”کب تک وزیراعظم رہیں گے“معروف ماہر علم ونجوم نے عمران خان کے اقتدار بارے چونکا دینے والی پیشنگوئی کر دی

اسلام آباد، لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور عمران خان کے وزیراعظم بنے 100دن ہونے کے قریب ہیں اور اس دوران معاشی حالات اور مذہبی جماعتوں کے احتجاج سمیت حکومت کو کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا لیکن اب ایک ماہرعلم نجوم نے دعویٰ کیاہے کہ عمران خان آئندہ 10سال کیلئے پاکستان کے وزیراعظم رہیں گے ، یہ وہی ماہرنجوم ہیں جنہوں نے یوسف رضاگیلانی کے وزیراعظم بننے کی بھی پیشن گوئی کی تھی۔چوہدری غلام حسین نے بتایاکہ ابھی تک کوئی بندہ ذہنی طورپر اس کیلئے تیار نہیں لیکن آپ کو خبردے رہے ہیں کہ ملتان سے تعلق رکھنے والے ماہرفلکیات عمرفاروق نے وزیراعظم عمران خان کی تاریخ اور جگہ پیدائش کہیں سے حاصل کرلی ہے اور ان کاکہناہے کہ عمران خان کے پہلے ہاﺅس میں مریخ بیٹھاہے ، وہ فیصلے تیزی سے کررہے ہیں اور وزیراعظم کے گھر کا مالک زحل ہے جو سترہ، اٹھارہ ڈگری میں لبراپر بیٹھا ہواہے جو بہترین پوزیشن ہے۔ عمرفاروق کاکہناہے کہ عمران خان کسی کو پسند آئے یانہ آئے، اگلے ایک عشرے کیلئے وہ پاکستان کے وزیراعظم رہیں گے ، اگراہل علم اس کے برعکس رائے دیناچاہیں تو بھی بتائیں۔چوہدری غلام حسین کے مطابق عمرفاروق نے فون کرکے بتایاکہ کوئی شخص عمران خان سے خلاف قاعدہ کام نہیں لے سکتااورقوم کی خدمت کرنے سے متعلق سوال پر عمرفاروق نے بتایاکہ عمران خان قوم کو ریلیف دے گا اور قانون کے تحت رہ کر ہی کام کرے گا۔چوہدری غلام حسین نے واضح کیاکہ عمرفاروق نے ہی عہدہ ملنے سے ایک سال قبل یوسف رضاگیلانی کو وزیراعظم بننے کی پیشن گوئی کی تھی تو یوسف رضاگیلانی نے ماننے سے انکار کردیاتھااور ان کاموقف تھاکہ ابھی بھٹوفیملی موجود ہے تو میں کیسے وزیراعظم بن سکتا ہوں لیکن کچھ عرصہ بعدصورتحال بدل گئی۔

