عمران خان کی ملائیشین ہم منصب سے ملاقات، عمران خان پہلے غیر ملکی رہنما ہیں جن کا خود چل کر استقبال اور خیر مقدم کیا

کوالا لمپور(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مہاتیر محمد نے ملائیشیا کی ترقی کیلئے بھرپور کردار ادا کیا ہے اور ہم بھی اقتصادی ترقی کیلئے ان کے تجربات سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔ملائیشیا کے دو روزہ دورے پر موجود وزیراعظم عمران خان نے ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ عمران خان نے ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد کو دورہ پاکستان اور 23 مارچ کو یوم پاکستان کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی جو مہاتیر محمد نے قبول کرلی۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاحت و دیگر شعبوں میں بہتری کی گنجائش ہے، سیاحتی مراکز کے قیام کیلئے ملائیشیا تعاون کرے۔ مہاتیرمحمد نے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ عمران خان پہلے غیر ملکی رہنما ہیں جن کا خود چل کر استقبال اور خیر مقدم کیا، پاکستان اور ملائیشیا کو مشترکہ مسائل کا سامنا ہے اور مستقبل میں مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ملاقات کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ویزوں کے جزوی خاتمے کا معاہدہ ہوا جس کے نتیجے میں دو طرفہ تعلقات میں بہتری آئیگی جب کہ آئندہ سال اسلام آباد میں پاکستان، ملائیشیا پہلی مشترکہ مشاورت ہوگی۔ پاکستان نے ملائیشین کمپنیوں کو خصوصی اقتصادی زون میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کرپشن کے خاتمے کیلئے ملائیشیا کے تجربات سے استفادہ کرنے کا اظہار کیا۔

چمن کی مرکزی جامع مسجد میں دھماکا، امام سمیت 9 افراد زخمی

چمن(ویب ڈیسک) تاج روڈ پر واقع جامع مسجد میں دھماکے سے پیش امام سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع چمن میں تاج روڈ پر واقع جامع مسجد میں مغرب کی نماز کے دوران زور دار دھماکا ہوا جس میں پیش امام سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے،ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ابتدائی شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں،ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں کیا جاسکا۔

مقدس ہستیوں کی توہین کرنا آزادی اظہار نہیں، رحمت اللعالمین ﷺکانفرنس اعلامیہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) دو روزہ انٹرنیشنل رحمت اللعالمینﷺ کانفرنس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا کہ مقدس ہستیوں کی توہین کرنا آزادی اظہار نہیں اور ناموس رسالتﷺ پر جان بھی قربان کرنے کو تیار ہیں۔ذرائع کے مطابق دو روزہ انٹرنیشنل رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، کانفرنس کا اعلامیہ ڈاکٹر بابر اعوان نے پڑھ کر سنایا جس کے مطابق انٹرنیشنل سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس نبی آخر الزماںﷺ کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور بین الاقوامی کنونشن کے حصول کے لئے وزیر اعظم کے اعلان کا خیر مقدم کرتی ہے۔اعلامیہ کے مطابق اللہ تعالی نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو تمام عالمین کے لئے رحمت بنا کر بھیجا، آپﷺ نے انسانوں میں رنگ و نسل کی تفریق کو ختم کیا، خواتین کو برابری کا درجہ دیا اور دوسرے ادیان کے احترام کا درس دیا لیکن کچھ لاعلم اپنی جہالت سے دین کو اپنا رنگ دینا چاہتے اسکی مذمت کرتے ہیں۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ مقدس ہستیوں کی توہین قابل تعزیر جرم ہے، دنیا یہ سمجھے کہ مقدس ہستیوں کی توہین کرنا کوئی آزادی اظہار نہیں، ناموس رسالت سے متعلق یورپی یونین کی عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، ناموس رسالتﷺکے لئے اپنی جان بھی قربان کرنے کو تیار ہیں، مسلم امہ کو اہل بیت اور صحابہ کرام کی مثال بننا چاہے۔

