کورونا کے معاملے پر کسی ملک یا عالمی ادارے نے ایک ڈالر بھی مدد نہیں کی، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد( و یب ڈ سک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کورونا کے معاملے پر کسی ملک یا عالمی ادارے سے کوئی مالی امداد نہیں ملی۔خبر یں نیوزکے مطابق یوٹیوب وی لاگرز سے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا پوری دنیا کے لئے بڑا امتحان ہے، لیکن پاکستان کے حالات یورپ، امریکا اور برطانیہ سے بہت مختلف ہیں، لاک ڈاون سے ہمارا کمزور طبقہ مشکل میں آگیا ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سےترسیلات زر رک گئی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ مزدوروں کی مشکلات کی وجہ سے لاک ڈاون نہیں لگانا چاہتا تھا، 75 فیصد مزدور ہمارے پاس رجسٹرڈ نہیں ہیں، کورونا کی وجہ سے ملکی معیشت بری طرح متاثر ہوئی، ایسے وقت میں پاکستان کی کسی ملک یا عالمی ادارے نے ایک ڈالر بھی مدد نہیں کی، صرف آئی ایم ایف نےقرضوں کی ادائیگی میں ریلیف دیا۔عمران خان نے کہا کہ لوگ سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کررہے ہیں اور جھوٹ کا سہارا لیتے ہیں، کرپشن سے پیسہ بنانے والے آزاد میڈیا سے خوفزدہ ہیں، کوئی کتنا بھی جھوٹ بولےآخرکارعوام سچ ڈھونڈلیں گے، پی ٹی آئی ملک میں سب سے پہلے سوشل میڈیااستعمال کرنیوالی جماعت ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا کب ختم ہوگا، اس بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا، آہستہ آہستہ لاک ڈاون کھول رہے ہیں تاہم اس میں وقت لگے گا، آئی ایس آئی اور دیگر ایجنسیوں سے اس معاملے پر مشاورت کی ہے، آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم کی طرف جا رہے ہیں، آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم سے مریضوں اور مقامات کی نشاندہی ہوسکے گی۔

آٹا اور چینی چوروں کی فرانزک رپورٹ تاخیر کا شکار ہوسکتی ہے، شیخ رشید

لاہور( و یب ڈ سک) وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آٹا اور چینی چوروں کی فرانزک رپورٹ چند روز کے لئے تاخیر کا شکار ہوسکتی ہے، تاہم رپورٹ ضرور آئے گی۔لاہور ریلوے اسٹیشن پرخبر یں نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں خود مال گاڑی پر راولپنڈی سے لاہور آیا ہوں، ٹرین آپریشن چلانے کے لئے 24 گھنٹے تیار ہیں، تاہم فیصلہ کمانڈ اینڈ کنٹرول نے کرنا ہے، ہم اسی کے ماتحت ہیں، جو وزیراعظم اور کمانڈ اینڈ کنٹرول کا فیصلہ ہوگا اسی پر عمل کیا جائے گا۔وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعظم اور کمانڈ اینڈ کنٹرول ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کرتے ہیں تو 24 گھنٹے میں گاڑیاں چلادی جائیں گی، پہلے 28 گاڑیاں اپ اینڈ ڈاون کی چلائی جائیں گی، جب کہ قرنطینہ کے حوالے سے ریلوے اسٹیشنوں پر تمام انتظامات مکمل ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ آئی پی پیز چور سارے مارے جائیں گے، جب کہ آٹا اور چینی چوروں کی فرانزک رپورٹ تاخیر کا شکار ہوسکتی ہے لیکن ضرور آئے گی، عمران خان کے لئے کوئی مشکلات نہیں ہیں، اللہ ان کے ساتھ ہے۔

