کیا مچھلی ہارٹ فیل کا علاج ثابت ہوسکتی ہے؟

آکسفورڈ(ویب ڈیسک) جنوبی امریکہ اور جنوب شمالی امریکہ کے میٹھے پانیوں میں عام پائی جانے والی مچھلی ٹیٹرافش اگرچہ اپنے خوبصورت رنگوں کی وجہ سے مشہور ہے لیکن یہ اپنے دل کی ازخود مرمت کرنے کی زبردست صلاحیت رکھتی ہے۔ماہرین کے مطابق اگر مچھلی کا یہ راز معلوم ہوجائے تو اس سے انسانوں میں ہارٹ فیل اور اموات کے علاج میں مدد مل سکتی ہے۔ اسی پہلو پر آکسفورڈ یونیورسٹی کی پروفیسر میتھلڈا اور ان کے ساتھیوں نے ٹیٹرا فش کا مطالعہ شروع کیا۔ ان کا ہدف مچھلی میں یہ دیکھنا تھا کہ آخر وہ کس طرح قلب کے شکستہ ٹشوز کی ازخود مرمت کرتی ہے۔ماہرین نے دو اقسام کی ٹیٹرا فش کا جینیاتی جائزہ لیا اور ان میں دل کو دوبارہ صحتمند بنانے والے جین کی تلاش شروع کی۔ ماہرین نے نوٹ کیا کہ مچھلی کا دل متاثر ہونے کے بعد آئی آر آر سی 10 اور کیوولن جین ذیادہ سرگرم ہوجاتے ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ان میں سے آئی آر آر سی ٹین جین اس عمل میں قدرے اہم کردار ادا کرتا ہے۔اس سے قبل ماہرین ایک دوسرے تجربے میں چوہے میں آئی آر سی سی ٹین جین کی سرگرمی نوٹ کرچکے تھے۔ یہ جین دل کی ایک کیفیت ڈائلیٹڈ کارڈیومیوپیتھی سے وابستہ ہوتا ہے اور اس بیماری میں دل بڑھ جاتا ہے اور خون پمپ کرنے میں ناکام رہتا ہے۔ مزید تحقیق سے معلوم ہوا کہ آئی آر آر سی 10 دل کے خلیات کے سکڑاﺅ اور پھیلاﺅ میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔اب اس تحقیق کو مزید آگے بڑھانے کے لیے ماہرین نے مچھلی گھروں میں رکھی جانے والی ایک آرائشی مچھلی ، زیبرا فِش کا مطالعہ کیا جس میں بھی اپنا دل خود مرمت کرنے کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔ سائنسدانوں نے زیبرا فش لی اور اس میں آئی آر آر سی 10 جین کی سرگرمی معطل کردی اور حیرت انگیز طور پر معلوم ہوا کہ اس کے بعد زیبرا فش نقصان پہنچنے والے دل کی دوبارہ مرمت نہیں کرسکی۔اس خبر سے ماہرین بہت خوش ہیں کیونکہ وہ جان چکے ہیں کہ آئی آر آر سی 10 دل کے ٹوٹے ہوئے خلیات کی مرمت کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے تاہم اس تحقیق کو انسانوں پر آزمانے کے لیے طویل محنت اور صبرآزما مراحل درکار ہیں لیکن قدرت سے ہمیں ایک بڑی انسانی بیماری کے علاج کی روشنی ضرور ملی ہے اگر یہ عمل کسی طرح انسانوں کے لیے ممکن ہوجائے تو اسے ایک طبی انقلاب کہا جائے گا۔دل کے شدید دورے کے بعد جب دل کے تمام حصوں کو خون اور آکسیجن نہیں ملتا تو وہ دھیرے دھیرے بالکل بے عمل ہوجاتے ہیں۔ بسا اوقات اس کا واحد علاج صحتمند دل کی پیوندکاری کے سوا کچھ اور نہیں ہوتا۔

