ریاست پاکستان کی ذمہ داری ہے عافیہ کو واپس لائے: احمد قصوری ، بھارت میں ہزار سے بڑا نوٹ نہیں پاکستان میں 5ہزار کا نوٹ کس لئے ہے، شاہد صدیقی ، اختلافات ہوتے ہیں مل بیٹھ کر مسئلہ حل کیا جاتا ہے:عمر تنویر کی چینل ۵ کے پروگرام ” نیوز ایٹ 7“ میں گفتگو

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءعمر تنویز نے کہا ہے کہ ہر پارٹی میں اختلافات ہوتے ہیں جن کو مل بیٹھ کر ہی ختم کرناہوتا ہے۔ گلے شکوے ہر پارٹی میں ہوتے ہیں یہ جموری روایات کی اقدار ہیں ۔اس پر اتنا شور کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔چینل فائیو کے پروگرام نیوز ایٹ 7میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو بھی ہوا اس کو منفی لینے کی ضرورت نہیں۔ہم ملک کو بہتری کی جانب لے کر جا رہے ہیں۔چوہدری سرور گورنر ہیں اور اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دے رہے ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کو جو لوگ نہیں جانتے وہی ان کے بارے میں منفی باتیں کر رہے ہیں وہ عملی شخص ہیں۔ہم نے وزیراعظم کے ویڑن کے مطابق دن رات کام کرنا ہے۔ جو بھی ویڈیو کو میڈیا پر لایا اس کے خلاف ایکشن ہونا چاہئے۔ قانون دان احمد رضا قصوری نے ن عافیہ صدیقی کے حوالے سے کہا ہے کہ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے جو شہریوں کی حفاظت کرتی ہے۔بدقسمتی سے عافیہ صدیقی کے لئے پاکستان کی کسی حکومت نے کچھ نہیں کیا۔وزیراعظم عمران خان کو چاہئے سفارتی سطح پر امریکہ کے ساتھ اس معاملے کو اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ روس اس بات کو سمجھتا ہے افغانستان پر امریکہ نہیں طالبان کا کنٹرول ہے۔شکیل آفریدی نے پاکستان کے خلاف کام کیا لیکن عافیہ مجرم نہیں دونوں کا معاملہ مختلف ہے۔ریاست پاکستان کی ذمہ داری ہے عافیہ کو واپس لائے۔ ماہر معیشت شاہد حسن صدیقی نے کہا ہے کہ دنیا پاکستان پر منی لانڈرنگ کا الزام تو لگاتی ہے لیکن جو باہر اس پیسے کو تحفظ دیتا ہے اس کی بات نہیں کی جاتی۔حکومت کو بھی چاہئے کالا دھن سفید کرنے والوں کو پکڑے۔پراپرٹی کے ذریعے کالادھن سفید ہوتا ہے۔بھارت میں ہزار سے بڑا نوٹ نہیں پاکستان میں پانچ ہزار کا نوٹ کس کے لئے ہے۔سپورٹس جرنلسٹ یحیحی حسین نے کہا کہ اگر ٹی ٹوئنٹی کی بات کی جائے تو پاکستان کی کارکردگی غیر معمولی رہی ہے۔البتہ ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں اتار چڑھاﺅ آتا رہتا ہے جس کی بنیادی وجہ اپنی کوتاہیاں ہیں ٹیم منجمنٹ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔حارث سہیل ٹیم میں کیوں نہیںیہ بڑا سوال ہے۔پسند ناپسند کا پہلو ہمیشہ موجود رہا۔کچھ چہرے کبھی تبدیل نہیں ہوتے۔سحان احمد کبھی ٹائپسٹ ہوتے تھے آج سی ای او ہیں اور اربوں کے مالک ہیں۔

.

اے سی سی اجلاس شیڈول کے مطابق ہوگا،سبحان

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پی سی بی کے چیف آ پریٹنگ آ فیسر سبحان احمد کی میڈیا سے گفتگوپی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کا معاہدہ منسوخ ہونا افسوس ناک ہے۔اس ماہ کے آ خر تک مکمل مالی نقصان کے حوالے سے پتہ چل جائے گا۔پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کے لیے جب مارکیٹ میں ا ٓگئے تو قیمت کا پتہ چلے گا۔اے سی سی اجلاس میں بھارت آ ئے یا نہ آ ئے اجلاس شیڈول کے مطابق لاہورمیں ہی ہو گا۔الجزیرہ کوخط لکھا ہوا ہے لیکن وہاں سے ابھی تک جواب نہیں ملا۔عمر اکمل کیساتھ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ رابطے میں ہے پی سی بی کا اینٹی کرپشن یونٹ اس معاملے کو دیکھ رہا ہے۔ عمر اکمل ذاتی طور پر اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش نہیں مگر فون پر رابطے پر ہیں۔کراچی اسٹیڈیم پی ایس ایل سے قبل مکمل تیار نہ بھی ہو پایا تو میچ کروانے کے قابل ضرور ہو جائے گا۔

