منرل واٹر کمپنیاں ایک گھنٹے میں ایک لاکھ لٹر زیرزمین پانی نکال رہی ہیں: سیف الرحمن ، پہلے چشموں سے پانی حاصل کیا جاتا تھا وہ اصل منرل واٹر تھا:مریم وڑائچ، اگر کوئی ملک پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے تو اسے مثبت جواب دینا چاہئے: آغا باقر ، یو اے ای پاکستان میں سرمایہ کاری لے کر آیا تھا‘ لیکن ہم فائدہ نہیں اٹھا سکے: امجد وڑائچ ، چینل ۵ کے پروگرام ” کالم نگار “ میں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) کالم نگار مریم وڑائچ نے کہا کہ پہلے چشموں سے پانی حاصل کیا جاتا تھا جو اصل منرل واٹر تھا۔ چیف جسٹس صاحب نے منرل واٹر بیچنے والی کمپنیوں کے حوالے سے بہت اچھا سوال اٹھایا ہے۔ پانی قدرت کی سب سے بڑی نعمت ہے ہمارے جسم میں70فیصد ہے ہی پانی جبکہ دنیا میں بھی تین حصے پانی ہے اور ایک حصہ خشکی ہے۔چینل فائیوکے پروگرام کالم نگار میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا بے لگام گھوڑے کی مانند ہے اس پر چیک اینڈ بیلنس بہت ضروری ہے وگرنہ بے لگام سوشل میڈیا معاشرے کے لئے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا ہمدردی کے عالمی دن پر ہمیں دوسروں کے لئے اپنے دل میں مستقل بنیادوں پر احساس پیدا کرنا چاہئے۔ کالم نگار آغا باقر نے کہا کہ جب لوگ کنویں سے پانی پیتے تھے تب ان کی صحت ہم سے بہتر ہوتی تھی۔ ہم میٹنگز میں منرل واٹر کی بوتلیں رکھ کر لوگوں کے پانی کے مسائل پر بات کر رہے ہوتے ہیں کیا یہ تضاد نہیں۔انسان فطرت سے جتنا دور گیا اتنا خسارے میں گیا۔ پاکستان میں اگر کوئی سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے تو پاکستان کو مثبت جواب دینا چاہئے۔انہوں نے کہا پہلے میڈیا وار ہوتی تھی اب سوشل میڈیا وار ہوتی ہے۔کالم نگار میاں سیف الرحمن نے کہا کہ پہلے بڑے شہروں میں پانی کے ذخیزے ہوتے تھے جو حکومت کی نگرانی میں ہوتے تھے۔ایک خبر یہ بھی ہے منرل واٹر کمپنیاں ایک گھنٹے میں ایک لاکھ لیٹر زیر زمین سے پانی نکال رہی ہیں یہی صورتحال رہی تو پانی کی سطح کہاں جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سفارتکاری اور تجارت ایک ساتھ ہونی چاہئے۔ بنی نوع انسان ایک اکائی ہیں لیکن نفرت ،اونچ نیچ کے باعث انسان ترقی نہیں کر پا رہا۔ خاص طور پر پراپیگنڈا وار میں بھارت بہت آگے ہے۔ہمارے پاس ہیکرز کو روکنے کا نظام ہونا چاہئے۔ کالم نگار امجد وڑائچ نے کہا کہ پاکستان میں دیہات کے علاوہ کہیں زیرزمین پانی صاف نہیں۔ جس پانی کو منرل کہہ کر بیچتے ہیں اس میں کوئی منرل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دس سال قبل بھی یو اے ای پاکستان میں سرمایہ کاری لے کر آیا تھا لیکن ہم فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکا ر کے زیر سایہ پاکستان کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا ہیکنگ نالائقی کے باعث ہو رہی ہے کسی کو اپنا ڈیٹا مت دیں۔

قومی ٹیم کواوپننگ مسائل پرقابوپاناہوگا،طاہرشاہ ٹیسٹ میچزکا سکواڈ مضبوط،امیدہے ٹیم فاتح ہوگی ،افضال چوہدری کی گگلی میں گفتگو

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق فرسٹ کلاس کرکٹر طاہر شاہ نے کہا ہے کہپاکستان کو اپنی اوپننگ کی جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔بابر اعظم ایک قومی اثاثہ ہیں۔ اس وقت ٹیم میں کوئی آل راﺅنڈر نہیں۔چینل فائیو کے پروگرام گگلی میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہرحال ڈاکٹروں کے مطابق گیند لگنے کے بعد امام الحق جلد دوبارہ ٹیم کا حصہ بننے کے قابل ہو گئے ہیں۔ سپورٹس صحافی افضال چوہدری نے کہا کہ جب کسی کھلاڑی کو گیند لگتی ہے تو اس کے دماغ میں خوف ضرور بیٹھتا ہے۔امام الحق کو چاہئے اس واقعے کو بھول کر دماغ سے خوف نکال دیں ان کے سامنے کیرئیر پڑا ہے۔وزیراعظم عمران خان جب قومی ٹیم کی کپتانی کرتے تھے تو کھلاڑیوں کا مورال بلند رکھتے تھے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کے کوچز کو اس لئے لاکھوںکی تنخواہ دی جاتی ہے کہ وہ پلاننگ کریں۔بابر اعظم اور حفیظ کافی فارم میں ہیں۔بیٹسمین اگر ٹک کر نہ کھیلیں تو پھر باﺅلرز سے کیا امید کی جا سکتی ہے۔