بھارتی شادیوں میں اجنبی افراد کی رقم کے بدلے شرکت کا بڑھتا ہوا رحجان

نئی دہلی(ویب ڈیسک) اگرچہ شادی کی تقاریب میں قریبی عزیزوں اور رفقا کو ہی مدعو کیا جاتا ہے لیکن بھارت میں شادیوں کی تقاریب کئی دن جاری رہتی ہیں اور ان میں نہ صرف اجنبیوں بلکہ غیرملکی سیاحوں کو بھی بلایا جارہا ہے اور اس کے بدلے ان سے معاوضہ لیا جارہا ہے۔بھارتی ویب سائٹ غیرملکیوں کو ہندوستانی شادیوں میں مدعو کررہی ہے جسے شادی بیاہ کی سیاحت یا ویڈنگ ٹورزم کا نام دیا جارہا ہے اس ضمن میں جوائن مائی ویڈنگ نامی ویب سائٹ بہت مقبول ہورہی ہے۔ ویب سائٹ پر ایسے جوڑوں کی تصاویر دیکھی جاسکتی ہیں جن کی شادی مستقبل میں ہونے والی ہے اور وہ غیرملکیوں کو خوش آمدید کہنا چاہتے ہیں۔ اس ضمن میں ویب سائت اپنا کچھ معاوضہ رکھتی ہے۔ویب سائٹ کے مطابق اس طرح غیرملکی افراد کم وقت میں بھارتی ثقافت سے آگاہ ہوسکتے ہیں اور شادیوں کی تقاریب کا تجربہ اور خوشی میں شریک ہوسکتے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ غیرملکی مقامی کھانوں اور مزاج سے بھی واقفیت حاصل کرسکتے ہیں۔ویب سائٹ کی بانی اورسی پرکانی کہتی ہیں کہ اب تک 25 بھارتی شادیوں میں 100 سے زائد غیرملکی سیاح شریک ہوچکے ہیں اور دونوں جانب سے اس کی ضرورت بڑھ رہی ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ تقریب میں غیرملکی سیاح خصوصی مہمان ہوتے ہیں اور سب گھر والے ان کا خیال رکھتے ہیں۔ اسی طرح بعض خاندان سیاحوں کے لیے مقامی لباس بھی تیار کرکے دیتے ہیں۔اس ضمن میں ایک دن کی تقریب کے لیے غیرملکیوں سے 150 ڈالر اور دو روزہ تقریب کے لیے 250 ڈالر کی رقم لی جاتی ہے۔ اگرچہ اس میں فراڈ کا امکان رہتا ہے اور اسی بنا پر ویب سائٹ کے اراکین شادی والے گھر کے ذمے داروں سے گھنٹوں بات کرتے ہیں اور سیاحوں کی حفاظت کے ہر پہلو کو مدِ نظر رکھا جاتا ہے۔

سعودی ولی عہد جمال خاشقجی کے قتل میں ہرگزملوث نہیں، سعودی وزیرخارجہ

ریاض(ویب ڈیسک) سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد جمال خاشقجی کے قتل میں ہر گز ملوث نہیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد جمال خاشقجی کے قتل میں ہر گز ملوث نہیں ہیں اور اب سعودی بادشاہت یا ولی عہد کے حوالے سے مزید توہین برداشت نہیں کی جائے گی۔ عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ سعودی شاہ اور ولی عہد کی نمائندگی ملک کا ہر شہری کرتا ہے لہٰذا محمد بن سلمان کا ہٹانے کا مطالبہ سرخ لکیر ثابت ہوگا۔سعودی وزیر خارجہ نے واضح کردیا کہ جمال خاشقجی کا قتل انٹیلی جنس ایجنسی کی بددیانتی پر مبنی کارروائی ہے تاہم قتل کی تحقیقات جاری ہیں اور مجرموں کو سزا ضرور ملے گی۔واضح رہے کہ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق امریکی تفتیشی ادارے سی آئی اے رپورٹ کی سخت الفاظ میں تردید کر چکے ہیں۔

سوڈان میں باپ نے بیٹی کو فیس بک پر نیلام کردیا

خرطوم(ویب ڈیسک) جنوبی سوڈان سے تعلق رکھنے والے ایک بے رحم شخص نے اپنی بیٹی کو فیس بک پر نیلام کردیا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ انسانیت سوز واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد سے فیس بک کو زبردست تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، عوامی حلقے اس بات پر شدید نالاں ہیں کہ فیس بک نے اپنے پلیٹ فارم پر اس گھناﺅنے عمل کو روکنے کے لیے کچھ نہیں کیا۔بچوں کے حقوق کی عالمی تنظیم ’پلان انٹرنیشنل‘ کا کہنا ہے کہ 17 سالہ لڑکی کو اس کے والد نے فیس بک پر نیلام کرنے کے لیے ایک ایونٹ منعقد کیا جس میں مختلف لوگوں نے بولیاں لگائیں اور ان میں کچھ حکومتی افسران بھی شامل تھے۔نیلامی میں شامل ہر شخص نے لڑکی کو حاصل کرنے کی کوشش کی اور کچھ نہ کچھ پیشکش کی تاہم لڑکی سے تین گنا زائدعمر کے ایک شخص نے اسے خریدلیا۔ رپورٹس کے مطابق بڑی عمر کے شخص نے 500 گائیں، دو لگڑری کار، 10 ہزار امریکی ڈالر، اسمارٹ فونز اور دیگر مراعات کے عوض اسے خریدا۔انسانی حقوق کی تنظیموں اور فلاحی اداروں نے انسانی نیلامی کے عمل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی ریت چل پڑی تو لوگ اپنی بیٹیوں کو نیلام کرنا شروع کردیں گے۔اس نیلامی کے لیے استعمال ہونے والے پلیٹ فارم فیس بک نے وضاحت پیش کی ہے کہ 25 اکتوبر کو یہ پوسٹ لگائی گئی اور جب اس بارے میں معلوم ہوا تو فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے نہ صرف ہٹادیا گیا بلکہ اکاﺅنٹ بھی بند کردیا گیا۔

