آئی ایم ایف کا وفد 7 نومبر کو پاکستان پہنچے گا

واشنگٹن(ویب ڈیسک) آئی ایم ایف کا وفد بیل آﺅٹ پیکج کے معاملے پر پاکستانی حکام سے مذاکرات کے لیے 7 نومبر کو اسلام آباد پہنچے گا۔ترجمان آئی ایم ایف گیری رائس کا کہنا ہے کہ وفد آئی ایم ایف بیل آﺅٹ پروگرام کے لیے پاکستان کی درخواست پر مذاکرات کرے گا۔گیری رائس نے کہا کہ اسٹاف لیول معاہد ے کو مزید غور کے لیے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کو بھیجا جائے گا تاہم ترجمان آئی ایم ایف نے پاکستان سے اسٹاف لیول معاہدے کا ٹائم ٹیبل نہیں بتایا۔خیال رہے کہ پاکستان نے اکتوبر میں انڈونیشیا میں آئی ایم ایف سے بیل آﺅٹ پروگرام کی درخواست کی تھی۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید دو نوجوان شہید

سری نگر(ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع بڈگام کے علاقے زاغو میں ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرچ آپریشن کے دوران دو نوجوانوں کو شہید کردیا۔قابض فوج نے بڈگام کے مختلف علاقوں میں پرامن احتجاجی مظاہرہ کرنے والے کشمیریوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال بھی کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ قابض انتظامیہ نے علاقے میں احتجاجی مظاہرے روکنے کےلیے انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی۔رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کے نتیجے میں 31 افراد شہید ہوئے جن میں ایک حاملہ خاتون بھی شامل ہے۔ قابض فوج کی جانب سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کے نتیجے میں 379 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے بعض افراد کو شدید زخم آئے ہیں۔بھارتی فوج نے نہتے مظاہرین کے خلاف بھی طاقت کے استعمال سے گریز نہیں کیا اور شہدا کے سوگوار لواحقین پر بھی گولیاں چلائیں۔ مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماﺅں سمیت 216 کشمیریوں کو بھی گرفتار کیا گیا، جب کہ کالے قانون کے تحت درجنوں افراد پر مقدمات قائم کیے گئے۔زیر حراست افراد میں زیادہ تر نوجوان شامل ہیں جنہیں عقوبت خانوں میں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ قابض فوج نے آپریشن کے دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے 11 خواتین کی بے حرمتی بھی کی۔کٹھ پتلی انتظامیہ نے مذہبی آزادی کا بھی گلا گھونٹتے ہوئے سری نگر کی جامع مسجد بند کرتے ہوئے جمعے کی 3 اجتماعات پر پابندی لگادی اور لوگوں کو نماز کی ادائیگی سے روک دیا۔

انڈونیشیا؛ سمندر میں گرنے والے مسافر طیارے کا بلیک باکس مل گیا

جکارتہ(ویب ڈیسک) انڈونیشیا میں سمندر میں گرنے والے مسافر طیارے کا بلیک باکس مل گیا ہے جس کے ذریعے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے میں مدد ملے گی۔پیر کے روز انڈونیشیا میں دارالحکومت جکارتہ سے سماٹرا جزیرہ جانے والی نجی ایئرلائن ’لائن ایئر‘ کا مسافر طیارہ بوئنگ 737 اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد سمندر میں جاگرا تھا۔ واقعے میں جہاز میں سوار 189 مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔ غوطہ خور آج طیارے کا بلیک باکس سمندر سے نکالنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔تاحال طیارہ گرنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔ طیارہ ٹیک آف کے 15 منٹ بعد ہی سمندر میں گر گیا تھا۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق واقعے سے ایک روز قبل طیارے کی پرواز کے دوران بھی اس میں تکنیکی مسائل پیدا ہوئے تھے۔اس کے باوجود حکام نے اس تکنیکی خرابی کو نظرانداز کیا اور طیارے کو پرواز کی اجازت دی۔ اس مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں یہ المناک سانحہ رونما ہوا۔ دوسری طرف لائن ایئر کے چیف ایگزیکٹیو ایڈورڈ سریت نے کہا ہے کہ طیارے کو پرواز سے قبل ٹھیک کر لیا گیا تھا۔