لاہور پارکنگ کمپنی کیس،احاطہ عدالت سے ن لیگی رہنماءحافظ نعمان گرفتار

لاہور (ویب ڈیسک ) لاہور ہائیکورٹ نے لاہور پارکنگ کمپنی کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما حافظ نعمان کی عبوری ضمانت مسترد کر دی جس پر انہیں احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔ہائیکورٹ کے جسٹس محمد طارق کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ سابق لیگی ایم پی اے حافظ نعمان عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر پیش ہوئے۔درخواست گزار حافظ نعمان نے موقف اختیار کیا کہ 2008ءمیں ایم پی اے منتخب ہوا اور لاہور پارکنگ کمپنی کا اعزازی طور پر پہلا سربراہ مقرر کیا گیا، صرف رسمی طور پر بورڈ میٹنگ میں حصہ لیتا رہا ، لاہورپارکنگ کمپنی سے کسی بھی مد میں ایک روپیہ بھی وصول نہیں کیا، لاہور پارکنگ کمپنی کے سربراہ کے طور پر قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں، 30دسمبر 2016ءکو لاہور پارکنگ کمپنی کی سربراہی سے استعفیٰ دے دیا۔انہوں نے موقف اپنایا کہ 2013ءمیں لاہور پارکنگ کمپنی نے قانون کے مطابق اشتہار دیکر ٹھیکہ دیا، ٹھیکوں میں شفافیت کو مدنظر رکھا گیا، نیب کی جانب سے لاہور پارکنگ کمپنی کی انکوائری غیر قانونی ہے، اعلی تعلیم یافتہ اور قانون پر عمل کرنے والا شہری ہوں ، عمر رسیدہ اور ذیابیطس کا مریض ہوں ، ہر قسم کی انکوائری کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں ،کرپشن کے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں، معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جائے۔تاہم عدالت نے حافظ نعمان کی عبوری ضمانت مسترد کردی جس پر انہیں احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔نیب نے حافظ نعمان کو لاہور ہائیکورٹ سے نیب آفس منتقل کر دیا گیا اور آج (جمعرات ) احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

کرتاپور بارڈر کھلنے سے پاکستان کی معیشت پر کیا اثر پڑے گا؟تہلکہ خیز انکشاف

اسلام آباد (ویب ڈیسک) نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی رﺅف کلاسرا نے کہا کہ لاہور گندا ترین شہر بن چکا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے تو جو لاہور کو گندا کیا وہ کیا لیکن اب رہی سہی کسر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پوری کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چودھری سرور کو چاہئیے کہ وہ اب لاہور کی طرف تھوڑی توجہ دیں اور لاہور کو صاف کروائیں کیونکہ لاہور سیاحتی اعتبار سے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔یہاں دوسرے ملکوں سے سیاح آتے ہیں۔ لاہور کو ہم پسند کریں یا نہ کریں لیکن لاہور ہماری ثقافتی شناخت ہے اور یہ سچ ہے۔ عمران خان کو بھی چاہئیے کہ وہ لاہور کو صاف کرنے کے حوالے سے ایک مہم کا آغاز کریں اور لاہور کو صاف کروا لیں۔رﺅف کلاسرا نے کہا کہ ہم امن کے خواہشمند ہیں۔ کرتار پور بارڈر کھلنے سے پاکستان میں سرمایہ کاری آئے گی اور سرمایہ کاری آنے سے نوکریاں ملیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس بارڈر سے جو لوگ پاکستان میں آئیں گے وہ غیر ملکی کرنسی لائیں گے ، ہو سکتا ہے کہ ہندوﺅں اور سکھوں کے ساتھ ساتھ بدھ مت مذہب سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی پاکستان کا دورہ کریں ، ایسے ہی پاکستان کی معیشت پر بھی مثبت اثر پڑے گا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان آج نارووال کے قریب کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ کرتار پور بارڈر پر اس راہداری کی تعمیر کے بعد سکھ یاتریوں کو کرتارپور آنے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب آج ہو گی جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اس موقع پر بھارت کے سابق کرکٹر اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو کو بھی اس تقریب میں شرکت کے لیے خصوصی دعوت دی گئی جسے قبول کرتے ہوئے نوجوت سنگھ سدھو گذشتہ روز پاکستان پہنچے۔