فیصلے پر تنقید کرنے پر امریکی چیف جسٹس کا ٹرمپ کو بھرپور جواب

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی چیف جسٹس جان رابرٹس نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر تنقید کرنے پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے پاس کوئی اوباما، ٹرمپ، بش یا کلنٹن جج نہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے عامیانہ رویے کی وجہ سے پوری دنیا میں جانے جاتے ہیں اور آئے روز متنازع بیانات کی وجہ سے مشکلات کھڑی کردیتے ہیں، اب ڈونلڈ ٹرپ نے اپنے ہی ملک کے چیف جسٹس کو تنقید کا نشانہ بناکر نیا تنازع کھڑا کردیا ہے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی چیف جسٹس کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا جس پر چیف جسٹس جان رابرٹس نے صدر ٹرمپ کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہاں کوئی اوباما، ٹرمپ، بش یا کلنٹن جج نہیں ہے، ہمیں آزاد عدلیہ کا شکریہ اداکرنا چاہیے جب کہ ہمارے ججز برابری کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں۔صدر ٹرمپ نے سیاسی پناہ کیلیے میکسیکو سے آنے والے تارکین وطن کے داخلے پر پابندی کا حکم دیا تھا جسے امریکا کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے کالعدم قراردے دیا تھا، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد صدر ٹرمپ نے جج کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ایک اوباما جج نے پابندی کو کالعدم قرار دیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ عدلیہ میں یقیناً اوباما ججز ہیں جن کا نکتہ نظر مختلف ہے، آزاد عدلیہ ہوتی تو بہت اچھا ہوتا، عدلیہ کے فیصلے ملک کوغیر محفوظ بنارہے ہیں جو کہ خطرناک اوراحمقانہ ہے۔

ابوبکرمحمود ہاکی ورلڈ کپ میں شریک پاکستانی ٹیم کے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے

لاہور(ویب ڈیسک) رواں ماہ بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں 20 سالہ ابوبکر محمود قومی ٹیم کے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے۔28 نومبر تا 16 دسمبر بھارت کے شہر بھوبنیشورمیں کھلے جانے والے ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی پاکستان ہاکی ٹیم سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے بہترین انتخاب کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ایف آئی ایچ شماریات کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کے دستے میں عمر کے لحاظ سے 31 سالہ کھلاڑی راشد محمود ٹیم کے عمررسیدہ ترین کھلاڑی ہیں جبکہ گول کیپر عمران بٹ 30 سال، محمد زبیر 30 سال، فیصل قادر 30 سال،عرفان جونیئر 29سال اور کپتان رضوان سینئر28 سال عمر کے ساتھ ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے۔ 20 سالہ ابوبکرمحمود ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے قومی ہاکی اسکواڈ کے کم سن ترین کھلاڑی ہوں گے۔پاکستان ہاکی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں محمد عمر بھٹہ 163 کیپ ریکارڈ کے حامل ہیں جبکہ کپتان رضوان سینئر154 کیپ ریکارڈ کے ساتھ دوسرے، عمران بٹ 138 کیپ ریکارڈ کے ساتھ تیسرے، راشد محمود 134 کیپ ریکارڈ کے ساتھ چوتھے اور علی شان 131 کیپ ریکارڈ کے ساتھ پانچویں نمبرپرہیں۔ واضح رہے کہ یہ شماریات پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے دیئے گئے شماریات سے متصادم اور مختلف ہیں۔ پی ایچ ایف کی جانب سے دیئے گئے شماریات میں مذکورہ کھلاڑی 250 سے زائد کیپ ریکارڈ کے حامل ہیں۔ورلڈ کپ میں پاکستان ہاکی ٹیم اپنا پہلا میچ جرمنی کے خلاف یکم دسمبر کوکھیلے گی، جبکہ دوسرا میچ 5 دسمبر کو ملائشیا اور تیسرا آور آخری پول میچ نودسمبر کو ہالینڈ ہاکی ٹیم کے خلاف نبرد آزماء ہوگی. قومی ہاکی ٹیم کی تیاریاں اس وقت زوروشور سے جاری ہیں اور قومی ہاکی ٹیم اس بابت بہتر کارکردگی دکھانے کے لئے بہت پرامید ہے۔

