وزیراعظم شہباز شریف نے کل قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کل قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل دن 2 بجے وزیراعظم آفس میں ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وفاقی وزراء اور تینوں سروسز چیفس شرکت کریں گے۔

ہمیں کسی امریکی سفیر نے نہیں کہا کہ آپ عمران خان کے خلاف ووٹ دیں، فیصل سبزواری

کراچی: (ویب ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر فیصل سبزواری کا کہنا ہے ہمیں کسی امریکی سفیر نے نہیں کہا کہ ہم سازش کررہے ہیں ، آپ عمران خان کے خلاف ووٹ دیں۔
فیصل سبزواری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان نے خود اسمبلی توڑ کر امریکی سازش کو کامیاب بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو اگر دشمنی کرنی ہو تو عالمی ساہوکار آئی ایم ایف کے ذریعے پاکستان کو قرضے دینا بند کروادیتے ۔
فیصل سبزواری نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کی سیٹوں کے نتائج تبدیل کرانے ، ڈرانے دھمکانے کے باجود تحریک انصاف کے پاس صرف 155 سیٹیں تھیں، ایسی صور تحال میں ان کو لانے والے مالکان نے ہماری مدد سے ان کو وزارت عظمیٰ دلوائی۔

شاہ محمود کا عمران خان کیخلاف نئی سازش کا انکشاف

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر خارجہ اور پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے عمران خان کے خلاف نئی سازش کا انکشاف کردیا
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے لاہور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی سازش گھڑی جارہی ہے عوام کی کچہری میں رکھنا چاہتا ہوں، الیکشن کمیشن میں ایک سازش گھڑی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کے ذریعے سازش تیار کی جارہی ہے، پی ٹی آئی سے جتنے بھی سال کیے گئے جواب دیا گیا، پی ٹی آئی سے سوال کرتے ہو کیا پی پی اور ن لیگ کو جواب نہیں دینا، ہم جواب دینے کے لیے تیار ہیں لیکن یکطرفہ کارروائی نہیں ہوسکتی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نئی سازش کے تحت یہ عمران خان کو نااہل اور پی ٹی آئی پر پابندی لگانا چاہتے ہیں، تنہا عمران خان کو دیوار سے لگادیا گیا ہے سارا مافیا یکجا ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تو کہتے تھے ہم انتخابات کے لیے تیار ہیں اب کیا ہوگیا ہے، ملک کو بھنور سے نکالنا ہے تو وہ ایک ہی راستہ نئے انتخابات ہیں، ہم انتخابات کے لیے تیار ہیں اب یہ کیوں بھاگ رہے ہیں۔

عمران خان کا بال بھی بیکا ہوا تو پاکستان میں خانہ جنگی ہوگی: شیخ رشید

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ خون کی لڑائی جاری ہے خون کے آخری قطرےتک عمران خان کیساتھ ہوں عمران خان کا بال بھی بیکا ہوا تو پاکستان میں خانہ جنگی ہو جائےگی۔
مینارِ پاکستان لاہور میں تحریک انصاف کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ روضہ رسولﷺ پر ماؤں کوعمران خان کیلئے روتے ہوئےدیکھا ہے خانہ کعبہ میں لوگوں کوعمران خان کیلئے روتے ہوئے دیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیزل کا بیٹا وزیرمواصلات لگ گیاہے جس نےکبھی مسجدکاغسل خانہ نہیں بنایااس کو شہبازشریف نے مواصلات کا وزیر بنا دیا، بلورانی لندن میں گیاہے آصف زرداری کوصدربنانےکیلئےبلورانی لندن گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نےاپنی بیوی کوقتل کرکےجعلی دستاویزسےملکی سیاست پرقبضہ کیا آصف زرداری نے شاہنواز بھٹو کو زہر دلوایا، بتایاجائےمنی لانڈرنگ کرنےوالےمقصودچپڑاسی کوکوئی عزت کیسےدےگا شوباز مقصود چپڑاسی سے 12 ارب لےگا تو کوئی کیسے اُسےعزت دے گا۔

چوہدری شجاعت کے بیٹے چوہدری سالک کو وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عمران خان کی حکومت میں اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے بیٹے چوہدری سالک کو بھی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چوہدری سالک کو وفاقی کابینہ کاحصہ بنانےکافیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رکن قومی اسمبلی چوہدری سالک کل وفاقی وزیر کا حلف اٹھائیں گے۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ انہیں کونسی وزارت دی جائے گی۔ گزشتہ روز آصف علی زرداری نے چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی تھی اور کہا تھا کہ وہ چوہدری سالک کو کابینہ میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔

حکومتی قرض کے معاملے پر مفتاح اسماعیل اور شوکت ترین آمنے سامنے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور عمران خان کی حکومت میں وزیر خزانہ رہنے والے شوکت ترین آمنے سامنے آگئے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان نے آزادی کے بعد پہلے 71 سال میں 250 کھرب روپے کے قرضے لیے ، عمران خان نے پونے چار سالہ دور میں 200 کھرب روپے کے قرضے لے لیے، یعنی 71 سال کے قرضوں کے 80 فیصد کے برابر قرضے عمران خان نے لیے۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسی لیے شوکت ترین نے کہا تھا کہ عمران حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ۔
اس سے پہلے شوکت ترین نے کہا تھا کہ عمران خان حکومت نے 178 کھرب روپے قرضہ لیا جس میں سے 89 کھرب روپے سود تھا۔
اس پر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ’شوکت ترین صاحب ! آپ دوسری حکومتوں کے قرضے گنتے وقت سود بھی گنتے ہیں اور اپنی باری آتی ہے تو سود کو الگ کر لیتے ہیں ، یہ کیسی منطق ہے؟‘