پاکستان اوربھارت ایٹمی طاقتیں ہیں، لڑائی خودکشی کے مترادف ہوگا: وزیر خارجہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت دو ایٹمی طاقتیں ہیں اور آپس میں لڑائی کرنا خودکشی کے مترادف ہوگا۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرتارپور راہداری بھارت اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کا راستہ ہے، اس سے دونوں ملکوں کو مل بیٹھنے کا موقع ملے گا، دوریاں اور فاصلوں میں کمی ہوگی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان پر کرتار پور راہداری بنانے کے لیے کوئی دباو¿ نہیں تھا، وزیراعظم عمران خان کی پہلے دن سے خواہش تھی کہ ہمارے خطے میں امن ہو۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی سوچ ہے ہمارے بھارت سے تاریخی مسائل ہیں تو ان کا حل کیا ہے، جنگ تو مسائل کا حل نہیں اور دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان لڑائی کی تو گنجائش نہیں، تو پھر راستہ کیا ہے۔وزیر خارجہ نے کا کہنا تھا کہ کرتار پور راہداری فاصلہ مٹانے کی ایک زبردست کاوش ہے، لوگ واہگہ کے ذریعے آتے تھے، جو 400 کلو میٹر کا راستہ تھا جو ہم 4 کلومیٹر پر لے آئے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جب راستے کم ہوں گے اور آمد و رفت میں اضافہ ہوگا، تو تعلقات میں بہتری آئے گی، پاکستان، بھارت اور جنوبی ایشیا کے باہر سکھ برادری خوشی سے پھولے نہیں سما رہی۔انہوں نے کہا کہ لندن میں ایک ہی محلے میں بھارتی اور پاکستانی اکھٹے رہتے ہیں، کیا وہاں وہ ایک دوسرے کی شادیوں میں شرکت نہیں کرتے، کیا وہاں ایک دوسرے کے تہواروں میں نہیں جاتے اور کیا وہاں ایک دوسرے کی خوشی میں شامل نہیں ہوتے اور کیا لندن میں پاکستانی اور بھارتی اکھٹے دفتروں میں کام نہیں کرتے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ لوگوں سے لوگوں کے روابط بڑھنے سے تاثرات تبدیل ہوتے ہیں، یہ خطہ غربت میں جکڑا ہوا ہے اور جہالت کی نظر ہوا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کی ترجیح ہے کہ پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کریں، حکمرانی اور کرپشن کے مسائل حل کریں، ہم کابل اور نئی دلی سے کہہ رہے ہیں آو¿ بیٹھو، ملو اور مل کر مسائل کو حل کرتے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ جو 2 بھارتی وزرا بھیجے گئے ہیں اس کو مثبت قدم سمجھتا ہوں، ہم اس معاملے کو سیاست کی نظر نہیں کرنا چاہتے، اس خطے میں بے پناہ مواقع ہیں جنھیں ہم استعمال نہیں کر سکے۔یاتریوں کی آمد و رفت کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کاہ کہ سیکیورٹی اور احتیاط کے لیے راہداری کے دونوں طرف باڑ لگائی جائے گی، ہم چاہیں گے جو آئیں خیریت سے آئیں اور خیریت سے واپس جائیں، اگر یاتریوں کی تعداد بڑھی اور حالات مزید بہتر ہوتے ہیں تو اس کے گرد و نواح میں بازار، ہوٹل بنیں گے۔شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ آنے والوں کو کوئی پاسپورٹ کسی ویزہ کی ضرورت نہیں ہوگی، یہ آئیں گے اپنا اندراج کروائیں گے انھیں پرمٹ ملے گا، جو چھوٹی موٹی فیس ہوگی ادا کریں گے۔

