چین کا جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ کے مقابلے پر ٹیلی اسکوپ بنانے کا منصوبہ

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے امریکا کی جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ کے مقابلے پر ایشیاء میں سب سے بڑی آپٹیکل ٹیلی اسکوپ بنانے کا فیصلہ کر لیا۔
بیجنگ کی پیکنگ یونیورسٹی کے اس منصوبے میں 2024 تک ایک ایسی زمینی ٹیلی اسکوپ تعمیر کی جائے گی جو 19.7 فِٹ تک پھیلی ہوئی ہوگی اور 2030 تک یہ وسعت بڑھ کر 26.2 فٹ ہوجائے گی۔ اس مشن کا ایکسپینڈنگ اپرچر سیگمینٹڈ ٹیلی اسکوپ (EAST) ہے۔
اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں 19.7 فٹ بڑا ایک آئینہ بنایا جائے گا جو 18 شش پہلو آئینوں سے جڑ کر بنے گا۔
پیکنگ یونیورسٹی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ ٹیلی اسکوپ چین کے آپٹیکل فلکیات کے مشاہدے کی صلاحیتوں میں زبردست اضافہ کرے گا۔
زمین سے کم و بیش 15 لاکھ کلومیٹر فاصلے پر موجود جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ کے برعکس یہ ٹیلی اسکوپ 13 ہزار 800 فٹ کی بلندی پر تبت کے سطح مرتفع پر سائشی ٹینگ پہاڑی پر تعمیر کی جائے گی۔
منصوبے کے دوسرے مرحلے میں 18 مزید شش پہلو ٹکڑوں سے بنایا گیا ایک اور چھلہ ٹیلی اسکوپ میں جوڑا جائے گا جس سے اس کا قطر 2030 تک بڑھ کر 26.2 فٹ تک پہنچ جائے گا۔
مقامی خبر رساں ذرائع کے مطابق اس منصوبے پر 50 سے 60 کروڑ یوان (7 سے 8 کروڑ ڈالرز) لاگت متوقع ہے۔

پاکستان کو للکارنے والوں کو پوری قوت سے جواب دیا جائے گا، قومی سلامتی کمیٹی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کو للکارنے والوں کو پوری قوت سے جواب دیا جائے گا، قومی مفادات پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کا اہم اجلاس جمعہ کو وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، سروسز چیفس اورانٹیلی جنس اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس نے ملکی معیشت اور امن وامان کا تفصیل سے جائزہ لیا۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ملک کی معاشی صورتحال اور چیلنجز سے آگاہ کیا اور اس ضمن میں حکومت کی طرف سے اختیار کی گئی معاشی حکمت عملی اور اقدامات کے بارے میں شرکاءکو بریفنگ دی۔ انٹیلی جنس اداروں نے ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی اور دہشت گردی کی حالیہ لہر سے متعلق عوامل اور ان کے سدباب کے اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔
وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر نے افغانستان کی صورتحال پر اجلاس کو بریفنگ دی اور پاکستان کے افغانستان کی عبوری حکومت سے ہونے والے رابطوں سے آگاہ کیا۔
اجلاس نے دوٹوک رائے کا اظہار کیا کہ پاکستان کے قومی مفادات پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور نہ ہی کسی کو بھی قومی سلامتی کے کلیدی تصور کو نقصان پہنچانے کی اجازت دیں گے۔ پاکستان کی بقا، سلامتی اور ترقی کے بنیادی مفادات کا نہایت جرات وبہادری، مستقل مزاجی اور ثابت قدمی سے تحفظ کیاجائے گا۔
اجلاس نے دہشت گردی کے خلاف شہداءکی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیااور شہداءکے درجات کی بلندی کے لئے اجتماعی دعا کی۔
اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ دہشت گردپاکستان کے دشمن ہیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف ایک بیانیہ پر متحد ہے، پاکستان کو للکارنے والوں کو پوری قوت سے جواب ملے گا۔ نیشنل سکیورٹی کمیٹی (این ایس سی) کا اجلاس 2 جنوری 2023کو جاری رہے گا جس میں سامنے آنے والی تجاویز کی روشنی میں مزید فیصلے کئے جائیں گے۔

