گیس بحران کے ذمہ داروں کیخلاف شکنجہ تیار ، وزیراعظم کا بڑا اعلان

اسلام آباد(آئی این پی س)وزیراعظم عمران خان نے سوئی ناردرن، سوئی سدرن اور پی ایس او کے بورڈز کی تشکیل نو کا حکم دے دیا جبکہ گیس بحران پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے دوبارہ تحقیقات کرنے کی ہدایت کردی اور کہاکہ بحران کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔بدھ کووزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیرپیٹرولیم غلام سرورخان اور وزیر توانائی عمر ایوب خان نے پاور سیکٹر سے متعلق بریفنگ دی۔اجلاس میں گیس بحران پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا اور ایل این جی کی 4 ماہ کی طلب اور گیس لوڈ مینجمنٹ پلان پیش کیا گیا۔ اجلاس میں ملک میں بجلی کے پیداواری منصوبوں، ایل این جی اور پیٹرولیم سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں کابینہ کمیٹی نے اوگرا آرڈیننس میں ترمیم کی منظوری دی اور ایل این جی کی قیمت پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سوئی ناردرن، سوئی سدرن اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او)کے بورڈز کی تشکیل نو کا حکم دیا۔ذرائع نے بتایا کہ کابینہ کمیٹی نے توانائی بحران پر بنائی گئی فیکٹ فائینڈنگ رپورٹ مسترد کردی اور وزیراعظم نے سیکریٹری پیٹرولیم کو 48 گھنٹوں میں سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے گیس بحران کی دوبارہ تحقیقات کرنے کی ہدایت کردی اور کہا کہ بحران کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی گھریلو صارفین کو بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنانے اور فرنس آئل امپورٹ کرنے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کو توانائی سیکٹر میں طلب اور رسد کی صورتحال سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ سردی بڑھنے کے ساتھ ہی گیس کی طلب میں اضافہ کے پیش نظر گھریلو اور صنعتوں کو گیس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا سی این جی صنعتوں اور دیگر شعبوں میں گیس لوڈشیڈنگ کے دورانیے کو کم کرنے کیلئے بھی کوششیں جاری ہیں۔ اجلاس میں توانائی کمیٹی نے فرنس آئل کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آئل ریفائنریز کا ذخیرہ بڑھانے کیلئے موثر حکمت عملی مرتب کی جائے آر ایل این جی ٹرمینل کے استعمال کیلئے تفصیلی پلان بنایا جائے۔ وزیراعظم عمران خان کو موسم سرما کیلئے گیس منیجمنٹ پلان سے بھی آگاہ کیا گیا جس پر وزیراعظم نے گیس کمپنیوں کے نقصانات میں کمی کیلئے پلان فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دار الحکومت میں شیلٹر ہوم کا افتتاح کر دیا اورپناہ گاہ کےلئے ٹرانسپورٹ سروس مہیا کرنے کی ہدایت کردی ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں شیلٹر ہوم کا افتتاح کر دیا اور اس سلسلے میں ٹرانسپورٹ سروس مہیا کرنے کی ہدایت جاری کردی ۔ وزیراعظم عمران خان نے شیلٹر ہوم میں سہولیات کا جائزہ بھی لیا، پناہ گاہ میں ڈسپنسری کی سہولت بھی موجود ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ملاقات کی ملاقات میں پاک بحریہ کے پیشہ وارانہ امور پر بات چیت کی گئی۔ بدھ کو وزیراعظم عمران خان سے نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک بحریہ کے پیشہ وارانہ امور پر بات چیت کی گئی۔ نیول چیف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر بریف کیا۔

جان چھڑکنے والے لیگی رہنماﺅں ، بیورو کریٹس کی اڑان ، خواجہ عمران نذیر ملائشیا ، رانا مشہود کئی روز سے بیرون ملک غائب