شہریار آفریدی کی وزارت خطرے میں۔۔۔؟

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وزیر مملکت برائے داخلہ سے وزارت واپس لیے جانے کا امکان، سعودی عرب سے متعلق متنازعہ بیان دینے پر وزیراعظم کا اظہار برہمی، وزیر مملکت کو سعودی سفیر سے ملاقات کرکے بیان پر معافی مانگنا پڑی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اقتدار میں آنے کے بعد وفاقی کابینہ میں پہلی بڑی تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی سے نالاں دکھائی دیتے ہیں۔ حال ہی میں وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کی جانب سے سعودی عرب سے متعلق ایک متنازعہ بیان دیا گیا تھا۔ وزیر مملکت شہریار آفریدی نے سعودی عرب میں پاکستانیوں کی حالت زار سے متعلق سعودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔اسی باعث سعودی عرب سے وزیر مملکت شہریار آفریدی کی باقاعدہ شکایت کیے جانے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔اسی باعث وزیراعظم عمران خان نے وزیر مملکت شہریار آفریدی کو خوب جھاڑ پلائی۔ بعد ازاں وزیراعظم کے حکم پر وزیر مملکت شہریار آفریدی نے سعودی سفارت خانے کا دورہ کیا اور سعودی سفیر سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران شہریار آفریدی کی جانب سے سعودی سفیر سے اپنے بیان کی معافی مانگی۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معافی تلافی کے باوجود وزیراعظم شہریار آفریدی سے تاحال ناراض ہیں، اسی باعث امکان ہے کہ شہریار آفریدی سے وزیر مملکت برائے داخلہ کا قلمدان واپس لے لیا جائے گا۔تاہم اس حوالے سے نہ وزارت داخلہ اور نہ ہی وزیراعظم ہاوس کی جانب سے کسی قسم کی تصدیق یا تردید کی گئی ہے۔ اگر شہریار آفریدی سے وزیر مملکت برائے داخلہ کا قلمدان واپس لیا جاتا ہے، تو یہ موجودہ حکومت کی کابینہ میں کی جانے والی پہلی تبدیلی ہوگی۔

آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ؛ یاسر شاہ ٹاپ ٹین بولرز میں شامل

دبئی(ویب ڈیسک)نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار بولنگ کی بدولت قومی اسپنر یاسر شاہ آئی سی سی ٹیسٹ ریکنگ میں ترقی پا کر دسویں نمبر آگئے۔کرکٹ کے عالمی نگراں ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاک نیوزی لینڈ دوسرے ٹیسٹ کے اختتام پر نئی رینکنگ جاری کردی۔ اپنی گھومتی گیندوں سے کیوی بلے بازوں کو گھمانے والے یاسر شاہ ٹاپ ٹین بولرز کی فہرست میں آگئے۔بولرز میں پہلے نمبر پر جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر ربادا، انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن دوسرے اور پاکستان کے محمد عباس تیسرے نمبر پر ہیں۔بلے بازوں کی فہرست میں اظہر علی تین درجے چھلانگ لگا کر 12 ویں پوزیشن پر آ گئے جب کہ حارث سہیل 33درجہ ترقی پا کر 38 اور کیرئر بیسٹ 147رنز بنانے والے بابر اعظم 63نمبر سے 39پر پہنچ گئے۔ٹیموں کی رینکنگ میں پاکستان چھٹے نمبر پر برقرار ہے، بھارت پہلے،انگلینڈ دوسرے، جنوبی افریقا تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے اور آسٹریلیا پانچویں نمبر پر ہے۔

نیب ریفرنس بنا تو استعفیٰ دیدونگا:زلفی بخاری

لاہور(ویب ڈیسک ) وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ اگر مجھ پر کوئی نیب ریفرنس فائل ہوا تو میں مستعفی ہو جاﺅں گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے امیگرینٹس آفس کی آن لائن رجسٹریشن کا افتتاح کردیا۔ زلفی بخاری کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزارت سمندر پار پاکستانیوں کی پہلی وزارت ہوگی جو پیپر لیس گورننس متعارف کروائے گی۔انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ زلفی بخاری نے کہاکہ پاکستان میں جو سرمایہ کار آنا چاہتے ہیں ہم انہیں رشوت مانگ مانگ کر مایوس کر دیتے ہیں۔ پانامہ لیکس میں آپ کا نام آگیا ہے تو اس کا مطلب نہیں ہے کہ کرپشن کی ہے۔انکوائری کو پبلک نہیں ہونا چاہئیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر علیم خان یا مجھ پر نیب کا ریفرنس فائل ہوا تو ہم بھی بابراعوان کی طرح اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کو وزارت اوورسیز پاکستان کا منسٹر انچارج تعینات کر دیا گیا۔ جس کے تحت عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق وزیراعظم عمران خان کی معاونت کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ عام انتخابات 2018ءمیں زلفی بخاری عمران خان کی این اے 53 میں چلائی جانے والی انتخابی مہم کے انچارج بھی تھے۔زلفی بخاری کی بطور معاون خصوصی برائے وزیر اعظم تعیناتی پر عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس معاملے پر بعد ازاں سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا گیا جس میں درخواستگزار نے زلفی بخاری کی نا اہلی کی استدعا کی تھی۔ زلفی بخاری کی نااہلی کے دائر درخواستیں سپریم کورٹ آف پاکستان میں زیر سماعت ہیں۔