رمضان کی آمد سے قبل ہی ملک میں مہنگائی کی شرح میں 7 فیصد اضافہ

اسلام آباد( و یب ڈ سک) ملک میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کی شرح میں اضافہ کا رجحان شروع ہوگیا ہے۔وفاقی ادارہ برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمارمیں بتایا گیا ہے کہ 23 اپریل 2020 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ (ایس پی آئی) کے لحاظ سے گذشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں ملک میں مہنگائی کی شرح7.90 فیصد رہی ہے تاہم اس سے پچھلے ہفتے کے مقابلہ میں گذشتہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح 0.62 فیصد اضافہ ہوا۔اعدادوشمارکے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر گذشتہ ہفتے کے دوران آلو کی قیمتوں میں 24.75 فیصد، پیاز کی قیمتوں میں 9.39 فیصد، چکن کی قیمتوں میں4.68 فیصد ،لہسن کی قیمتوں میں 2.65 فیصد ، چاول کی قیمتوں میں 1.15 فیصد اور تازہ دودھ کی قیمتوں میں 1.33 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ٹماٹر کی قیمتوں میں 8.68 فیصد، اورچینی کی قیمتوں میں0.01 فیصد، دال مونگ کی قیمتوں میں 0.56 فیصد، دال ماش کی قیمتوں میں 0.58 فیصد اوردال چنا کی قیمتوں میں2.90 فیصد کمی واقع ہوئی۔اعدادوشمارمیں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے ہے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 8.58 فیصد، 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 7.85 فیصد، 22 ہزار889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں10.99 فیصد، 29 ہزار518 روپے سے 44 ہزار175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 10.13 فیصد رہی ہوا جبکہ 44 ہزار176 روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 7.12 فیصد رہی ہے۔اعداد وشمارمیں مزید بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران جن 14 اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں آلو، پیاز، لہسن ، چکن، گڑ، سرسوں کا تیل، مٹن، گائے کا گوشت، چاول اورتازہ دودھ سمیت دیگراشیائے ضروریہ شامل ہیں۔ اعدادوشمارمیں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران جن بارہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے ان میں ایل پی جی، انڈے، ٹماٹر، چینی، دال ماش، دال مونگ ،دال چنا، گھی اور آٹا سمیت دیگراشیا شامل ہیں البتہ 25 اشیائے ضرویہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔

ہمیں بحیثیت قوم کورونا وبا کا مقابلہ کرنا ہے، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد( و یب ڈ سک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے پارلیمان کا کردار انتہائی اہم ہے، پارلیمان قوم کی اجتماعی سوچ کی عکاس ہے اور ہمیں بحیثیت قوم اس وبا کا مقابلہ کرنا ہے۔وزیراعظم عمران خان سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی جس میں کورونا کی روک تھام کے لیے حکومتی سطح پر اٹھائے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر نے وزیراعظم کی طرف سے قائم کیے گئے کورونا ریلیف فنڈ کو قومی سطح پر پذیرائی کو سراہا۔اسپیکر نے کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لیے اٹھائے جانے والے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کے بروقت اقدامات کی بدولت دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں کورونا کی شدت کم ہے۔ اسپیکر نے وزیراعظم کو پارلیمانی سطح پر کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔اسپیکر نے وزیر اعظم کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے سے متلعق امور سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے فخر امام کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ خصوصی کمیٹی میں پارلیمانی لیڈروں نے وبا پر قابو پانے کے لیے مثبت تجاویز دی ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر کیے جانے والے فیصلوں پر عملدرآمد کرنا اولین ترجیح ہے کیوں کہ کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے پارلیمان کا کردار انتہائی اہم ہے، پارلیمان قوم کی اجتماعی سوچ کی عکاس ہے، ہمیں بحیثیت قوم اس وبا کا مقابلہ کرنا ہے۔

پنجاب میں سحری کے اوقات میں دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی گئی

لاہور( و یب ڈ سک) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں سحری کے اوقات میں دکانیں کھولنے کی اجازت دی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ لاک ڈاو¿ن میں توسیع کا فیصلہ اجتماعی مشاورت سے کیا گیا ہے، کورونا کا پھیلاوروکنے کے لئے لاک ڈاون میں توسیع کا فیصلہ ناگزیر ہے اس لئے پنجاب میں بھی لاک ڈاون میں 9 مئی تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سحری کے اوقات میں صبح 2 بجے سے صبح 4 بجے تک دودھ، دہی کی دکانوں، کریانہ اسٹوروں، تندوروں اور بیکریوں کوکھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے، تاہم رمضان المبارک کے دوران اجتماعی سحری و اجتماعی افطاری پر پابندی ہوگی، جب کہ گروسری اسٹورز، کریانہ اسٹورز، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز و سپر مارکیٹس (صرف گروسری،پھل اور سبزیوں کے سیکشن) صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلیں رہیں گے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ آپٹیشنز شاپس، بیکریاں، زرعی ادویات، بیچ، کھاد کی دکانیں اور آٹو ورکشاپس بھی صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلی رہیں گی، اور زرعی مشینری کی ورکشاپس، اسپیئر پارٹس کی شاپس اور وینڈرز کو بھی مقررہ اوقات میں کام کرنے کی اجازت ہوگی، جب کہ دودھ دہی کی دکانیں، پولٹری فارمز اور گوشت کی دکانیں معمول کے مطابق صبح 9 بجے سے رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لاک ڈاون میں پبلک ٹرانسپورٹ، مارکیٹیں، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور نجی و سرکاری دفاتر بند رہیں گے، مساجد کے لئے جاری 20 نکاتی اعلامیہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، مقامی سطح پر کمیٹیاں مساجد کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کریں گی۔