کرس جورڈن کا پشاور زلمی کے مداحوں کیلیے پشتو میں پیغام

لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ٹیم پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کے بعد کرس جورڈن نے بھی مداحوں کو پشتو زبان میں پیغام دے کر خوش کردیا۔کرس جورڈن نے پشاور زلمی کے فینز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے آپ سب خیر و عافیت سے ہوں گے، پشاور زلمی پی ایس ایل فور کے لیے پوری طرح تیار ہے اور فینز کی سپورٹ سے پی ایس ایل فور میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔انہوں نے خود کو ’کرس جورڈن اورکزئی‘ کا نام دیتے ہوئے کہا کہ پشاور زلمی فیملی کا حصہ بننے پر خوشی ہے، ممکن ہوا تو پشاور میں ملیں گے۔کرس جارڈن پشاور زلمی کی سپلیمنٹری کٹیگری میں شامل ہیں۔ پشاور زلمی نے ڈیرن سیمی کو پی ایس ایل فور کے لیے کپتان برقرار رکھا ہے ، سیمی کی قیادت میں سیزن ٹوکی فاتح اور تیسرے سیزن میں رنر اپ رہی ہے۔

ہاکی ورلڈ کپ: پاکستان ہاکی ٹیم کے آفیشل گانے کی وڈیو جاری

لاہور(ویب ڈیسک) ہاکی ورلڈ کپ کے لئے پاکستان ہاکی ٹیم کے آفیشل گانے ” اٹھا ہاکی چل میدان میں تم “ کی وڈیو جاری کردی گئی۔ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے آفیشل گانے کی وڈیو جاری کر دی گئی ہے۔ سحر علی بگا کی آواز میں ریکارڈ کیے جانے والے ” اٹھا ہاکی چل میدان میں تم “ گانے کی ریکارڈنگ میں قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو میگا ایونٹ کی تیاریاں کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔دو منٹ اور انیس سیکنڈ پر مشتمل اس وڈیو میں کوچز توقیر ڈار، ریحان بٹ اور دانش کلیم کھلاڑیوں میں جیت کا جوش پیدا کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، اس وڈیو میں پاکستان ہاکی ٹیم کی 1994ءکی ٹرافی اور ماضی کے سنہری دور کی فوٹیج بھی دکھائی گئی ہے۔پاکستان ٹیم کے کوچ دانش کلیم اور ریحان بٹ کا کہنا تھا کہ ولڈ کپ کے موقع پر قومی ٹیم میں حوصلہ افزائی خوش آئند ہے جس سے کھلاڑیوں کے حصولے بلند ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم کی تمام تیاریاں مکمل ہیں کوشش ہوگی کہ ہر میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیموں کو ٹف ٹائم دیں جب کہ کوچز کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑیوں پر واضح کر دیا ہے کہ ورلڈ کپ کے میچوں کے دوران وہ دباﺅلینے کی بجائے اپنی نیچرل گیم پیش کریں۔یاد رہے کہ ورلڈ کپ 28 نومبر سے بھارتی شہر بھوبنیشور میں شروع ہوگا جس میں مجموعی طور پر سولہ ٹیمیں شریک ہوں گی جہاں پاکستانی ٹیم میگا ایونٹ کا پہلا میچ یکم دسمبر کو جرمنی کےخلاف کھیلے گی۔

