وزیراعظم عمران خان14اگست کوآزاد کشمیر کا دورہ کریں گے

لاہور(ویب ڈیسک) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان14اگست کوآزاد کشمیر کا دورہ کریں گے، عمران خان آزاد کشمیراسمبلی سے خطاب کریں گے، دنیا کو جگائیں گے کہ وہ اپنا کردارادا کرے،کشمیرکا ہربچہ، بوڑھا اورجوان کہہ رہا ہے کشمیربنے گا پاکستان۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی2 روزہ دورے پرآزاد کشمیرپہنچ گئے ہیں۔آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدرعتیق خان نے وزیرخارجہ کا استقبال کیا۔ وزیرخارجہ نمازعید مرکزی عیدگاہ میں ادا کریں گے۔ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نمازعید کے بعد ریلی میں شرکت کریں گے۔وزیرخارجہ کشمیری قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ انہوں نے آج یہاں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا بچہ بچہ کہہ رہا ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔70سالہ بھارتی بربریت کے باوجود کشمیری عوام کی جدوجہد جاری ہے۔ دنیا کوپیغام دینا ہےکہ کشمیری ہم سے جدا نہیں۔بھارتی بربریت کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ دوسری جانب چین کو وضاحتیں دینے بھارتی وزیرخارجہ چین پہنچ گئے، چین کی پاکستان کی حمایت پر بھارت کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، بھارت کومقبوضہ کشمیر اورلداخ پر دنیا کو جواب دینا ہوگا۔چین کے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کے اعلان کے بعد بھارتی وزیرخارجہ چین پہنچ گئے ہیں۔ بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر جموں وکشمیر کے معاملے پرچین کووضاحتیں دیں گے۔ اس سے قبل پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے چین کا دورہ کیا تھا اور بھارتی اقدام پر چین کو آگاہ کیا تھا۔جس پر چین نے کھلم کھلا پاکستان کی حمایت کا علان کیا تھا۔ جس پر بھارت کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ دوسری جانب بھارت کے سابق فوجی اور بھارتی صحافی پراون ساہنے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انکشاف کیا ہے کہ چین اور روس نے مذاکرات کیلئے بھارت پر دباوﺅڈالنا شروع کردیا ہے۔ چین اور بھارت کے ساتھ اعتماد سازی نہیں بلکہ مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔جبکہ بھارت کا حقیقت پسند طبقہ بھی اب تمام حقائق کو منظر پر لا رہا ہے۔ چین اور روس کے دباﺅ کے بعد بھارت کیلئے کشمیر کے معاملے پر جلد مذاکرات کا ا?غاز کرنا ناگزیر ہو جائے گا۔ بھارتی صحافی نے بتایا کہ بھارتی فوج عسکریت پسندی کے تدارک کے آپریشنز کے علاوہ لڑنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔ بھارتی صحافی نے اپنی فوج بارے مزید کہا کہ آج ایک جدید دور کی جنگ ہمیں گھور رہی ہے، جبکہ بھارت نے جدید دور کی جنگ کیلئے فوج کو ناکارہ بنا دیا ہے۔

حکومت نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مختلف کوششوں کا آغاز کر دیا ہے، آرمی چیف