پاکستان میں جولائی تک کورونا متاثرین کی تعداد 2لاکھ تک پہنچ سکتی ہے،عالمی ادارہ صحت

اسلام آباد( و یب ڈ سک) عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جولائی کے وسط تک کورونا متاثرین کی تعداد 2 لاکھ سے زائد ہوسکتی ہے۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائس پاکستان کے 115 اضلاع میں پھیل چکا ہے اور اگر کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات نہ کیے گئے تو جولائی کے وسط تک پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 2 لاکھ سے زائد ہوسکتی ہے، سندھ اورپنجاب زیادہ متاثرہ صوبوں میں شامل ہیں۔ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا کہ پاکستان میں صحت کا نظام پہلے ہی دباو کا شکار ہے اور کورونا نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، کورونا وائرس کے مقابلے کے لیے قومی سطح پرمربوط حکمت عملی اپنانی ہو گی جب کہ ” کووڈ نائنٹین رسپانس پلان“ پاکستانی حکومت، اقوام متحدہ اوراس کے شراکت داروں کی مشترکہ حکمت عملی پر منحصر ہے۔واضح رہے پاکستان میں وزیراعظم عمران خان اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر وزرا بھی کورونا کیسز میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرچکے ہیں۔ اس وقت ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد 11 ہزار 155 ہے جس میں سے 8 ہزار 391 فعال کیسز ہیں، 527 مریض صحت یاب اور 237 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

سندھ میں شام 5 سے رات 8 بجے تک شہریوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی عائد

کراچی( و یب ڈ سک) صوبہ سندھ میں ماہ رمضان المبارک میں شہریوں پر شام 5 بجے سے رات 8 بجے تک گھروں سے نکلنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔خبر یں نیوزکے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے ماہ رمضان المبارک کے لئے ایس او پیز جاری کردی ہیں جس کے تحت تراویح نماز کی ادائیگی گھروں پر ہوگی اور شام 5 بجے سے رات 8 بجے تک شہریوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی ہوگی۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں کریانہ اسٹورز، سبزی اور گوشت کی دکانیں صبح 8 بجے سےشام 5 تک کھلی رہیں گی، اور دودھ کی دکانوں کو رات آٹھ بجے تک کام کی اجازت ہوگی، جب کہ ریستوران کو تیار کھانے شام 5 سے رات 10 بجے تک ڈیلیوری کی اجازت ہوگی۔حکم نامے کے مطابق افطار کے روایتی پکوان فروٹ چاٹ، سموسے اور پکوڑے کے اسٹالز لگانا ممنوع ہوگا، فروٹ چاٹ سموسے پکوڑے جلیبی اور دیگر روایتی پکوان ہوم ڈیلیوری کیےجاسکیں گے، ہوٹلز میں ٹیک اوے کی اجازت نہیں ہوگی، ریستوران ہوم ڈیلیوری ڈرائیو تھرو سروس شام 5 سے رات 10 بجے تک کرسکیں گے، پبلک ٹرانسپورٹ، ڈبل سواری اور عمومی کاروباری سرگرمیوں پر پابندی ہوگی۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ احترام رمضان آرڈیننس پر سختی سے عمل کرنا ہوگا، کسی پیداواری غیر پیداواری یونٹ یا دکان مالک نے حکمنامے کی خلاف ورزی کی تو انکی کاروباری سرگرمی مکمل بند کردی جائےگی، خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سندھ وبائی امراض کنٹرول ایکٹ 2014 کے سیکشن 4 کے مطابق کارروائی ہوگی۔صوبائی محکمہ داخلہ نے طبی ماہرین کی مشاورت سے مساجد میں نماز سے متعلق پابندیوں کا نوٹفکیشن بھی جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تراویح اور فرض نمازیں گھروں میں ادا کی جائیں، فرض نمازوں اور تراویح سے متعلق حکمنامہ 23 اپریل سے نافذ العمل ہوگا اور حکمنامے کا اطلاق رمضان کے اختتام تک ہوگا۔