خاشقجی قتل کے فوری بعد حکام کی سعودی عرب کی گئی کال پکڑی گئی، امریکی اخبار

واشنگٹن(ویب ڈیسک) استنبول کے قونصل خانے میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے فوری بعد ولی عہد محمد بن سلمان کے معتمد خاص مطرب عبدالعزیز نے سعودی عرب فون کر کے کہا کہ ’ اپنے باس کو بتادیں، لوگوں نے اپنا کام کردیا ہے‘۔نیویارک ٹائمز کے مطابق صحافی جمال خاشقجی کے استنبول کے سعودی قونصل خانے میں قتل کے وقت کی آڈیو ریکارڈنگ کے بعد ایک اور نیا انکشاف ہوا ہے۔ اہم سعودی حکام کی قتل کے فوری بعد کی گئی فون کال پکڑی گئی۔قتل کے فوری بعد ولی عہد محمد بن سلمان کے قریب سمجھے جانے والے مطرب عبدالعزیز نے سعودی عرب فون کر کے نامعلوم شخص کو کہا کہ ’ باس کو بتادیں، کام مکمل ہوگیا ہے‘۔مہر مطرب عبدالعزیز کو کئی بیرون ملک دوروں پر ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ دیکھا گیا ہے۔ مطرب ان 15 سعودی حکام میں شامل ہیں جو یکم اکتوبر کو ریاض سے استنبول پہنچے تھے اور صحافی کے قتل کے بعد واپس چلے گئے تھے۔نیویارک ٹائمز کا دعویٰ ہے کہ ترک تفتیش کاروں کو حاصل ہونے والے قتل کے وقت کی آڈیو ریکارڈنگ میں تین افراد کی آوازوں کو پہچان لیا گیا ہے تاہم اخبار نے ان افراد کے ناموں کو ظاہر نہیں کیا۔دوسری جانب امریکی خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے دعویٰ کیا ہے کہ قتل کے فوری بعد کی گئی کال میں جس شخص کو ’باس‘ کہا گیا ہے وہ ولی عہد محمد بن سلمان ہی ہیں۔تین روز قبل ترک صدر طیب اردگان نے سعودی قونصل خانے میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے وقت کی اہم آڈیو ریکارڈنگ سعودی عرب، امریکا، برطانیہ، فرانس اور جرمنی کو فراہم کردی تھی۔واضح رہے کہ سعودی عرب نے صحافی کے قتل پر 18 شہریوں کو حراست میں لے کر خفیہ ادارے کے چند افسران کو معطل کردیا تھا اور واضح کیا تھا کہ قتل کی منصوبہ بندی سے سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز یا ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان مکمل طور پر لاعلم تھے۔

غزہ پر اسرائیلی بمباری سے مزید 3 فلسطینی شہید

غزہ(ویب ڈیسک) فلسطین کے علاقے غزہ میں اسرائیلی بمباری سے مزید 3 فلسطینی شہید ہوگئے۔خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی بمباری سے غزہ میں 3 فلسطینی شہید ہوگئے جس کے نتیجے میں دو روز میں شہدا کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔ صہیونی فوج نے 8 مختلف مقامات پر بمباری کی اور سرکاری املاک کو نشانہ بنایا جس سے الاقصیٰ ٹی وی چینل کی بلڈنگ سمیت کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ اسرائیلی بمباری کے بعد الاقصیٰ ٹی وی کی نشریات بھی بند ہوگئی ہیں۔فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے اسرائیل کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے راکٹ حملے کیے جس میں دو اسرائیلی ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے جن میں ایک فوجی بھی شامل ہے۔غزہ سے اسرائیلی علاقوں پر 80 مارٹر گولے اور 120 راکٹ فائر کیے گئے۔ ایک راکٹ جنوبی اسرائیل کے شہر عسقلان میں ایک گھر پر گرا جس سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔غزہ کی حکمراں جماعت حماس نے اسرائیل پر مارٹر اور راکٹ حملوں کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔ اسرائیل اور غزہ کے درمیان نیا تنازع 2014 کی جنگ کے بعد سے خونریز قرار دیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اسرائیلی خفیہ اداروں نے غزہ میں آپریشن کرتے ہوئے حماس کے مقامی رہنما سمیت 7 فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا۔