راولپنڈی(ویب ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے مسئلہ کشمیرکے حل کے لیے مختلف کوششوں کا آغاز کر دیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کے سیکٹر باغ کا دورہ کیا اور عید فوجی جوانوں کے ساتھ منائی، آرمی چیف نے باغ سیکٹر میں عید کی نماز اگلے مورچوں پر تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ ادا کی۔اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کے معاملے پر کثیرالجہتی کاوشیں کی ہیں اور بحران کے حل کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں، مسئلہ کشمیر ہمارے لیے ایسے ہی اہمیت رکھتا ہے جیسے امن کی خواہش، امن کی خواہش کے ساتھ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پرعزم ہیں اور کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر کا ہتھکنڈا استعمال کر رہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کے لئے کچھ بھی کر سکتا ہے تاہم ہم ایسی کسی بھی بھارتی سازش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں، ہم سچ کے ساتھ کھڑے ہیں اور قربانیاں دیتے رہیں گے، بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیے گئے سنگین جرائم کی پردہ پوشی نہیں کرنے دیں گے۔آرمی چیف نے کہا کہ ہمارا مذہب ہمیں امن کا درس دیتا ہے، سچ کے لیے استقامت اور قربانی بھی سکھاتا ہے، پاک فوج عید قرباں بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر کے باسیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منارہی ہے، بھارت دنیا کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر سے ہٹا کر ایل او سی اور پاکستان پر مرکوز کرانا چاہتا ہے تاہم جتنا وقت، جتنی کاوشیں درکار ہوں کریں گے اور انشاءاللہ ہر چیلنج پر پورا اتریں گے۔

دیر میں افسوسناک حادثہ عید کی خوشیاں ماتم میں تبدیل 5جا بحق

مالاکنڈ (ویب ڈیسک)دیر بالا میں مسافر بس گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 5 افرد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔دیر بالا میں ٹریفک کا المناک حادثہ پیش آیا ہے۔ دیر انکار پولیس چیک پوسٹ کے قریب فلائنگ کوچ گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 5 افرد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو دیر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں تین زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ حادثے کا شکار فلائنگ کوچ تیمرگرہ سے براول جار ہی تھی۔

وزیر اعظم نے کراچی کی صورتحال کا نو ٹس لے کر اراکین اسمبلی کو حلقوں میں رہنے کی ہدایت کر دی

وزیراعظم عمران خان نے کراچی کی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کراچی کےاراکین اسمبلی کواپنے اپنے حلقوں میں رہنےکی ہدایت کر دی ۔کراچی میں گزشتہ دو روز کے دوران شدید بارش کے باعث اکثر علاقوں سڑکیں اورگلیاں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں جبکہ شہر قائد میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں 14 افراد جاں بحق ہوئے۔بارش کے دوران شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی بھی بند ہے اور شہری اور صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ بجلی کی ترسیل کاادارہ کے الیکٹرک بھی شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہو چکا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے شہر کی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے پی ٹی آئی کےتمام ارکان اسمبلی کوعید اوریوم آزادی پر اپنے حلقوں میں رہنے اور عوام کی ہر ممکن مدد، تعاون کی ہدایت کی ہے۔عمران خان کے مطابق کراچی کےشہریوں کوکئی دہائیوں تک نظر انداز کیا گیا اور وہ اب مشکلات کا سامنا کر رہے، وفاقی حکومت کراچی کے دہائیوں پرانے مسائل کے حل کے لیے جامع پیکج بنا رہی ہے۔

بڑی عید پر صرف 4فلمیں ریلیز ماہرہ ،مایا ،حریم فاروق کا سخت مقابلہ

کراچی: رواں سال عید قرباں کے پُرمسرت موقع پر بڑے بجٹ اور خوبصورت کاسٹ پرمشتمل 4 فلموں کا میلہ سجے گا جن میں پاکستانی حسیناؤں ماہرہ خان، مایا علی اور حریم فاروق میں کڑا مقابلہ متوقع ہے۔اس عید قرباں اداکارہ ماہرہ خان، حریم فاروق، مایا علی، شہریار منور، بلال اشرف، علی رحمان اورسمیع خان جیسی خوبصورت کاسٹ سے سجی 4 فلمیں’’پرے ہٹ لو‘‘،’’ہیر مان جا’’،’’سپر اسٹار‘‘ اور’’کاف کنگنا‘‘ ریلیز ہورہی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں ماہرہ خان کی فلم ’’سپر اسٹار‘‘ اس عید پر ریلیز ہورہی ہے وہیں وہ فلم ’’پرے ہٹ لو‘‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔  لہٰذا قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ ماہرہ خان عید قربان پر ہونے والا میلہ  دو فلموں کے ساتھ  دیگر اداکاراؤں کے مقابلے میں لوٹ لیں گی، تاہم یہ تو فلموں کی ریلیز کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ کون سی اداکارہ نے بازی مارلی۔