سی پیک کے ملکی معیشت پر بوجھ ہونے کا تاثر غلط ہے، وزیر خارجہ

کوالا لمپور(ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سی پیک کے ملکی معیشت پر بوجھ ہونے کا تاثر مسترد کردیا۔وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ملائیشیا کا دو روزہ دورے کر رہے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کوالالمپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے ملکی معیشت پر بوجھ کے حوالے سے تاثر غلط ہے، ملکی مجموعی قرضے میں اقتصادی راہداری کا حصہ آٹے میں نمک کے برابر ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ملائشیا نے کافی طویل عرصے کے بعد اپنے روابط کو بہتری کی طرف گامزن کیا ہے، 20 سال کے بعد سربراہی اجلاس کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ہمارے ملائشیا کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات بہت سود مند رہے جن کی تفصیل مشترکہ بیانیہ میں موجود ہے، دونوں ممالک کے مفادات میں یکسانیت ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم کے ملائیشیا کے دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون میں اضافے کے نئے مواقع کی نشاندہی کی گئی ہے اور معیشت کے مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

عدلیہ پر دباﺅ کا آج تصور بھی نہیں ہے، چیف جسٹس

لندن(ویب ڈیسک) چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ عدلیہ پر دباﺅ کی بات کسی زمانے میں ہوگی آج اس کا تصور بھی نہیں ہے۔لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلیکٹو نہیں، ایک ہی جسٹس سسٹم ہے، سول مقدمات کے لیے دنیا میں رائج اے ڈی آر نظام اپنانا پڑے گا، اے ڈی آر سسٹم سے عدالتوں پر بوجھ کم ہوگا، میری پہلی ڈیوٹی عدلیہ میں اصلاحات سے متعلق ہے، جو ہوم ورک کیا وہ پورا کرکے جائیں گے، عدلیہ میں اصلاحات کے نتائج جلد سامنے آئیں گے۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ مقدمات میں تاخیر کو کنٹرول کرنے کے لیے مثبت اقدامات کیے، کوئی مقدمہ ہائی یا لو پروفائل نہیں، کیس کیس ہوتا ہے جب کہ عدلیہ پر دباﺅکی بات کسی زمانے میں ہوگی آج اس کا تصور بھی نہیں ہے۔

آشیانہ اقبال اسکینڈل؛ نیب نے شہبازشریف کے خلاف ریفرنس تیار کرلیا

لاہور(ویب ڈیسک) نیب نے آشیانہ اقبال اسکینڈل میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے خلاف ریفرنس تیار کرلیا جو 24 نومبر کو فائل کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق نیب لاہور کی ٹیم نے آشیانہ اقبال اسکینڈل ریفرنس سے متعلق چیئرمین نیب کو بریفنگ دی جس کے بعد شہبازشریف سمیت 4 افراد کے خلاف ریفرنس 24 نومبر کو فائل کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ریفرنس کے متن میں کہا گیا ہے کہ شہبازشریف نے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے پرائیویٹ افراد کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی، شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ غیر قانونی طور پر پی ایل ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی طاقت کا غیرقانونی استعمال کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی شریک ملزم فواد حسن فواد سے باہمی ملی بھگت سے میرٹ پر آنے والی کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کروایا گیا، اس کے علاوہ ملزم نے مبینہ طور پر من پسند کمپنی کو غیر قانونی منافع دینے کی غرض سے ٹھیکا منسوخ کروایا اور اسی کمپنی سے غیرقانونی طور پر مالی فوائد حاصل کیے، شہباز شریف نے 21 اکتوبر 2014 کو آشیانہ اقبال پراجیکٹ کا ٹھیکہ پی ایل ڈی سی سے ایل ڈی اے کو منتقل کرنیکا حکم دیا، ان اقدامات سے پی ایل ڈی سی کے وجود کی نفی ہوتی نظر آئی اور حکومتی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچا۔ریفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزم شہباز شریف نے غیرقانونی طور پر ہی ایل ڈی اے کو ٹھیکہ منتقل کرنیکی منظوری دلوائی جب کہ اس وقت کے ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ تھے، اس طرح پبلک پارٹنر شپ کے تحت ٹھیکہ منظور نظر میسرز بسم اللہ انجینرنگ کو دے دیا گیا جو پیراگون کی پراکسی کمپنی تھی۔

