ہواوے نے باڈی میں رنگ بدلنے والی خصوصیات کا آنر ٹین فون متعارف کرا دیا

ؒٓلاہور (ویب ڈیسک) ہیواوے کی ذیلی کمپنی آنر نے اپنا نیا فلیگ شپ فون متعارف کرادیا ہے جس میں آئی فون ایکس جیسا نوچ اور ڈوئل رئیر کیمرہ سیٹ اپ دیا گیا ہے۔آنر 10 کے نام سے متعارف کرایا گیا یہ فون قیمت کے لحاظ سے درمیانے درجے کا لگتا ہے تاہم فیچرز کے لحاظ سے کسی بڑی کمپنی کے فلیگ شپ فون سے کم نہیں۔چین میں ایک ایونٹ کے دوران اس نئے فون کو متعارف کرایا گیا جس کے 2 اسٹوریج آپشن صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔ایک ورڑن سکس جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج جبکہ دوسرا سکس جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج کے ساتھ ہوگا۔اس فون میں کمپنی نے ایک دلچسپ چیز اس کی باڈی میں رنگوں کے بدلنے کا ایفیکٹ دینا ہے، ویسے یہ فینٹوم بلیو اور میراج پرپل رنگوں میں دستیاب ہوگا۔

 

پاک فضائیہ کے دبنگ کارناموں پر مشتمل نئی پاکستانی فلم

لاہور (ویب ڈیسک )نئی پاکستانی فلم ‘پرواز ہے جنون’ کا پہلا ٹیزر ٹریلر سامنے آگیا ہے۔یہ فلم پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بنائی جارہی ہے جس میں حمزہ علی عباسی فائٹر پائلٹ کے روپ میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں اور اس ٹیزر میں انہیں ایکشن میں دیکھا جاسکتا ہے۔حمزہ علی عباسی کو ٹیزر میں ایسا فائٹر پائلٹ دکھایا گیا ہے جو تیزرفتاری پسند کرتا ہے۔اس ٹیزر میں شاز خان کو حمزہ کے دوست پر دکھایا گیا ہے اور ان کی کیمسٹری کافی متاثر کن ہے۔اس فلم میں احد رضا میر اور ہانیہ عامر بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے تاہم ٹیزر میں ان کی جھلک دیکھنے میں نہیں آئی۔اس فلم کو فرحت اشتیاق نے تحریر کیا ہے جبکہ دیار دل، من مائل اور دیگر متعدد ہٹ ٹی وی ڈراموں کے ڈائریکٹر حسیب حسن پہلی بار کسی فلم کی ہدایات دے رہے ہیں۔یہ فلم عید الفطر پر ریلیز کی جائے گی۔پاک فضائیہ کی مشترکہ پروڈکشن کے ساتھ بنائی جانے والی اس فلم میں شوبز کاسٹ کے ساتھ ساتھ پاک فضائیہ سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور پائلٹس کو بھی دکھایا جائے گا۔

 

موٹروے پر خوفناک حادثہ،نوبیاہتا جوڑے سمیت7افراد جاں بحق

لاہور (ویب ڈیسک )کراچی حیدرآباد ایم نائن موٹروے پر کار کے خوفناک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے، جن میں ایک نوبیاہتا جوڑا بھی شامل تھا جبکہ ایک بچی معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔پولیس کے مطابق کراچی سے جیکب آباد جانے والی کار ایم نائن موٹروے پر لونی کوٹ کے قریب آگے چلنے والی گاڑی سے ٹکرا گئی۔حادثے کے نتیجے میں آگ لگنے سے کار میں سوار ریٹائرڈ ٹیچر علی شیر کے گھر کے 7 افراد موقع پر ہی جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 22 سالہ صدف، سچل تھانہ کا کانسٹیبل علی حسن، 24 سالہ افروز، 40 سالہ عبدالحفیظ، رفعت، 1 سالہ محمد علی اور علی شیر کے نام سے ہوئی، جو جیکب آباد کے رہائشی تھے۔علی حسن اور صدف کی دو روز قبل ہی شادی ہوئی تھی جبکہ کار میں سوار افراد میں سے 3 سالہ شفاءمعجزانہ طور پر محفوظ رہی۔حادثے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے لاشیں سول اسپتال حیدرآباد منتقل کیں جہاں سے لاشیں ورثاءکے حوالے کر دی گئیں۔

 

کے پی کے میں1769افراد سے سکیورٹی واپس رپورٹ عدالت پیش کر دی گئی

پشاور (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں ایک ہزار 769 افراد سے پولیس سیکیورٹی واپس لے لی گئی جس کی رپورٹ آئی جی نے سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔چیف جسٹس پاکستان نےگزشتہ روز انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا صلاح الدین محسود کو غیر متعلقہ افراد سے سیکیورٹی واپس لینے کا حکم دیا تھا۔چیف جسٹس کا تمام صوبوں میں استحقاق نہ رکھنے والوں سے سیکیورٹی واپس لینے کا حکم چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں پشاور رجسٹری میں سیکیورٹی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس دوران آئی جی خیبرپختونخوا نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔

 

لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں آندھی ،بارش ،تیز ہوائیں کوئٹہ میں اپریل کے مہینے میں برفباری

لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب کے مختلف شہروں سمیت بالائی علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ کوئٹہ شہر کے گرد و نواح میں پہاڑوں پر برفباری کے بعد موسم سرد ہوگیا۔اسلام آباد، لاہور، ملتان اور ساہیوال سمیت پنجاب کے مختلف حصوں اور بالائی خیبر پختونخوا میں بارش ہوئی جب کہ چمن اور زیارت سمیت شمالی بلوچستان میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔کوئٹہ شہر کے گرد و نواح میں پہاڑوں پر گزشتہ رات برفباری ہوئی جب کہ وادی ہنہ اور اوڑک کے پہاڑی سلسلے میں بھی برف پڑی، پہاڑوں پر برفباری اور بارش کے بعد شہر کا موسم سرد ہوگیا اور آئندہ 24 گھنٹے تک سردی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے آج راولپنڈی اور پشاور میں آندھی اور ڑالہ باری کی پیش گوئی کی ہے جب کہ فیصل آباد، گوجرانوالہ، کوہاٹ، مری اور مالاکنڈ میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

 

”دش اش یور پائلٹ شپیکنگ“ نشے میں دھت پائلٹ کو ہتھکڑی لگ گئی

لندن (ویب ڈیسک) برطانوی ایئرلائن ‘برٹش ایئرویز’ کے نشے میں دھت پائلٹ کو عملے کی شکایت پر ہتھکڑی لگا کر کاکٹ پٹ سے نکال دیا گیا۔49 سالہ پائلٹ جولیان موناگن کو 300 مسافروں کو 12 گھنٹے کی پرواز سے موریطانیہ لے کر جانا تھا لیکن اڑان بھرنے سے قبل پائلٹ کو جھولتا دیکھ کر عملے نے تشویش کا اظہار کیا۔ اور یہ تشویش اس وقت بام عروج پر پہنچی جب موصوف پائلٹ نے اڑان بھرنے کی تیاری کی اور کہا ‘دش اش یوور پائلٹ شپیکنگ’ جس پر عملے نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔تمام مسافر پرواز کے اڑنے کا انتظار کر رہے تھے کہ اس دوران پولیس اہلکار تیزی سے طیارے میں داخل ہوئے اور کاک پٹ سے نشے میں دھت پائلٹ کو ہتھکڑی لگا کر اپنے ہمراہ لے گئے۔مسافر تھوڑی دیر کے لیے حواس باختہ ہوگئے کہ آخر یہ کیا ڈرامہ ہورہا ہے، ایک مسافر نے بتایا کہ انہیں کچھ سمجھ نہیں ا?یا کہ اچانک کیا ہوا۔

 

چیف جسٹس ثاقب نثار نے پختونخوا کے جعلی ڈاکٹروں پر بجلیاں گرا دیں،اہم حکمنامہ جاری

پشاور (ویب ڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے خیبرپختونخوا میں اتائیوں کے کلینک ایک ہفتے کے اندر بند کرنے کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے پشاور رجسٹری میں صحت کی سہولیات سے متعلق کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران چیئرمین ہیلتھ کیئر کمیشن عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ خیبرپختونخوا میں 15 ہزار اتائی ڈاکٹر ہیں۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ نے کتنے اتائیوں کے خلاف کارروائی کی اور کتنے اتائیوں پر پابندی لگائی گئی ہے؟جسٹس ثاقب نثار نے مزید استفسار کیا کہ وہ اتائی کہاں ہے جو اسپتال میں کام کرتے ہوئے گرفتار ہوا؟چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اتائی لوگوں کی زندگیاں تباہ کر رہے ہیں۔
ساتھ ہی چیف جسٹس نے ہیلتھ کیئر کمیشن کے سربراہ سے استفسار کہ آپ کی اپنی تنخواہ کتنی ہے؟سربراہ ہیلتھ کیئر کمیشن نے بتایا کہ ان کی تنخواہ 5 لاکھ ہے۔جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ یہ کیسا صوبہ ہے جہاں چیف سیکریٹری 1 لاکھ 80 ہزار اور آپ 5 لاکھ روپے تنخوا لے رہے ہیں۔

 