قومی ٹیم سے پرفارمنس نہیں فٹنس مسائل کے باعث باہر ہوا تھا،محمد عرفان

لاہور(ویب ڈیسک)دراز قد فاسٹ بولر محمد عرفان نے کہا ہے کہ وہ 2019ء ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر نا چاہتے ہیں اور اس کے لئے وہ بھرپور انداز میں اپنی بولنگ پر توجہ دے رہے ہیں۔میڈیاسے گفتگو کرتے ہو ئے سات فٹ ایک انچ کے محمد عرفان کا کہنا تھا کہ وہ قومی ٹیم سے پرفارمنس نہیں بلکہ فٹنس مسائل کے باعث باہر ہوئے تھے جس کا انھیں بے حد افسوس ہے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے امریکا میں باسکٹ بال کھلاڑیوں سے فٹنس کے بارے میں خاص ہدایات لیں ،جس پر وہ عمل کر رہے ہیں اور اب خود کو کافی بہتر محسوس کرتے ہیں۔پاکستان کے لئے تینوں فارمیٹس میں 108 بین الاقوامی وکٹ حاصل کر نے والے محمد عرفان نے 22مارچ 2016کو موہالی میں نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹی 20بین الاقوامی میچ کھیلا تھاجب کہ یکم ستمبر 2016ءکو ہیڈنگلے لیڈز میں انگلینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے کے بعد فٹنس مسائل کے سبب مزید بولنگ نہیں کروا سکے تھے۔2سال سے قومی ٹیم سے باہر رہنے والے محمد عرفان پر پاکستان کر کٹ بورڈ نے پاکستان سوپر لیگ سیزن ٹو میں مشکوک افراد سے رابطے کی رپورٹ نہ کر نے پر دس ماہ کی پابندی اور دس لاکھ جرمانہ کیا تھا۔گزشتہ ماہ انھیں قذافی اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ ٹرافی کی تقریب کے حوالے سے مدعو کیا تھا،جہاں فاسٹ بولر کے ہمراہ پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان بھی موجود تھے۔محمد عرفان نے پاکستان سوپر لیگ کے پہلے دو ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کی لیکن اب وہ ملتان سلطان کے لئے کھیل رہے ہیں۔اس سال اگست میں کریبین پریمئر لیگ میں محمد عرفان نے بارباڈس کے لئے سینٹ کٹس کے خلاف 4اوورز میں تین میڈنز اوورز کے ساتھ صرف ایک رن دے کر دو وکٹیں حاصل کی تھیں ،جو ٹی 20 کر کٹ میں سب سے کم رنز دینے کا ریکارڈ بھی ہے۔قومی ٹیم کے موجودہ بولنگ اٹیک کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے عرفان کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی،عثمان خان شنواری حسن علی اور جنید خان کی موجودگی میں جگہ بنایا کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ محمد عامر اس کی تازہ مثال ہیں کیونکہ وہ کارکردگی نہ پیش کر نے پر اسکواڈ میں جگہ برقرار نہ رکھ سکے۔لیکن عرفان پر امید ہیں کہ وہ ڈومیسٹک کر کٹ میں عمدہ کارکردگی کے بعد سلیکٹرز کی توجہ حاصل کر کے دوبارہ قومی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل دائر

