شام پر حملوں کیخلاف برطانیہ میں بھی شدید احتجاج

لندن (ویب ڈیسک) برطانیہ کی جانب سے امریکا کی سربراہی میں شام پر حملوں کے خلاف اراکین اسمبلی نے احتجاج کیا، برطانیہ عراق جنگ میں شمولیت کی غلطی دہرا رہا ہے، برطانوی وزیر اعظم کی رہائشگاہ کے باہر درجنوں لوگوں نے احتجاج کیا۔مظاہرین نے شام پر حملے پر سخت تنقید کی، ادھر سکاٹ لینڈ کی رہنما نکول سٹرجن نے ایک بیان میں امریکا سے ڈکشین لینے پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا برطانوی پالیسی پارلیمنٹ کو بنانے کا اختیار ہے نہ کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو۔ حزب اختلاف کے رہنما جریمی کوربن نے اپنے بیان میں کہا حکومت کو واشنگٹن سے ہدایات نہیں لینی چاہئیں۔

زیادتی کا الزام ، بی جے پی رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ گرفتار

نئی دہلی (ویب ڈیسک ) بھارتی پولیس نے اتر پردیش سے حکمران جماعت بی جے پی کے رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر کو ٹین ایج لڑکی کے ریپ کے الزام پر گرفتار کر لیا۔کلدیپ سنگھ کو سات روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔ ریپ کا معاملہ گزشتہ ہفتے سامنے آیا جب مظلوم لڑکی نے وزیر اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ کے گھر کے باہر خود سوزی کی کوشش کی۔ وزیر اعلیٰ کے حکم پر سی بی آئی نے واقعہ کی تفتیش کے بعد کلدیپ سنگھ کو گرفتار کر لیا۔

 

ننھی آصفہ کے قتل کیخلاف سب کو آواز اٹھانا ہوگی :مشعال ملک

اسلام آباد (ویب ڈیسک) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں کے مندر میں ننھی آصفہ کا سفاکانہ قتل عام ریپ کیس نہیں ، سب کچھ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا، بھارتی مظالم کے خلاف سب کو آواز بلند کرنا ہوگی۔ مقبوضہ کشمیر میں عورتوں کے ساتھ ریپ کو جنگی ہتھیار کے طور استعمال کیا جا رہا ہے، ننھی آصفہ بانو کے بہیمانہ قتل پر مشعال ملک نے ویڈیو پیغام جاری کر دیا۔ انتہاپسند مودی سرکار کے مسلمانوں کو مقبوضہ جموں سےنکالنے کےمنصوبے کا پردہ چاک کردیا۔ویڈیو پیغام میں حریت رہنما کی اہلیہ کے علاوہ کمسن بیٹی رضیہ سلطانہ نے بھی ننھی آصفہ کے غمزدہ والدین اور کشمیری بچوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ آصفہ کے سفاکانہ ریبپ اور قتل کا مقصد تحریک آزادی کشمیر کو کمزور کرنا ہے، آصفہ کے اہلخانہ کو انصاف دلانے کیلئے سب کو آواز اٹھانا ہو گی۔