بس چلتا تو تمام 25 کھلاڑیوں کو اپنے ساتھ انگلینڈ لے جاتا، سرفراز احمد

 لاہور(ویب ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ منیجمنٹ کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ اچھی ٹیم بنائیں، انگلینڈ کیلیے اسکواڈ کا انتخاب سب نے مشاورت سے کیا، فواد عالم کو کیمپ میں بلانے کا مقصد تھا کہ چیک کیا جائے، میرا بس چلتا تو تمام 25 کھلاڑیوں کو اپنے ساتھ انگلینڈ لے جاتا۔سرفراز احمد  کا کہنا ہے کہ سب نے مل ٹور کی ضرورت کے مطابق بہترین کمبی نیشن بنایا، ہمیشہ ایسا ہی ہوتا ہے کہ کچھ منتخب ہوجاتے ہیں اور دیگر نہیں ہوتے،ایسا نہیں کہ جو اب منتخب نہیں ہوا،آئندہ بھی نہیں ہوگا،نوجوان کھلاڑیوں کو تسلسل کیساتھ مواقع دے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ شاداب کے پاس لیگ اسپن اور گگلی ہے،اس لئے منتخب کیا،وہاں سردی بہت ہے یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ اسپنر کھلاتے بھی ہیں یا نہیں،حارث سہیل اور اسد شفیق بھی بطور اسپنر ٹیم کے کام آسکتے ہیں۔انگلینڈ میں قبل ازوقت جانے اور ٹور میچ کھیل کر کنڈیشنز سے بہتر انداز میں ہم آہنگ ہوسکتے ہیں، ناتجربہ کار ٹیم ہے مگر اس کو اعتماد دینے کی کوشش کررہے ہیں۔

آپ فو ری طور پر امیر کیسے ہو سکتے ہیں،کھرب پتی شخص نے اپنی کامیابی کا نسخہ دنیا کو بتا دیا

نیویارک (ویب ڈیسک) زندگی میں کامیابی کے حصول میں ان لوگوں کی زندگیاں مشعل راہ ہوتی ہیں جنہوں نے بے مثال کامیابیاں سمیٹیں۔ انہی میں ایک ارب پتی شخص ایلن مسک ہیں جنہوں نے الیکٹرک گاڑیاں بنا کر دنیا میں شہرت حاصل کی۔ اب انہوں نے اپنی کامیابی کا نسخہ دنیا کو بتا دیا ہے،جس پر عمل کرکے کوئی بھی کامیابی کی منزل کی طرف گامزن ہو سکتا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق ایلن مسک نے بتایا ہے کہ ”بہت زیادہ میٹنگز اکثر وقت کا ضیاع ہوتی ہیں، میں ہمیشہ بہت زیادہ میٹنگز میں شامل ہونے سے گریز کرتا ہوں اور دوسروں کو بھی یہی مشورہ دیتا ہوں۔ جب تک کوئی انتہائی ضروری معاملہ نہ ہو، کسی میٹنگ میں وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ بہت بڑی میٹنگز عموماً بے کار ہوتی ہیں اور ان سے فوری طور پر اٹھ کر چلے جانا چاہیے۔ایسی بامقصد میٹنگ میں بھی شامل نہیں ہونا چاہیے جس میں آپ کا کوئی کردار یا شراکت داری نہ ہو۔ ایسی کسی بھی میٹنگ سے فوری اٹھ جانا چاہیے جس میں آپ خود کو بے کار محسوس کریں، اور ہاں ایسی فون کالز بھی فوری طور پر بند کر دینی چاہئیں جو بے مقصد ہوں۔“

میں نے گیل کو منتخب کر کے آئی پی ایل کو بچا لیا

ممبئی (ویب ڈیسک)انڈیا کے جارحانہ بیٹسمین اور کنگز الیون پنجاب کے مینٹور وریندر سہواگ کا کہنا ہے کہ انھوں نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو بچا لیا ہے۔انھوں نے یہ بات ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین کرس گیل کی جانب سے آئی پی ایل کے رواں سینزن میں پہلی سنچری بنانے کے بعد ایک ٹویٹ میں کہی۔سہواگ نے اپنے انداز میں لکھا: ‘میں نے ہنری گیل کو منتخب کر کے آئی پی ایل کو بچا لیا۔’اس کے جواب میں فورا ہی گیل نے ‘ہاں’ کہا جس کے بعد ان دونوں کے ٹویٹس کو ہزاروں بار لائیک اور ری ٹویٹ کیا گیا۔آئی پی ایل کے رواں سیزن کے لیے تمام ٹیموں میں سے کسی نے بھی کرس گیل کو نہیں خریدا جبکہ کنگز الیون پنجاب نے بالکل آخر میں ان کی خدمات حاصل کیں۔گیل نے اپنے پہلے ہی میچ میں چینئی سپر کنگز کے خلاف نصف سنچری بنائی تو دوسرے میچ میں حیدرآباد کے خلاف سنچری بنائی جو آئی پی ایل کے رواں سیزن کی پہلی سنچری تھی۔یہ گیل کی آئی پی ایل میں مجموعی طور پر چھٹی سنچری تھی۔کرس گیل نے نئے انداز میں اپنی نصف سنچری اور سنچری کا جشن منایا۔ انھوں نے بیٹ کو دونوں ہاتھوں لے کر ایسے ہلایا جیسے کسی بچے کو گود میں رکھ کر ہلا رہے ہوں۔خیال رہے کہ آئی پی ایل کے ایک میچ میں سب سے زیادہ 175 رنز بنانے کا ریکارڈ کرس گیل کے نام ہے۔ اس کے علاوہ گیل نے آئی پی ایل میں سب سے زیادہ چھکے بھی مارے ہیں۔