ٹرمپ کی پاکستان کو دھمکی ۔۔۔چین میدان میں آگیا

لاہور (ویب ڈیسک)دنیا دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی کاروائیوں کا اعتراف کرے ،چین نے پاکستان کی حمایت کرتے ہوئے امریکی الزامات کو مسترد کر دیا ،دہشتگردی کیخلاف پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں ،چینی دفترخارجہ نے کہا کہ عالمی برادری پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کر ے ۔پاکستان اور چین ہر موسم کے دوست ہیں ۔

ٹرمپ کا پاکستان مخالف بیان: قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس جاری

 اسلام آباد(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پر قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس جاری ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں قومی سلامتی کا اجلاس جاری ہے۔ جس میں وزیر دفاع خرم دستگیر، وزیرخارجہ خواجہ آصف، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح  افواج  کے سربراہان سمیت دیگر سول وعسکری حکام شریک ہیں۔وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان سے متعلق بیان پر غور سمیت  ملکی وعلاقائی سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے قبل آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں اندرونی وعلاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان پر الزامات لگاتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ امریکا نے گزشتہ 15 سال میں پاکستان کو 33 ارب ڈالر امداد دے کر بہت بڑی بے وقوفی کی، امداد وصول کرنے کے باوجود بھی پاکستان نے امریکا کے ساتھ جھوٹ بولا۔

ایران میں پرتشدد مظاہرے جاری،ہلاکتوں کی تعداد 22 ہو گئی

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ چھٹے روز بھی جاری رہا جس کے دوران سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان ہونے والی چھڑپوں میں مزید نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ایرانی دارالحکومت تہران میں احتجاجی مظاہروں کے بعد سے 450 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔مرکزی اصفہان کے علاقے میں پیر کی شب ہونے والے پرتشدد واقعات میں تازہ ہلاکتوں کے بعد ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر کم از کم 22 ہو گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق چھ مظاہرین بظاہر پولیس سٹیشن سے اسلحہ قبضے میں لینے کی کوشش میں ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔اس کے علاوہ دیگر علاقوں میں اطلاعات کے مطابق پاسدارنِ انقلاب کے محافظوں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران ایک 11 سالہ بچہ اور ایک شخص ہلاک ہوا۔یاد رہے کہ ایران میں جاری مظاہروں کے دوران سکیورٹی فورسز کو سنہ 2009 کے بعد پہلی مرتبہ شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔ان مظاہروں کا آغاز جمعرات کو ایران کے دوسرے بڑے شہر مشہد سے ہوا تھا۔ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ ’احتجاج ایک موقع ہے نہ کہ خطرہ‘۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایرانی قوم ‘قانون توڑنے والی اقلیت’ سے نمٹ لے گی۔دوسری جانب خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایرانی دارالحکومت میں گذشتہ تین دنوں سے جاری مظاہروں کے دوران گرفتار ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 450 ہو گئی ہےاس سے قبل گذشتہ رات مظاہرین نے ایک پولیس سٹیشن پر بھی حملہ کیا۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مظاہرین پولیس سٹشین پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عمارت کے ایک حصے کو آگ بھی لگائی گئی۔ایران میں عوام کے گرتے ہوئے معیارِ زندگی اور کرپشن کے خلاف ہونے والا یہ احتجاج سنہ 2009 میں اصلاحات کے حق میں ہونے والی ریلی کے بعد سب سے بڑا عوامی احتجاج ہے۔ان مظاہروں کے آغاز پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کی تھی کہ ایرانی عوام میں بالآخر عقل آ رہی ہے کہ کیسے ان کی دولت کو لوٹا جا رہا ہے اور دہشت گردی پر خرچ کی جا رہی ہے۔

 

ٹرمپ کا جھوٹ بے نقاب

واشنگٹن (آئی این پی)امریکی اداروں کی رپورٹس نے ٹرمپ کا جھوٹ بے نقاب کر دیا، امریکی صدر کے اعداد و شمار ہی غلط نکلے، پاکستان کو صرف 19 ارب ڈالر امداد ملی جبکہ 14 ارب ڈالر سے زائد رقم دہشت گردی کے خلاف جنگی اخراجات کی مد میں امریکا پر واجب الادا تھی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو منہ میں آئے بول دیتے ہیں، پاکستان کو 33 ارب ڈالر کی امداد دینے کے غلط اعداد و شمار دینے سے پہلے اگر اپنے ہی ادارے کانگریشنل ریسرچ سروس کی جاری رپورٹ پر نظر مار لیتے تو شاید دنیا کے سامنے شرمندگی سے بچ جاتے۔رپورٹ کے مطابق امریکہ نے پاکستان کو 2002 سے اب تک صرف 19 ارب ڈالر امداد دی ہے جبکہ 14 ارب 50 کروڑ ڈالر وہ رقم ہے کہ جو دہشت گردی کے خلاف جنگی اخراجات کی مد میں ادا کیے گئے ہیں۔ یہ وہ اخراجات ہیں کہ جن کی ادائیگی کرنا امریکہ کا فرض ہے اور یہ کوئی امداد نہیں ہے۔

تحریک عدم اعتماد ،بلوچستان کابینہ لرز اٹھی ،2وزرا ءمستعفیٰ ہونے کا فیصلہ

کوئٹہ(ویب ڈیسک) ذرائع کے مطابق، صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر ماہی گیری سرفراز ڈومکی نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیا۔ وزراء نے استعفوں کا فیصلہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے بعد کیا۔ذرائع کے مطابق، صوبائی وزیر فشریز سرفراز خان ڈومکی نے کہا ہے کہ انہوں نے ذاتی مصروفیت کے باعث استعفیٰ دیا ہے۔ ادھر، پشتونخواء میپ کے پارلیمانی ارکان اور پارٹی عہدیداروں کا ہنگامی اجلاس محمود خان اچکزئی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ ایم پی ایز ہاسٹل میں جاری اجلاس میں کارکنوں نے پارٹی وزراء سے گلے شکوے کئے۔ اجلاس میں چار ارکان نے شرکت نہیں کی۔ منحرف ارکان کے اپوزیشن ارکان سے رابطے جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق، ناراض ارکان کی پانچ بجے خفیہ مقام پر بیٹھک ہوئی۔ بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کے بعض ارکان اور وزراء کے اپوزیشن سے رابطے میں ہیں۔ مسلم لیگ نون کے دونوں وزراء کسی بھی وقت باضابطہ وزارتوں سے مستعفی ہو سکتے ہیں۔

عدالت نے دہشتگردی کے 4 مقدمات میں عمران خان کی ضمانت منظور کر لی

 اسلام آباد(ویب ڈیسک) اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ اور ایس ایس پی تشدد سمیت دہشتگردی کے 4 مقدمات میں ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے عمران خان کو فیصلہ سنائے جانے کے وقت کمرہ عدالت میں موجود رہنے کی ہدایت کی تھی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے کیس کی سماعت کی۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان عدالت میں پیش ہوئے۔ عمران خان کے وکیل بابراعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا ایس ایس پی جونیجو حملہ کیس میں 11 گواہوں کے بیانات قلمبند ہوئے، کسی ایک گواہ نے بھی عمران خان پر حملے کا الزام نہیں لگایا۔ بابر اعوان نے کہا عمران خان ایس ایس پی جونیجو پر حملے کے وقت موقع پر موجود نہیں تھے اور نہ ہی ان سے کوئی برآمدگی ہوئی۔ پراسیکیوٹر نے عمران خان کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا عمران خان نے اعلانیہ کارکنان کو پولیس پر حملہ کرنے پر اکسایا۔

تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں ۔۔۔ شہباز شریف نے دورہ سعودی عرب کے حقائق سے پردہ اُٹھا دیا

 لاہور(ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ شاہی خاندان کی طرف سے عمرے کی دعوت پر سعودی عرب گیا تھا۔سعودی عرب میں 6 روز قیام کے بعد وطن واپس پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب کا اچانک دورہ اچنبھے کی بات نہیں، سعودی عرب کے ساتھ ہمارے رشتے دلوں سے جڑے ہوئے ہیں، سعودی عرب ہمارا بہترین دوست ہے اور اس نے پاکستان پر ہمیشہ اندھا اعتماد کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ سعودی حکومت نے مجھے عمرہ کرنے کی دعوت دی اور بہترین مہمان نوازی کی، اس دورے سے متعلق ایک علیحدہ پریس کانفرنس کروں گا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے سعودی دارالحکومت ریاض میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