لاہور(ویب ڈیسک)آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں نظر ثانی اپیل دائر کر دی گئی ہے۔درخواست گزار قاری سلام کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی ہے۔درخواست میں مﺅقف اختیار کیا گیا ہے کہ آسیہ بی بی نے تفتیش کے دوران جرم کا اعتراف کیا، ایف آئی آر تاخیر سے درج کرانے کا مطلب یہ نہیں کہ ملزم بےگناہ ہے۔درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے اور نظر ثانی کی اپیل کے فیصلے تک آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔دوسری جانب وفاقی حکومت نے آسیہ بی بی کیس میں نظر ثانی پٹیشن دائر کرنے کی تردید کر دی ہے۔ترجمان وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ آسیہ بی بی سے متعلق کیس میں حکومت نے نہ نظر ثانی پٹیشن دائر کی ہے اور نہ ہی آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل میں ڈالا جا رہا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے آسیہ بی بی کو توہین رسالت کا جرم ثابت نہ ہونے پر بری کر دیا تھا جس کے خلاف مذہبی جماعتوں کی جانب سے ملک بھر میں مظاہرے جاری ہیں۔گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے بھی قوم سے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ سپریم کورٹ نے آئین کے مطابق فیصلہ سنایا اور کسی کو بھی ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان 5 روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان چین کے 5 روزہ دورے پر روانہ ہوگئے جس کے دوران وہ چینی صدر، وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے بات کریں گے جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان کئی معاہدوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔روانگی سے قبل چینی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چین کی حالیہ ترقی سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں، جن مسائل کا ہم آج سامنا کررہے ہیں چین ان مسائل پر قابو پاچکا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) میں سرمایہ کاری سے پاکستان کی معیشت بہتر ہوگی، کرپشن سے نمٹنے کیلئے کوشش کررہے ہیں، غربت کے خاتمے کیلئے چین کے اقدامات سے استفادہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ‘چین کے دورے سے متعلق پرامید ہوں، پاکستان کو اپنی برآمدات بڑھانے کی ضرورت ہے، کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے پر قابو پانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، پاکستان میں زراعت، فشریز، سستے گھر میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقعے ہیں، معیشت کی بہتری کیلئے دو آپشن تھے ، آئی ایم ایف اور دوست ممالک سے مدد حاصل کرنا، سعودی عرب اور یو اے ای سے تعاون حاصل کررہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سی پیک کے تحت جدید ٹیکنالوجی بھی پاکستان منتقل ہو، چین نے ہرمشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل عمران خان کو سرکاری وفد کے ہمراہ 2 نومبر کو چین روانہ ہونا تھا، تاہم گذشتہ روز ان کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی اور اب وہ آج ہی روانہ ہوگئے۔شیڈول کے مطابق وزیراعظم خصوصی طیارے سے بیجنگ پہنچیں گے، جہاں چین کے نائب وزیر خارجہ اور دیگر حکام ان کا استقبال کریں گے۔2 نومبر کو وزیراعظم عمران خان چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے۔3 نومبر کو وہ تیان من اسکوائر میں پیپلز ہیروز کی یادگار پر پھول چڑھائیں گے جبکہ 3 نومبر کو ہی نیشنل پیپلز کانگریس کے چیئرمین سے ملاقات ہوگی۔اسی روز وزیراعظم کے اعزاز میں گریٹ ہال میں خیرمقدمی تقریب ہوگی جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان 3 نومبر کو مختلف معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں چینی ہم منصب سے ملاقات کریں گے، اس کے بعد وہ چین کے وزیراعظم کی طرف سے دی گئی ضیافت میں جائیں گے۔3 نومبر کو ہی وزیراعظم عمران خان کی چین کے سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقات طے ہے۔4 نومبر کو وزیراعظم سینٹرل پارٹی اسکول میں خطاب کے بعد شنگھائی روانہ ہوں گے، جہاں وہ چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپورٹ میں شرکت کریں گے۔چین کے صدر 4 نومبر کو امپورٹ ایکسپو میں شریک رہنماﺅں کے اعزاز میں ضیافت دیں گے۔وزیراعظم عمران خان 5 نومبر کو شنگھائی میں ویت نام کے وزیراعظم سے ملاقات کریں گے جبکہ اسی روز وہ شنگھائی کی مقامی قیادت سے ملاقات اور پاکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے اور پھر وطن واپس روانہ ہوں گے۔

‘فالودے، برفی اور رکشے والے کے اکاؤنٹ میں پیسے رکھوائے ہیں تو میری مرضی’