سرفراز کی سینڑل کنٹریکٹ میں شمولیت نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 8 اگست کو سینٹرل کنٹریکٹ 20-2019ء کے لئے 19 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنڑیکٹ دے کر ایک نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق نیا سینٹرل کنڑیکٹ عجلت میں دینے کی باتیں بے بنیاد ہیں، یہ فیصلہ کرنا اس لئے ضروری تھا کہ جولائی میں شروع ہونے والا سینٹرل کنٹریکٹ ویسے ہی ایک ماہ تاخیر کا شکار ہو چکا تھا۔البتہ دوسری جانب سلیکشن کمیٹی کے بغیر سینٹرل کنٹریکٹ کا سامنے آنا کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ اگرچہ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ نئی سلیکشن کمیٹی سینٹرل کنٹریکٹ کے ناموں میں اضافہ کر سکتی ہے، تاہم ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان ڈائریکٹر اکیڈمی مدثر نذر اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید اور سابق کوچ مکی آرتھر کی موجودگی میں بننے والے 20-2019ء کے سینٹرل کنٹریکٹ جس میں مینجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کی مشاورت شامل ہے، کئی تحفظات سامنے آرہے ہیں ۔سینٹرل کنٹریکٹ کی “ اے” کیٹگری میں یاسر شاہ کو شامل کرنے کی وجہ بتائی گئی کہ ایک سال میں انہوں نے 7 ٹیسٹ میں 38 وکٹیں حاصل کیں۔

گھریلو خواتین کی کھانا پکانے سے جان چھوٹ گئی نیا فارمولا آگیا

بقرعید آرہی ہے گوشت ہی گوشت لارہی ہے۔ ہم نے سوچا اس بار کسی اور موضوع پر لکھنے کے بجائے خواتین کے لیے گوشت کے کچھ پکوانوں کی ترکیبیں پیش کردیں۔ ویسے حقیقت یہ ہے کہ ہمیں پکانا بالکل نہیں آتا، اسی لیے ہم کچھ بھی کریں بیگم فوراً قرار دے دیتی ہیں کہ دال میں کالا ہے، البتہ ہمیں کھانے کی ترکیبیں پتا ہیں، جیسے عین کھانے کے وقت کسی رشتے دار کے گھر پہنچ جانا۔

غذائی امور سے مکمل عدم واقفیت کے باوجود اس کا کیا کریں کہ ہم بہت رحم دل ہیں، خاص طور پر خواتین کے معاملے میں، تو سوچا اس خوراکوں والے تہوار پر بی بیاں کہاں ترکیبیں ڈھونڈتی پھریں گی کیوں نہ ہم ان کا یہ مسئلہ حل کردیں، تو ترکیبیں حاضر ہیں۔

بریانی

یہ ہمارا قومی پکوان ہے۔ بارات ہو یا ولیمہ، سوئم ہو یا چالیسواں ہر جگہ تو آپ بریانی کھاتی ہیں، کھا کھا کر دل نہیں بھرا؟ ہمارے ہاں ہر تقریب بہرملاقات نہیں برائے بریانی ہوتی ہے، سو تقریبات میں جاتی رہیے اور بریانی کھاتی رہیے، خود پکانے کا جھمیلا پالنے کی کیا ضرورت ہے۔