ٹی 20رینکنگ:بابر کی ٹاپ پوزیشن برقرارحفیظ،فہیم کو بھی ترقی مل گئی

دبئی (اے پی پی) سٹار پاکستانی بلے باز بابر اعظم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹی ٹونٹی پلیئرز رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی، روہت شرما 3 درجے ترقی کے ساتھ ساتویں نمبر پر آ گئے، تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ 16 درجے ترقی کر کے 53ویں نمبر پر آ گئے ہیں، شعیب ملک بھی ایک درجہ بہتری کے ساتھ 28ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔باﺅلرز میں راشد خان سرفہرست ہیں، شاداب خان دوسرے نمبر پر موجود ہیں، فہیم اشرف 14 درجے ترقی پا کر پہلی مرتبہ ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے، کلدیپ یادیو 14 درجے لمبی چھلانگ لگا کر کیریئر بہترین 23ویں نمبر پر آ گئے۔سب سے زیادہ ترقی شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کی جو 41درجے ترقی کے ساتھ 78ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ محمد حفیظ نے بھی 20درجہ بہتری حاصل کی اور عالمی درجہ بندی میں 59ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ٹیم رینکنگ میں پاکستان کی نمبر ون پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی ہے اور پاکستان کے پوائنٹس136سے بڑھ کر 138 ہو گئے ۔ گزشتہ روز آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ٹی ٹونٹی پلیئرز رینکنگ کے تحت بلے بازوں میں پاکستان کے بابراعظم بدستور ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں، ان کی پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی ہے، سٹاربلے بازکے 858 ریٹنگ پوائنٹس ہوگئے۔فنچ دوسرے، منرو تیسرے نمبر پر موجود ہیں، فخر زمان کا پانچواں نمبر ہے۔، روہت شرما 3 سیڑھیاں چڑھ کر ساتویں نمبر پر آ گئے، شیکھر دھون ترقی کے ساتھ 16ویں نمبر پر آ گئے، باﺅلرز میں افغانستان کے راشد خان سرفہرست ہیں، شاداب خان دوسرے نمبر پر موجود ہیں، پاکستانی باﺅلرز فہیم اشرف 9 اور عماد وسیم 2 درجے بہتری کے ساتھ بالترتیب ساتویں اور آٹھویں نمبر پر آ گئے، کلدیپ یادیو 14 درجے چھلانگ لگا کر 23ویں نمبر پر آ گئے، آل راﺅنڈرز میں گلین میکسویل سرفہرست ہیں۔

ثقلین کوورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم فیورٹ نظرآنے لگی

لاہور(آئی این پی)سابق کوچ محمد ثقلین نے پاکستان ہاکی ٹیم کو ورلڈکپ کے لیے فیورٹ قرار دے دیا۔ قومی ہاکی ٹیم کے سابق کوچ محمد ثقلین کا کہنا ہے کہ اس وقت عماد شکیل بٹ ، محمد عرفان سینئر، رضوان سینئر، راشد محمود، تصورعباس، توثیق احمد، عمر بھٹہ اور علی شان ایسے پلیئر ہے جو دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی بھرپور اہلیت رکھتے ہیں، انہی پلیئرز نے اپنی اہلیت کو ثابت بھی کیا۔سابق کوچ کا کہنا تھا کہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستانی ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی میں ارجنٹائن کو زیر کیا، آسٹریلیا کے خلاف زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا، موجودہ پاکستانی ٹیم میں بھی بڑے اچھے کھلاڑی موجود ہیں، یہ پلیئرز صرف اپنی گیم پر فوکس کریں، گرانڈز کے باہر کے ایشوز کو بالکل نظر انداز کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ پاکستانی ٹیم ابتدائی مرحلے میں ٹاپ 8 میں جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہو۔محمد ثقلین نے کہا کہ ورلڈکپ کے دوران پاکستان کو گروپ ڈی میں رکھا گیا ہے جس میں پاکستان کے ساتھ جرمنی ہالینڈ اور ملائشیا کی ٹیمیں شامل ہیں، اگرچہ یہ تینوں مضبوط حریف ہیں تاہم پاکستانی ٹیم ان سائیڈز کو زیر کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، میری اور پوری قوم کی دعائیں اور نیک خواہشات پاکستان ٹیم کے ساتھ ہیں ،امید کرتا ہوں کہ گرین شرٹس بھارت میں ورلڈ کپ کے دوران عمدہ کارکردگی دکھانے کے بعد وطن واپس لوٹیں گے۔ ایک سوال پر محمد ثقلین کا کہنا تھا کہ ملکی ہاکی مشکل ترین دور میں بھی زندہ رہی اور مستقبل میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی سے ملک و قوم کا نام روشن کرتی رہے گی۔ث

