سعودی عرب دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف جدوجہد جاری رکھے گا، شاہ سلمان

ریاض(ویب ڈیسک)سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ ان کا ملک دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف جدوجہد جاری رکھے گا۔شاہ سلمان نے شوریٰ کونسل کے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ‘سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو افرادی قوت بڑھانے اور ترقی یافتہ نسل تیار کرنے کا ٹاسک دیا ہے’۔انہوں ںے کہا کہ ‘سعودی عرب میں بنیادی ترقی متوازن اور قابل قبول انداز سے جاری ہے، ہم اسلامی شرعی قوانین پر سختی سےعمل پیرا ہیں’۔شاہ سلمان نے کہا کہ ‘فلسطین کے مسئلے کا حل سعودی عرب کی ترجیحات میں شامل ہے، سلامتی کونسل کی قرارداد کے تحت یمن جنگ کے سیاسی حل کی حمایت کرتے ہیں’۔انہوں نے اپنے خطاب میں ملکی سلامتی کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر فوجیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔شاہ سلمان نے مزید کہا کہ ایران نواز ملیشا سے نمٹنے کیلئے یمنی عوام کے ساتھ ہیں، خطے کے ممالک میں ایران کی مداخلت سے دہشتگردی بڑھی، سعودی عرب نے عالمی معیشت کے استحکام کیلئے تیل کی مثبت سیاست اپنائی ہے، تیل کی قیمتوں کے استحکام کیلئے دیگر پیداواری ممالک سے تعاون کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شام بحران کے خاتمے کیلئے سیاسی حل کے خواہاں ہیں،شام سے دہشتگرد جماعتوں اور غیرملکی اثر و رسوخ ختم کیے بغیر پر±امن حل ناممکن ہے۔شاہ سلمان نے کہا کہ سعودی عرب عراق کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری کا بھی خواہاں ہے۔اپنے خطاب میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ترکی میں سعودی قونصل خانے کے اندر قتل کیے جانے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے حوالے سے بات کرنے سے گریز کیا جس پر مغربی میڈیا تنقید کررہا ہے۔

چیف جسٹس کا پی ایم ڈی سی اور ڈریپ کے خلاف چونکا دینے والا اقدام

لاہور(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) میں بےضابطگیوں پر ازخود نوٹس لے لیا۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے مختلف شکایات پر پی ایم ڈی سی اور ڈریپ کے خلاف ازخود نوٹس لیا۔سپریم کورٹ نے کہا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا 10 سالہ فرانزک آڈٹ کرایا جائے جس کے لیے دونوں ادارے اپنے اپنے حصے کی فیس بھی ادا کریں۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ پتہ لگنا چاہیے کہ عاصم حسین پی ایم ڈی سی میں کیا کرتے رہے ہیں۔

نوجوانوں کو منفی اور جارحانہ پروپیگنڈے سے آگاہ رہنا ہوگا، آرمی چیف

راولپنڈی(ویب ڈیسک)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ عوام خاص طور پر نوجوانوں کو منفی اور جارحانہ پروپیگنڈے سے آگاہ رہنا ہوگا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا ءنے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہیں سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بریفنگ کے بعد شرکاءنے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سوال جواب کیے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو 2 دہائیوں میں مختلف قسم کے خطرات کا سامنا کرنا پڑا لیکن پاکستانی قوم اور فورسز نے بڑی بہادری اور کامیابی سے ان چیلنجز کا مقابلہ کیا۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے ان خطرات کو مو¿ثر انداز سے شکست دی، صورتحال کا رخ مذہبی، فرقہ وارانہ، لسانی اور سماجی بغاوت کی طرف ہورہا ہے لہٰذا اس معاملے پر مشترکہ قومی جواب کی ضرورت ہے۔پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہماری ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے، ہمارے عوام خاص طور پر نوجوانوں کو منفی اور جارحانہ پروپیگنڈے سے آگاہ رہنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اب ہمیں آگے بڑھنا ہے اور ترقی کرنی ہے، ہمیں بے بہا قربانیوں کے بعد اس موقع کو ہاتھ سے نہیں جانے دینا چاہیے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں کم رنز کا پاکستانی ہدف ،شائقین پھٹ پڑے