لاہور ایئرپورٹ پر تعینات 17 اے ایس ایف اہلکار کورونا وائرس کے شکار نکلے

لاہور( و یب ڈ سک) علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے ایس ایف کے 17 اہل کاروں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ پازیٹو آنے پر انہیں مختلف کورنٹائن سینٹرز بھیج دیا گیا۔ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے عرصے میں لاہور ائیرپورٹ پر مختلف جگہوں پر ڈیوٹی دینے والے اہل کاروں کے جب ٹیسٹ کرائے گئے تو ان میں سے 17 اہلکاروں کا ٹیسٹ مثبت نکلا۔کورونا وائرس کے شکار ان افراد کو ایکسپو سینٹر سروس ہسپتال اور یو نیورسٹی میں قائم کورونا سینٹر میں رکھا گیا ہے جہاں وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔اے ایس ایف حکام کے مطابق لاہور ائیر پورٹ پر کورونا وائرس سے کوئی آفیسر اور اہلکار جاں بحق نہیں ہوا، ڈپٹی ڈائریکٹر فضل الرحمان ہارٹ اٹیک اور سب انسپکٹر اسحاق کسی اور وجہ سے جاں بحق ہوئے، جن اہلکاروں کے ٹیسٹ پازیٹو آئے انہیں آئسولیٹ کردیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

ملک بھر میں یوم توبہ و رحمت، سندھ میں پانچویں جمعے بھی 3 گھنٹوں کا لاک ڈاون

کراچی( و یب ڈ سک) ملک بھر میں آج یوم توبہ اور یوم نجات کے طور پر منایا جارہا ہے جب کہ سندھ میں مسلسل پانچویں جمعے کو بھی نماز جمعہ کے اوقات یعنی دوپہر 12 سے سہہ پہر 3 بجے تک لاک ڈاون ہوا۔خبر یں نیوز کے مطابق ملک بھر میں جمع المبارک کو بطور یوم توبہ منایا جارہا ہے، نمازِ جمعہ کے بعد اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور اپنے گناہوں کی بخشش اور رحمت کی دعائیں مانگی گئیں۔دوسری جانب سندھ میں مسلسل پانچویں جمعے کو بھی دوپہر 12 سے سہہ پہر 3 بجے تک لاک ڈاون رہا۔ اس دوران شہپر بھر کی دکانیں بند رکھنے کا حکم دیا گیا جب کہ سڑکوں پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات رہی۔واضح رہے کہ 20 اپریل وزیر اعظم عمران خان سے علمائے کرام نے ملاقات کی تھی جب کہ ایک اجلاس بھی ہوا تھا جس میں رمضان المبارک میں عبادت کے ساتھ کورونا وائرس سے بچاو کی تدابیر پر مشاورت کی گئی تھی۔ بعد ازاں صدر مملکت کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس کے بعد 20 نکاتی ضابطہ کار بھی جاری کیا گیا تھا۔

وزیراعظم کورونا سے لڑرہے ہیں اورن لیگ عمران خان اورنیب پربرس رہی ہے، فردوس عاشق

اسلام آباد( و یب ڈ سک) وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کورونا سے لڑ رہے ہیں جبکہ کہ (ن) لیگ عمران خان اور نیب پربرس رہی ہے۔وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اپنی سوچ، ہمت اورجدوجہد مسلسل سے ناقدین کو ہمیشہ غلط ثابت کیا، اپوزیشن کا دل اور نیت صاف نہیں، ہرپل چاہتے ہیں کہ عمران خان ناکام ہوں۔ ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کورونا سے لڑرہے ہیں جبکہ کہ (ن) لیگ عمران خان اورنیب پر برس رہی ہے۔ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ سیاسی مخالفین سیاسی منافقت ترک کریں، نیب بلائے توسماجی فاصلوں کی پرواہ جبکہ دوسری جانب لاپرواہی، ایک طرف لاک ڈاون سے فرار اوردوسری طرف اصرارہے۔