” دہشتگرد بلوچستان سے آئے “ وزیراعلیٰ سندھ نے حقائق واضح کر دئیے

کراچی (ویب ڈیسک ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہےکہ چینی قونصلیٹ پر حملہ کرنے والے دہشت گرد بلوچستان سے آئے تھے۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے چینی سفیر نے ملاقات کی اور اس موقع پر چینی قونصل جنرل، چیف سیکریٹری سندھ اور آئی جی سندھ بھی موجود تھے۔چینی سفیر نے کہا کہ کل جو واقعہ پیش آیا، آج آپ سے ملنے آیا ہوں، آپ کا شکرگزار ہوں کہ آپ نے فوری ہم سب سے رابطہ کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے چینی سفیر سے گفتگو میں کہا کہ آپ ہمارے بھائی ہیں، آپ کی سیکیورٹی بہت اہم ہے، واقعے کے فوری بعد چینی قونصل خانےکا دورہ کیا اور امن وامان پر اجلاس بھی منعقد کیا۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ قونصل خانوں کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹس دیں گے، تمام قونصل خانوں کی سیکیورٹی آڈٹ کی ہدایت کردی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ چینی ہمارے دوست ہیں اور ترقیاتی کاموں میں پارٹنر ہیں، اس لیے ہمارے دشمن بہت بن گئے ہیں، چینی قونصل خانے کو بہترین سیکیورٹی دینے کی یقین دہانی کرائی ہے جب کہ سیف سٹی پروجیکٹ کو ہم جلد مکمل کرنے جارہے ہیں۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ قونصلیٹ پر حملہ کرنے والے دہشت گرد بلوچستان سے آئے تھے، وزیراعلیٰ بلوچستان سے بات کی ہے، سندھ، بلوچستان بارڈر پر مزید سخت چیکنگ کریں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں چینی قونصلیٹ پر تین دہشتگردوں نے حملے کی کوشش کی جسے پولیس اور رینجرز کے جوانوں نے ناکام بناتے ہوئے تینوں دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔دہشت گردوں سے مقابلے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوئے جب کہ قونصلیٹ میں ویزہ کے لیے آنے والے باپ بیٹے بھی فائرنگ سے شہید ہوئے۔

پنجاب میں ایک ہفتے کیلئے دفعہ 144 نافذ، ایک ہزار سے زائد افراد گرفتار

لاہور  (ویب ڈیسک ) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی جب کہ 1135 افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیاہے۔پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ایک ہفتے کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں یکم دسمبر تک دفعہ 144 نافذ کی گئی جس کے تحت جلسے، جلوس اور ریلیوں پر پابندی ہوگی جب کہ 5 یا5 سے زائد افراد کے جمع ہونے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔نوٹی فکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش اور استعمال پر پابندی ہوگی۔دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبے بھر میں 1135 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور لاہور میں 95 افراد کو گرفتار کیا گیا۔محکمہ داخلہ کا کہنا ہےکہ تین ایم پی او کے تحت گرفتار افراد کو ایک ماہ کے لیے نظر بند رکھاجائے گا۔

