اداکارعمران عباس مولانا طارق جمیل کے دفاع کے لیے میدان میں آگئے

لا ہور ( و یب ڈ سک) معروف اداکار عمران عباس نے مولانا طارق جمیل کے حق میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں کسی سے معافی مانگنے کی ضرورت نہیں۔عمران عباس کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ مولانا طارق جمیل ہم آپ سے پیار کرتے ہیں۔ آپ کو ان لوگوں سے معافی مانگنے یا انہیں وضاحت دینے کی ضرورت نہیں جو آپ کے پیغام کو غلط انداز میں پیش کررہے ہیں۔ اللہ آپ کا ساتھ دے۔ عمران عباس نے مولانا طارق جمیل کے ساتھ اپنی تصویر بھی ٹوئٹ کی۔واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی کورونا وائرس کے متاثرین کی امداد کے لیے کی گئی احساس ٹیلی تھون میں معروف اسلامی مبلغ مولانا طارق جمیل کے میڈیا کے حوالے سے بیان پر سخت ردّعمل سامنے آیا تھا جس کے بعد انہوں نے مختلف میڈیا اینکر ز سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے بیان کی وضاحت کی تھی اور دل آزاری کی صورت میں معافی بھی مانگی تھی۔

عائزہ خان کا لوگوں کولباس سے میچنگ ماسک استعمال کرنے کا مشورہ

کراچی( و یب ڈ سک) اداکارہ عائزہ خان نے کورونا وائرس وبا کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے طور پر سرجیکل ماسک کے بجائے نہ صرف خود لباس سے میچنگ ماسک استعمال کیا بلکہ لوگوں کو بھی اس کا مشورہ دیا۔دنیا بھر میں کورونا وبا کے باعث احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے لوگوں کو فیس ماسک لگانے اور بار بار ہاتھ دھونے کا مشورہ دیاجارہا ہے۔ تاہم فیس ماسک کی بڑھتی مانگ کے پیش نظر یہ نایاب ہوگئے ہیں۔ پاکستان میں تو یہ حال ہے کہ یہاں یاتو سرجیکل ماسک دستیاب ہی نہیں یا پھر اتنے مہنگے ہیں کہ لوگوں کی پہنچ سے ہی دور ہوگئے ہیں۔اس صورتحال میں اداکارہ عائزہ خان نے لوگوں کو سرجیکل ماسک سے قطع نظر اپنے لباس سے میچنگ کپڑے کا بنا ہوا ماسک پہننے کا مشورہ دیا ہے۔ گزشتہ روز عائزہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر چند تصاویر شیئر کیں جن میں وہ اپنے لباس سے میچنگ ماسک لگائی ہوئی ہیں۔ان تصاویر کے ساتھ انہوں نے لکھا تمام کپڑوں کے ساتھ اب میچنگ ماسک کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ عائزہ خان نے ایک سرجیکل ماسک کی تصویر بھی شیئر کی اور لکھا این 95 اور سرجیکل ماسک کی میڈیکل کے شعبے میں کمی کی وجہ سے آپ کو یہ ماسک نہیں خریدنے چاہئیں اور اگر آپ کے پاس یہ ماسک موجود ہیں جو ابھی تک استعمال نہیں ہوئے تو انہیں مقامی اسپتالوں کو عطیہ کرنے پر غور کریں۔ کیونکہ طبی عملے کو جو اس وقت کوورونا کے خلاف جنگ لڑرہے ہیں ان ماسکس کی ہم سے زیادہ ضرورت ہے۔عائزہ نے مزید لکھا کورونا کے خوف کی وجہ لوگوں نے فیس ماسک کا زخیرہ کرلیا ہے جس کی وجہ سے طبی عملے کے لیے ان ماسک کی کمی پیدا ہوگئی جنہیں حقیقتاً ماسک کی ضرورت ہے۔ اسی وجہ سے فیشن انڈسٹری نے ماسک تیار کرنے کے لیے اپنی مہارت کو استعمال کرتے ہوئے ایک قدم بڑھایا۔ لہذٰا دنیا بھر میں لوگ اب کپڑے کا ماسک بنانے پر زور دیتے ہیں کیونکہ سرجیکل ماسک یاتو بہت مہنگے ہیں یا دستیاب ہی نہیں ہیں۔عائزہ خان نے اپنی حالیہ پوسٹوں کا حوالہ دیا جس میں انہوں نےاپنے لباس سے میچنگ ماسک پہنا ہوا ہے اور کہا میں نے اور میری ٹیم نے اپنے فالوورز کی اس بات کے لیے حوصلہ افزائی کی کہ وہ نا صرف اپنا ماسک خود بنائیں بلکہ اسے بنانے میں اپنی تخلیقی مہارت بھی سامنے لائیں۔

