غیرملکی ٹیمیں جلدپاکستان آکر کھیلیں گی،مانی

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئر مین احسان مانی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل اب بہت بڑا برانڈ بن گیا ہے ¾چند غیر ملکی ٹیموں سے دورہ پاکستان کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پی ایس ایل اب بہت بڑا برانڈ بن گیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پی ایس ایل میں فرنچائزز اور سپانسرز کا اہم کردار رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ چند غیر ملکی ٹیموں سے دورہ پاکستان کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے۔ پاک آسٹریلیا سیریز کے ایک سے 2 میچز پاکستان میں کرانے کی کوششیں جاری ہیں جس کےلئے پی سی بی نے کراچی یا لاہور میں میزبانی کا آپشن کھلا رکھا ہے۔

وارنر،سمتھ اوربینکرافٹ کی سزامیں کمی کی اپیل مسترد

برسبین(اے پی پی) کرکٹ آسٹریلیا نے بال ٹیمپرنگ اسکینڈلی میں معطلی کا شکار قومی کرکٹرز سٹیون سمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ پر پابندی کی سزا برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ آسٹریلین کرکٹ ایسوسی ایشن نے کرکٹ آسٹریلیا سے کھلاڑیوں کی سزاﺅں میں کمی کی اپیل کی تھی۔ تفصیلات کے مطابق حال ہی میں ایک ریویو رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں کرکٹ آسٹریلیا کو کھلاڑیوں کے بال ٹیمپرنگ میں ملوث ہونے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا اور اس کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کے طویل المدتی چیئرمین بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے، ریویو رپورٹ آنے کے بعد آسٹریلین کرکٹ ایسوسی ایشن نے بورڈ سے کھلاڑیوں کی سزاﺅں کے بارے نظرثانی کی درخواست کی تھی تاہم بورڈ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے تینوں کھلاڑیوں کی سزائیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ سی اے کے عبوری چیئرمین ایرل ایڈنگز نے کہا کہ تمام پہلوﺅں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ سزاﺅں میں تبدیلی کرنا کسی طرح سے بھی مناسب نہیں اسلئے کھلاڑیوں کو پابندی کی مدت پوری کرنا ہوں گی۔

یاد رہے کہ رواں برس دورہ جنوبی افریقہ کے دوران بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے پر کرکٹ آسٹریلیا نے کپتان سمتھ اور نائب کپتان وارنر پر ایک، ایک برس جبکہ بینکرافٹ پر 9 ماہ تک انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ بینکرافٹ کی پابندی رواں سال 29 دسمبر جبکہ سمتھ اور وارنر کی سزائیں 29 مارچ 2019ءکو ختم ہوں گی۔