فخر اور حارث نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سکواڈ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹر فخر زمان اور حارث سہیل کو نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے ممکنہ سکواڈ میں شام کرلیا گیا۔
پی سی بی کی عبوری سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین شاہد آفریدی نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں حارث اور فخر کو ممکنہ ون ڈے سکواڈ میں شامل کیےجانے کی تصدیق کی۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ دونوں کرکٹرز پاکستان کپ میں شریک ہیں اور اچھا پرفارم کررہے ہیں، دونوں نے آج فٹنس ٹیسٹ کلیئر کیے ہیں، دونوں کرکٹرز کو ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا، میچ کم روشی کے باعث ڈرا کیا گیا، نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 138 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 85 رنز بنا لیے تھے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے میچ کے پانچویں روز جب پاکستانی ٹیم میدان میں اتری جلد ہی دو کھلاڑی آؤٹ ہو گئے تاہم بعد میں سرفراز احمد اور امام الحق نے 81 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔
اوپنر عبداللہ شفیق 17، شان مسعود 10، نعمان علی 4، کپتان بابراعظم 14، سرفراز احمد 53، آغا سلمان 6 اور محمد وسیم جونیئر 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ نوجوان بیٹر سعود شکیل 55 اور میر حمزہ 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ادھر مہمان ٹیم کی باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی بیٹرز کو رنز بنانے سے روکے رکھا، نیوزی لینڈ کی جانب سے اش سودھی نے 6 جبکہ مچل پریسول نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے 311 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کر دی جس کے بعد مہمان ٹیم کو جیت کے لئے 138 رنز کا ہدف ملا، پانچویں دن 15 اوورز کا کھیل باقی تھا، نیوز لینڈ کو انہی 15 اوورز میں جیت حاصل کرنے کے لئے 138 رنز بنانے تھے۔
138 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے جارحانہ بیٹنگ کی لیکن ہدف کو حاصل نہ کر سکے، مہمان ٹیم نے 1 وکٹ کے نقصان پر 85 رنز بنا لیے تھے تاہم کم روشنی کے باعث امپائرز کی مشاورت اور دونوں ٹیموں کی رضا مندی سے میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم کر دیا گیا۔

محمدعامر کو نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں پریکٹس کرنے کی اجازت

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے قومی کرکٹر محمد عامر کو بڑی سہولت فراہم کر دی۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے محمد عامر کو نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر (این ایچ پی سی) میں پریکٹس کرنے کی اجازت دی ہے جس کے بعد وہ بنگلہ دیشی پریمپئر لیگ (بی پی ایل) میں شرکت کیلئے ٹریننگ کرنے این ایچ پی سی آئے ہیں۔
محمد عامر 3 روز ٹریننگ کے بعد بی پی ایل میں شرکت کیلئے بنگلہ دیش روانہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ محمد عامر نے چند سال قبل ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا تھا۔ انہوں نے آخری بار 2020 میں انگلینڈ کیخلاف ٹی20 میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کل کروانے کا حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کل کروانے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کل 31 دسمبر کو کرانے کا حکم جاری کر دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن 101 یونین کونسلز پر 31 دسمبر ہی کو الیکشن کرائے۔
کیس کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں 101 یونین کونسلز پر 7 سے 10 دن میں بلدیاتی الیکشن کے انعقاد پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ جس پر عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
کیس کی سماعت کے دوران وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل جبکہ پی ٹی آئی وکیل سردار تیمور اسلم پیش ہوئے۔ اس موقع پر ڈی جی الیکشن کمیشن بھی دیگر حکام کے ساتھ عدالت میں موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ میں غیر قانونی مقیم افراد کو واپس بھجوانے کا فیصلہ
پی ٹی آئی کے وکیل سردار تیمور نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن سے صرف 11 دن پہلے یونین کونسلز کی تعداد بڑھائی گئی اور اتنا بڑا فیصلہ کرنے سے پہلے الیکشن کمیشن سے مشورہ تک نہیں کیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے ابتدائی طور پر حکومتی فیصلہ نہیں مانا تھا اور مؤقف اختیار کیا کہ نیا نوٹیفکیشن موجودہ شیڈولڈ الیکشن پر لاگو نہیں ہوگا۔

سرکاری ہیلی کاپٹر کے غلط استعمال پر سابق سربراہ مملکت کو سزا

میانمار: (ویب ڈیسک) سرکاری ہیلی کاپٹر کے غلط استعمال پر سابق سربراہ مملکت کو سزا سنا دی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق میانمار کی رہنما آنگ سانگ سوچی کو سرکاری ہیلی کاپٹر کے غلط استعمال پر مزید 7 سال کی قید سنا دی گئی۔
میانمار کی نوبل انعام یافتہ 77 سالہ رہنما آنگ سانگ سوچی کوعہدے سے فارغ ہونے کے باوجود سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پر مزید سزا سنائی گئی۔ آنگ سانگ سوچی کی حکومت کو گزشتہ سال برطرف کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ آنگ سانگ سوچی پر کرپشن کے متعدد مقدمات ہیں جن میں انہیں مجموعی طور پر 33 سال قید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔
آنگ سانگ سوچی کے خاندان اور حامیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ فوجی حکومت اس طرح کی سزائیں دے کر سوچی کو آئندہ سال ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے سے روکنا چاہتی ہے۔
میانمار کی رہنما آنگ سانگ سوچی گزشتہ سال فوجی بغاوت کے بعد سے جیل میں ہیں۔