ابوظہبی(ویب ڈیسک)نیوزی لینڈ کی ٹیم نے دوسری بار 200 سے کم ہدف کا دفاع کرتے ہوئے ٹیسٹ میچ جیتا ہے۔ ابوظہبی ٹیسٹ کے علاوہ 1978 میں ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو شکست دی تھی۔61 ٹیسٹ میچوں میں نیوزی لینڈ 54 بار 200 سے کم ہدف کا دفاع کرتے ہوئے میچ ہار گئی جبکہ پانچ میچز ڈرا رہے۔ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے کم مارجن سے شکست ہوئی جبکہ نیوزی لینڈ نے سب سے کم مارجن سے ٹیسٹ میچ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں دنیا کی کسی بھی ٹیم کی پانچویں سب سے کم ترین مارجن سے فتح تھی۔گذشتہ 10 سال میں پاکستان ٹیم 200 سے کم ہدف کے تعاقب میں پانچ بار ناکام رہی اور یہ عالمی ریکارڈ ہے۔ ایک سال کے دوران ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستانی بیٹسمین 200 سے کم اسکور نہ بنا سکے۔ بھارت دو جبکہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیم ایک ایک بار 200 سے کم اسکور نہ بناسکی اور میچ ہار گئی۔چھوٹے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف جیت کی طرف گامزن تھی لیکن پھر بیٹنگ لائن کی خراب کارکردگی کی وجہ سے ٹیم نے یوٹرن لیا اور جیتا ہوا میچ ہار گئی۔پیر کو چوتھے روز 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 171 رنز ہی بنا سکی۔2017میں پاکستانی ٹیم دو بار 200 سے بھی کم اسکور پر ہمت ہار چکی ہے۔ ڈیڑھ سال میں پاکستانی ٹیم کو تیسری بار جیت کیلئے 200 سے کم رنز کا ہدف ملا لیکن وہ میچ نہ جیت سکی۔مئی2017 میں برج ٹاﺅن بارباڈوس میں پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف جیت کیلئے 188 رنز درکار تھے۔ پاکستانی ٹیم 81 رنز پر آﺅٹ ہوکر میچ 106 رنز سے ہار گئی تھی۔ابوظہبی میں پچھلے سال پاکستان کو سری لنکا کے خلاف جیت کیلئے 136 رنز درکار تھے، لیفٹ آرم اسپنر رنگانا ہیراتھ نے 43 رنز دے کر چھ وکٹ حاصل کئے۔ پاکستانی ٹیم مایوس کن انداز میں114 رنز پر آﺅٹ ہوگئی اور میچ 21 رنز سے ہار گئی تھی۔

مشترکہ مفادات کونسل نے مردم شماری بارے فیصلہ سنادیا،اجلاس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ نے بھی شرکت کی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) مشترکہ مفادات کونسل نے 2017 کی مردم وخانہ شماری کے نتائج کی اصولی منظوری دے دی۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرائے اعلیٰ مراد علی شاہ (سندھ)، عثمان بزدار (پنجاب)، جام کمال(بلوچستان) اور محمود خان (خیبرپختونخوا) شریک ہوئے جب کہ وفاقی و صوبائی وزراءسمیت سینئر حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں محکمہ شماریات نے2017 کی مردم وخانہ شماری کے نتائج پر سمری پیش کی جب کہ اس دوران سندھ، فاٹا اور مختلف علاقوں کے 5 فی صدبلاکس کی دوبارہ مردم شماری بھی زیر غور آئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل نے 2017 کی مردم وخانہ شماری کے نتائج کی توثیق کرتے ہوئے اس کی اصولی منظوری دے دی ہے۔دوسری جانب مشترکہ مفادات کونسل کے اعلامیے کے مطابق کونسل نے 1230 میگاواٹ کے حویلی بہادرشاہ منصوبے اور 1223 میگاوواٹ کے بلوکی ایل این جی کے منصوبے کی بھی منظوری دی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی وصوبائی ٹاسک فورسز معاشرے کے تمام طبقات سے مشاورت کریں گی، قومی وصوبائی ٹاسک فورسز مستقبل کی حکمت عملی پر جامع ایکشن پلان بنائیں گی۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں بڑھتی آبادی پر کنٹرول کرنے کی سفارش جلد پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

ٹرمپ کی پاکستان مخالف ہرزہ سرائی، وزیر اعظم عمران خان نے آئینہ دکھادیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے ٹرمپ کی ہرزہ سرائی کے جواب میں امریکی صدر کو آئینہ دکھادیا۔امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے دیے گئے پاکستان مخالف بیان پر وزیر اعظم عمران خان نے دوٹوک موقف اپنایا ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں امریکی صدر کو مخاطب کرکے کہا ”مسٹر ٹرمپ کی تقریر کے بعد ریکارڈ درست کرنے کی ضرورت ہے۔ سب سے پہلے تو کوئی پاکستانی نائن الیون میں ملوث نہیں تھا لیکن پاکستان نے امریکہ کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حصہ لیا۔ دوسری بات ، دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان نے 75 ہزار جانوں کی قربانیاں دیں جبکہ اسے 123 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا، اس کے مقابلے میں امریکی امداد انتہائی معمولی یعنی صرف 20 ارب ڈالر تھی“۔