پی ایس ایل 4کے لیے کر کٹرز کی نیلامی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)کے چوتھے ایڈیشن کے لیے ڈرافٹنگ مکمل ہوگئی اورتمام 6ٹیموں نے اپنے 20،20کھلاڑیوں کاانتخاب مکمل کرلیا۔ ٹیموں نے شاہد آفریدی، مصباح الحق، محمد حفیظ، اے بی ڈی ویلیئرز اور اسٹیو اسمتھ جیسے نامور کھلاڑیوں کو منتخب کرلیا گیا ہے۔پی ایس ایل کے چوتھے سیزن کے ڈرافٹ سے قبل تمام فرنچائزز کے مالکان کو اعزاز سے نوازا گیا۔ڈرافٹ کی پلاٹینم کیٹیگری میں سب سے پہلی پک لاہور قلندرز کو ملی جنہوں نے جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈویلیئرز کو اپنی ٹیم میں منتخب کرلیا۔پلاٹینم کیٹیگری میں ہی چھٹی ٹیم نے آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو منتخب کرلیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ڈووین براوو، لاہور قلندرز نے محمد حفیظ ، پشاور زلمی نے کیرون پولارڈ کو خریدا۔سابق کپتان مصباح الحق کو بھی پی ایس ایل میں جگہ مل گئی اور پشاور زلمی نے ڈائمنڈ کیٹیگری میں سابق کپتان کو خریدا۔ڈائمنڈ کیٹیگری میں لاہور قلندرز نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل کے آخری اوور میں 4 چھکے لگانے والے ویسٹ انڈیز کے کارلوس بریتھ ویٹ کو خرید لیا۔ڈائمنڈ کیٹیگری میں چھٹی ٹیم نے انگلینڈ کے جو ڈینلی، اسلام آباد یونائیٹڈ نے ای این بیل، لاہور قلندرز نے کوری اینڈرسن کو خرید لیا۔گولڈ کیٹگری میں انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان پشاور زلمی، ویسٹ انڈیز کے نیکولس پوران اور افغانستان کے قیس احمد چھٹی ٹیم، زمبابوے کے سکندر رضا کراچی کنگز، انگلینڈ کے فل سالٹ اسلام آباد یونائیٹڈ، آسٹریلیا کے فواد احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور نیپال کے سندیپ لمی چین لاہور قلندرز کا حصہ بن گئے۔سلور کیٹیگری میں اویس ضیا، اسامہ میر اور آسٹریلیا کے ارون سمرز کراچی کنگز، جنوبی افریقہ کے وین میڈسن پشاور زلمی، جنوبی افریقہ کے کیمرون ڈلپرٹ اسلام آباد یونائیٹڈ، دانش عزیز اور احسن علی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، نعمان علی چھٹی ٹیم اور حارث سہیل لاہور قلندرز میں شامل ہوگئے۔سلور کیٹیگری میں ہی پشاور زلمی نے جمال انور، کراچی کنگز نے سہیل خان اور افتخار احمد کو منتخب کیا۔ایمرجنگ کیٹیگری میں لاہور قلندرز نے محمد عمران اور عمیر مسعود، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے غلام مدثر اور نسیم شاہ، چھٹی ٹیم نے محمد الیاس اور محمد جنید، کراچی کنگز نے علی عمران اور ابرار احمد، پشاور زلمی نے سمین گل اور نبی گل اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے محمد موسی اور ناصر نواز کو اپنی ٹیم میں شامل کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14فروری 2019 کو رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں ہوگا۔پچھلے سال کی طرح اس مرتبہ بھی فائنل سمیت پی ایس ایل کے کچھ میچز پاکستان میں منعقد کروائے جائیں گے۔13 نومبر کو تمام ٹیموں نے قواعد کے مطابق ٹیم میں برقرار رکھے جانے والے کھلاڑیوں کی فرست جاری کردی تھی۔گزشتہ برس کی فاتح ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلاٹینیم کیٹیگری میں شامل تینوں کھلاڑیوں لیوک رونچی، شاداب خان اور فہیم اشرف کو برقرار رکھا۔پشاور زلمی نے پلاٹینیم کیٹیگری میں وہاب ریاض اور حسن علی کو برقرار رکھا جبکہ ڈیرن سیمی اور کامران اکمل پلیئر ایمبیسیڈر کے طور پر ڈائمنڈ کیٹیگری میں موجود رہے۔کراچی کنگز نے پلاٹینیم کیٹیگری میں محمد عامر، بابر اعظم اور کولن منرو کو جبکہ کولن انگرام کو ڈائمنڈ کیٹیگری میں برقرار رکھا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں سرفراز احمد، سنیل نارائن پلاٹینیم کیٹیگری میں جبکہ آسٹریلین آل رانڈر شین واٹسن ڈائمنڈ کیٹیگری میں برقرار رہے۔لاہور قلندرز نے پلاٹینیم کیٹیگری میں فخر زمان اور ڈائمنڈ کیٹیگری میں یاسر شاہ کو برقرار رکھا۔پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم میں پلاٹینیم کیٹیگری میں شعیب ملک اور ڈائمنڈ کیٹیگری میں محمد عرفان اور جنید خان کو برقرار رکھا۔خیال رہے کہ چند روز قبل پی سی بی نے شون پراپرٹی بروکرز کی زیر ملکیت فرنچائز ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ کردیا، جس کے بعد فرنچائز کے تمام تر مالکانہ حقوق واپس پاکستان کرکٹ بورڈ کو منتقل کردیے گئے تھے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی تھی کہ پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن اپنے وقت پر منعقد ہوگا اور اس میں گزشتہ ایڈیشن کی طرح 6 ٹیمیں ہی شرکت کریں گی۔