پاکستان کی کشمیری رہنما حفیظ اللہ میر کے وحشیانہ قتل کی مذمت

اسلام آباد(ویب ڈیسک) دفتر خارجہ نے تحریک حریت جموں و کشمیر کے سینیئر رہنما حفیظ اللہ میر کے وحشیانہ قتل کی مذمت کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سمیت تحریک حریت جموں و کشمیر کے سینیئر رہنما حفیظ اللہ میر کے وحشیانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں 3 کشمیریوں کی شہادت اور 8 کے زخمی ہونے کی مذمت کرتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان او آئی سی کی طرف سے کشمیریوں کی مکمل حمایت کو سراہتا ہے جب کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی طرف سے تحقیقات کی سفارش پر جلد عملدرآمد پر بھی زور دیتا ہے۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت تین گھنٹے کا اجلاس، عیدمیلاد النبیﷺ کے حوالے سے تقریبات کے انتظامات، امن و اما ن کی صو رتحا ل کا جا ئزہ

لاہور (صدف نعیم سے )وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس جو تین گھنٹے سے زائد وقت جا ری رہا ،میں عیدمیلاد النبیﷺ کے حوالے سے تقریبات کے انتظامات،صو بہ بھر میں امن و اما ن کی صو رتحا ل کا جا ئزہ بھی لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وز یر اعظم عمرا ن خا ن کی خصو صی ہدا یت پر اس بار جشن میلا د مصطفی ﷺپہلی با ر پنجا ب میں سر کاری سطح پر منایا گیا۔شا ندا ر اندا ز میں تقریبات کا اہتما م کیا گیا ۔سکیو رٹی کے فو ل پر وف انتظاما ت کئے گئے ۔عثمان بزدار نے کہا کہ قا نون نا فذ کر نیوا لے ادا رے پو ری طرح چو کس رہیں۔داخلی اور خا رجی را ستو ں کی کڑی نگرا نی جا ری رکھی جا ئے۔اجلا س میں وز یر قا نون راجہ بشا رت ،چیف سیکر ٹر ی ،ایڈیشنل چیف سیکر ٹر ی دا خلہ ،آئی جی ،متعلقہ حکا م نے شر کت کی۔

کیپٹن (ر )صفدر کی دوسری شادی بارے چونکا دینے والے حقائق سامنے آ گئے

لاہور (ویب ڈیسک )گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر ایک خاتون کی ویڈیو گردش کر رہی ہے جس کے حوالے سے افواہ زور پکڑے ہوئے کہ وزیراعظم نوازشریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن صفدر نے مبینہ طور پر دوسری شادی کر لی ہے تاہم اب ان افواہوں پر وہ خود میدان میں آ گئے ہیں اور تردید جاری کرتے ہوئے بڑا اعلان کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کیپٹن صفد ر کے ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ کیپٹن صفدر نے دوسری شادی نہیں کی ہے اور اس سے م تعلق چھلنے والی تمام تر افواہیں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ترجمان کا کہناتھا کہ کیپٹن صفدر ان جھوٹے الزامات کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔انہوںنے الزامات لگانے والوں کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹی خبریں پھیلانے والے اگر خود کو سچا مانتے ہیں تو وہ آئیں اور حلف دے کر کہیں کہ کیپٹن صفدر نے دوسری شادی کی ہے۔

لاہور آگے نکل گیا ، خاتون کے ہاں بیک وقت 6 بچوں کی پیدائش

لاہور (ویب ڈیسک )راوی روڈ کی رہائشی خاتون کے ہاں بیک وقت 6 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے جس میں سے ایک بچی انتقال کرگئی۔لاہور کے علاقے راوی روڈ کی رہائشی خاتون مسز قاسم کے ہاں بیک وقت 6 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے، بچوں میں 5 لڑکیاں اور ایک لڑکا شامل ہیں۔ڈاکٹرز کے مطابق بچوں کو حالت بہتر نہ ہونے اور وزن کم ہونے کے باعث چلڈرن اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں بچوں کو انتہائی حساس نرسری وارڈ میں رکھا گیا ہے،کمزوری کے باعث ایک بچی جان کی بازی ہار گئی ہے۔موقع پر موجود ڈیوٹی ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ابھی بچوں کی صحت کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