لاہور(خبر نگار)ب±را وقت آنے پر اچھے اچھے دوست اور خونی رشتے تک ساتھ چھوڑ جاتے ہیں لیکن مسلم لیگ ن کے ب±رے وقت میں قائد پر جان چھڑکنے والے رہنما بھی ان کا ساتھ چھوڑ گئے جو پارٹی کے لیے حیران ک±ن تھا۔ گرفتاریوں کے خوف میں مبتلا سابق وزرا اور مختلف کمیٹیوں میں ڈائریکٹر رہنے والے مسلم لیگ ن کے اہم رہنما خواجہ عمران نذیر ، رانا مشہود احمد اور شریف خاندان کے قریب ترین بیوروکریٹس بیرون ملک موج مستی کرنے چلے گئے اور قیادت کو اس نازک وقت میں اکیال چھوڑ دیا۔نواز شریف کیس کے فیصلے سے تین روز قبل پارٹی قیادت کی جانب سے ملک سے باہر موجود تمام ارکان اسمبلی کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ وہ ملک میں موجود رہیں اور بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لئے کارکنوں کے ساتھ رابطے میں رہیں۔لیکن لیگی قیادت کی ہدایت کے باوجود خواجہ عمران نذیر فیصلے سے ایک روز قبل ہی اچانک بیرون ملک چلے گئے۔ذرائع نے بتایا کہ خواجہ عمران نذیر ملائیشیا گئے ہیں ، اور ان کے بیرون ملک جانے کی منصوبہ بندی خفیہ رکھی گئی تھی جس کا قیادت کو بھی علم نہیں تھا۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن پنجاب کے اہم رہنما رانا مشہود احمد بھی گذشتہ کافی دنوں سے بیرون ملک میں مقیم ہیں اور واپسی کے اعلان کے باوجود واپس نہیں آئے۔ خواجہ عمران نذیر کا نام لاہور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ڈائریکٹر کے ناموں میں شامل ہے۔وہ صوبائی وزیر صحت بھی رہ چکے ہیں جبکہ رانا مشہود پر بھی کئی مبینہ کرپشن کے الزاما ت ہیں۔ وہ 2013ءتا 2018ءڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی رہے۔ 2013ء تا 2018ء ان کے پاس 5 وزارتوں کے قلمدان رہے۔ ذرائع کے مطابق وہ لیگی ارکان اسمبلی ، جو کسی طرح 56 کمپنیوں میں سے کسی کے ڈائریکٹر رہے ، پاکستان سے جانے کی کوشش کر رہے ہیں یا وعدہ معاف گواہ بننے تک تیار ہیں۔ایسے میں لیگی رہنماو¿ں اور مسلم لیگ ن کے قریبی بیوروکریٹس کا نازک وقت میں پارٹی کا ساتھ چھوڑ کر بیرون ملک چلے جانا اور وعدہ معاف گواہ تک بننے کو تیار ہونا پارٹی کے لیے بہت بڑا دھچکا ہے جبکہ پارٹی قائد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف کی گرفتاری اور جیل میں قید ہونے کی وجہ سے پارٹی کی باگ ڈور سنبھالنے پر بھی ایک سوالیہ نشان ہے۔

خوشخبری ، بجلی قیمتوں میں کمی کا امکان

اسلام آباد (آن لائن) عوام کےلئے خوشخبری، بجلی کے نرخوں مےں 33پےسے فی ےونٹ کمی کا امکان ، سی پی پی اے کی درخواست پر نےپرا آج (جمعرات کو) سماعت کرے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عوام کےلئے اچھی خبر ہے کہ بجلی کی قےمتوں مےں 33 پےسے فی ےونٹ کمی کا امکان ہے ۔ سنٹرل پاور پرچےز اےجنسی نے نےپرا کو 33پےسے فی ےونٹ کمی کی درخواست کردی ہے۔ نےپرا آج سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ سی پی پی اے نے 33پےسے فی ےونٹ کمی کی درخواست نومبر کے مہےنے کی فےول اےڈجسٹ منٹ کی مد مےں کی ہے جس سے عوام کو رےلےف ملے گا۔

