیے گئے۔

حکومت نے عامر ذوالفقار کو اسلام آباد پولیس کا نیا آئی جی مقرر کردیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی حکومت نے عامر ذوالفقار کو نیا آئی جی اسلام آباد تعینات کردیا۔وفاقی حکومت کی جانب سے عامر ذوالفقار کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیاگیا ہے۔عامر ذوالفقار پولیس سروس پاکستان (پی ایس پی) گروپ کے افسر ہیں، وہ آئی جی موٹروے پولیس بھی تعینات رہ چکے ہیں۔اس کے علاوہ وہ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب، آر پی او ملتان، سی پی او ملتان، ایس ایس پی اسپیشل برانچ لاہور، ایس ایس پی آپریشنز لاہور اور ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت اہم عہدوں پر ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔
آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کا پس منظر
وفاقی وزیر اعظم سواتی اور غریب خاندان کے درمیان جھگڑے کے بعد فون کال نہ اٹھانے پر مبینہ طور پر آئی جی اسلام آباد کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا جس کے بعد سپریم کورٹ نے انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کا آئی جی کے تبادلے کا نوٹی فکیشن معطل کیا تھا تاہم متاثرہ خاندان اور اعظم سواتی کے درمیان صلح کے بعد عدالت نے اپنا حکم واپس لیا لیکن آئی جی اسلام آباد جان محمد نے عہدے پر کام کرنے سے انکار کردیا۔

مولانا سمیع الحق قاتلانہ حملے میں جاں بحق

پشاور (ویب ڈیسک)جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے۔مولانا سمیع الحق کے صاحبزادے مولانا حامد الحق نے میڈیا کو ٹیلی فون پر بتایا کہ مولانا سمیع الحق پر گھر کے اندر حملہ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ مولانا سمیع الحق عصر کے بعد اپنے گھر پر آرام کر رہے تھے ،ان کے ڈرائیور اور محافظ کچھ دیر کے لیے باہر گئےاور جب واپس ا?ئے تو مولانا اپنے بستر پر پڑے تھے۔مولانا سمیع الحق کے بیٹے نے بتایا کہ ان کے والد پر چھریوں سے وار کیے گئے۔ذرائع کے مطابق مولانا سمیع الحق کے جسد خاکی کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔جمعیت علمائے اسلام س پشاور کے صدر مولانا حصیم نے مولانا سمیع الحق کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔مولانا فضل الرحمان نے مولانا سمیع الحق کے جاں بحق ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان کے ساتھ مکمل یکجھہتی کا اظہار کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ 8 سال دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں پڑھا ہوں، وہاں سے دیرینہ ایک تعلق ہے، اس رشتے کو کبھی بھلا نہیں سکتا۔جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ نے کہا کہ اختلاف کے باوجود ان کے ساتھ ایک محبت کا رشتہ قائم تھا اور ان کے خاندان کے ساتھ بھی یہ تعلق قائم رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اس غم میں ہم سب برابر کے شریک ہیں۔مولانا سمیع الحق دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے مہتمم تھے اور پاکستان و افغانستان سمیت مختلف ممالک کے علمائے کرام اس مدرسے سے فارغ التحصیل ہیں۔جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے ہی فارغ التحصیل ہیں۔