پائے

پائے بڑی صبرآزما ڈش ہے۔ خوش ذائقہ پائے بنانے کے لیے بنانے والے کو صبر کرنا پڑتا ہے اور بدذائقہ بنے ہوں تو کھانے والے کو۔ یہ بڑا محنت طلب پکوان بھی ہے۔ اگر خیر سے آپ ساس ہیں تو بہو سے پائے بنوائیے۔ آخر آپ نے گائے سے زیادہ بہو لانے پر خرچہ کیا ہے، تو کس دن کے لیے اتنا پیسہ خرچ کیا تھا؟ پھر ترکیب سمجھنے کا ٹینشن آپ کیوں لیں، موئی کسی سے پوچھ کر خود بنا لے گی۔ بہو نئی نئی ہے تو اسی بقرعید پر کام میں لے آئیں، ورنہ اگلی عیدالاضحیٰ تک وہ خود کٹ کھنا بیل بن چکی ہوگی۔

مغزفرائی

گیس ضایع نہ کریں، نہ ہی زیادہ مغزماری کی ضرورت ہے، بس پتیلی میں مغز ڈال کر بیٹھ جائیں اور مغز کو شوہر سمجھ کر کھری کھری سنانی شروع کردیں، کچھ ہی دیر میں فرائی ہوجائے گا۔ مغز کو 15 منٹ سے زیادہ شوہر مت سمجھیے گا ورنہ جل جائے گا یا گھومتا ہوا اچھل کر پتیلی سے نکل کر باہر چلا جائے گا۔

نرگسی کوفتے

اگر آپ اپنے شوہر کو خوش کرنے کے لیے یہ ڈش بنارہی ہیں تو رہنے دیجیے، اس سے اچھا ہوگا انہیں اداکارہ نرگس کا ڈانس بالمشافہ نہیں تو یوٹیوب پر دکھادیں، وہ زیادہ خوش ہوں گے۔ جب تک وہ ڈانس دیکھیں آپ ان کی طرف بالکل نہ دیکھیں ورنہ خود جل کر کوفتہ ہوجائیں گی۔ ویسے بھی نرگسی کوفتے انڈے کے بغیر نہیں بنتے، انڈے بہت منہگے ہیں اور قربانی کے جانور انڈے نہیں دیتے۔ اس لیے سادہ کوفتے ہی بنالیجے۔

حلیم

اس کی ترکیب بہت آسان ہے۔ اپنے شوہر سے کہیں، ’سُنیں! میری سہیلی راشدہ کہہ رہی تھی تمہارے شوہر بہت مزے دار حلیم بناتے ہیں، اب کی بقرعید پر ان کے ہاتھ کا حلیم کھانے آؤں گی‘۔ اتنا کہنا کافی ہوگا، رات بھر کی گُھٹائی کے بعد خوش ذائقہ حلیم تیار ہوگا۔ حلیم آپ کے خاوند بنائیں گے تو آپ کو ترکیب معلوم کرنے کی کیا ضرورت ہے۔

کڑھائی گوشت

جتنے وقت میں آپ کڑھائی گوشت پکائیں گی، اتنے وقت میں 4 سے 5 کڑھائی والی قمیصیں دکان دار کو اچھی طرح پکانے کے بعد خرید سکتی ہیں۔ سو اپنا ٹائم ضایع نہ کریں۔ یہ ڈش پکانا جتنا مشکل ہے کھانا اتنا ہی آسان، بس شوہر کو فون کرکے کہہ دیجیے، ’آج سر میں درد تھا کچھ پکا نہیں سکی، آج باہر کڑھائی گوشت کھانے چلیں؟‘ ہر سمجھ دار شوہر جانتا ہے کہ سوالیہ شکل میں اُسے حکم ملا ہے، بس اب شوہر کا انتظار کیجیے پھر کڑھائی گوشت سے پورا پورا انصاف کیجیے۔ لیجیے آپ کڑھائی دھونے سے بھی بچ گئیں۔