عائزہ خان کا شوبز چھوڑنے کے حوالے سے اہم بیان

کراچی( و یب ڈ سک) اداکارہ عائزہ خان نے شوبز چھوڑنے کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ شوبز چھوڑنا یا نہ چھوڑنا یہ میرا اور اللہ کا معاملہ ہے۔عائزہ خان گزشتہ روز اداکارہ ریما خان کی رمضان ٹرانسمیشن ”باران رحمت“ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے ڈراما سیریل ”میرے پاس تم ہو“ سے متعلق اور شوبز چھوڑنے کے حوالے سے بات کی۔ عائزہ خان نے کہا لوگ آپ کو جانچتے ہیں، میں اور دانش پچھلے سال حج پر گئے تھے وہاں جو بھی ملا اس نے بہت محبت دی تاہم کچھ لوگ ہوتے تھے ہمارے ارد گرد جو ایسے دیکھتے کہ حج کرنے کے بعد کیا اب تم شوبز کی فیلڈ چھوڑ دوگی۔عائزہ خان نے کہا یہ میرا اور اللہ کا معاملہ ہے، اللہ تعالیٰ نے میرے دل میں کوئی چیز لانی ہوگی تو وہ آپ کے کہنے سے نہیں آئے گی وہ آجائے گی بس۔ عائزہ خان نے دوران حج پیش آنے والا ایک واقعہ بھی بتایا۔ انہوں نے کہا جب ہم عرفات کے میدان میں تھے تو وہاں بہت تیز بارش آگئی جس کی وجہ سے ہم لوگوں کے خیمے وغیرہ اکھڑ گئے اور ہمارا سامان اِدھرادھر ہوگیا، تاہم وہاں موجود ایک خاتون نے ہمارا سامان سنبھالا ہوا تھا۔ لہٰذا آپ چاہے کسی بھی فیلڈ میں ہوں لوگ آپ سے پیار کرتے ہیں اور لوگوں کا پیار بہت ہوتا ہے۔عائزہ خان نے اپنے مقبول ترین ڈرامے ”میرے پاس تم ہو“ کی کامیابی پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی کامیابیوں کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیتی کیونکہ مجھے لگتا ہے مجھے اس کی عادت پڑ جائے گی۔ انہوں نے کہا زندگی میں ایسا دور بھی آتا ہے جب آپ اوپر جاتے ہیں تو نیچے بھی آتے ہیں لہذٰا میں نے خود کو کبھی بہت کامیاب تصور نہیں کیا بلکہ اپنے آپ کو عام لوگوں کی طرح ہی سمجھا ہے۔

ایمن خان ماہرہ کے سر سے تاج چھین کر انسٹاگرام کی نئی کوئین بن گئیں

کراچی( و یب ڈ سک) اداکارہ و ماڈل ایمن خان نے انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے کا ریکارڈ بناتے ہوئے ماہرہ خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔تصاویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کا شمار سوشل میڈیا کی مقبول ترین ایپس میں ہوتا ہے۔ پاکستان میں اب تک ماہرہ خان انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے کی فہرست میں ٹاپ پر تھیں اور انسٹاگرام کوئین کہلاتی تھیں تاہم ایمن خان نے ماہرہ خان سے یہ اعزاز چھینتے ہوئے انسٹاگرام کوئین کا تاج اپنے سر پر سجالیا۔ایمن خان کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد 5.9 ملین یعنی 59 لاکھ ہوگئی ہے جس کے بعد ایمن خان پاکستان کی سب سے زیادہ انسٹاگرام فالوورز رکھنے والی شخصیت بن گئی ہیں۔ انہوں نے ماہرہ خان کو بھی پیچھے چھوڑدیا ہے جو اب تک 58 لاکھ فالوورز کے ساتھ ٹاپ پر تھیں تاہم اب وہ دوسرے نمبر پر آگئی ہیں۔ایمن خان نے انسٹاگرام پر 5.9 ملین فالوورز ہونے پر اپنی بیٹی امل خان کے ساتھ تصویر شیئرکی اور اپنے تمام انسٹا فینز کا شکریہ ادا کیا۔ایمن خان اور ماہرہ خان کے بعد تیسرے نمبر پر اداکارہ سجل علی اور عائزہ خان کے فالوورز کی تعداد سب سے زیادہ ہے دونوں کے انسٹاگرام پر 5.4 ملین یعنی 54 لاکھ فالوورز ہیں۔