’عمران خان آپ کی قدر کرتے ہیں‘: اسد قیصر کی پرویز الٰہی سے گفتگو

لاہور: (ویب ڈیسک) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی کا کہنا ہے کہ موجودہ حکمران عوام کو ریلیف نہیں، بس تکلیف ہی دے سکتے ہیں۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے لاہور میں اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی اور مونس الہٰی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عمران خان قوم کے حقوق کے لیے باہر نکلے ہیں ہم سب اس جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔
دوسری جانب اسد قیصر نے چوہدری پرویز الٰہی سے مخاطب ہوکر کہا کہ ‘جب سب اتحادی ساتھ چھوڑ گئے تب بھی آپ نے مشکل وقت میں عمران خان کا ساتھ دینے کا وعدہ نبھایا۔ پی ٹی آئی چیئرمین آپ کے اس فیصلے کی دل سے قدر کرتے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ چوہدری پرویزالٰہی نے پنجاب اسمبلی کے فلور پر ن لیگی غنڈوں کا بہادری سے مقابلہ کیا۔

آزادی مانگ کر نہیں چھین کر لی جاتی ہے: فواد چوہدری

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آزادی مانگی نہیں جاتی، چھین کر لی جاتی ہے، ہم چھین کرآزادی لیں گے، ہرصورت لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ‘امپورٹڈ حکومت نامنظور’ کے تحت لاہور کے مینار پاکستان جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے دور میں پاکستان خارجہ سطح پر اپنے فیصلےخود کررہاتھا،
فوادچوہدری نے کہا کہ شکر ہے کہ ہمارےاعتراض پر طارق فاطمی کو کان سے پکڑ کر نکال دیاگیا مگر آج خواجہ آصف کو وزیر دفاع بنادیاگیا۔
جلسے سے خطاب میں فواد چوہدری نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی مانگی نہیں جاتی آزادی چھین کرلی جاتی ہے، آج کا یہ جم غفیر فیصلہ دے چکا کہ ہم چھین کر آزادی لیں گے اور ہر صورت آزادی لیں گے۔اندازہ لگالیں کہ طارق فاطمی کو دوبارہ حکومت میں شامل کیاگیا، ثابت ہوگیا کہ آج پاکستان کے خارجہ سطح کےفیصلے واشنگٹن میں ہورہےہیں۔

“تم 22لوگوں کو تو خرید سکتے ہوں لیکن 22کروڑ عوام کو نہیں خرید سکتے “زرتاج گل کا لاہور جلسے سے خطاب

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل نے کہا کہ تم 22لوگوں کو تو خرید سکتے ہوں لیکن 22کروڑ عوام کو نہیں خرید سکتے۔
لاہور جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تین اپریل کو عمران خان میڈیا پرسنز کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔اسی رات کو بارہ بجے عدالت لگائی گئی اور قیدیوں کی وین بھی آ گئی جس کے بعد عمران خان نے صحافیوں سے پوچھا بتاو کوئی رہ تو نہیں گیا جو میرے خلاف نہ ہو،جس پر صحافیوں نے کہا کہ کوئی نہیں رہ گیا۔اس کے بعد عمران خان نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ میں اپنی عوام کی عدالت میں جاوں۔ان کا کہنا تھا کہ چند چوروں کو امپورٹ کر کے ہمارے اوپر مسلط کیا گیا ہے۔سابق وزیر کا کہنا تھاکہ ان ہی کے الفاظ ہیں کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیاء ہوتی لیکن میں کہتی ہوں پی ڈی ایم تمہیں کیا پتہ کہ شرم اور حیاء کیا ہوتی ہے۔زرتاج گل کا کہنا تھا کہ تم 22لوگوں کو تو خرید سکتے ہوں لیکن 22کروڑ عوام کو نہیں خرید سکتے۔ہم عمران خان کی قیادت میں اس امپورٹڈ حکومت کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔

افغانستان: طالبان نے ٹک ٹاک اور پب جی پر پابندی لگادی

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان میں طالبان حکومت نے معروف سوشل میڈیا ایپلی کیشن ٹک ٹاک اور آن لائن گیم پب جی پر پابندی عائد کردی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جمعرات کے روز امارت اسلامیہ کے نائب ترجمان انعام اللہ سمنگانی نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ’ ٹک ٹاک اور پب جی نے نوجوان نسل کو گمراہ کر دیا ہے اس لیے وزارت ٹیلی کمیونیکیشن کو انہیں بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے’۔
اس کے علاوہ ٹی وی چینلز کو غیر اخلاقی مواد دکھانے سے روکنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال طالبان کی حکومت کے آنے کے بعد افغانستان میں موسیقی، فلموں اور ٹیلی ویژن ڈراموں پر پابندی عائد کردی گئی تھی جس کے بعد نوجوانوں میں ٹک ٹاک اور پب جی کافی مقبول ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوری میں شائع ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق تقریباً 3 کروڑ 80 لاکھ سے زائد افراد پر مشتمل ملک افغانستان میں صرف 90لاکھ سے زیادہ لوگوں کو انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہے جبکہ تقریباً 40 لاکھ سوشل میڈیا صارفین ہیں، جن میں فیس بک سب سے زیادہ مقبول ہے۔