نئے جوڑے دیپکا اوررنویرسنگھ نے خوابوں کا محل ڈھونڈلیا

ممبئی (شوبزڈیسک) بالی ووڈ کے نئے نویلے جوڑی اداکار رنویر سنگھ اور اداکارہ دیپکا پڈوکون نے ممبئی میں اپنے خوابوں کا محل ڈھونڈلیاہے جہاں یہ دونوں ساتھ رہیں گے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم رام لیلا کے رام اور لیلا کافی عرصے سے گھر کی تلاش میں تھے تاہم اب انہوں نے بھارت کے شہر ممبئی میں واقع جوہو کے قریب اپنے خوابوں کا محل خرید لیا ہے جس کی قیمت 50کروڑ بھارتی روپے بتائی جا رہی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ رنویر اور دیپکا نے اپنے نئے گھر میں آرائشی کام شروع کروادیا ہے جس کے مکمل ہو نے تک یہ دونوں رنویر سنگھ ہاﺅس میں رہیں گے۔

کرینہ کپور سوتیلی بیٹی سارا کی پہلی فلم کی کامیابی کیلئے پر امید

ممبئی(شوبزڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور نے اپنی سوتیلی بیٹی سارا علی خان کی پہلی فلم کی کامیابی کے لیے نیک تمناں کا اظہار کرتے ہوئے فلم کے سپرہٹ ہونے کی پیشنگوئی کردی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کرینہ کپور سے جب ان کی سوتیلی بیٹی سارا علی خان کی ڈیبیو فلم کیدرناتھ کی کامیابی سے متعلق پوچھا گیا توان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ سارا کی فلم سپرہٹ ہوگی کیونکہ سارہ پیدائشی اداکارہ ہے۔ ابھیشیک کپور کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کیدر ناتھ میں سارہ علی خان مکو اور سوشانت سنگھ راجپوت منصور کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ فلم 7 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ واضح رہے کہ سارا علی خان، اداکارسیف علی خان اوران کی پہلی بیوی امرتا سنگھ کی بیٹی ہیں جب کہ کرینہ کپورسارا کی سوتیلی ماں ہیں۔

اکشے نے فلم انڈین سے اجے دیوگن کی چھٹی کرادی

ممبئی( شوبزڈیسک) بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار نے فلم انڈین کے سیکوئل سے اجے دیوگن کی چھٹی کرادی۔فلم انڈین کے سیکوئل میں اکشے کمار کمل ہاسن کے ہمراہ مرکزی کردار ادا کریں گے جب کہ کہا جارہا ہے کہ اس فلم میں مرکزی کردار کے لئے اکشے کمار سے قبل اجے دیوگن کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔تاہم ہدایت کار کو اکشے کی فلم 2.0 میں بہترین اداکاری کی وجہ سے فیصلہ تبدیل کرنے پر مجبور کردیا۔واضح رہے کہ لائیکوس پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی فلم 2.0 میں اکشے کمار کے ساتھ معروف اداکار رجنی کانت مرکزی کردارادا کرتے نظر آئیں گے، فلم 29 نومبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔#/s#

