لاہور (نیوز رپورٹر) منشیات اسمگلنگ کیس میں انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ سے تفتیش مکمل کرکے انسداد منشیات عدالت میں چالان جمع کرادیا۔اے این ایف نے راناثنا اللہ کو تفتیش میں قصور وار قرار دیدیا اور چالان میں ان سمیت دیگر پانچ ملزمان کو بھی نامزد کیا۔اے این ایف میں جمع کرایا گیا چالان دو سو صفحات پر مشتمل ہے جس کے بعد منشیات اسمگلنگ کیس میں گرفتار راناثنا اللہ کے ٹرائل کا آغاز ہوگیا۔اے این ایف عدالت کے جج مسعود ارشد نے 29 جولائی کو رانا ثنااللہ کو طلب کرلیا۔خیال رہے کہ یکم جولائی کو انسداد منشیات فورس نےرانا ثنا اللہ کو لاہور سے فیصل آباد جاتے ہوئے ان کی کار سے مبینہ طور پر 15 کلو منشیات برآمد ہونے پر حراست میں لیا تھا۔رانا ثنااللہ کو پنجاب کے علاقے سیکھکی کے نزدیک اسلام آباد – لاہور موٹر وے سے گرفتار کیا گیا تھا۔2 جولائی کو اے این ایف نے لیگی رہنما کو عدالت میں پیش کیا گیا جس کے بعد انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔
