فوج ہمارے ساتھ ہوتی تو دھرنے کے دنوں میں بہت کچھ ہو جاتا،عمران خان

اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر تحریک انصاف کے ساتھ فوج ہوتی تو پھر دھرنے کے دنوں میں پاکستان میں نہ جانے کیا ہوجاتا،حکومت کو فوج کے فیض آباد دھرنا ختم کرانے پر شکریہ ادا کرنا چاہیے،پہلی بار آرمی چیف قجنرل قمر جاوید باجوہ نے جمہورریت کے حق میں بیان دیا کیونکہ ماضی میں کسی جنرل کو جمہوریت کے حق میں بات کرنے کی توفیق نہیں ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار عمران خان نے ایک غیر ملکی نشریاتی ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیا لاکھوں افراد کے جلسے میں لوگ فوج بھیج رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تحریک انصاف کے ساتھ فوج ہے تووہ مجھے کیسے فائدہ پہنچا رہی ہے۔ چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ اس وقت پاکستانی سیاست میں فوج کا بہترین کردار ہے کوئی شک نہیں کہ ماضی میں فوج کا کردار اچھا نہیں رہا ۔ تاہم اب فوج کے کردار پر شک نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ فیض آباد دھرنا ختم کرانے میں فوج مدد نہ کرتی تو نجانے پاکستان میں کیا ہوجاتا۔ حکومت کو فوج کا دھرنے ختم کرانے کا شکریہ ادا کرنا چاہیے انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سایست کے حق میں بیان دیا کیونکہ ماضی میں کسی جنرل کو جمہوریت کے حق میں بات کرتے ہوئے نہیں سنا۔ جنرل باجوہ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے آئین اور جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے عائشہ گلالئیی کی جانب سے سنگین الزماات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عائشہ گلالئی اپنا فون لائیں۔ دونوں کے موبائل کا فرانزک کرالیں انہوں نے کہا کہ گلالئی نے کہا کہ آپ نے تین سال پہلے مسیج بھیجا تھا وہ مہربانی کرکے ثبوت دیتیں میں نے عائشہ گلالئی کے الزماات ر خود کو احتساب کیلئے پیش کیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ نیویارک میں نائن الیون سانحے سے قبل کوئی طالبان یا القاعدہ نہیں تھے جس کے بعد پاکستان امریکہ کی جنگ میں شریک ہوا۔ کوئی پاکستانی نائن الیون واقعہ میں ملوث نہیں ہے۔ (عابد شاہ)

 

بھارت نے دریائے چناب کا پانی روک لیا

سیالکوٹ (خصوصی رپورٹ) بھارت کی آبی جارحیت جاری، دریائے چناب کا 49ہزار کیوسک پانی روک لیا۔ نہر مرالہ راوی لنک کے بعد نہر اپرچناب کو بھی غیرمعینہ مدت کیلئے پانی کی فراہمی بند کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق دریائے چناب، دریائے جموں توی، دریائے مناورتوی کے سنگم ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 6ہزار 247کیوسک ریکارڈ کی گئی اور ہیڈ خانکی کیلئے اخراج بھی 6ہزار 247 کیوسک رہا۔ ذرائع ہیڈ مرالہ اتھارٹی کے مطابق دریائے چناب میں بھارت 55ہزار کیوسک پانی چھوڑنے کا پابند ہے تاہم اس نے دریائے چناب پر متعدد ڈیم بنا لئے ہیں اور وہاں پر دریائے چناب کا پانی روک لیا ہے۔ دریائے جموں توی، دریائے مناور توی اور دیگر اطراف سے بھارتی ڈیموں کے ایریا کے بعد مختلف علاقوں کا پانی دریا میں شامل ہو کر 6ہزار 247کیوسک مرالہ کے مقام پر ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق قبل ازیں پانی کی شدید کمی کے باعث نہر مرالہ راوی لنک کو 20ستمبر کو بند کردیا گیا تھا اور نہر اپر چناب کو 6ہزار کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا تھا تاہم بھارت کی طرف بگلیہار ڈیم پر دریائے چناب کا مکمل پانی روکے جانے کے باعث پانی کی آمد میں شدید کمی ہوگئی ہے‘ جس کی بنا پر ہیڈ مرالہ کے مقام سے برآمد ہونے والی دونوں نہروں کو بند کر دیا گیا ہے جس کے باعث ضلع سیالکوٹ، ضلع نارووال، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، لاہور اور قصور سمیت متعدد علاقوں میں لاکھوں ایکڑ اراضی پر کاشت کی جانیوالی گندم کی فصل شدید متاثر ہو گی۔ دوسری طرف جموں و کشمیر سے پاکستان میں داخل ہونے والے نالہ ایک، نالہ ڈیک، نالہ پلکھو اور نالہ بھیڈ مکمل طور پر خشک ہوچکے ہیں۔

 

فوج کی شکا یت پر نواز شریف کی سعودیہ طلبی

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) دفتر خارجہ کے ایک سابق اہلکار فیصل محمد نے دعویٰ کیا ہے کہ نوازشریف کو فوج کی شکایت پر سعودی عرب بلایا گیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی پر انٹرویو میں انہوں نے کہا فوج کو معلومات حاصل ہوئی تھیں کہ بھارت مریدکے پر سرجیکل سٹرائیک کرنا چاہتا ہے اور نوازشریف کی لندن میں اس حوالے سے ملاقاتیں ہوئی تھیں جن کا فوج نے سختی سے نوٹس لیا اور سعودی عرب سے بھی اس حوالے سے بات کی تھی جس کے بعد نوازشریف کو سعودی عرب بلوایا گیا۔

 

واپسی کی تیاریاں

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) آل پاکستان مسلم لیگ کے صدر پرویز مشرف نے وطن واپسی کے لئے قانونی مشاورت کا فیصلہ کرلیا‘ پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ پرویز مشرف وطن واپس آکر کیسز کا سامنا کرنا چاہتے ہیں‘ پرویز مشرف سنگین غداری کیس سمیت تمام مقدمات کا سامنا کرنا چاہتے ہیں۔ اتوار کو پرویز مشرف نے وطن واپسی کے لئے قانونی مشاورت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ مشرف نے اپنے وکیل اختر شاہ ایڈووکیٹ سے قانونی مشاورت کے لئے رابطہ کیا۔ اختر شاہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ مشرف نے قانونی مشاورت کے لئے دبئی طلب کیا ہے۔ مشرف نے کیسز پر قانونی مشاورت کیلئے طلب کیا۔ جنوری کے پہلے ہفتے دبئی میں قانونی مشاورتی اجلاس ہوگا۔ پرویز مشرف وطن واپس آکر کیسز کا سامنا کرنا چاہتے ہیں پرویز مشرف واپس آنا چاہتے ہیں سکیورٹی دی جائے۔

 

سوئس بینکوں سے پیسے واپس

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) پاک سوئس معاہدہ کے بعد ایف بی آر نے پاکستانی امراءکی فہرست تیار کرلی ہے،آج (پیر) سے فہرستیں دئےے جانے کا امکان ہے۔ایف بی آر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ایف بی آر نے سوئس بنکوں میں موجود162ارب ڈالر کی واپسی کے لئے پاکستانی امراءکی فہرستیں تیار کرلی ہیں اور اس حوالے سے انکی منقولہ وغیر منقولہ جائیدادوں کے حوالے بھی دئےے گئے ہیں۔

سیال شریف میں فیصلہ کن کنونشن ۔۔۔ لاہور میں احتجاج۔۔۔؟

تونسہ شریف(آئی این پی ) آستانہ عالیہ سیال شریف کے گدی نشین پیر حمید الدین سیالوی نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے احتجاج اور دھرنے میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، میں کسی بھی دھرنے میں شریک نہیں ہوں گا،ہمارا موقف ختم نبوت اور ناموس رسالت ہے، میں نے رانا ثنااللہ سے متعلق کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی ۔ تفصیلات کے مطابق تونسہ شریف میں گزشتہ روز پاکستان علما مشائخ کانفرنس ہوئی جس کے ساتھ ساتھ ختم نبوت کے ایجنڈے پر مشاورتی اجلاس بھی ہوا۔ کانفرنس میں پنجاب ، سندھ اور آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے 15 سے زائد مشائخ شریک ہوئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر خواجہ حمید الدین سیالوی نے کہا کہ ہمارا موقف ختم نبوت اور ناموس رسالت ہے اور اس سے پیچھے نہیں ہٹ سکتا، دنیا کی کوئی طاقت مجھے نہیں ہلاسکتی اورکوئی دولت مجھے نہیں خرید سکتی۔پیر خواجہ حمید الدین سیالوی نے کہا کہ پیر حمید سیالوی نے طاہر القادری کے احتجاج میں شمولیت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی بھی دھرنے میں شریک نہیں ہوں گا، میری تحریک محض ختم نبوت ہے، سیاسی ایجنڈا نہیں، طاہرالقادری نے ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا نہ ہم ان کے دھرنے میں جائیں گے، میں نے رانا ثنااللہ سے متعلق کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی، مہلت ہم نے نہیں دی انہوں نے مانگی ہے۔ انہوں نے کہا ہمارا مطالبہ رانا ثنااللہ کا استعفی ہے اور تحریک جو چلائی ہے وہ ختم نبوت اور ناموس رسالت ہے، ہمارا کسی سیاسی جماعت سے تعلق ہے اور نہ ہی سیاست کرنے نکلے ہیں، 9 جنوری کو سیال شریف میں فیصلہ کن کنونشن ہوگا جس میں لاہور میں احتجاج کا فیصلہ کیا جائے گا۔

 

نوازشریف نے سعودیہ میں جو کچھ کیا اب اسے بھگت رہے ہیں:ڈاکٹر شاہد مسعود

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں حساب کتاب ہو رہا ہے اور یہاں پر ایسی باتیں پھیلائی جا رہی ہیں کہ نوازشریف امت مسلمہ کے لیڈر کے طور پر وہاں گئے۔ شریف خاندان کے پاکستان کے علاوہ سعودیہ میں بھی جو کچھ کیا ہے اب وہاں اسے بھگت رہے ہیں۔ یہ انکشاف سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ سعودیوں پر منحصر ہے کہ وہ پاکستان کی عزت رکھ لیں اور باتیں باہر نہ نکالیں۔ سعودیہ میں اس وقت معافیاں مانگی جا رہی ہوں گی، سعودیوں سے گزارش ہے کہ شریف برادران کو پکڑنے کے بجائے واپس بھیج دیں۔ پاکستان میں لیگی رہنما جو بیانیہ پیش کر رہے ہیں کو امت مسلمہ کے لیڈر کے طور پر سعودیہ گئے ہیں یہ بھی انہیں ڈانٹ پلائی جائے گی۔ سعودی شاہی طیارہ آنے کی خبر چھوری گئی جو بعد میں کرائے کا طیارہ نکلا، نوازشریف اور جنرل (ر) جنجوعہ کی ملاقات کی خبر اڑائی گئی جو بالکل جھوٹ ہے۔ یہ خبر بھارتی میڈیا سے لی گئی۔ سال 2018ءپاکستان کے لئے فیصلہ کن سال ہو گا۔ اندرونی خلفشار ختم ہو جائے گا، ساری بدمعاشیاں پکڑی جائیں گی ملک ترقی کی جانب سفر کرے گا۔

 

نوازشریف کو جلسہ میں حساس باتیں کر نےسے ناصرجنجوعہ نے روکا:محمد مالک

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نوازشریف سرگودھا جلسہ میں کچھ حساس باتیں کرنا چاہتے تھے، اس بات سے روکنے کے لئے جنرل (ر) جنجوعہ نے ان سے ملاقات کی اور متنبہ کیا۔ یہ انکشاف سینئر صحافی محمد مالک نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف سرگودھا جلسہ میں کچھ حساس باتیں کرنا چاہتے تھے جس پر جنرل (ر) جنجوعہ نے انہیں کہاں کہ آپ یہ باتیں کریں گے تو قومی سلامتی پر ریڈ لائن کراس کر جائیں گے۔ جنرل (ر) جنجوعہ اور نوازشریف کی ملاقات اس معاملہ کے باعث طویل ہوئی۔

ملاقاتوں کا انتظار

لاہور (تجزیہ نگار) شریف برادران اس وقت سعودی عرب میں عجیب صورتحال سے دوچار ہیں۔ شہباز شریف چار جبکہ نوازشریف دو دن سے سعودی عرب میں موجود ہیں لیکن ابھی تک وہ کسی بھی اہم سعودی شخصیت سے ملاقات میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ شہباز شریف پہلے مدینہ، پھر مکہ گئے۔ عمرہ کرنے کے بعد وہ بھی اتوار کو سعودی دارالحکومت ریاض میں اپنے بھائی کے ساتھ جا ملے ہیں اور دونوں بھائی سعودی حکام سے ملاقات کے لئے لائحہ عمل تیار کر رہے ہیں۔ وہ جن شخصیات سے ملاقات کے خواہشمند ہیں ان میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی شامل ہیں۔ اطلاعات بھی ہیں کہ سعودی حکومت نے نوازشریف کو طلب کیا ہے اس کے باوجود وہ ملاقاتوں میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ مبصرین کے مطابق ایک وقت تھا کہ سعودی حکمران نوازشریف کے لئے دیدہ و دل فرش راہ کئے ہوتے تھے اور ان کے استقبال کے لئے اہم ترین شخصیات ایئرپورٹ پر جاتی تھیں مگر اب وہ دارالحکومت میں موجود ملاقاتوں کے منتظر ہیں مگر ابھی تک انہیں وقت نہیں مل سکا اور وہ مسلسل انتظار میں ہیں۔ ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ آج ان کی کسی شخصیت سے ملاقات ہو سکتی ہے۔

پاک بھارت قومی مشیروں کی بنکاک میں تیسری ملاقات

نئی دہلی (اے این این) مسئلہ کشمیر اور کنٹرول لائن سے متعلق پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک بار پھر اعلیٰ سطح پر درپردہ سفارتکاری کا انکشاف ہوا ہے، اب کی بار دونوں ملکوں کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان بنکاک میں اہم ملاقات سامنے آئی ہے جو دو گھنٹے تک جاری رہی۔ بھارتی میڈیا کا دعوی ہے کہ مشیرانِ قومی سلامتی کے درمیان کسی نیوٹرل مقام پر ہونے والی یہ تیسری ملاقات ہے۔ دونوں مشیروں کی ملاقات تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں ہوئی، پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیروں کی 28 دسمبر کو ہونے والی ملاقات 2 گھنٹے جاری رہی، بھارتی میڈیا کا دعوی ہے کہ پاکستان کے مشیر قومی سلامتی ناصرجنجوعہ کی بھارتی ہم منصب اجیت کمار دوول سے ملاقات کو خفیہ رکھا گیا، خیال کیا جاتا ہے کہ ملاقات میں لائن آف کنٹرول کے مسئلے پر بات ہوئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ملاقات بھارتی دہشت گرد کلبھوشن جادیو سے اس کی والدہ اوراہلیہ کی ملاقات کے بعد ہوئی، تاہم ملاقات کی تاریخ یا مقام کا کلبھوشن کی والدہ اوراہلیہ سے ملاقات سے کوئی تعلق نہیں،بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ دونوں مشیران کی ملاقات پہلے سے طے شدہ تھی جس کا فیصلہ رواں ماہ کے اوائل میں کیا گیا۔بھارت کے سرکاری ذرائع نے اس موضوع پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے، بتایا گیاہے کہ این ایس اے کے دفاتر کے علاوہ دونوں ملکوں کی وزارت خارجہ کے اعلی حکام بھی ملاقات سے آگاہ تھے، جی ایچ کیو راولپنڈی کو بھی اس ملاقات سے آگاہ رکھا گیا۔ یہ ملاقات پاکستانی قومی سلامتی مشیر کے پاک بھارت تعلقات کے بیان کے بعد ہوئی، دونوں ممالک کے سلامتی مشیروں کے درمیان کسی تیسرے ملک میں یہ پہلی ملاقات نہیں، دسمبر 2015 ءمیں خارجہ سیکرٹریز کی موجودگی میں بھی دونوں مشیروںکی بینکاک میں ملاقات ہوئی تھی جس کے فوری بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے لاہور کا اچانک دورہ کیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات 26نہیں 28دسمبر کو ہوئی ہے ۔ذرائع کے مطابق مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل(ر)ناصر خان جنجوعہ 27 دسمبر کو تھائی لینڈ روانہ ہوئے جہاں 28 دسمبر کو انہوں نے بھارتی ہم منصب اجیت دوول سے بنکاک میں ملاقات کی۔ملاقات کے حوالے سے اب تک سرکاری طور پر کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں تاہم بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ ملاقات کے دوران لائن آف کنٹرول پر کشیدگی ختم کرنے اور مسئلہ کشمیر سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ناصر جنجوعہ نے کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر آزاد کشمیر میں بلااشتعال بھارتی فائرنگ سے معصوم شہری شہید ہورہے ہیں۔