165 کھرب لوٹنے والوں کی 165 پیشوں کی اہمیت نہیں : فیاض الحسن چوہان

لاہور (خبرنگار) صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ عمران خان جرات اور انتظامی صلاحیتوں کے مالک کامیاب کھلاڑی ہیں،مقام حیر ت ہے کہ عدالتوں کے چکر لگانے والے عمران خان کو اناڑی کہہ رہے ہیں،165کھرب روپے لوٹنے والوں کی 165پیشیاں عوام کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں رکھتی،شریف خاندان نے جیسے ملک لوٹا ہے ویسے ہی عدالتوں کو جواب دیں۔ ا ن خیالات کا اظہارصوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے حمزہ شہباز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھاکہ اپوزیشن کی کرپشن کی جہاں بات ہو فورا جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ چالیس برس سے میاں نواز شریف نے کرپشن، بدیانتی اور کمیشن کے زریعے لوٹ مار کی۔ بے انت کرپشن پر سزا ہوئی جس پر لوگ بہت خوش ہیں۔ شریف فیملی نے پورے خاندان سمیت ملک کو لوٹا۔ ان کی پانچوں انگلیاں گھی میں اور سر کڑاہی میں تھا۔ آل شریف اور ان کے حواری اس قول پر عمل پیرا تھے کہ چمڑی جائے پر دمڑی نہ جائے۔ اب کرپشن کے شہنشاہ کو حساب دینا پڑ رہا ہے تو تکلیف ہو رہی ہے۔ عوام ان کی لوٹ مار سے تنگ آچکے ہیں اسلئے ان کی سزا کے فیصلے پر بے حد خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں میاں نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں میوزک کلاس لینے کا مشورہ دوں گا کیونکہ ثقافت کی وزارت میرے پاس ہے تو میں انہیں سازندہ بھی دونگا جس سے گانا گانا اور بجانا سیکھیں۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ انشا اللہ عوام کا لوٹا پیسہ بھی واپس آئے گا اور آئندہ کوئی بھی ایسی جرآت نہیں کرے گا۔ جہاں تک بات آصف علی زرداری کی ہے تو زرداری صاحب ٹیسٹی فائیڈ اور سرٹیفائیڈ ڈاکو ہیں، زرداری بہت ڈھٹائی کے ساتھ کرپشن کرتے رہے ہیں۔ مگر اب سب کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف کی کرپشن کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ عدالتیں اور تحقیقاتی ادارے کہہ چکے ہیں کہ یہ کرپٹ ہیں مگر یہ لوٹے گئے کھربوں میں سے لاکھوں بھی دینے کو تیار نہیں ہیں۔

بے نظیر کی برسی کے انتظامات مکمل ، جے آئی ٹی کیخلاف کاروائی کا فیصلہ ، پی پی اجلاس میں بڑوں کے بڑے فیصلے