جھانوی کیلئے 2018 ’بدترین اور بہترین‘ تجربات کا مجموعہ

ممبئی (ویب ڈیسک) بولی وڈ کی ابھرتی ہوئی اداکارہ جھانوی کپور کا ماننا ہے کہ سال 2018 ان کے لیے بدترین اور بہترین تجربات کا مجموعہ رہا۔جھانوی کپور کی والدہ نامور اداکارہ سری دیوی کا انتقال رواں سال کے آغاز میں دبئی میں ہوا، اس دوران جھانوی اپنی ڈیبیو فلم ’دھڑک‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھیں۔اس حوالے سے اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ ذاتی طور پر مشکلات سے گزرنے کے بعد اب زیادہ مضبوط ہوکر سامنے آئی ہیں۔جھانوی اپنے والد بونی کپور کے ہمراہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا کے ایک سیشن میں موجود تھیں، جہاں انہوں نے میڈیا سے بات کی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’جب میں بڑھنے کی بات کروں تو مجھے سمجھ نہیں آتا کیا بولوں، اگر اپنی بات کروں تو یہ سال میری زندگی میں ہونے والے بدترین اور بہترین تجربات کا مجموعہ ہے، لیکن اب میری پوری فیملی ایک ہے اور یہ میرے لیے بہت بڑی بات ہے‘۔جھانوی نے مزید کہا کہ ’لیکن جو کچھ بھی ہوا وہ میرے لیے بہت بڑا نقصان ہے، ہم سب ابھی تک حیران ہیں، لیکن میں شکر گزار ہوں سب کی کہ مجھے اتنا پیار دیا گیا اور مجھے کام کرنے کا بھی موقع ملا، اپنے والدین کو مجھ پر فخر کرنے کا موقع دیا، یہی میرے لیے سب سے اہم ہے‘۔صرف ایک فلم کے ساتھ ہندی سینما میں سامنے آئی جھانوی کا ماننا ہے کہ آج کے اداکار کمرشل سینما میں پھنس چکے ہیں، جبکہ کہانی کو آزادی سے بیان کرنا پہلے آسان تھا۔اداکار نے بتایا کہ مدھو بالا ان کی پسندیدہ اداکارہ ہیں اور جیسا کام انہوں نے مغل اعظم میں کیا ویسا کام کوئی نہیں کرسکتا۔

ڈنمارک اور فن لینڈ کا سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت بند کرنے کا اعلان

ریاض( ویب ڈیسک ) جرمنی کے بعد ڈنمارک اور فن لینڈ نے بھی سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت بند کرنے کا اعلان کردیا۔ڈنمارک کے وزیر خارجہ کے مطابق یمن جنگ اور سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے تناظر میں ان دونوں ممالک نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ دو روز قبل جرمنی نے بھی سعودی عرب کے ساتھ اسلحہ سپلائی کا معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے اعداد و شمار کے مطابق حالیہ عرصے میں سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت میں کمی ہوئی ہے۔ سعودی عرب مختلف ممالک سے سالانہ 4.1 ارب ڈالر مالیت کا اسلحہ خرید رہا ہے تاہم اب برطانیہ، فرانس اور اسپین سمیت متعدد ممالک نے اسے اسلحے کی فراہمی میں کمی کردی ہے۔سعودی عرب کو اسلحہ فراہم کرنے والے ممالک میں امریکا سرفہرست ہے۔ امریکا 3.4 ارب، برطانیہ 436 ملین، فرانس 27 ملین، دیگر ممالک 225 ملین ڈالر کا اسلحہ سپلائی کررہے ہیں۔ برطانیہ نے 2016 میں 843 ملین، 2017 میں 436 ملین ڈالر کا اسلحہ سپلائی کیا تھا۔