بالٹی گوشت

بھئی اگر بالٹی میں گوشت چڑھا دیا تو نہانے کے لیے کیا پتیلی اور کیتلی استعمال ہوگی؟ یوں کیجیے کہ جوں ہی مہمان آئیں کہہ دیں، ’بس ابھی ان کے ابو نے نہاکر بالٹی فارغ کی تو میں نے بالٹی گوشت چڑھا دیا، آدھے گھنٹے میں پک جائے گا‘۔ یہ سُنتے ہی مہمان 15 منٹ میں کھانے سے معذرت کرتے ہوئے روانہ نہ ہوئے تو جو چور کی سزا وہ ہماری۔ دیکھا کیسی ترکیب بتائی، آپ بھی زحمت سے بچ گئیں آپ کی بالٹی بھی۔

فریال تالپور کی رات 12بجے ہسپتال سے جیل منتقلی پر جیالے سراپا احتجاج

راولپنڈی:(ویب ڈیسک)سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ اور پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کو رات گئے پولی کلینک اسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔فریال تالپور جعلی اکاونٹس کیس میں زیر حراست ہیں اور طبیعت ناساز ہونے کے باعث اسلام آباد کے پولی کلینک اسپتال میں زیرعلاج تھیں۔نیب نے انہیں طبیعت بہتر ہونے پر رات گئے اسپتال سے اڈیالہ جیل راولپنڈی منتقل کیا۔اس پر فریال تالپور کا کہنا تھا کہ نیب کو شرم آنی چاہیے کہ رات 12 بجے ایک عورت کو اس طرح جیل منتقل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ نیب نے غیر قانونی حرکت کی ہے کیا یہ نیا پاکستان ہے؟ کیا یہ انصاف ہے کہ ایک بیمار قیدی کو رات کے 12 بجے یوں غیرقانونی طور پر جیل منتقل کردیا جائے۔

کراچی کے اکثر علاقے 30گھنٹے سے بجلی سے محروم شہری سڑکوں پر نکل آئے

 کراچی: عید الاضحیٰ پر بھی کے الیکٹرک کی نااہلی کے باعث شہر قائد کے متعدد علاقے دو روز سے بجلی سے محروم ہیں۔پنجاب کالونی، لانڈھی، قائد آباد، کورنگی، ملیر، اورنگی ٹاؤن، دادا بھائی ٹاؤن اور گلستان جوہر سمیت کراچی کے متعدد علاقوں میں 30 گھنٹوں سے بجلی معطل ہے۔پنجاب کالونی کے مکینوں نے کے الیکٹرک ہیڈ آفس کے باہر شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے کے الیکٹرک ، وفاقی اور صوبائی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ پنجاب کالونی میں 30 گھنٹوں سے بجلی معطل ہے ، اس پریشانی کے وقت کسی حکومتی یا اپوزیشن نے ساتھ نہیں دیا اور رکن صوبائی و قومی اسمبلی ووٹ لینے کے بعد سے اب تک نہیں آئے۔

وزیر اعظم عمران خان کی بنی گالہ میں نماز عید اور قربانی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قربانی کے جذبے کے بغیردنیاکی کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی۔وزیراعظم نے بنی گالا میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی جس کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی میں قربانی کی۔وزیراعظم عمران خان نے اہل وطن کو عیدالاضحیٰ کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دعاہے آپ کی زندگیوں میں خوشی کے مواقع باربارآتے رہیں، عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیمؑ اورحضرت اسماعیلؑ کی تسلیم ورضاکی یادگارہے، آج کےدن ان عظیم شخصیات نےاطاعت وایثارکی لازوال مثال قائم کی، یہ عمل اللہ کواتناپسندآیاکہ امت محمدی کیلئے لازم قراردیدیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کےلیے عیدالاضحیٰ سادگی سے منائی جائےگی، قربانی کے جذبے کے بغیردنیاکی کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی، یہ جذبہ ہرقسم کی مشکلات کوخندہ پیشانی سے برداشت کرنےکانام ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی اور معاشرتی مشکلات کے دورسے گزررہاہے، ایسے میں قوم کواقتصادی بحالی کی حکومتی کوششوں میں تعاون کرناہوگا۔