نوڈیرو(آئی این پی)شہید بے نظیر بھٹو کی 11ویں برسی (آج )جمعرات کو کو گڑھی خدابخش میں منائی جائیگی ،انتظامات مکمل کر لیئے گئے، بھاری پولیس نفری بھی پہنچ گئی،سیکیورٹی انتظامات سخت کر دیئے گئے ،کارکنان کے قافلے بھی پہنچ گئے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم و پی پی کی چیئرپرسن شھید بے نظیربھٹو کی 11ویں برسی( آج )جمعرات کوکو گڑھی خدابخش بھٹو میں نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جائیگی جبکہ برسی کی تقریبات کاآغاز صبح 9بجے کلام پاک سے ہوگاجس بعد لنگربھی تقسیم کیاجائیگا،بعدازاں پاکستان پیلپزپارٹی کے جانب سے برسی کی مرکزی تقریب گڑھی خدابخش بھٹو میں جلسے عام کے صورت میں ہوگی جس کے اسٹیج اور پنڈال کو بنانے کے انتظامات بھی مکمل کرلیئے گئے ہیں، اس جلسے کو جس کو پارٹی چیئرمین بلاول بھٹوزرداری،سابقہ صدرمملکت آصف علی زرداری، سید خور شید احمد شاہ، سینیٹر اعتزاز احسن، میاںرضاربانی، سابقہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف، وزیراعلیٰ سندہ سید مراد علی شاہ، سید قائم علی شاہ، رحمان ملک ودیگر مرکز وصوبائی رھنما خطاب کرینگے جبکہ برسی تقریبات کے سیکیورٹی کے حوالے سے ڈی آئی جی لاڑکانہ کے مطابق 28 ایس ایس پیز،76ڈپیز،72انسپیکٹرز،290سب انسپیکٹرز،465ای ایس آئیز،520 ھیڈ کانسٹیبلز،اور5429اھلکاروںکے علاوہ آر آر ایف کمانڈوز،ایس ایس جی کمانڈوزاور رینجرز کے جوان گڑھی خدابخش اور نوڈیرو بھٹو ھاﺅس پر تعینات کئے گئے ہیں اورمزار کے اطراف آنے والے راستوں پر سی سی کئمرائیں بھی نصب کی گئی ہیںجس سے جائز لیاجائیگا،اور مزار کے اندر واک تھرو کیٹس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ سے سرچ کی جائی گی جس بعد اند ر چھوڑا جائیگا۔ سابق صدر آصف زرداری نے صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ جے آئی ٹی کو کون سنجیدہ لیتا ہے؟ جے آئی ٹی نے رپورٹ میں ہمارا موقف شامل نہیں کیا۔ پنجاب کے عوان نے نواز شریف کے خلاف کارروائی کو نہیں مانا۔ اپوزیشن جبر کے نتیجے میں متحد ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ علی شاہ کہیں نہیں جارہے ان پر مکمل اعتماد ہے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو ان کے 11 ویں یوم شہادت کے موقعے پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تاریخ ساز مدبر و بھادر رہنما تھیں۔ وہ اپنی ذات میں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخواہ، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان تھیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نظریہ اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا فلسفہ روشن پاکستان کی جانب جانے والا واحد راستہ ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی اپنے شہید قیادت کے فکر و فلسفے پر سختی سے کاربند ہے اور ان کے خواب کو شرمندہ تعبیر بنانے کے لیئے اپنی جدوجہد سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہر سال 27 دسمبر کو منائی جانے والی برسی مساوات پر مبنی جمہوری پاکستان کے دشمنوں کے لیئے پیغام ہے کہ ان کی شکست ناگذیر اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن ناقابل تسخیر ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں پارٹی کا موقف نہیں لکھا گیا، مجھے بلائے بغیر ہی ملزم بنادیا۔ جے آئی ٹی رپورٹ میں میرا نام قابل برداشت ہے۔ جی آئی ٹی نے 700سے زائد لوگوں کو بلایا مجھے بھی بلا لیتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی سیاسی شخصیت بینک کے بورڈ میں نہیں ہوسکتی۔ جے آئی ٹی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع ہونے سے پہلے لیک ہوئی۔ مانتے ہیں کہ سندھ بینک صوبائی حکومت کی ملکیت ہے۔ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل نہیں ہوں۔ کسی بھی طریقے سے میرا بینک پر اثر ورسوخ نہیں ہے۔ 4پاور پلانٹ اومنی گروپ کے تھے۔ تو اسکا سبسڈی سے کیا تعلق ہے۔ اومنی نے2001میں نوڈیرو شوگر مل، 2008میں دادو شوگرمل خریدی۔ صرف اومنی نہیں سب پاور پلانٹس کو 1.5ملین کی سبسڈی دی گئی۔ انہوں نے کہا آصف زرداری جے آئی ٹی رپورٹ میں لگے الزامات کا جواب دینگے۔ پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی مرکزی مجلس عاملہ (سی ای سی) نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) رپورٹ کو جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی زیر صدارت لاڑکانہ میں ہوا۔اجلاس میں سی ای سی کے ممبران کے علاوہ صنم بھٹو کی خصوصی طور پر شرکت کی۔ سی ای سی اجلاس میں جے آئی ٹے کی رپورٹ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر مشاورت کی گئی، سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی ممکنہ گرفتاری کی صورت میں پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی بات کی گئی۔ اجلاس میں اراکین نے پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کو مسترد کرتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں شہید بینظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔اجلاس میں جے آئی ٹی رپورٹ کو جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے اس پر قانونی چارہ جوئی کرنے اور حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں اور انتقامی کارروائیوں کیخلاف پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر آواز اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کے بعد پی پی رہنما فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ ایسے لگ رہا ہے جیسے معاملات صدارتی نظام کی طرف بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ازخود نوٹس پر قانون سازی اور صوبہ جنوبی پنجاب بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ حکومت اپوزیشن کیخلاف انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے اور کرپشن کے نام پر یکطرفہ کارروائیاں ہو رہی ہیں، مناسب وقت پر پارٹی کارکنوں کو ہدایات جاری کریں گے۔

