دنیا کا پہلا آل اسکرین اسمارٹ فون ڈیزائن سامنے آگیا

(ویب ڈیسک)اس وقت تمام اسمارٹ فونز کا ڈیزائن لگ بھگ ایک جیسا ہوتا ہے اور ڈسپلے میں اسکرین ٹو باڈی ریشو بھی سو فیصد تک نہیں سکا ہے، کیونکہ نوچ یا دیگر سنسرز کی وجہ سے بیزل دینے پڑتے ہیں۔مگر ا ایک چینی کمپنی نے اس کا حل ڈھونڈ نکالا ہے اور اسے توقع ہے کہ اس کی بدولت وہ فون کی اسکرین کو بیزل سے مکمل پاک کرسکے گی۔ٹوئٹر صارف آئس یونیورس نے چینی کمپنی ویوو کے نئے کانسیپٹ فون نیکس 3 کے فرنٹ اور بیک کے گلاس کی تصویر شیئر کی ہے جس میں ایجز 90 ڈگری تک موجود ہیں۔اس سے پہلے ویوو نیکس میں متاثر کن 91.24 فیصد اسکرین ٹو باڈی ریشو دیا گیا تھا جبکہ نیکس 2 میں بیزل کو اور کم کیا گیا تھا۔مگر ویوو نیکس 3 میں ہول اور نوچ کو ختم کرکے وارپ رآنڈ گلاس کا استعمال کیا جائے گا اور امکان ہے کہ اسکرین ٹو باڈی ریشو 100 فیصد ہوجائے گا۔ابھی اس فون کی دیگر تفصیلات سامنے نہیں آئیں اور نہ ہی کمپنی نے اس کی تیاری کا عندیہ دیا ہے۔ابھی یہ بھی واضح نہیں کہ اس میں سیلفی کیمرا پوپ اپ شکل میں دیا جائے گا یا اسکرین کے اندر نصب کردیا جائے گا۔

ایسا ائیرکنڈیشنر جو جیب میں بھی فٹ آجائے

(ویب ڈیسک)کیا آپ کو گرمی بہت لگتی ہے اور دل کرتا ہے کہ ہر وقت ائیرکنڈیشنر آپ کے ساتھ ہو؟اگر ہاں تو اچھی خبر یہ ہے کہ جاپانی کمپنی سونی نے اس کا حل لگتا ہے کہ تلاش کرلیا ہے۔جی ہاں یہ کمپنی ایسا وئیرایبل ائیرکنڈیشر متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے جسے جیب میں رکھا جاسکتا ہے جبکہ اسے استعمال کرنے کے لیے ایک خاص ٹی شرٹ کو پہننا ہوگا۔ریون پاکٹ نامی اے سی کو اس خصوصی ٹی شرٹ کی گردن اور کمر کے درمیان موجود جیب میں رکھ دیا جائے گا اور یہ خاموش ڈیوائس گردن پر ٹھہر کر تھرمو الیکٹرک کولنگ خارج کرے گی۔اگر موسم گرم ہے تو یہ اے سی آپ کا جسمانی درجہ حرارت 13 ڈگری تک پہنچائے گا جبکہ سرد موسم میں یہ جسمانی درجہ حرارت بڑھا کر 8 ڈگری تک لے جائے گا۔کمپنی کے مطابق اس اے سی میں پلیٹیر ایفیکٹ استعمال کیا گیا ہے جو کہ عام طور پر گاڑی کو ٹھنڈا کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔اس اے سی کو ایک موبائل ایپ کی مدد سے کنٹرول کیا جاسکے گا جبکہ آٹومیٹک موڈ بھی کمپنی مستقبل میں متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے اور ہاں سنگل چارج پر 24 گھنٹے کام کرسکے گا۔اس کے بعد یو ایس بی سی پورٹ سے 2 گھنٹے میں اسے مکمل چارج کرنا ممکن ہوگا۔فی الحال یہ اے سی کرآڈ فنڈنگ کے لیے پیش کیا جارہا ہے جس کی شپنگ مارچ 2020 میں شروع ہونے کا امکان ہے اور وہ بھی صرف جاپان میں۔اس کی قیمت 12 ہزار جاپانی ین (لگ بھگ 19 ہزار پاکستانی روپے)سے زائد رکھی گئی ہے۔اس ڈیوائس کا وزن محض 85 گرام ہے جبکہ حجم ایک اسمارٹ فون سے بھی چھوٹا ہے۔