اسلام آباد(ویب ڈیسک)سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اگر میں نے فالودے والے، برفی والے، رکشے والے کے اکاو¿نٹ میں پیسے رکھوائے ہیں تو میری مرضی، انہیں پہلے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ پیسے میں نے رکھوائے ہیں اور اکاو¿نٹ میں نے کھلوایا ہے، پھر اگر رکھوائے بھی ہیں تو بینک والا پھنسے گا۔آصف زرداری نے کہا کہ روز کہتے ہیں کبھی دودھ والا آگیا، کبھی برفی والا آگیا۔ پہلے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ پیسے میں نے رکھوائے اکاو¿نٹ میں نے کھلوایا پھر اگر رکھوائے بھی ہیں تو اس کا بھی میں دفاع کرسکتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جس کے اکاو¿نٹ میں رکھوائے اس کو پتا نہیں تو اس کا قصور ہے بینک والے کا قصور ہے، کئی مقدمات بھگتے ہیں بڑی حد تک قانون کا پتا ہے۔این آر او کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ این آر او کا معاملہ کچھ نہیں، وزیراعظم عمران خان کو بولنے کی عادت ہے، ہم کہہ رہے ہیں کہ ایگزیکٹو بن جاو¿ اپوزیشن ہمیں کرنے دو۔آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے کے بعد ملک میں کشیدہ صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا ہے کہ گزشتہ روز کی تقریر میں وزیراعظم نے اپنی حکومت کو معاملے سے علیحدہ کرلیا اور اداروں کو آگے کردیا۔آصف زرداری نے کہا کہ وزارت داخلہ کا قلم دان وزیر اعظم کے پاس ہے، وزارت داخلہ کو ہی مذاکرات اور ایکشن کرنا ہوتا ہے، وزیر اعظم کو چاہیے کہ وہ خود اس معاملے کو حل کرائیں۔

امید ہے مظاہرے آج رات ختم ہوجائیں گے، فیاض الحسن چوہان کا دعویٰ

لاہور(ویب ڈیسک)وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبائی حکومت علامہ خادم حسین رضوی اور دیگر سے مسلسل رابطے میں ہے، شنید ہے کہ مظاہرے آج رات ختم ہوجائیں گے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پاکستان کے عوام سخت کرب کا شکار ہیں، وزیر مذہبی امور اور وفاقی حکومت نے معاملات کنٹرول کرنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج رات تک ملک میں جاری مظاہرے ختم ہونے کا امکان ہے، مظاہرین اور ان کے قائدین سے مذاکرات کے پانچ دور ہوچکے ہیں، اطلاعات ہیں کہ معاملات حل ہوچکے ہیں۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مظاہرین کیخلاف گولی، لاٹھی اور آنسو گیس کا استعمال نہیں کیا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ‘میری اطلاع کے مطابق تقریباً معاملات طے ہوچکے ہیں، یہ میری اطلاعات ہیں میں باضابطہ اعلان نہیں کررہا’۔فیاض چوہان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے 3 وکلا ہیں جو نظرثانی کی رٹ پٹیشن دائر کررہے ہیں، وکلا میں محمدعزیر چغتائی، غلام مصطفی چوہدری اور اظہر صدیق شامل ہیں، نظرثانی اپیل کا فیصلہ آنے تک استدعا کی جائے گی کہ آسیہ کا نام ای سی ایل میں ڈال دیاجائے، مذاکرات میں یہ سب طے ہوا ہے، جن سے مذاکرات ہوئے وہ اپنی پٹیشن دائر کریں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے توہین رسالت کے کیس میں عیسائی خاتون آسیہ بی بی کی سزائے موت کو کالعدم قرار دیتے ہوئے رہائی کا حکم جاری کیا تھا جس کے بعد سے ملک کے مختلف شہروں میں تحریک لبیک پاکستان اور دیگر مذہبی جماعتوں کا دھرنا جاری ہے۔

‘کوئی دھوکے میں نہ رہے کہ ریاست کمزور ہے، مظاہرین کو ایک راستہ دینا چاہتے ہیں’