انوشکا شرما کا مجسمہ سنگاپور کے مادام تسا ﺅمیں سجا دیا گیا

سنگاپور(شوبزڈیسک)بھارتی اداکارہ انوشکا شرما کا مجسمہ مادام تساﺅ میوزیم کی زینت بنادیا گیا۔انوشکا شرما کا مجسمہ لندن اور دہلی کے بجائے سنگاپور کے مادام تساﺅ میوزیم میں گزشتہ روز رکھ دیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق مادام تسا ﺅمیوزیم کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ انوشکا شرما کا مجسمہ ایک موبائل فون تھامے ہوئے ہے جو آتے جاتے افراد کے ساتھ سیلفی لیتا نظر آئے گا۔یہ پہلا موقع ہے کہ انوشکا شرما کا مجسمہ دنیا کے معروف میوزیم میں سجایا گیا ہے، علاوہ ازیں ان کے مجسمے کو سیاحوں اور مداحوں کے لیے توجہ کا مرکز بنانے کے لیے اسے جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ آراستہ کیا گیا ہے۔اداکارہ کی طرح ہنستا مسکراتا دیدہ زیب کپڑے پہنے ہوئے انوشکا شرما کا مجسمہ اس وقت از خود سیلفی لے لیتا ہے، جب کوئی سیاح یا مداح اس کے پاس جاتا ہے۔
اداکارہ کا مجسمہ اس قدر دیدہ زیب بنایا گیا ہے کہ ان میں اصل انوشکا شرما میں فرق کرنا مشکل ہے۔اپنے مجسمے کی تقریب رونمائی کے موقع پر انوشکا شرما بھی مادام تسا میوزیم میں موجود تھیں اور خود اپنے ہی مجسمے کے ساتھ سیلفی کھچواتی نظر آئیں۔

بیٹی کے اغوا میں مزاحمت کرنیوالا باپ بیدردی سے قتل ، تفتیشی بے عزت کرکے تھانہ سے نکال دیتا ہے ، متاثرین ” خبریں ہیلپ لائن “ پہنچ گئے

فیصل آباد(یونس چوہدری سے)فیصل آباد کے نواحی تھانہ صدر تاندلیانوالہ کے علاقہ میں تین افراد نے جواں سالہ دوشیزہ کو اغوا کرنے کی ناکامی پر اس کے والد کو ”کسی کے پے در پے وار کر کے بےدری سے موت کے گھاٹ اتار دیا“۔ اسلحہ لہرانے اور دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے اور مقدمہ کے تفتیشی افسر نے بھاری رشوت وصول کر کے تینوں ملزمان کو رہا کر دیا بلکہ ملزموں کو بے گناہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ مدعی مقدمہ مقتول کے بھائی کا کہنا ہے کہ ہم تھانے جاتے ہیں تو تفتیشی بے عزتی کر کے تھانہ سے باہر نکال دیتا ہے۔ ہماری کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ ہمیں پولیس سے انصاف ملنے کی کوئی امید نہیں ہے۔ مقتول کے بھائی اور دیگر رشتہ دار خبریں آفس پہنچ گئے۔ یہاں مقتول عالم شیر کے بھائی گلزار احمد، فلک شیر نے اپنے عزیزوں کے ہمراہ بتایا کہ 6ستمبر 2018کی شب میرا بھائی عالم شیر اپنے گھر اہل خانہ کے ہمراہ سویا ہوا تھا کہ چک نمبر 417گ ب سمندری کا رہائشی عامر اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ گھر میں داخل ہو گیا اور اس کی 15سالہ بیٹی روبیہ کو زنا حرام کاری کےلئے اغوا کر کے ساتھ لےجانے کی کوشش کی کہ اس کے والد عالم شیر نے مزاحمت کرتے ہوئے اپنی بیٹی کی عزت بچا لی اور مزاحمت کرنے پر عامر نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اسے قابو کر کے کسی کے وار کر کے قتل کر ڈالا اور فرار ہو گئے۔ تھانہ صدر تاندلیانوالہ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے مرکزی ملزم عامر سمیت اس کے دونوں ساتھیوں شہباز اور دلدار کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا اور بعد ازاں مقدمہ کی تفتیش ہومی سائیڈ یونٹ کے مہر آفتاب کے سپرد کر دی گئی۔ مگر اس نے ملزمان سے ساز باز کر لی اور بھاری رشوت لےکر تینوں ملزموں کو باعزت رہا کر دیا۔ ہم نے اس بارے میں تفتیشی افسر کو پوچھا تو اس نے بے عزت کر کے ہمیں تھانہ سے باہر نکال دیا۔ پولیس ہماری کوئی بات نہیں سن رہی۔ ایک سوال کے جواب میں مقتول کے بھائیوں نے بتایا کہ ہم نے چیف آف آرمی سٹاف اور سی پی او فیصل آباد کو درخواستیں دی ہیں۔ سی پی او نے ڈی ایس پی ریل بازار طاہر محمود کو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا ہے۔ اس امر پر مقتول کے بھائیوں اور دیگر رشتہ داروں نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، آر پی او اور سی پی او فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ نوٹس لےکر ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچا کر انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے۔ اس حوالہ سے مقدمہ تفتیشی افسر مہر آفتاب سے ان کے مطلوبہ موبائل نمبر پر رابطہ کیا گیا تو اس نے بتایا کہ میں ورکشاپ میں مصروف ہوں۔ بعد میں فون کرنا۔