ہاکی ورلڈ کپ کے 14 ویں ایڈیشن کا آج سے بھارت میں آغاز

ممبئی (ویب ڈیسک)بھارت کا شہر بھونیشور آج سے 16 ٹیموں کے ہاکی ورلڈ کپ کے 14ویں ایڈیشن کی میزبانی کرنے جارہا ہے۔ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز یعنی 28 نومبر کو دو میچ کھیلے جائیں گے، جہاں گروپ ‘سی’ میں میزبان بھارت کا مقابلہ جنوبی افریقا جبکہ بیلجیئم کا مقابلہ کینیڈا کی ٹیم سے ہوگا۔ہاکی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کا فائنل 16 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔بھونیشور کے کالینگا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے 14ویں ہاکی ورلڈ کپ میں شریک 16 ٹیموں کو چار مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ہر گروپ کی سر فہرست ٹیم براہ راست کوارٹر فائنل کھیلنے کی اہل ہوگی جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہنے والی ٹیمیں دوسرے راو¿نڈ میں مد مقابل ہوں گی۔ہاکی ورلڈ کپ گروپ ‘اے’ ارجنٹائن، نیوزی لینڈ، اسپین اور فرانس کی ٹیموں پر مشتمل ہے.گروپ ‘بی’ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، انگلینڈ، آئر لینڈ اور چین کی ٹیمیں ہیں۔گروپ ‘سی’ میں میزبان بھارت، بیلجیئم، جنوبی افریقا اور کینیڈا شامل ہیں۔جبکہ گروپ ‘ڈی’ میں پاکستان، جرمنی، ہالینڈ اور ملائیشیا کی ٹیموں کو رکھا گیا ہے۔پاکستان ہاکی ٹیم کو ورلڈ کپ کے گروپ ‘ڈی’ میں جرمنی، ہالینڈ اور ملائیشیا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔قومی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ یکم دسمبر کو جرمنی کے خلاف کھیلے گی،5 دسمبر کو گرین شرٹس ملائیشیا کے مد مقابل ہوگی، جبکہ 9 دسمبر کو پاکستان اپنا آخری گروپ میچ ہالینڈ سے کھیلے گا۔رضوان سینئیر کی قیادت میں کھیلنے والے 18 رکنی اسکواڈ میں عماد شکیل بٹ (نائب کپتان)، عمران بٹ، مظہر عباس (گول کیپر)، محمد عرفان سینئر، علیم بلال، مدثر علی، توثیق ارشد، تصور عباس، راشد محمود، ایاز احمد، محمد عرفان جونئیر، علی شاہ، فیصل قادر، ابو بکر محمود، عمر بھٹہ، محمد عتیق ارشد اور محمد زبیر شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا کا آرمی چیف کی ایسے سکھ بھائی سے ملاقات پر واویلا کہ پاک فوج بھی میدان میں آگئی ،جھوٹے پراپیگنڈے کا منہ توڑ جواب