ملازمین کو کینسر ہونے پر سام سنگ نے معافی مانگ لی

سیول( ویب ڈیسک ) سام سنگ الیکٹرونکس نے اپنی فیکٹریوں میں کام کرنے والے کچھ ملازمین کے کینسر میں مبتلا ہونے کے بعد معافی مانگ لی جس سے ایک دہائی سے جاری تنازع کا بالا?خر اختتام ہوگیا۔کمپنی کے سابق ملازمین کی موجودگی میں ایک 22 سالہ ملازم، جو انتقال کرگیا تھا، کے والد اور کمپنی نے شریک صدر کم کی نیم نے باضابطہ طور پر ایک سمجھوتے پر دستخط کیے۔اس موقع پر کم کی نیم کا کہنا تھا کہ ہم دل سے ان تمام ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ سے معافی مانگتے ہیں جنہیں بیماری کا سامنا کرنا پڑا ، ہم اپنی سیمی کنڈکٹر اور ایل سی ڈی فیکٹریز میں صحت کو لاحق خطرات کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی کرنے میں ناکام ہوگئے۔واضح رہے کہ سام سنگ الیکٹرونکس دنیا کی سب سے بڑی موبائل فونز اور چپ بنانے والی کمپنی ہے اور سام سنگ گروپ کی فلیگ شپ ذیلی کمپنی ہے جو ساو¿تھ کوریا کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔کمپنی کے خلاف مہم چلانے والے افراد کا کہنا تھا کہ سام سنگ سیمی کنڈکٹر اور ڈسپلے فیکٹری میں کام کرنے والے 240 افراد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوگئےتھے جس میں سے 80 افراد ،زیادہ تر خواتین، اپنی زندگی کی بازی ہار گئیں تھی۔رواں ماہ اس حوالے سے ہونے والے ایک سمجھوتے میں اعلان کیا گیا تھا کہ سام سنگ الیکٹرونکس متاثرہ ملازمین کو معاوضہ ادا کرے گی اور ایک ملازم کو پاکستانی رقم 17 لاکھ 80 ہزار سے زائد ادا کیے جائیں گے۔متاثر ہونے والے افراد میں 16 اقسام کے کینسر، کچھ غیر معمولی بیماریاں ، اسقاطِ حمل اور ملازمین کے بچوں میں ہونے والی پیدائشی بیماریاں شامل ہیں، ان میں کچھ ایسے دعویدار بھی شامل ہیں جنہوں نے 1984 میں فیکٹریوں میں کام کیا تھا۔خیال رہے کہ معاملہ 2007 میں اس وقت منظر ِ عام پر ا?یا جب سیمی کنڈکٹر اور ڈسپلے فیکٹریوں کے سابق ملازمین یا ان کے اہلِ خانہ نے بتایا کہ ملازمین مختلف اقسام کے کینسر میں مبتلا ہوئے جن میں سے کچھ انتقال کر گئے۔

دوران حمل چائے یا کافی پینا بچے کی نشوونما کے لیے نقصان دہ

لاہور( ویب ڈیسک ) دوران حمل چائے یا کافی پینے کی عادت رکھنے والی خواتین کے ہاں جسمانی طور پر کمزور بچوں کی پیدائش کا خطرہ بڑھتا ہے۔یہ بات آئرلینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ڈبلن کالج یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ محض 3 کپ چائے یا 2 کپ کافی روزانہ پینا بھی کم وزن یا قبل از وقت بچوں کی پیدائش کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔محققین کا ماننا ہے کہ چائے یا کافی میں موجود کیفین ماں کے پیٹ میں خون کی سپلائی میں رکاوٹ بن کر بچے کی نشوونما کو متاثر کرسکتی ہے۔اس تحقیق کے دوران ایک ہزار ایسی خواتین کا جائزہ لیا گیا جن کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔نتائج سے معلوم ہوا کہ ہر اضافی 100 ملی گرام کیفین حمل کے اولین 3 ماہ کے دوران جزو بدن بنانا بچے کا وزن 72 گرام کم کرتا ہے۔کیفین کی اتنی مقدار بچے کے قد اور سر کی گولائی کو بھی کم کرتی ہے۔محققین کا کہنا تھا کہ زیادہ کیفین استعمال کرنے والی خواتین کے بچوں کا وزن کم از کم 170 گرام تک کم ہوسکتا ہے۔خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے 300 ملی گرام جبکہ برطانوی اور امریکی ماہرین نے 200 ملی گرام کیفین کو محفوظ قرار دے رکھا ہے مگر اس نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ مقدار بھی منفی اثرات مرتب کرسکتی ہے۔