وزیراعلیٰ کا مثالی ہیلتھ کئیر سسٹم کا اعلان

لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں ڈاکٹرز کے وفد نے ملاقات کی جس میں ہیلتھ کیئر کی سہولتوں کو بہتر بنانے اور ڈاکٹرز کے مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کو بہترین ہیلتھ کیئر سسٹم دینا میرا مشن ہے اور آپ کے تعاون سے صوبے کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو مثالی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے جمود کو توڑنا ہو گا اورمریضوں کو علاج معالجے کا حق دینے کے لئے آخری حد تک جائیں گے کیونکہ مریضوں کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی ہماری سرفہرست ترجیح ہے۔ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں۔ہیلتھ کئیر سسٹم میں بہتری لانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ہیلتھ کئیر سسٹم کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے۔ شعبہ طب سے وابستہ افراد اور ڈاکٹروں کو حقیقی معنوں میں مسیحا کا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ دکھی انسانیت کی خدمت ہماری قومی، ملی اور مذہبی ذمہ داری ہے۔ دکھی انسانیت کی خدمت کے حوالے سے ڈاکٹرو ںکی خدمات قابل تحسین ہیں۔ صوبے کے طول و عرض میں خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا اور عام آدمی کو اس کی دہلیز پر بہترین علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یوم قائدؒ اور کرسمس کی تقریبات کے موقع پرصوبے میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کابینہ کمیٹی برائے امن و امان، پولیس اور قانو ن نافذ کرنے والے اداروںکو شاباش دی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ نئے پاکستان میں مسیحی برادری نے پر امن ماحول میں بھرپور طریقے سے کرسمس کی تقریبات منائیں۔یوم قائدؒ کی تقریبات کیلئے بھی بہترین انتظامات کئے گئے، جس پر میں متعلقہ اداروں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کے والد حضرت شیخ گل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کراچی میں ایم کیو ایم کے رہنما علی رضا عابدی کے قتل کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق علی رضا عابدی کے سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں ایم کیو ایم اور جاں بحق علی رضا عابدی کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نامور شاعر و ادیب محمد انور معین زبیری کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا ظہار کیا ہے۔

