اسلام آباد (وقا ئع نگار )یوٹیلیٹی سٹور ز یونین اور ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کے درمیان معاملات طے پا گئے ،یوٹیلیٹی سٹورز یو نین نے ہڑتا ل ختم کرنے کا اعلان کردیا ،یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی انتظامیہ کی طرف سے ملازمین کیلئے مراعات کا اعلان۔تفصیلات کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز یونین کی طرف سے گزشتہ روز ملک بھر میں مطالبات کی منظوری تک یوٹیلٹی اسٹورز بند کر د ئیے گئے تھے۔صدر یوٹیلیٹی سٹور زیونین عابد محمود نے خبریں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کے روز یوٹیلیٹی سٹورز ہیڈ آفس میں ان کی میٹنگ منعقد کی گئی تھی جس میں گفتگو شنید کے ساتھ ان کے تمام مطالبات تسلیم کرلئے گئے ہیں۔ان کہنا تھاکہ ہمارے پانچ مطالبات پر مشتمل ایجنڈا تھا جس میں 2017 اور 2018 کے بقایا جات تھے جن کو کلیئر کردیا گیاہے۔ڈیلی ویجز کی تنخواہوں کو 20 فیصد بڑھا دیا گیاہے۔پہلے ڈیلی ویجز کی تنخواہوں کو 15ہزار سے 17000 ہزار کرنے کا کہا گیا تھا لیکن اب تما م ڈیلی ویجزکی تنخواہوں کو 20 فیصد بڑھانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پہلے تنخواہیں صرف تعلیم کے معیار پر ملتی تھیں ۔بی اے پاس ورکرز کی تنخواہیں اور ایم اے پاس ورکرز کی تنخواہوں میں فرق تھا جبکہ اب تما م ملازمین کی تنخواہوں کو 20فیصد بڑھا گیا ہے۔اس کے علاوہ میٹنگ میں شہید پیکج کو بھی بحال کر دیا گیاہے۔پہلے ہمیں سالانہ انکریمنٹ نہیں مل رہے تھے جو کہ اب بحال کر دیا گیاہے۔ملازمین کو رمضان کا اعزازیہ بھی دیا جائے گا۔رمضان ریلیف پیکج کیلئے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ بطور اعزازیہ کی بھی منظوری دی گئی ہے۔اس کے علاوہ تما م ملازمین کے لیے کرونا رسک الاونس کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھاکہ شہید ہونے والے ورکر کیلئے شہداءپیکج کی بھی منظوری دی گئی ہے جس کی وجہ سے شہید ہونے والے ورکر کے گھر والوں کو شہید کی تنخواہ و دیگر مراعات دئے جائینگے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے یوٹیلیٹی سٹورز انتظامیہ سے مطالبا ت جائز تھے اور ہم جائز مطالبات کے حق میں کھڑے ہوئے ہیں اور اپنے ورکرز کے لیے آواز بلند کی ہے ۔ہمارا مقصد افراتفری پھیلانا نہیں تھا اور نہ ہی اس مشکل گھڑی میں عوام کو سستی اشیاءسے محروم کرنا تھا ۔بلکہ کیوں یوٹیلیٹی سٹورز کے بھی بہت سارے ورکرز انتہائی غریب ہیں اور ان کی تنخواہیں بہت کم ہیں ایسے حالات میں گزارا بہت مشکل ہوتاہے ۔ہمیں بھی عوام کی مشکلات کا خیال ہے اور ہم خود اس مشکل گھڑی میں یوٹیلیٹی سٹورز انتظامیہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور عوام کی خدمت کے لیے حاضر ہیں۔انہوں نے کہا ہم چئیرمین یوٹیلیٹی سٹورز اور ایم ڈی عمر لودھی صاحب اور تما م اعلی حکام کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمارے جائز مطالبات کو تسلیم کیا اور یوٹیلیٹی سٹورز کے ورکرز کو ان حق ادا کیا ہے۔