سندھ میں غیر قانونی مقیم افراد کو واپس بھجوانے کا فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے صوبے میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو واپس اپنے ملک بھجوانے کا فیصلہ کر لیا۔
سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ افغانیوں کو ملک بدر کرنے کے لیے جو ہمارا قانون و آئین کہے گا ہم وہی کریں گے اور جو بھی کوئی ملک میں غیر قانونی رہ رہا ہے انہیں ملک بدر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی فرد کو اس وقت تک جیل میں نہیں رکھا جاسکتا جب تک عدالت حکم نہ دے اور 3 روز سے ایک تصویر وائرل کی جا رہی ہے جس کی وضاحت کرنا ہے کہ تصویر سے متعلق کہا گیا کہ یہ لانڈھی اور ویمن جیل ہے لیکن تصویر سندھ کے کسی بھی جیل کی نہیں ہے اور نہ ہی افغان بچے زیرحراست ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ 129 غیر ملکی خواتین غیر قانونی طریقے سے رہائش پذیر ہیں اور 178 غیر ملکی بچے جو قیدی نہیں ہیں۔ قانون کے مطابق کم عمر بچے کو والدین کے ساتھ جیل میں رکھا جاتا ہے لیکن وہ قیدی نہیں ہوتے اور عدالت کے احکامات پر ملزمان کو جیل بھیجا جاتا ہے۔ کسی بھی بچے کو سزا نہیں ہوئی ہے اور عدالت نے انہیں والدین کے ساتھ رہنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے جیلوں میں افغانیوں کی تصاویر دکھائی گئیں اور 7 سال سے کم عمر کے بچوں کو جیل میں رکھا تو جاتا ہے لیکن وہ مجرم کے طور پر نہیں رہتے۔ پوری دنیا میں مہنگائی کا طوفان ہے تاہم سندھ حکومت عوام کو ریلیف کی فراہمی کی کوششیں کر رہی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ پورے ملک میں سندھ حکومت کی جانب سے سبسڈی دے کر 65 روپے فی کلو آٹا فراہم کیا جا رہا ہے اور سندھ میں سستے آٹے کی سپلائی مارچ تک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلدیاتی الیکشن کے لیے مکمل تیار ہے اور الیکشن مقررہ وقت پر ہی ہونا چاہیے۔

تمام منصوبے ناکام، پاکستان تحریک ‘احتجاج’ پھر مظاہرے کرنے جا رہی ہے، شیری رحمان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ تمام منصوبے ناکام ہونے کے بعد پاکستان تحریک ‘احتجاج’ پھر مظاہرے کرنے جا رہی ہے، ان کی ترجیح صرف سیاست میں اِن رہنا ہے، ان کے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی آپشن نہیں بچا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیری رحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی میں پارلیمانی اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کی صلاحیت نہیں، لوگ اب ان کے طرز سیاست سے تنگ آچکے ہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ملک میں ابھی بھی 2 کروڑ سیلاب زدگان کو فوری امداد کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی سندھ اور بلوچستان کے کروڑوں سیلاب متاثرین کو پٖیغام دے رہی ہے کہ آپ نہیں عمران خان کی سیاست اہم ہے، دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، ان کو سیلاب زدگان اور بڑھتی ہوئی دہشتگردی سے کوئی سروکار نہیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی ترجیح صرف اور صرف سیاست میں اِن رہنا اور ہیڈ لائنز بنانا ہے، 2 شارٹ مارچ، استعفوں اور اسمبلیاں تحلیل کرنے کی دھمکی میں ناکامی ہوئی، ان کے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی آپشن نہیں بچا۔
اپنے پیغام میں سینیٹر نے کہا کہ پاکستان تحریک احتجاج ملک نہیں چلا سکی، ان میں پارلیمانی اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کی صلاحیت نہیں ہے، انہوں نے بس تقسیم،گالم گلوچ،الزام تراشی اور کنٹینر کی سیاست کرنی ہے، ان کی سیاست کا محور ملک اور عوام نہیں، عمران خان کا ذاتی مفاد ہے۔

وفاقی وزیرقانون نے ٹیکنو کریٹ سیٹ اپ کوغیر آئینی قرار دیدیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ٹیکنو کریٹ سیٹ اپ کو غیر آئینی قرار دے دیا ۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آئین میں ٹیکنو کریٹ حکومت کی کوئی گنجائش نہیں ، آئین میں واضح ہے اگروقت سے پہلے اسمبلیاں تحلیل ہو جاتی ہے تو 90 روز میں الیکشن ہوں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کسی کی خواہش اور سوچ پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی، ملک کی معیشت کے لئے آئین کے اندر رہ کر اقدامات اٹھائے جا سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ کو ماورائے آئین قرار دے کر اس ممکنہ قدم کی بھرپور مزاحمت کا اعلان کررکھا ہے ۔