ماہر نجوم کی نک جونز کو پریانکا سے ہوشیار رہنے کی ہدایت

ممبئی( ویب ڈیسک )بھارت کے ماہر علم و نجوم سنجے جمانی نے نک جونز اور پریانکا چوپڑا کے مستقبل سے متعلق پیشگوئی کرتے ہوئے نک کو پریانکا کی غالب طبیعت اور صاف گوئی سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔نامور بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار نک جونز 2 دسمبر کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے دونوں کی شادی اور مستقبل کے حوالے سے علم و نجوم کے ماہرسنجے بی جمانی نے پیشگوئی کرتے ہوئے کئی باتیں بتائی ہیں۔ سنجے بی جمانی نے کہا کہ پریانکا چوپڑا کی فطرت ایسی ہے کہ وہ دوسروں پر حاوی ہوجاتی ہیں لہٰذا نک جونز کو پریانکا کی غالب اور بے چین طبیعت اور صاف گوئی سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا پریانکا چوپڑا اورنک جونز زمین اور پانی کی طرح ہیں جس طرح زمین اور پانی ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں اسی طرح یہ دونوں بھی ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ رہیں گے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے نک جونز کو دھیان (میڈی ٹیشن) کرنے کی ہدایت کی اور پریانکا چوپڑا کو بھی یوگا اور ورزش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا یہ سرگرمی پریانکا کو پرسکون رکھنے میں مدد کرے گی۔واضح رہے کہ سنجے بی جمانی نے آج سے 13 سال قبل پیشگوئی کی تھی کہ پریانکا چوپڑا 36 سال کی عمر میں شادی کریں گی اور ان کی یہ پیشگوئی ہوبہو سچ ثابت ہورہی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے پریانکا کے مستقبل کے حوالے سے کہا تھا 45 سال کی عمر کے بعد پریانکا چوپڑا سیاسی میدان میں آسکتی ہیں۔

سنی دیول کا فلموں میں کام کے حوالے سے اہم انکشاف

ممبئی (ویب ڈیسک ) بالی ووڈ کے معروف اداکار سنی دیول نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کبھی بھی فلم کا اسکرپٹ نہیں پڑھتے بس سرسری طور پر کہانی سن کر فلم کرنے کی حامی بھرلیتے ہیں۔ سنی دیول نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ میں بہت ہی غیر معمولی شخص ہوں اور ہمیشہ اپنے دل کی سنتا ہوں یہی وجہ ہے کہ فلموں کے معاملے میں بھی اپنے دل کے ہی فیصلے کو ترجیح دیتا ہوں۔سنی دیول نے کہا کہ میں صرف فلم کی کہانی سرسری طور پر سنتا ہوں لیکن ا±س کی گہرائی میں نہیں جاتا اگر فلم کی کہانی اچھی ہوتی ہے تو پھر حامی بھر لیتا ہوں۔ جب کہ آج کل کی مناسبت سے فلموں کی کہانی سننا ضرورت بن گئی ہے لیکن ا±س کے باوجود میں آج بھی فلم کا اسکرپٹ نہیں پڑھتا۔اداکار نے کہا کہ فلم کو مکمل کرنے کے لئے میں صرف ہدایت کار سے آئیڈیا لیتا ہوں اور پھر جو اسکرپٹ رائٹر ہوتا ہے اس سے بات کرتا ہوں اور اس کو سنتا ہوں کیوں کہ یہی وہ چیز ہوتی ہے جو آخر کار اسکرین پر نظر آتی ہے۔