عالیہ بھٹ نے آخر کار اپنی شادی پر خاموشی توڑ دی

ممبئی (ویب ڈیسک)بولی وڈ میں ان دنوں شادیوں اور رومانس کا سیزن ہے، جس کے تحت 14 اور 15 نومبر کو رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی شادی ہوئی۔اور اطلاعات ہیں کہ آئندہ ماہ تک نک جونس اور پریانکا چوپڑا بھی شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں۔علاوہ ازیں اداکارہ سشمیتا سین کی بھی آئندہ برس تک شادی کی خبریں ہیں۔ادھر ملائیکا اروڑا اور ارجن کپور کی شادی کی چہ مگوئیاں بھی ہیں۔ان ہی خبروں کے سامنے آنے کے بعد اداکار ورون دھون نے بھی کہا رکھا ہے کہ وہ بھی جلد شادی کرنے والے ہیں۔ان تمام شادیوں کے ساتھ ہی بولی وڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور اور خوبرو اداکارہ عالیہ بھٹ کی شادی اور محبت کی خبریں بھی زیر گردش ہیں۔اگرچہ دونوں نے تاحال ایک دوسرے سے تعلقات اور محبت کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، تاہم بھارتی میڈیا میں ان کی محبت کی خبریں ہر ا?ئے دن شائع ہوتی ہیں۔اگرچہ رنبیر کپور پہلے ہی کہ چکے ہیں کہ عالیہ بھٹ سے ان کے تعلقات ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں اور اس حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا، تاہم دونوں کی ا?ئندہ برس تک شادی کی خبریں گردش میں ہیں۔یہ خبریں پہلے ہی آچکی تھیں کہ دونوں 2019 تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔اور اب اپنی شادی کی خبروں پر آخر کار عالیہ بھٹ نے بھی خاموشی توڑ دی اور انہوں نے مداحوں کو مشورہ دیا ہے کہ تھوڑا سا انتظار کیا جائے۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق صحافیوں سے بات کرتےہوئے عالیہ بھٹ نے کہا کہ ان کی شادی پر تبصرہ کرنے والے افراد کو تھوڑا سا انتظار کرنا چاہیے۔لکس ایوارڈ شو کے موقع پر عالیہ بھٹ کا کہنا تھا کہ جو لوگ ان کی شادی دیکھنے کے خواہاں ہیں، وہ تھوڑا سا انتظار کریں، انہیں انتظار کے بعد اچھی خوشی دیکھنے کو ملے گی اور وہ مایوس نہیں ہوں گے۔اداکارہ نے ذو معنی الفاظ استعمال کرتے ہوئے بتایا کہ کلائیمیکس لوگوں کو مزہ دیگا اور ان کی شادی سے متعلق کہانیوں کا اختتام بہت ہی پیارا ہوگا۔تاہم انہوں نے رنبیر کپور سے محبت اور شادی کے حوالے سے واضح طور پر کوئی بات نہیں کی۔ساتھ ہی انہوں نے پریانکا چوپڑا کی شادی کی خبروں پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ان کی شادی کی منتظر ہیں۔

گھر کے گیراج سے کاروبار شروع کرنے والی 2 شادی شدہ خواتین دنوں میں کروڑ پتی بن گئیں

کنبرا(ویب ڈیسک)حمل کا وقت شادی شدہ خواتین کے لیے قدرے فراغت کا وقت ہوتا ہے کہ وہ کام کاج کم کر دیتی ہیں۔ تاہم آسٹریلیا میں دو حاملہ خواتین نے ان فراغت کے دنوں میں ایک ایسا کام شروع کر دیا کہ چند ماہ میں ہی وہ کروڑ پتی بن گئیں۔ میل آن لائن کے مطابق جینی سیویل اور اس کی نند جیما ٹیلر حاملہ ہوئیں تو انہیں مل بیٹھنے اور سوچنے کا وقت ملا۔ وہ ہمیشہ سے کوئی کاروبار کرنا چاہتی تھیں، چنانچہ اس فرصت کے وقت میں انہوں نے کاروبار کی نوعیت پر تبادلہ خیال کرنا شروع کر دیا۔ اسی دوران انہیں خواتین کے سینڈلز بنا کر فروخت کرنے کا آئیڈیا آیا اور انہوں نے انہی دنوں اپنے گھر کے گیراج میں یہ کام شروع کر دیا۔جینی اور جیما کے سینڈلز اس قدر پسند کیے گئے کہ پورے آسٹریلیا سے ان کو آرڈر موصول ہونے لگے اور ان کا کاروبار بڑھتا چلا گیا۔ انہوں نے اس کے لیے باقاعدہ ورکشاپ بنائی اور ملازمین رکھے۔ اب وہ روزانہ 700جوڑے سینڈلز فروخت کر رہی ہیں اور ہمہ وقت 1ہزار سے زائد لوگوں کے آرڈر انتظار کی قطار میں لگے ہوتے ہیں۔جیما اور جینی کا کہنا تھا کہ ”ابتدائ میں ہم سینڈلز بنا کر اپنی دوستوں کے گھر جاتیں اور انہیں پہنا کر کہتیں کہ یہ خرید لو۔ انہیں ہمارے ڈیزائن بہت پسند آتے جس سے ہمارا حوصلہ بڑھا۔پھر ہم نے فیس بک پر ایک پیج بنایا جہاں اپنے بنائے سینڈلز کے مختلف ڈیزائنز کی تصاویر پوسٹ کیں تو وہاں بھی ہمیں بہت مثبت ردعمل ملا۔ آج بھی فیس بک ہمارے لیے بیسٹ سیلنگ پلیٹ فارم ہے اور ہمارے زیادہ تر آرڈر وہیں سے آتے ہیں۔ رواں سال ہم نے 40ہزار جوڑے فروخت کیے اور 28لاکھ ڈالر (تقریباً 37کروڑ 34لاکھ روپے)کمائے۔“