اکشے کمار کی فلم ’مشن منگل‘ کی کہانی چوری کی نکلی

ممبئی(ویب ڈیسک) امریکی نڑاد بھارتی فلمساز رادھا بھردواج نے بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار کی آنے والی فلم’مشن منگل‘کی کہانی پر چوری کاالزام لگادیا۔اداکاراکشے کمار نے تقریباً ایک ہفتے قبل ٹوئٹر پر فلم’مشن منگل‘میں کام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ فلم ان عام لوگوں کی طاقتور سچی کہانی پر مبنی ہے جن کے خواب غیر معمولی تھے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے فلم کو اگلے سال 15 اگست کو ریلیز کرنے کا اعلان بھی کیاتھا۔‘تاہم ابھی فلم کی شوٹنگ شروع بھی نہیں ہوسکی ہے اور فلم کی کہانی پر چوری کا الزام لگ گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی نڑاد بھارتی فلمساز رادھا بھردواج نےالزام لگایا ہے کہ پروڈکشن کمپنی ایلپسیس انٹرٹیمنٹ نے کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے، انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس فلم کی کہانی 2016 میں پروڈیوسر اتول کاس بیکر کو سنائی تھی، تاہم کاس بیکرز اسٹوڈیو نے ان کی کہانی کا اسکرپٹ اداکارہ ودیا بالن کے ساتھ شیئر کیا اور ودیا بالن نے ان کا آئیڈیا چوری کرلیا۔رادھا بھردواج نے فلم کے اسکرپٹ کو امریکی کاپی رائٹ آفس میں 2016 میں رجسٹرڈ بھی کروایاتھا۔ رادھا کا کہنا ہے کہ میں شرط لگاکر کہہ سکتی ہوں کہ کہانی کی حقیقت کے متعلق اداکار اکشے کمار، فوکس اسٹار اور امریکی پارٹنرز کچھ نہیں جانتے ہوں گے، لیکن اب انہیں سب معلوم ہوگیا ہے لہٰذا میں ان سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ اس کے متعلق سنجیدہ ردعمل دیں۔ اس کے ساتھ ہی رادھا نے کہا کہ ان کے پاس تمام کاغذات ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ انہوں نے2014 میں اس کہانی پر کتنا کام کیاتھا۔رادھا بھردواج نے اپنی کہانی چوری ہونے پر’مشن منگل‘ کی ریلیز کو روکنے کے لیے مقدمہ بھی درج کروایاہے۔ ان کی وکیل سرشی اوجھا کا کہنا ہے کہ منگل یان پر بے شمار کہانیاں ہوسکتی ہیں لیکن ان کی کلائنٹ رادھا کی کہانی ایک خاتون انجنیئر کے گرد گھومتی ہے جو اس مشن پر کام کررہی ہے۔واضح رہے کہ فلم میں اداکار اکشے کمارکے علاوہ دیگر کاسٹ میں سوناکشی سنہا، تاپسی پنوں، شرمن جوشی، کیرتی کلہاری، نتیا مینن اور ودیابالن شامل ہیں۔

2.0 ریلیز سے پہلے ہی 100 کروڑ کلب میں شامل

ممبئی(ویب ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر اسٹاررجنی کانت اور ایکشن ہیرو اکشے کمار کی فلم2.0 ریلیز سے قبل ہی 100 کروڑ کلب میں شامل ہوگئی۔سپر اسٹار رجنی کانت اور اکشے کمار کی فلم2.0 کا شائقین بے چینی سے انتظار کررہے ہیں اور فلم دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں یہی وجہ ہے کہ ریلیز سے قبل ہی فلم کی 120 کروڑ روپے کی ایڈوانس(پیشگی) بکنگ ہوچکی ہے۔ بالی ووڈ تجزیہ نگار رمیش بالا نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے تمل سینما کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی فلم کی ایڈوانس بکنگ 100 کروڑ سے بھی آگے نکل چکی ہے۔بالی ووڈ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ فلم 2.0 ریلیز کے پہلے روز امیتابھ بچن اور عامر خان کی فلم’ٹھگ آف ہندوستان‘ کے پہلے روز کے بزنس 52 کروڑ کا بھی ریکارڈ توڑ دے گی۔واضح رہے کہ 543 کروڑ کے میگا بجٹ سے بننے والی فلم2.0 نا صرف بھارت کہ بلکہ دنیا بھر کی 10 میگا بجٹ فلموں میں شامل ہوگئی ہے۔ سپراسٹار رجنی کانت اور اکشے کمار کی گزشتہ کسی بھی فلم کا بجٹ اتنا زیادہ نہیں ہے۔فلم میں اکشے کمار منفی کردار میں دنیا کو تباہ کرنے کی منصوبہ بندی کرتے نظر آئیں گے جب کہ رجنی کانت فلم میں ڈبل رول اداکررہے ہیں جن میں سے ایک کردار سائنسدان کا اور دوسرا روبوٹ کا ہے جو اسکرین پر دنیا کو بچاتا نظر آئے گا۔ فلم رواں ماہ 29 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