احسان مانی میرٹ پرعمل درآمدیقینی بنائیں،طاہرشاہ سب کو مل کر کرکٹ کی بہتری کےلئے کرداراداکرنا چاہئے،راجہ اسدعلی کی گگلی میں گفتگو

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق فرسٹ کلاس کرکٹر طاہر شاہ نے کہا ہے کہ میرے خیال میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو پختگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے ماضی میںجو ہو چکا اس پر بلاجواز تنقید سے کرکٹ بورڈ کا ہی ماحول خراب ہو گا۔ بھرتیاں بہرحال میرٹ پر ہی ہونی چاہئیں۔چینل فائیو کے پروگرام گگلی میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں یہ روایت رہی ہے جو بھی حکومت آتی ہے وہ اپنی مرضی کی کچھ نہ کچھ بھرتیاں کرتی ہے۔ سپورٹس تجزیہ کارراجہ اسد علی نے کہا کہ محسن خان کے حوالے سے جو بات کی گئی وہ درست نہیں۔جو شخص بھی آتا ہے اگر اپنی ٹیم لے کر آتا ہے اس میں برائی نہیں۔اب سب کو مل کر کرکٹ کی بہتری کے لئے کام کرنا چاہئے کھلاڑیوں کو بھی چاہئے تنقید سے بچیں۔چھوٹی چھوٹی باتوں کونظر انداز کرنا چاہئے تاکہ ملک کی بدنامی نہ ہو۔

دپیکا اور پریانکا کے بعد ورون دھون کا بھی شادی کرنے کا اعلان

ممبئی(ویب ڈیسک) دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا کے بعد اب بالی ووڈ کے نوجوان اداکار ورون دھون نے بھی شادی کا اعلان کردیا۔بالی ووڈ کے نامور فلم ساز کرن جوہر کے مقبول ترین شو ’کافی ود کرن‘ کے نئے سیزن کی چوتھی قسط میں ورون دھون اور کترینہ کیف نے شرکت کی جس میں انہوں نے کئی اہم باتیں بیان کیں اسی دوران ورون دھون نے اپنی شادی کا بھی اعلان کیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق شو ’کافی ود کرن ‘ کے میزبان کرن جوہر کی جانب سے پوچھے گئے کچھ دلچسپ سوالات کے جوابات میں ورون دھون نے شادی سے متعلق کہا کہ طویل عرصے سے جاری ملاقات اور تعلق اب حتمی مراحل میں داخل ہورہا ہے اور وہ بہت جلد اپنی گرل فرینڈ نتاشا دلال کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ورون نے کرن جوہر کے شو میں یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ اور کترینہ کیف بہت جلد پہلی بار ایک ساتھ فلم میں نظر آئیں گے جس کی کہانی رقص و موسیقی پر مبنی ہوگی۔واضح رہے کہ ان دنوں بالی ووڈ میں اداکاروں کی شادی کا موسم اپنے عروج پر ہے جس میں اول نمبر پر رنویر اور دپیکا کی شادی ہے، دوسرے نمبر پر پریانکا چوپڑا اور نک جونز ہیں جوکہ رواں سال ہی شادی کے رشتے میں منسلک ہو جائیں گے۔

چیئرمین نیب جاوید اقبال نے نیب افسران کے میڈیا انٹرویو پر پابندی لگادی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے تمام ڈی جیز، ڈائریکٹرز اور دیگر افسران کے میڈیا انٹرویو پر پابندی لگادی ہے۔ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے تمام ڈی جیز، ڈائریکٹرز اور دیگر افسران کے میڈیا انٹرویو پر پابندی لگادی ہے جب کہ ڈی جی نیب لاہور کے میڈیا انٹرویو کا ریکارڈ بھی پیمرا سے طلب کرلیا گیا ہے جس کا قانون کے مطابق جائزہ لیا جائے گا۔ترجمان نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تمام معزز اراکین اسمبلی کا احترام کرتے ہیں، اگر میڈیا کو کسی ریفرنس یا مقدمہ کی معلومات درکار ہوں گی تو ترجمان نیب موقف دینے کا مجاز ہوگا جب کہ میڈیا نیب کی جاری تحقیقات کے بارے میں قیاس آرائیوں سے گریز کرے۔واضح رہے کہ چند روز قبل ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں شہباز شریف کے خلاف نیب کیسز پر بات کی تھی جس کا چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نوٹس لیتے ہوئے ریکارڈ طلب کرلیا تھا۔