کراچی ملیر میں سکھن ندی پر تعمیر ڈھانڈو ڈیم کا پشتہ ٹوٹ گیا

کراچی (ویب ڈیسک) کراچی ملیر میں سکھن ندی پر تعمیر ڈھانڈو ڈیم کا پشتہ ٹوٹ گیا، پانی قریبی آبادیوں ھالو سالار، حاجی آدم سالار، ہاشم خاصخیلی میں داخل ہونا شروع، تینوں دیہات کے لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی۔ میڈیا رپورٹس میں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق کراچی میں طوفانی مون سون بارش کے باعث شہر کے علاقے ملر میں سکھن ندی پر تعمیر ڈھانڈو ڈیم کا پشتہ ٹوٹ گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ ڈھانڈو ڈیم کا پشتہ ٹوٹنے کے بعد ڈیم کا پانی قریبی آبادیوں ھالو سالار، حاجی آدم سالار، ہاشم خاصخیلی میں داخل ہونا شروع ہو گیا ہے۔ علاقے میں پانی داخل ہونے کے باعث متاثرہ دیہاتوں کے لوگوں نے ہنگامی طور پر نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فوری اقدامات نہ ہوئے تو گوٹھ زیر آب آجائیں گے۔اس تمام صورتحال میں سندھ حکومت کی جانب سے تاحال نہ ہی کوئی ردعمل دیا گیا ہے، نہ ہی کسی قسم کے ہنگامی اقدامات کیے گئے ہیں۔دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ بھارت کے شہر راجستھان سے سندھ میں داخل ہونے والا مون سون کا سسٹم میرپور خاص حیدرآباد میں تباہی مچانے کے بعد آج صبح کراچی پہنچ گیا صبح سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے ایک ہفتے قبل طوفانی بارش کا الرٹ جاری کیا گیا تھا تاہم شہر میں برساتی نالوں کی صفائی کا کام نہ ہوسکا تیز بارش کی وجہ سے شہر میں سیلابی صورت حال کا خطرہ ہے۔آج صبح سے جاری بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورت حال ہے۔ شہر میں پرائیویٹ اسکولوں میں بچوں کی چھٹی کردی گئی تھی جبکہ سرکاری اسکولوں میں طلباکی حاضری نہ ہونے کے برابر تھی جبکہ اساتذہ بھی غیر حاضر تھے۔ اسی باعث کل شہر کراچی میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہے گا ہلکی اور تیز بارش جاری رہے گی۔ مون سون بارشوں کا سلسلہ نا صرف سندھ بلکہ اسلام آباد، خیبر پختونخواہ اور پنجاب میں بھی جاری رہے گا۔

حمزہ شہباز کی آف شور کمپنیاں نیب کے ریڈار پر

لاہور(ویب ڈیسک) نیب لاہور نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں حمزہ شہباز کی آف شور کمپنیوں کا سراغ لگا لیا۔قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے بعد حمزہ شہباز کی بھی اف شور کمپنیوں کا سراغ لگالیا، نیب لاہور کی تحقیقاتی ٹیم نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی آف شور کمپنیوں کی تفصیلات احتساب عدالت میں جمع کروا دیں۔نیب رپورٹ کے مطابق حمزہ شہباز کی آف شور کمپپنیوں سے کروڑوں روپے منتقل کیے گیے، اور یہ آف شور کمپنیاں انہیں کمپنیوں کے ملازم کے نام پر بنائی گئی ہیں اور حمزہ شہباز کے 4 ملازمین کے نام پر میسرز یونی ٹاس اور گڈ نیچر کمپنیاں بنائی گئیں، جن ملازمین کے نام پر آف شور کمپنیاں بنائی گئی ان میں سید طاہر نقوی، علی احمد خان، ناصر احمد گل شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق حمزہ شہباز اپنی آف شور کمپنیوں سے رقم کی منتقلی اپنے ملازم علی احمد خان کے اکاو¿نٹ سے کرتے ہیں، 2 کروڑ 50 لاکھ کی اور 25 ملین کی رقم اگست 2016 میں مختلف ٹرانزیکشن سے منتقل ہوئیں، یہ رقم علی احمد خان کے اکاونٹ سے کمپنی کے اکاونٹ میں اور پھر حمزہ شہباز ودیگر فیملی ممبران کے اکاﺅنٹس میں منتقل ہوتی رہی ہیں۔رپورٹ کے مطابق حمزہ شہباز کی آف شور کمپنیاں جن ملازمین کے نام پر بنائی گئی وہ نیب کا سامنا کرنے سے کترا رہے ہیں، ملازمین کا کہنا ہے کہ ان کو نہیں معلوم کہ ان کے نام پر آف شور کمپنیاں بنائی گئیں اور بینک اکاﺅنٹس بھی کھلوائے گئے۔ حمزہ شہباز سے سلمان شہباز اور رابعہ عمران سے متعلق بھی تفتیش کی گئی، حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور رابعہ عمران کے ساتھ بزنس میں شراکت داری بھی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ حمزہ شہباز سے رمضان شوگر مل اور چودھری شوگر ملز کا ریکارڈ کے حوالے سے بھی تفتیش کی گئی اور نیب کی تحقیقاتی ٹیم آف شور کمپنیوں کے حوالے سے تحقیقات مکمل کرنے کے لیے بہت پر امید دکھائی دیتے ہیں۔