بزدار کی سادگی ، غریب دیہاتیوں کو اپنے ساتھ بٹھا لیا ، خود چائے پیش کر دی

لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں دیہی علاقوں سے آئے لوگوں نے ملاقات کی- وزیر اعلیٰ نے غریب دیہاتیوں کو اپنے ساتھ صوفے پر بٹھایا اور دیہی علاقوں سے آئے لوگو ں کے مسائل سنے -وزیر اعلیٰ نے ان کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے-وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر غریب دیہاتیوں کو اپنے ہاتھ سے چائے بھی پیش کی-وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ آپ کے مسائل حل کر کے مجھے دلی اطمینان ہوتا ہے -غریب لوگوں کو نئے پاکستان میں ان کا حق دیں گے -انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے مسائل حل کرنا ہماری ترجیح ہے اوروزیر اعظم عمران خان بھی عام آدمی کے مسائل کا درد رکھتے ہیں –

مریم نواز کی سیاست کا فیصلہ کون کریگا ؟ کیا تشدد کا راستہ اپنایا جائیگا ؟ سابق پی ایم شاہد خاقان عباسی کی چینل ۵ سے خصوصی گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ فیصلوں کے بارے میں بات نہیں کرنی چاہئے، ہم تشدد کا راستہ نہیں اپنانا چاہتے ورنہ یہ مشکل نہیں یہاں گاڑیاں چل سکتی ہیں۔ ہر چیز ہو سکتی ہے۔ ہر حلقے میں نون لیگ کے لاکھوں لوگ موجود ہیں لیکن ہم نے تشدد کا راستہ نہیں اپنانا۔ ایسا کوئی کام نہیں کرنا جس سے پارلیمنٹری سسٹم کو کوئی خطرہ ہو۔ اپوزیشن میں رہ کر ان چیزوں کا مقابلہ کریں گے۔ ہم اپنا کیس عوام کی عدالت میں لے گئے ہیں، جلسے، جلوس، مظاہرے ہوں گے، پارلیمنٹ میں بھی بات ہو گی، ہماری کوشش ہے کہ حقائق عوام کے سامنے آئیں۔ جو اس ملک میں 70 سال سے ہوتا رہا ہے اس سے سبق حاصل کریں اور مستقبل میں ایسا کام نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے صدر شہباز شریف ہیں۔ بغیر الزام کے اپوزیشن لیڈر اتنے عرصے سے جیل میں ہیں۔ شہباز شریف پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں اور پارٹی کے لئے بھی کام کرتے ہیں جب وہ نہیں ہوتے تو اس کے لئے پارلیمنٹری ایڈوائزری گروپ بنایا گیا ہے جس میں پارٹی کے سینئر رکن ہیں۔ قومی اسمبلی میں نون لیگ کے 85 ممبران، سینٹ میں ایک بڑی تعداد ہے، پنجاب اسمبلی میں بہت بڑی تعداد ہے، ہم بطور اپوزیشن اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ یکم جنوری سے جماعت کی تنظیم سازی و رکن سازی کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اسمبلی و کمیٹی کے اجلاس میں آتے ہیں ان سے مشورہ ہو سکتا ہے جس کی وجہ سے پارٹی کیلئے قائم مقام صدر کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔ ایڈوائزری کمیٹی ایک بنا دی گئی ہے جو ضرورت پڑنے پر شہباز شریف کی غیر موجودگی میں مشاورت سے فیصلے کر لیتا ہے، اپوزیشن یا پارٹی چلانے میں کوئی مشکل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپیل کا حق استعمال کریں گے، ان کیسز کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔ جس طرح نوازشریف کو العزیزیہ میں مجرم قرار دیا گیا یہ معیار ان 40 لاکھ پاکستانیوںکیلئے بھی رکھیں جو ملک کے باہر کام کرتے ہیں اور پاکستان پیسے بھیجتے ہیں، وہ 40 لاکھ اوورسیز بھی گرفتار ہونے چاہئیں، ایک ایسی منطق اختیار کی گئی جس کا قانون اور حقیقت میں کوئی وجود نہیں۔ جو یہاں سے پیسے باہر بھیج کر اثاثے بناتے ہیں ان کو گرفتار کیا جاتا ہے یا پوچھا جاتا ہے، یہ پیسے باہر کاروبار ہوا جب نوازشریف اقتدار میں نہیں تھے۔ جائز طریقے سے پیسے پاکستان آئے اور اس پر ان کو مجرم قرار دے دیا گیا۔ یہ تاریخ کے وہ بدقسمت فیصلے ہیں جو 70 سال اس ملک میں ہوتے رہے ہیں۔ ہم نے کوئی سبق حاصل نہیں کیا۔ دُعا ہے یہ آخری ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حسن و حسین نواز نے کبھی کوئی سرکاری عہدہ نہیں رکھا، نہ سیاست میں رہے ان کا جرم صرف یہ ہے کہ نوازشریف صاحب کے بیٹے ہیں۔ دونوں کی 40 سال سے زیادہ عمر ہے۔ کاروبار کرتے ہیں پیسے کماتے ہیں اپنے والد کو بھی پیسے بھیجتے ہیں۔حسن اور حسین نواز کو کس قانون کے تحت یہاں پراسیکیوٹ کرنا چاہتے ہیں؟ اسحاق ڈار پر کیا کیس ہے یہ بھی آج تک کسی کو پتہ نہیں ہے۔ تینوں پر الزام کیا ہے کسی کو نہیں پتہ لیکن ہر روز انٹرپول وعیرہ کی باتیں ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کے پاس کبھی جماعت یا سرکاری عہدہ نہیں رہا، عدالت نے اپنی منطق کے تحت ان کو سزا دی، وہ بیرون ملک تھیں واپس آئیں تو جیل چلی گئیں جس طرح انہوں نے حالات کا مقابلہ کیا آج نون لیگ کا ہر رکن ان کی تعریف کرتا ہے اور اعتماد بھی کرتا ہے۔ مریم نواز اپنی سیاست کا فیصلہ خود کریں گی۔ سیاسی ورکرز ان کو لیڈرماننے کو تیار ہے۔ عدالتی معاملات میں ہم اپیل کریں گے، یقین ہے ریلیف ملے گا کیونکہ ان کیسوں میں کوئی حقیقت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو آئے ابھی 4 ماہ ہوئے انہوں نے خود ہی مڈٹرم الیکشن کی باتیں شروع کر دی ہیں۔ یہ حکومت کے اپنے اعتماد کی کیفیت ہے، اپوزیشن خاموش نہیں رہے گی، ہم نے ملک کے مفاد میں ایک تعمیری اپوزیشن کرنی ہے۔ خواہش ہے کہ حکومت اپنے 5 سال کی ٹرم پوری کرے۔ حکومت مسائل حل نہ کر سکے تو پھر تحریک کی گنجائش بھی ہوتی ہے، عوام کی سڑکوں پر آنے کا خطرہ ہوتا ہے۔ یہ سب معاملات یہاں پر بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے سیاست میں 32 سال ہو گئے ہمیشہ وفاداریاں تبدیل کرنے اور کروانے والوں کو ذلیل و خوار ہوتے ہی دیکھا ہے اور نقصان جمہوریت اور پارلیمان کا ہی دیکھا ہے۔ جو یہ کرنا یا کروانا چاہتے ہیں ان کو مبارک ہو۔ انہوں نے کہا کہ آپ اپنی سیزن کہا ہم نے تو برفانی سیزن بھی دیکھا ہے، مشرف کے حالات بھی دیکھے ہیں۔ جب نیب کا قانون بنایا گیا اس کو جماعت توڑنے کیلئے استعمال کیا گیا، قاف لیگ بنائی گئی، حکومتیں بنائی گئیں لیکن عوام نوازشریف کے ہی ساتھ تھے کیونکہ ملک کی خدمت نوازشریف نے ہی کی ہے، پنجاب کو ترقی شہباز شریف نے دی، ہماری حکومت میں جو کام ہوئے اس کی پاکستان کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، ہم نے بجلی و گیس کا مسئلہ حل کیا، ملک کے اندر دہشتگردی کو ختم کیا۔ جب ہم نے اقتدار چھوڑا تو کراچی دنیا کے پرامن شہروں میں سے تھا پھر اب معاملات خراب ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ عوام کی رائے آج بھی نون لیگ اور نوازشریف کے ساتھ ہے۔

والدنے ڈرامہ کی اجازت نہ دی تو بھوک ہڑتال کردی: سعدیہ امام

لاہور(شوبزڈیسک ) اداکارہ سعدیہ امام نے کہا ہے کہ اتفاقیہ شوبز کی دنیا میں وارد ہوئی اورجب مجھے پہلی ڈرامہ سیریل میں کاسٹ کیاگیا تو والد کی طرف سے اجازت نہ ملنے پر بھوک ہڑتال کردی تھی ،تھیٹر دیکھنے کا شوق ہے اور جب بھی لاہور آتی ہوں تو اس کے لئے نسیم وکی کو ضرور فون کرتی ہوں ۔ ایک انٹرویو میں سعد یہ امام نے کہا کہ میری مزاحمت سے مجبور ہوکر والد نے ٹی وی پر کام کرنے کی اجازت دی تھی اور میں نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ میں تین ماہ میں اگر اپنا نا م نہ بناسکی تو شوبز چھوڑ دوں گی ۔خوش قسمتی سے میری پہلی ڈرامہ سیریل ہی اتنی مقبول ہوئی کہ میری شہرت پورے پاکستان میں پھیل گئی جس کے بعد مجھے گھر والوںکی بھرپور سپورٹ رہی مگر فلم میں کام کرنے کی پابندی برقرار ہی ۔
انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ مجھے اسٹیج ڈرامے دیکھنے کا بہت شو ق ہے اور میں جب بھی ٹی وی پراجیکٹ میں کام کرنے کیلئے لاہور آتی ہوں تو اسٹیج ڈرامہ ضرور دیکھتی ہوں اس کے لئے میں نسیم وکی کو فون کردیتی ہوں اور وہ مجھے ڈرامہ ہا ل میں بٹھا دیتے ہیں اور میں نقاب پہن کر ہال میں ڈرامہ سے بھرپور لطف اندوز ہوتی ہوں ۔

پریانکانے سسرالیوں کے ساتھ لندن میں پہلی کرسمس منائی

لندن (شوبزڈیسک )رواں ماہ شادی کے بندھن میں بندھنے والی بالی ووڈ کی جنگلی بلی پریانکا چوپڑا نے گزشتہ روز امریکی سسرالیوں کے ساتھ لندن میں پہلی کرسمس منائی۔امریکی گلوکار نک جونس اور بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑانے گزشتہ رات کرسمس تقریبات کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کی ہیں جس میں وہ اپنے نئے خاندان والوں کے ساتھ جوش وخروش سے کرسمس مناتے نظر آرہے ہیں۔تصاویر میں پریانکا کی والدہ مدھو چوپڑا اور بھائی سدھارتھ بھی نظر آرہے ہیں۔تصویر میں دیکھاجا سکتا ہے کہ پریانکا اپنے دیور کے برابر میں بیٹھی ہیں جبکہ ان کے شوہر نک جونس ان کی سامنے والی نشست پر بر اجمان ہیں۔
نک جونس نے بھی انسٹاگرام پر دو تصا ویر شیئر کی ہیں ، ایک تصویر میں وہ اپنے بھائیوں کے ساتھ کرس مس ٹری کے پاس پوز دیئے کھڑے ہیں ۔دوسری تصویر ان کی اپنی بیگم کے ساتھ ہے۔تصاویر کو دیکھ کر لگتا ہے دونوں ایک دوسرے کے ساتھ بڑے مطمئن اور خوش ہیں۔واضح رہے دونوں اپنے ممبئی استقبالیے کے بعد کرسمس کے لئے لندن آگئے تھے ۔دونوں جلد ہی اپنے امریکی دوستوں کو بھی دعوت ولیمہ کھلائیں گے۔