’ارطغرل غازی‘ نوجوانوں کو اسلامی تاریخ واخلاقیات سے روشناس کرائے گا، وزیراعظم عمران خان

کراچی( و یب ڈ سک) وزیراعظم عمران خان نے ترکی کے مقبول ترین ڈرامے ”ارطغرل غازی“کو پاکستان میں نشر کرنے کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ڈراما ہمارے نوجوانوں کو اسلامی تاریخ اور اخلاقیات کے بارے میں جاننے کے قابل بنائے گا۔وزیراعظم عمران خان نے مسلمانوں کی تاریخ اور لازوال کامیابیوں پر مبنی ترکش ڈرامے ”دیریلش ارطغرل“ جسے ”ارطغرل غازی“ اور ترکی کا ”گیم آف تھرون“ بھی کہا جاتا ہے کو پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی سے اردو میں ڈب کرکے نشر کرنے کی ہدایت کی تھی۔وزیراعظم کی ہدایت کےمطابق یہ ڈراما یکم رمضان سے نشر کیاجارہا ہے اور ڈرامے کی پہلی ہی قسط نے پسندیدگی کے ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ یہ ڈراما اس عظیم شخصیت کے بارے میں ہے جو سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان اول کے والد تھے۔ ان کا نام ارطغرل تھا اور انہں ارطغرل غازی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ ایک خانہ بدوش قبیلہ قائی کے سردار تھے۔ ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ 13 ویں صدی کے ترک سپہ سالار ارطغرل غازی نے نہ صرف منگولوں اور صلیبیوں کا بہادری سے مقابلہ کیا بلکہ کئی کامیابیاں اور فتوحات بھی سمیٹیں۔یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مسلمانوں کی فتوحات پر مبنی اس ڈرامے کو اردو میں ڈب کرنے کی ہدایت کی تاکہ ہمارے نوجوان اسلامی اقدار، ثقافت اور فتوحات سے روشناس ہوسکیں۔ اس حوالے سے وزیراعظم ہاو¿س ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں وزیراعظم کہتے نظر آرہے ہیں کہ یہ ڈراما نا صرف دلچسپی سے بھرپور ہے بلکہ اس میں اسلامی کلچر دکھایا گیا ہے۔وزیراعظم نے کہا ہمارے یہاں برسوں سے ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کے کلچر کی تشہیر کی جارہی ہے اور میں چاہتا ہوں کہ ہمارے بچوں اورنوجوانوں کو پتہ چلے کہ ہم میں اور ان میں کیا فرق ہے۔ ہمارا بھی ایک کلچر ہے اس میں بھی رومینس ہے ہماری ایک تاریخ ہے۔ ڈراما سیریل ”ارطغرل غازی“میں اسلامی اقدار اور اخلاقیات دکھائی گئی ہیں۔وزیراعظم نے کہا بالی ووڈ میں جتنی فحاشی آج دکھائی جارہی ہے آج سے 30، 40 سال پہلے اتنی فحاشی نہیں تھی ، لیکن اب اس میں بہت گند آگیا ہے، بالی ووڈ نے ہالی ووڈ کی سب سے بدترین چیزیں اپنالی ہیں لیکن وہ نہیں دکھایا جو مغربی معاشرے کی طاقت ہے۔ بالی ووڈ سے یہ فحاشی ہمارے یہاں آگئی ہے اور اس کا ہمارے بچوں پر بہت برا اثر پڑ رہاہے۔ اس فحاشی کی وجہ سے ہمارے یہاں منشیات کلچر بڑھ رہاہے ، جرائم میں اضافہ ہورہا ہے۔ لہذٰا میں چاہ رہاہوں کہ ایک مختلف کلچر دکھایا جائے۔ وزیراعظم نے مزید کہا یاد رکھیں معاشرے کے اندر جیسے فحاشی بڑھتی جاتی ہے خاندانی نظام گرتا جاتا ہے۔واضح رہے کہ ڈراما سیریل ”ارطغرل غازی“کی پہلی ہی قسط نے دھوم مچادی ہے، پی ٹی وی کے مطابق اس ڈرامے کی پہلی قسط نشر ہونے کے بعد پی ٹی وی کے ہوم کے یوٹیوب چینل میں ایک دن میں نا صرف 40 ہزار سبسکرائبرز کا اضافہ ہوا بلکہ پہلے 16 گھنٹوں میں اس ڈرامے کو یوٹیوب پر دو لاکھ 34 ہزار لوگوں نے دیکھا جب کہ یہ ڈراما ٹوئٹر پر مسلسل 5 گھنٹوں تک ٹاپ ٹرینڈ میں رہا۔