ڈائنوسارکے درمیان گھومنے والا ہاتھی کی جسامت کا ممالیہ دریافت

پولینڈ (ویب ڈیسک ) قدیم یورپ میں ہاتھی کی جسامت کا ایک ایسا عجیب و غریب جانور دریافت ہوا ہے جو اپنے ڈائنوسار ساتھیوں کے ساتھ زمین پر گھومتا پھرتا تھا۔ اس کی دریافت سے ایک دیرینہ مغالطے کا بھی خاتمہ ہوا ہے کہ ڈائنوسار کے عہد میں ممالیے بہت کم تھے لیکن وہ چھوٹی جسامت کے جانور تھے۔نصف ریپٹائل اور نصف ممالیوں سے تعلق رکھنے والے اس جانور کا تعلق سائنائپسڈس کے خاندان سے تھا۔ جریدہ سائنس میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں اس کا سائنسی نام لیسوویشیا بوجانی رکھا گیا ہے جس کی جسامت ہاتھی کے برابر تھی اور یورپ سے دریافت ہونے والا یہ پہلا جانور بھی ہے اس کے آثار پولینڈ سے ملے ہیں۔یہ بہت بڑا جانور ٹرائسک عہد سے تعلق رکھتا ہے جسے اپسالا یونیورسٹی کے ماہرین نے دریافت کیا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اس دریافت سے معلوم ہوا ہے کہ ٹرائسک عہد میں صرف ڈائنوسار ہی پائے جاتے تھے اور بڑے ممالیے موجود نہ تھے۔ سائنس کی زبان میں یہ جانور سائنائپسڈس سے تعلق رکھتا ہے جو ممالیے جیسے ریپٹائل کو ظاہر کرتا ہے۔ان کا ظہور 30 کروڑ سال قبل پرمیئن عہد میں ہوا تھا اور اس کے اجداد آج کی مانیٹر چھپکلیوں سے مشابہہ تھے۔ ان کے ساتھ ساتھ چھوٹے چوہے جتنے ممالیے بھی پیدا ہوئے تھے لیکن حتمی طور پر اس دعوے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔لیسوویشیا بوجانی کے منہ میں دانت نہیں تھے اور منہ کے کنارے پر ایک سخت نوک نما ابھار تھا جو آج بھی بعض کچھووں میں دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ سبزہ کھاتے ہوئے اسے اپنے جبڑے کی قوت سے پیستے تھے۔ ماہرین کے مطابق اس جانور کا قدرے مکمل اور بہترین فاسل ملا ہے۔ خیال ہے کہ اس کی ہڈیاں اکیس کروڑ سال پرانی ہیں۔

میرا کپوربچوں کے لیے آیائیں رکھنے پرتنقید کا نشانہ بن گئیں

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارشاہد کپورکی اہلیہ میرا کپور اپنے دونوں بچوں کے لیے آیائیں رکھنے پر تنقید کا نشانہ بن گئیں۔ مطابق بالی ووڈ میں اداکارشاہد کپور کی اہلیہ میرا کپور بھی کسی نہ کسی وجہ سے میڈیا میں خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں۔ اب انہیں صارفین کی جانب سے اس وقت نشانہ بنایا گیا جب انہیں اپنے بچوں اوران کے آیاو¿ں کے ساتھ ایئرپورٹ پردیکھا گیا۔دونوں بچوں کے لیے الگ الگ آیا رکھنے والی میرا کپورکو صارفین کی جانب سے اس لیے نشانہ بنایا جارہا ہے کیونکہ کچھ عرصے قبل انہوں نے ایک انٹریو میں چھوٹے بچوں کو گھر پر چھوڑ کر باہر کام کرنے والی خواتین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا بچہ کوئی پالتو جانور نہیں ہوتا جس کے ساتھ ہم دن کا ایک گھنٹہ گزار کر کام پر چل پڑیں اسی لیے وہ اداکارہ نہیں بننا چاہتی ہیں۔اوراسی بیان کے باعث سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کا کرینہ سے موازنہ کیا اورکہا کہ کرینہ کپور تو اداکارہ ہیں اور وہ کام کرتی ہیں لیکن میرا جیسی ایک گھریلو خاتون کو کیوں آیاو¿ں کی ضرورت پڑھ رہی ہے۔ دوسرے صارف نے کہا کہ میرا اب کرینہ کپور بننا چاہتی ہیں اسی لیے انہوں نے آیاو¿ں کو رکھا، لیکن وہ کبھی بھی کرینہ نہیں بن سکتیں۔