5 سالہ بچے کو حیرت انگیز کارنامہ انجام دینے پر قیمتی مرسڈیز کا تحفہ

چیچنیا(ویب ڈیسک)ورزش کرنا صحت کے لیے فائدہ مند ہے اور روزانہ ورزش سے انسان صحت مند اور توانا رہتا ہے لیکن چیچنیا میں ایک بچے نے نہ صرف ورزش کی بلکہ لگاتار پریس اپس کرکے ہر عام و خاص کو حیران کردیا۔ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادیمر پیوٹن کے ایک قریبی لیفٹننٹ نے ایک 5 سالہ بچے کو لگاتار 4 ہزار ایک سو 5 پریس اپس کرنے پر مرسڈیز کا تحفہ دیا ہے۔چیچنیا کے رہنما رمضان قادروف نے رحیم کورئیف نامی 5 سالہ بچے کو یہ تحفہ لگاتار 2 گھنٹے 25 منٹ کی کامیابی کے بعد لگڑری گاڑی کی چابیاں دیں۔چیچنیا کے حکمران نے بچے کو حکم دیا کہ اپنے والد کو گاڑی ڈرائیو کرنے دیں آپ اس مرسڈیز میں سوار ہونے کے اہل ہیں۔تاہم یہ واضح نہیں کہ ٹیکس دہندگان نے اس گاڑی کے 28 ہزار پونڈ کی ادائیگی کی یا رمضان قادروف نے اپنی ذاتی دولت سے کی۔اس حوالے سے جاری کی گئیں تصاویر میں ڈیوبا یورتھ کے رہائشی رحیم کو مرسڈیز بینز سی کلاس کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔تحفے میں دی گئی گاڑی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ’ اب بچے کے والد کو اسے ورزش پر لے جانے کے لیے ٹیکسی میں جانا نہیں پڑےگا‘۔4 ہزار ایک سو 5 لگاتار پریس اپس اس حوالے سے نیا ریکارڈ ہے لیکن اسے روس میں رجسٹر نہیں کیا گیا تھا کیونکہ حکام ویڈیو کے معیار سے مطمئن نہیں تھے۔خیال رہے کہ رمضان قادروف کو سویت یونین ( یو ایس ایس آر) کے خاتمے کے بعد سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے الزام میں بڑے پیمانے پر تنقید کا سامنا ہے۔

پاکستان نے ہمارے لیے کچھ نہیں کیا: ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمارے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔امریکی چینل فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی قربانیوں کے اعتراف کے بجائے تنقید کی بوچھاڑ کر دی۔القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن کی منصوبہ بندی کرنے والے نیوی کے ریٹائرڈ ایڈمرل ولیم میک ریون سے متعلق سوال پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ہیلری کلنٹن اور اوباما کے حمایتی تھے۔امریکی صدر نے کہا کیا یہ اچھا نہیں ہوتا کہ اگر ہم اسامہ بن لادن کو اس سے بہت پہلے پکڑ لیتے۔پاکستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم پاکستان کو سالانہ ایک ارب 30 کروڑ ڈالر سے زیادہ دیتے تھے۔ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ ہم پاکستان کو سپورٹ کر رہے تھے اور اسامہ بن لادن وہاں ملٹری اکیڈمی کے قریب آرام سے رہائش پریز تھا۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہر کوئی اسامہ بن لادن کے بارے میں جانتا تھا لیکن انہوں نے ہمیں اس حوالے سے آگاہ نہیں کیا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں نے یہ امداد بند کی کیونکہ پاکستان نے ہمارے لیے کچھ نہیں کیا۔

خیال رہے کہ امریکی نیوی سیلز کے اہلکاروں نے 2 مئی 2011 کو پاکستان کے علاقے ایبٹ آباد میں ایک کمپاؤنڈ پر آپریشن کر کے القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کو ہلاک کر دیا تھا۔