فردوس عاشق اعوان کی جگہ عاصم سلیم باجوہ معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر

اسلام آباد( و یب ڈ سک) عاصم سلیم باجوہ کو فردوس عاشق اعوان کی جگہ معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر کردیا گیا ہے۔فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات کے عہدے سے ہٹاکر عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر کردیا گیا ہے جب کہ سینیٹر شبلی فراز کو وفاقی وزیر اطلاعات مقرر کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں، اس کے علاوہ عاصم سلیم باجوہ سابق ترجمان پاک فوج اور کمانڈر سدرن کمانڈ کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل میں کورونا وائرس کی تصدیق

کراچی( و یب ڈ سک) گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔خبر یں نیوز کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ ذرایع کے مطابق گزشتہ روز بخار محسوس ہونے پر ٹیسٹ کروایا گیا تھا۔ گورنر نے گزشتہ روز اپنے اہل خانہ کے ساتھ افطار کی تھا۔گورنر سندھ نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر بھی کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ اللہ کریم کی مدد سے اس سے مقابلہ کروں گا۔ عمران خان نے مشکل وقت سے لڑنا سکھایا ہے، ہمیں جن مشکلات سے لڑنا سکھایا گیا ہے یہ بیماری اس کے آگے کچھ نہیں۔ اللہ تعالی مجھے اس وبا سے لڑنے کی توفیق عطا فرمائے۔

حکومت کا چھوٹے کاروباروں کے تین ماہ کے بجلی کے بلز کی ادائیگی کا اعلان

اسلام آباد( و یب ڈ سک) وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم ریلیف پیکیج کے تحت چھوٹے دکان داروں اور کاروباروں کا بجلی کا بلز دینے کا اعلان کردیا۔مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم چھوٹا کاروبار امدادی پیکیج کی منظوری دی گئی۔ بعدازاں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ چھوٹے کاروبار لاک ڈاون ختم ہونے کے بعد جب بھی اپنا کام دوبارہ شروع کریں گے تو ان کا تین ماہ کا بل حکومت ادا کرے گی، اس پیکیج سے 35 لاکھ افراد کو فائدہ ہوگا جن میں چھوٹی دکانیں، درزی، مارکیٹیں اور چھوٹی صنعتیں شامل ہیں۔
حماد اظہر نے کہا کہ اس پالیسی سے 5 کلو واٹ کمرشل کنشکن والے کاروبار اور 70 کلو واٹ والے صنعتی کنکشن مستفید ہوں گے، اس سے ملک کے 95 فیصد کاروباروں اور 80 فی صد صنعتوں کو فائدہ ہوگا، ان کاروباروں کے پچھلے سال مئی، جون اور جولائی کے بجلی کے بلز کی جتنی مجموعی رقم بنتی تھی، اتنی رقم ان کے مئی کے بلز میں لوڈ کردی جائے گی، تاکہ وہ بجلی استعمال کرسکیں اور انہیں بلز نہ ادا کرنے پڑیں، یہ رقم ان کے اکاو¿نٹ میں صرف تین ماہ کے لیے نہیں بلکہ 6 ماہ تک موجود رہے گی کیونکہ کاروبار تو ابھی بند پڑے ہیں۔حماد اظہر کا کہنا تھا کہ جب بھی کاروبار شروع ہوگا وہ اس رقم سے فائدہ اٹھاسکیں گے، 32 لاکھ کمرشل کنکشن اور 4 لاکھ چھوٹی صنعتیں مستفید ہوں گی، اس پیکیج کا حجم 50 ارب روپے ہے جو آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور کراچی میں کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی لاگو ہوگا، وزارت خزانہ ان محکموں کو ادائیگی کرے گی۔گزشتہ روز حماد اظہر نے ٹویٹ کیا تھا کہ وزارت چھوٹے کاروبار کیلئے فری فناننس گارنٹی پیکیج پرکام کررہی ہے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کیلیے ا?سان قرضوں کی فراہمی بھی زیرِ غور ہے، اگلے مرحلے میں ایسے شعبوں کو امداد دی جائے گی جو کورونا سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔واضح رہے ای سی سی نے بے روزگارہونے والے مزدوروں اوردیہاڑی داروں کیلئے 75ارب روپے کی امداد اس ہفتے منظورکی تھی جووزیراعظم کے 200 ارب روپے کی پیکیج میں سے 12ہزارروپے فی کس کے حساب سے دیئے جائیں گے۔قبل ازیں کابینہ کمیٹی نے معاشی بحالی کے لیے سواکھرب روپے کا امدادی پیکج منظورکیا تھا۔

