اسرائیل سے بے دخل مسلمانوں کا گھر واپسی احتجاج تیسرے ہفتے میں داخل

لاہور: (ویب ڈیسک) اسرائیل سے بے دخل فلسطینیوں کا گھر واپسی کیلئے احتجاج، مظاہرین کا سرحد پر اجتماع، صیہونی ریاست کا پرچم جلانے کا عزم، فوجیوں کی فائرنگ سے ریڈ کراس کے اہلکار سمیت تیس افراد زخمی۔غزہ کی پٹی میں مقیم مہاجرین کا گھر واپسی کیلئے احتجاج تیسرے ہفتے میں داخل ہو گیا۔ نہتے فلسطینی ایک بار پھر اسرائیلی سرحد کے قریب قائم احتجاجی کیمپوں پر پہنچ گئے۔ تاک میں بیٹھی صیہونی فورسز نے مظاہرین پر گولیاں برسانے کا سلسلہ شروع کر دیا۔ فلسطینی حکام کے مطابق غزہ کے اسپتالوں میں زخمیوں کو لانے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ احتجاجی کیمپوں کے قریب بھی متعدد میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی جاتی ہے۔ ریڈ کراس کے ایک اہلکار کو گھٹنے میں گولی ماری گئی ہے جو وہاں امدادی کاموں میں مصروف تھا۔ آج کے مظاہرے میں ایک دیو قامت اسرائیلی پرچم کو نذر آتش کیا جائے گا، تین ہفتوں سے جاری مظاہروں میں ایک صحافی سمیت 34 افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

دبئی میں ضمانت کیلئے اب پاسپورٹ کی شرط لازم نہیں

لاہور (ویب ڈیسک ) دبئی کے سمارٹ ضمانت نظام کے تحت اب پاسپورٹس کی ضرورت نہیں ہوگی، دبئی کے پراسیکیوٹر جنرل علی حمید بن خاتم نے کہا ہے کہ مختلف غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث مشتبہ افراد کو بہت جلد ایک برقی ضمانت مل جائے گی اور انہیں اس مقصد کے لیے دبئی کے پبلک پراسیکیوشن کے پاس اپنے پاسپورٹس چھوڑنے یا ضامنوں کو حوالے کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔سمارٹ ضمانت اقدام کے تحت یہ فیصلہ دبئی حکومت کے نظم ونسق کو سمارٹ انداز میں اور بغیر کاغذ کے چلانے کے منصوبے کا حصہ ہے۔ بن خاتم نے مزید بتایا ہے کہ یہ مشتبہ افراد اپنے خلاف قانونی چارہ جوئی کے باوجود اپنے اقاموں اور پاسپورٹس کی تجدید کراسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ہم نے اپنے صارفین کو زیادہ سے زیادہ مطمئن کرنے کے لیے شروع کیا ہے۔ مثال کے طور پر اب ضامنوں کو زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی اور وہ اپنے پاسپورٹس اپنے پاس ہی رکھ سکیں گے ۔