راولپنڈی (ویب ڈیسک )بھارتی میڈ یا نے سکھ رہنما گوپال چاولہ کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات پر واویلا کھڑا کردیا جس پر پاک فوج نے بھارتی میڈ یا کے جھوٹے پراپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دے دیا۔تفصیل کے مطابق کرتار پور راہداری کی سنگ بنیاد رکھنے کی افتتاحی تقریب میں آرمی چیف نے بھی شرکت کی او ر اس موقع پر وہاں موجود سکھ بھائیوں سے بھی ملاقات کی جس پر بھارتی میڈ یا نے منفی پراپیگنڈہ شروع کردیا اور ایک سکھ رہنما کو خالصتان تحریک کا رہنما بتا کر پاکستان کے مثبت قدم ناکام کرنے کی سازش کی جس پر پاک فوج نے کرارا جواب دے دیا۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور باجوہ نے بھارتی میڈ یا کے منفی پراپیگنڈے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف بلا شناخت موقع پر موجود تمام مہمانوں سے ملے ،بھارتی میڈ یا کا گوپال چاولہ کی آرمی چیف سے دور سے لی گئی تصویر دکھانا تنگ نظری ہے۔

نوازشریف کا علیمہ خان بارے چونکا دینے والا انکشاف

اسلام آباد (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کا احتساب عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کے تو کوئی ذرائع آمدن نہیں پھر ان کے پاس اربوں روپے کی جائیداد کہاں سے آئی؟ علیمہ خان کی دوبئی میں اربوں روپے کی جائیداد نکل آئی ہے۔سب جانتے ہیں کہ علیمہ خان کی جائیداد کے پیچھے کون ہے۔نیب پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماﺅں سے متعلق تو چھان بین کرتی رہتی ہے کبھی یہ بھی تحقیقات کرے کہ علیمہ خان نے اتنی جائیداد کیسے بنائی۔علیمہ خان شوکت خانم کے بورڈ کی بھی ممبر ہیں۔نواز شریف نے مزید کہا کہ علیمہ خان نے جائیداد چھپانے پر کوئی جرمانہ ادا کیا؟تو کیا یہ این آر او نہیں ہے؟۔نواز شریف نے نیب نے علیمہ خان کی جائیداد کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کر دیا۔اس موقع پر صحافی نے نواز شریف سے سوال کیا کہ کیا آپ علیمہ خان کے خلاف نیب میں فریق بنیں گے تو نواز شریف نے جواب دیا کہ اگر یہ سوال آپ مجھ سے صبح پوچھتے تو میں اس کا جواب دے سکتا تھا۔میرا سیاسی گفتگو کا ارادہ نہیں تھا پر یہ معاملات بھی اہم ہیں۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کا احتساب عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مزید کہنا ہے شہباز شریف کو آشیانہ کیس میں گرفتار کرنے کا کیا جواز تھا؟آخر میں ایک ہی الزام رہ جاتا ہے کہ آمدن سے زیادہ اثاثے بنائے۔آمدن سے زاہد اثاثے بنانا الزام نہیں تعریف ہے۔ ہم نے ملک کی بہت بڑی خدمت کی ہے۔ ہم نے پاکستان کی ترقی کے لیے ہر کام کیا۔ہماری حکومت میں دال،چنا،چاول سب کچھ سستا تھا۔ہم نے چین کے تعاون سے جے ایف17 بنایا۔ہم نے چین کے ساتھ دفاعی اور معاشی معاہدے کیے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا پر افسوس ہمیں اس کے نتیجے میںجیل بھیج دیا گیا۔ہم نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے میں بھی اہم کارگردگی دکھائی،ہماری کارگردگی کسی ایک فیلڈ میں نہیں ہے۔پاکستان کو کسی ایک شعبے میں نہیں بلکہ ہر شعبے میں ترقی دی۔ دنیا بھر نے ہماری اکانومی کو مثبت کہا۔بہتان تراشی والی سیاست میری فطرت ہی نہیں۔ہم نے ملک کو اندھیروں سے نکالا، فارن ایکچینج کو بڑھایا۔اگر ہم نے این آر او لینا ہوتا تو لندن سے پاکستان نہ آتے۔