اٹھارہویں ترمیم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ برداشت نہیں کریں گے، بلاول بھٹو

کراچی / اسلام آباد( و یب ڈ سک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم پر کسی صورت سمجھوتا نہیں کریں گے اور اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ برداشت نہیں کی جائے گی۔ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے مابین ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں 18ویں آئینی ترمیم کے تحفظ کے حوالے سے اتفاق کیا گیا۔ اس رابطے میں بلاول بھٹو زراداری کا کہنا تھا کہ ہم 18ویں آئینی ترمیم کے خاتمے کے حوالے سے کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے دستور کو اس کی اصل شکل میں بحال کیا۔ ملک کورونا وائرس کی وجہ سے سنگین حالات سے گزررہا ہے، وفاق آئین سے چھیڑچھاڑ کے بجائے صوبوں کی مدد کرے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں بھی چیئرمین پی پی پی نے ان تحفظات کا اظہار کیا اور اٹھارہویں ترمیم میں تبدیلی کی کسی ممکنہ کوشش کی شدید مخالفت کا عندیہ دیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین پی پی اس حوالے سے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے بھی رابطہ کرچکے ہیں جب کہ مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کی جانب سے بھی 18 ویں ترمیم میں کسی ممکنہ تبدیلی کی مخالفت کا بیان سامنے آچکا ہے۔دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ 18ویں ترمیم کی اہمیت سےانکارہےنہ ہی حکومت اسے ختم کرنےکاارادہ رکھتی ہے۔ صوبےاپنانظام وضع کریں صرف مرکزکی طرف نہ دیکھیں۔ دیکھناہےجس مقصدکیلیے18ویں ترمیم لائی گئی اس پرعمل ہواکہ نہیں۔ صوبوں کومرکزکےساتھ بیٹھ کرسارےعمل کاازسرنوجائزہ لیناہوگا۔واضح رہے کہ وفاقی وزرا اسد عمر اور فواد چودھری کی جانب سے 18 ترمیم میں سقم اور اس کے موثر اطلاق کے حوالے سے بیانات سامنے آتے رہیں ہیں جب کہ گزشتہ دنوں وفاق کی جانب سے اس ترمیم میں تبدیلی کے حوالے سے اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں تاہم حکومت کی جانب سے ایسی کسی قانونی مشاورت یا اقدام کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔18 ویں ترمیم پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں 8 اپریل 2010 کو منظور ہوئی تھی۔ اس ترمیم کے بعد صحت، تعلیم اور سیلز ٹٰیکس وغیرہ جیسے کئی اہم شعبوں کے اختیارات وفاق سے صوبوں کو منتقل کردیے گئے تھے۔

کورونا وائرس: وزیر اعلی نے ’رائز‘ پنجاب منصوبے کی منظوری دے دی

لاہور( و یب ڈ سک) وزیراعلیٰ پنجاب نے کورونا وباءکے دوران معاشی سرگرمیاں قائم رکھنے کے لیے “رائز پنجاب” کے نام سے ابتدائی فریم و رک کی منظوری دے دی۔خبر یں نیوز کے مطابق وزیر اعلی پنجاب سردارعثمان بزدار نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں ’رائز‘ پنجاب کےنام سےابتدائی فریم ورک کی منظوری دے دی۔ اس موقعے پر ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں، بزنس کے فروغ اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے نئی سوچ کے ساتھ نئے اقدامات کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے کورونا وباءکے پیش نظر بدلتی صورتحال کے تناظر میں رائز پنجاب کا پلان مرتب کیا ہے۔ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں، بزنس کے فروغ اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے نئی سوچ کے ساتھ نئے اقدامات کیے جائیں گے۔ رائز پنجاب کے تحت صحت، تعلیم اور سماجی تحفظ کیلئے بھی منفرد لائحہ عمل مرتب کیا جا رہا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ سوشل پروٹیکشن فنڈ کے قیام کی تجویز کا جائزہ لے کر جلد رپورٹ پیش کی جائے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت نجی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر کورونا وباءسے نمٹنے سے متعلق قائم کابینہ کمیٹی کا ویڈیو لنک اجلاس بھی ہوا جس میں مساجدکیلئے جاری 20نکاتی اعلامیہ پر عملدرآمد سمیت کورونا وباءکے حوالے سے احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