پینٹا گان کے بیان سے صاف ظاہر ہے کہ وہ ٹرمپ کی پالیسی سے متفق نہیں ، حکومت نے آئی ایم ایف کی کڑی شرائط نہ مان کر دلیری دکھائی : ضیا شاہد، حکومت توہین مذہب کیخلاف قرار داد دلائے ، تمام جماعتیں ساتھ کھڑی ہونگی : مولاناراغب ، ٹرمپ بہکے بہکے بیان دیتے ہیں ، پینٹا گان کے موقف کو اہمیت دینا ہو گی : سیدہ عابدہ حسین ، چینل۵ کے پروگرام ” ضیا شاہد کے ساتھ “ میں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل ۵ کے تجزیوں و تبصروں پرمشتمل پروگرام ”ضیا شاہد کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار ضیا شاہد نے کہا ہے کہ عمران خان نے مذہب کی توہین پر عالمی قانون بنانے کیلئے جو بات کی ہے وہ صرف اسلام کیلئے نہیں بلکہ تمام مذاہب کیلئے ہے۔ سب س کی حمایت کریں گے۔ آج تک کسی حکومت نے اس مسئلے پر سنجیدگی سے توجہ نہیں دی۔ یو این او میں معاملہ لے کر جانے کی باتیں ہوتی رہیں لیکن لے کر نہیں گئے۔ ڈنمارک و ہالینڈ نے گستاخانہ خاکے چھاپے، جب ان سے احتجاج کرتے تھے تو ان کی حکومتیں یہ کہہ کر بری الذمہ ہو جاتی تھیں کہ ہمارے ہاں آزادی صحافت و اظہار ہے لہٰذا ہم کسی پر پابندی نہیں لگا سکتے۔ آزادی اظہار یہ نہیں ہوتا بلکہ وہ یہ ہوتا ہے کہ کسی ملک یا غیر ملکی معاملہ پر کوئی اپنی رائے دے سکتا ہے لیکن کسی مذہب کے بارے میں نہیں۔ کسی مذہب کی توہین کرنے کا آزادی رائے سے کوئی تعلق نہیں۔ مذہب ایمان کا درجہ رکھتا ہے۔ کسی کے دن کی توہین نہیں ہونی چاہئے۔ دنیا بھر میں امن، استحکام، رواداری کا ماحول پیدا کرنے کیلئے مذہب کی توہین کے جواب سے عالمی قانون بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکوومت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اس نے آئی ایم ایف کے مسئلے پر جرا¿ت، ہمت و بہادری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا امریکی قانون میں شخصی بادشاہت نہیں، صدر آئین و اداروںکا پابند ہوتا ہے۔ مسلسل کہتا رہا ہوں کہ ٹرمپ جو مسلمانوں کو دھمکیاں دیتا رہا اس پر عملدرآمد نہیں کر سکتا کیونکہ بات ہی غیر قانونی ہے۔ اب پینٹاگون اور وزارت دفاع سے واضح بیان آ گیا ہے کہ پاکستان سے مل کر دہشتگردی کے خاتمے کی کوشش جاری رکھیں گے جبکہ امریکی صدر کہہ رہے ہیں کہ ہمیں ضرورت نہیں پاکستان نے ہمارے لئے کچھ نہیں کیا۔ صدر ٹرمپ کے پاس اب پہلے والی قوت نہیں رہی۔ 2 میں سے ایک ایوان میں وہ ہار چکے جہاں جیتے ہیں وہاں بھی صرف 4 ووٹوں سے جیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا شمار غریب ملکوں میں ہوتا ہے، قرضے لینے کیلئے عالمی اداروں کے پاس جانا پڑتا ہے لیکن اس دفعہ حکومت نے بڑی بہادری و جرا¿ت کے ساتھ آئی ایم ایف کی شرائط سے انکار کر دیا ہے۔ آئی ایم ایف کی شرائط کے چین سے معاہدات کی تفصیلات دیں اور قرضے کی رقم سی پیک منصوبے پر خرچ نہیں کریں گے یہ دونوں شرائط تذلیل آمیز تھیں جو کسی بھی آزاد ملک کے شایان شان نہیں تھیں۔ آئی ایم ایف نے قرضہ دینا ہے وہ یہ تو کہہ سکتا ہے کہ بجلی و گیس کی قیمت بڑھا دیں، ٹیکس میں اضافہ کر دیں لیکن ہماری خارجہ و داخلہ پالیسی میں مداخلت کرنے کا اس کو کوئی حق نہیں۔ عمران خان کو سلام کرتا ہوں کہ انہوں نے جس طرح آئی ایم ایف کو انکار کیا اس کے لئے بھی بڑا دل و گرودہ چاہئے تھا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ سابقہ حکومتیں جو ہر سال قرضہ لیتی رہیں وہ نہ مانے کیا کیا معلومات فراہم کرتی رہیں۔ سابق حکمران اگر ایسی باتیں مانتے رہے ہیں تو زیادتی کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ ملائیشیا کو بڑی اہمیت دیتا ہوں۔ مہاتیر محمد نے کیا معاشی پالیسیز کی تھیں جن کی بنیاد پر اپنے ملک کو اتنی ترقی دی؟ مسلمان ملکوں کو سارے دباﺅ کے باوجود ان سے سیکھنا چاہئے۔ میرے خیال میں عمران خان ان سے اس بارے میں ضرور پوچھیں گے۔ مفید مشورے مل سکتے ہیں۔ ملائیشیا وہ واحد ملک ہے جس کے مہاگیر محمد نے چین پر اعتراض کیا تھا کہ سی پیک منصوبے پر تمام لیبر چائنہ کی کیوں ہے؟ لوکل لیبر فورس کیوں استعمال نہیں کی جاتی؟ پاکستان میں کسی اخبار نے یہ خبر نہیں چھاپی صرف خبریں نے شائع کی تھی کہ پاکستان میں بھی چائنہ اپنی لیبر فورس استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید ہا کہ مجھے ماہر معیاشیات نے بتایا تھا کہ ہمارے ہاں امپورٹ و ایکسپورٹ میں توازن درست نہیں۔ ملائیشیا ہم کو ایک ارب ڈالر سے زیادہ کا صرف پام آئل ایکسپورٹ کرتا ہے۔ ان سے بات کی جا سکتی ہے کہ آپ بھی ہم سے کچھ ایکسپورٹ کروائیں۔ سابق وزیرخزانہ سلمان شاہ نے کہا کہ مہاتیر محمد کے ساتھ دوستی کے تعلقات ہیں۔ پاکستان سے بھی ایکسپورٹ ملائیشیا جائیں تو توازن پیدا ہو سکتا ہے۔ وزیراعظم کے دورے کے دوران اصل بات اسی پر ہو گی کہ امپورٹ اور ایکسپورٹ میں توازن کو ٹھیک کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابھی آئی ایم ایف سے بات جاری ہے، اس میں ٹائم لگتا ہے۔ اگر ہمیں سعودی عرب، چین، ملائیشیا، یو اے ای وغیرہ سے کوئی سپورٹ نظر آتی ہے تو ہمارے پاس بھی ابھی وقت ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ فوری نہیں بلکہ اچھے معاہدے کی ضرورت ہے۔ ہم نے معیشتکو بہتر کرنا ہے۔ سرمایہ کاری ملک میں لانی ہے اگر اس پر انٹرسٹ بڑھا دیں گے تو سرمایہ کاری نہیں آئے گی۔ سینئرقانون دان علی ظفر نے کہا کہ لوٹی دوسلت باہر سے واپس لانے کا قانون موجود ہے۔ کمیٹی پر کمیٹی بنانے کا جواز نظر نہیں آتا۔ ٹیکس چھپا کر یا کرپشن و غیر قانونی پیسے سے پراپرٹی بنانے پر مختلف قانون موجود ہیں۔ قانون موجود ہے ہم اس کو نافذ نہیں کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوٹی دولت کی واپسی کے لئے اب نئی کمیٹی بنانا تو نہ ختم ہونے والا سلسلہ ہے۔ ہمیں پہلے مسائل کی شناخت کرنی چاہئے پھر اس کا حل ڈھونڈیں۔ پہلے یہ شناخت کرنے کی ضرورت ہے کہ غیر قانونی طور پر جائیداد کیوں اور کس طرح بنتی ہے تب تک ہم اس کا حل نہیں ڈھونڈ سکتے۔مذہبی سکالر علامہ راغب نعیمی نے کہا کہ جب ڈنمارک نے نازیبا خاکے چھاپے تھے، اس وقت بھی امت مسلمہ خاص طور پر پاکستان میں علماءکی جانب سے یہی تجویز تھی کہ اس حوالے سے عالمی سطح پر قانون سازی کرنی چاہئے۔ حضور کے جواب سے گستاخانہ خاکے، تحریر یا کوئی بھی چیز ہو، ہم بطور مسلمان اس کی اجازت نہیں دے سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین سے پچھلے دنوں ایک ایسی خاتون کی سزا کو بحال رکھا جس نے حضور کی شان ہیں نعوذ باللہ گستاخی کرنے کی غرض سے بڑے فورم و کانفرنسز منعقد کی تھیں۔ یہ قانون بھی آزادی اظہار کے نام پر یہ سب کر رہی تھی لیکن یورپ نے مسلمانوں کے موقف کو تسلیم کیا۔ اب برف پگھل رہی ہے۔ حکومت مذہب کی توہین پر قانون سازی کے لئے عالمی سطح پر بھرپور کوشش کرے، علماءکا تعاون ان کے ساتھ رہے گا۔سابق سفیر سیدہ عابدہ حسین نے کہا ہے کہ امریکی سٹیبلشمنٹ نے دہشتگردی کے حاتمے کیلئے پاکستان سے مل کر کوششیں جاری رکھنے کی وضاحت کی ہے، انہوں نے صدر سے اختلاف کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا صدر ٹرمپ اکثر خارجہ امور میں بہکے بہکے بیان دیتے رہے ہیں لیکن ان کے بیانات کو سنجیدگی سے نہیں لینا چاہئے اس کی جگہ سٹیبلشمنٹ کا بیان اہمیت کا حامل ہے۔

جشن عید میلاد النبی کے سلسلے میں گلوکارہ سارہ رضا خان کی رہائش گاہ پر محفل نعت کا انقعاد

لاہور(صدف نعیم )جشن عید میلاد النبی کے سلسلے میں گلوکارہ سارہ رضا خان کی رہائش گاہ ریلوے آفیسرز کالونی لاہورپر محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا۔سارہ رضا خان نے حضور پاک کی شان اقدس میں نعتیں پڑھیں.اس موقع پر ان کے قریبی رشتہ داروںکے علاوہ خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محفل کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی اوراستحکام کے لئے دُعابھی کی گئی۔