اسلام آباد (ویب ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم نقصان نہیں چاہتے لیکن کوئی اس دھوکے میں نہ رہے کہ ریاست کمزور ہے، چاہتے ہیں تشدد کی ضرورت نہ پڑے، مظاہرین کو ایک راستہ دینا چاہتے ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے تمام صورتحال کو سامنے رکھ کر گزشتہ روز تقریر کی۔ان کا کہنا تھا کہ حکومتی کمیٹی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو صورت حال سے آگاہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے اور جو بھی اسٹریٹجی بنے گی اس پر اپوزیشن سے مشاورت کی جائے گی، اپوزیشن نے بھی مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزشن نے ان معاملات پر دو فوکل پرسن تعینات کیے ہیں، ہماری کوشش ہو گی کہ پورے پاکستان کی سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم ایک ریاست ہیں، کیسے ہو سکتا ہے کہ کچھ لوگ اٹھ کر فیصلہ دیں کہ یہ بات مانیں گے، یہ بات نہں مانیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیرآعظم نے رات کی تقریر میں حکومت کا نہ?ں، ریاست کا مو¿قف سامنے رکھا ہے، اپوزشن اور ریاستی ادارے حکومتی مو¿قف کے پیچھے کھڑے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نقصان نہیں چاہتے لیکن کوئی اس دھوکے میں نہ رہے کہ ریاست کمزور ہے، آپ کو پتہ نہیں چلے گا کہ آپ کے ساتھ کیا ہورہا ہے لیکن ہم ایک راستہ دینا چاہتے ہیں۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ جو لوگ ریاست کی رٹ کو اس طرح چیلنج کرں گے جو بغاوت کے زمرے میں آتا ہے، انہیں اس کا حساب دینا ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ قانونی راستے سب کے لیے کھلے ہیں لیکن ہم پاکستان کو بنانا ری پبلک نہیں بننے دیں گے، اگر وہ تھوڑے سے بھی غقلمند ہ?ں تو اشارہ سمجھ جائ?ں۔دوسری جانب وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کر لیں گے۔پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر مظاہرین سے مذاکرات جاری ہیں، فورس استعمال نہیں کر رہے۔

اظہر علی کا ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی نے 50 اوورز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔53 ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اظہر علی نے اپنی ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اظہر علی کا کہنا تھا کہ ذاتی وجوہات پر ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا اور بہت عرصے سے ایک روزہ کرکٹ سے الگ ہونے پر غور کر رہا تھا، یہ بہترین وقت ہے کہ میں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کروں تاہم ڈومیسٹک کرکٹ میں تمام فارمٹس میں کھیلوں گا۔اظہر علی نے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کو اعتماد میں لیا۔انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد اچھے کپتان ہیں، انہیں سپورٹ کرنا چاہیے جب کہ نوجوان کرکٹرز بہت اچھی ون ڈے کرکٹ کھیل رہے ہیں اور اچھے انداز سے ٹیم کو آگے لے کر چل رہے ہیں۔ اظہر علی کا کہنا تھا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ بہت سوچ کے بعد کیا، بہت سے لوگ میری کپتانی سے مطمئن نہیں تھے تاہم اب ساری توجہ ٹیسٹ کرکٹ پر ہوگی اور کوشش ہے جتنی بھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلوں تسلسل کے ساتھ پرفارم کروں۔یاد رہے کہ اظہر علی نے 50 اوورز کی کرکٹ میں 2011 میں آئرلینڈ کے خلاف ڈیبیو کیا اور انہوں نے اپنا آخری میچ رواں سال 13 جنوری کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔انہوں نے 53 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 3 سینچریوں اور 12 نصف سینچریوں کی مدد 1845 رنز بنائے۔
اظہر علی بطور کپتان کیسے رہے؟
19 فروری 1985 میں پیدا ہونے والے اظہر علی کو 2015 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان بھی مقرر کیا گیا لیکن فروری 2017 میں آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کی 1-4 سے شکست کے بعد شدید تنقید کی وجہ سے وہ بطور کپتان سبکدوش ہوگئے تھے۔ان کے دورِ کپتانی میں پاکستان نے مختلف ممالک کے خلاف 10 سیزیز کھیلیں جن میں سے صرف 5 میں کامیابی حاصل ہوئی۔ مجموعی طور پر ان کے دور میں پاکستان نے صرف 12 میچ جیتے اور 18 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