امریکہ کا رویہ نا تو اتحادی کا ہے اور نہ ہی دوست کا :وزیر خارجہ خواجہ آصف

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے جارحیت کی کوشش کی تو پوری پاکستانی قوم کی جانب سے متفقہ جواب دیا جائے گا۔خواجہ آصف نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹوئٹ کے بعد پچھلے 4 روز میں پیدا ہونے والی صورت حال انتہائی کشیدہ ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ نکی ہیلی اور مک ماسٹر کے بیان کے بعد امریکا کا رویہ نا تو اتحادی کا ہے اور نا ہی دوست کا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا سپر پاور ہے اور وہ دنیا کے کسی بھی کونے میں پڑی ہوئی سوئی بھی دیکھ لیتے ہیں لیکن حقانی نیٹ ورک کے معاملے میں ان کی تمام ٹیکنالوجی ناکام ہو گئی ہے اور وہ کہتے ہیں کہ حقانی نیٹ ورک پاکستان سے بیٹھ کر افغانستان میں حملے کرتا ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نے امریکا سے کہا ہے کہ ہمیں حقانی نیٹ ورک کی پاکستان میں موجودگی کے ثبوت فراہم کریں لیکن انہوں نے کوئی ثبوت نہیں دیے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے تین برسوں میں پاکستان میں امریکی ڈرون حملے بہت کم ہو گئے ہیں اور پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں بھی کمی آئی ہے اس کی یہی وجہ ہے کہ ہم نے فوجی آپریشن کے ذریعے قربانیاں دے کر دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کر دی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ہوتیں تو ڈرون حملے بھی اسی شدو مد کے ساتھ جاری ہوتے جس طرح پہلے ہو رہے تھے۔

 

چاہتا ہوں میاں صاحب راز فاش کردیں انہیں ہیوی مینڈیٹ کہاں سے ملا، زرداری

میرپور خاص(ویب ڈیسک)پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ چاہتا ہوں میاں صاحب سارے رازفاش کر دیں لیکن اس سے پہلے یہ بتادیں آپ نے ہمیشہ ہیوی مینڈیٹ کہاں سے لیا۔میر پورخاص میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری نے نوازشریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاور میں آنے کیلئے کوئی سہارانہیں لیا، میں وڈیروں کے ساتھ نہیں بلکہ ہاریوں کے ساتھ ہوں اور ہر وہ کام کروں گا جس میں ہاری اور مزدوروں کا فائدہ ہو۔