اکشے کمار شوٹنگ کے دوران شدید زخمی، پھر بھی سین مکمل کراکے ہی دم لیا

ممبئی (ویب ڈیسک )بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار نے زخمی حالت میں بھی مسلسل کام کرکے مثال قائم کردی۔اکشے کمار بالی ووڈ کے ان چند اداکاروں میں سے ہیں جنہیں وقت کا بے حد خیال ہے اور دیگر سپر اسٹارز کی طرح فلم کے سیٹ پر دیر سے پہنچنے کے بجائے مقررہ وقت پر پہنچ جاتے ہیں کئی بار تو ایسا ہوا ہے کہ سیٹ پر اکشے کمار سب سے پہلے پہنچے ہوئے ہوتے ہیں اورباقی عملہ ان کے آنے کے بعد آتا ہے۔ اسی وقت کی پابندی اور کام سے محبت کے باعث اکشے کمار کا شمار آج بھی بالی ووڈ کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے۔ جس کامظاہرہ حال ہی میں دیکھنے میں آی۔اکشے کمار ان دنوں فلم”کیسری“کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، دوران شوٹنگ ایکشن سین کے دوران اچانک اکشے کمار زخمی ہوگئے۔ اکشے کی پسلیوں پر چوٹ آئی ہے، ڈاکٹرز نے انہیں شوٹنگ ختم کرکے آرام کرنے اور ممبئی واپس جانے کا مشورہ دیا ہے لیکن زخمی ہونے کے باوجود اکشے کمار نے شوٹنگ منسوخ کرنے سے منع کردیا اور مسلسل کام کرکے مثال قائم کردی۔

 

میشا شفیع کا معروف گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام

کراچی (ویب ڈیسک )معروف گلوکارہ میشا شفیع نے مشہور اداکار و گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گلوکارہ میشا شفیع نے مشہور گلوکار و اداکار علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کسی اور نے نہیں بلکہ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے مشہور گلوکار علی ظفر نے ایک سے زائد بار جنسی طور پر ہراساں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب اس وقت میرے ساتھ ہوا جب انڈسٹری میں میرا نام تھا اور میں 2 بچوں کی ماں تھی۔میشا شفیع کا کہنا تھا کہ اس واقعے سے مجھے شدید صدمہ پہنچا ہے، علی ظفر کو میں کئی سالوں سے جانتی ہوں اور ان کے ساتھ کئی بار پرفارم بھی کیا لیکن ان کے رویے اور شخصیت نے مجھے دھوکا دیا تاہم میں جانتی ہوں کہ میں اکیلی نہیں ہوں۔ گلوکارہ کا کہنا تھا کہ میں آج اس وجہ سے بول رہی ہوں کیوں کہ میرا ضمیر مجھے مزید خاموش رہنے کی اجازت نہیں دیتا، اگر یہ میرے ساتھ ہوسکتا ہے تو کسی بھی خاتون کے ساتھ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی خاتون جنسی ہراسانی سے محفوظ نہیں، ہمارے معاشرے میں اس مسئلے پر بات کرنے سے لوگ ہچکچاتے ہیں اور اسی وجہ سے جنسی ہراسانی کو پھلنے پھولنے کا موقع ملتا ہے۔

 

ٹیسٹ کرکٹ میں بھی پر فارم کر کے دکھاﺅں گا

اسلام آباد (اے پی پی) قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے کہا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کے پلان کے مطابق دورہ انگلینڈ کے دوران مڈل آرڈر پوزیشن میں کھیلنے کیلئے تیار ہیں، لمیٹڈ اوورز کرکٹ کے بعد ٹیسٹ میں بھی جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی خواہش ہے، کوشش ہو گی کہ شیڈول ٹیسٹ سیریز میں عمدہ پرفارم کر کے اپنی سلیکشن کو درست ثابت کروں۔ جمعرات کو ٹریننگ سیشن کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں مڈل آرڈر کی پوزیشن میں کھیل چکا ہوں اسلئے مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہو گا، دورہ انگلینڈ کے دوران ٹیم مینجمنٹ جو بھی ذمہ داری دے گی اسے بخوبی احسن نبھانے کیلئے مکمل طور پر تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں جارحانہ کرکٹ کھیلنا پسند کرتا ہوں اسلئے پانچ روزہ کرکٹ میں بھی جارحانہ کھیلنے کی خواہش ہے، جس پوزیشن پر بھی کھیلنے کا موقع ملا میں اس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے کھیلنا اولین ترجیح ہے اور اس کے ساتھ ساتھ نئے ٹیلنٹ اور سکلز کو بڑھا کر ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریننگ کیمپ میں ٹیم مینجمنٹ کی ٹریننگ اور حکمت عملی کو فالو کر رہے ہیں، سینئر کھلاڑیوں کے تجربات اور مفید مشوروں سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا جس سے مجھے مستقبل میں اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کی طرح میرا بھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا خواب تھا، ٹیم میں منتخب ہونے پر بے حد خوشی ہوئی اور اب اپنی سلیکشن کو درست ثابت کرنا ہدف ہے، میں سمجھتا ہوں کہ ٹیسٹ کھیلنا میری زندگی کا یادگار لمحہ ہو گا۔