ماریوپول آزاد کرالیا، روسی صدر کا پیغام

ماسکو: (ویب ڈیسک) یوکرین جنگ میں روس کو بڑی کامیابی مل گئی، روسی فیڈریشن کی مسلح افواج اور ڈی پی آر پیپلز ملیشیا کی افواج نے ماریوپول کو آزاد کرالیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کریملن میں وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے روسی صدر کو ماریوپول کی آزادی سے متعلق رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ روسی فیڈریشن کی مسلح افواج اور ڈی پی آر پیپلز ملیشیا کی افواج نے ماریوپول کو آزاد کرالیا ہے۔
انہوں نے روسی صدر کو بتایا کہ یہ شہر جو کہ ایک بڑا صنعتی مرکز ہے اور بحیرہ ازوف پر ایک بڑا نقل و حمل کا مرکز ہے، جسے کیف حکومت نے دوہزارچودہ میں ڈونیٹسک علاقے کا عارضی دارالحکومت قرار دیا تھا۔
کریملن میں وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے بتایا کہ آٹھ سال بعد ماریوپول کو ایک طاقتور گڑھ اور بنیاد پرست یوکرینی قوم پرستوں کی پناہ گاہ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر روسی صدر ولادی میر پوتن نے کہا کہ ماریوپول کی آزادی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں، یہ جنگی آپریشن کی تکمیل ایک کامیابی ہے۔
ملاقات میں صدر پوتن نے وزیر دفاع کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، جس پر سرگئی شوئیگو سے کہا براہ کرم ہمارے فوجیوں کو سرکاری اعزازات سے نوازنے کے لیے تجاویز پیش کریں۔
جس پر روسی صدر نے کہا کہ میری نظر میں وہ سب ہیرو ہیں جنہوں نے ماریوپول کی آزادی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

انتخابات ہی مسائل کا حل ہیں، ملک کو پٹری پرڈال کر الیکشن کی جانب جائینگے، وزیرخزانہ

لندن: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہےکہ اس سال خسارے کا بجٹ ہوگا، مشکل فیصلے کرنا ہوں گے، الیکشن ہی مسائل کا حل ہیں، ملک کو پٹری پرڈال کرالیکشن کی جانب جائیں گے۔
مفتاح اسماعیل آئی ایم ایف سے مذاکرات کے لیے واشنگٹن جانے سے قبل لندن پہنچے جہاں انہوں نے نواز شریف اور اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔
لندن میں میڈیا سےگفتگو میں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اہم ترین مسئلہ معاشی حالت کی بہتری ہے، نواز شریف نے ہدایت کی ہےکہ عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈالا جائے، سبسڈی ختم نہ کی تو پھر قرض لینا پڑےگا۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اس سال خسارے کا بجٹ ہوگا، مشکل فیصلےکرنا ہوں گے، عمران حکومت پہلے ہی ریکارڈ قرض لے چکی ہے، ٹیکس بھی اتنا جمع نہیں کیا، جتنا ن لیگ چھوڑ کر گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن ہی مسائل کا حل ہیں، نگران حکومت آئی ایم ایف سے مذاکرات نہیں کرسکتی، ملک کو پٹری پر ڈال کر الیکشن کی جانب جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف سےکیےگئےکچھ وعدے جان بوجھ کر اور کچھ وعدے نااہلی سے توڑے، پاکستان میں مہنگائی دنیا میں تیسرے نمبرپر ہے، عمران خان نے نااہلی اوربدعنوانی کے امتزاج کی تاریخ رقم کی ہے۔

قبائلی عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے: شہبازشریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کے عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور ہم ان کے مقروض ہیں ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آج شمالی وزیرستان کا دورہ کیا اور قبائلی عمائدین سےملاقات کی۔ وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد قبائلی علاقوں کا وزیراعظم کا یہ پہلا دورہ تھا۔
قبائلی عمائدین نے وزیراعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کرے گی قبائلی اضلاع کے عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور ہم ان کے مقروض ہیں۔ ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان کی طرح مقامی آبادی کیلئے شہری سہولیات کو یقینی بنانا ہماری ترجیح ہوگی۔
قبائلی عمائدین نے وزیراعظم کو پاکستان کے امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

عمران خان کے ہیلی کاپٹر پر تقریباً ایک ارب روپے خرچ ہوئے: حکومتی دستاویز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومتی دستاویز میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے ہیلی کاپٹر پر تقریباً ایک ارب روپے خرچ ہوئے۔
حکومت کی دستاویز میں تفصیلات جاری کی گئی ہیں جس کے مطابق گزشتہ حکومت میں وزیراعظم آفس کے ہیلی کاپٹر پر کتنا خرچہ ہوا بتایا گیا ہے۔
دستاویز کے مطابق سابق وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر پر 98 کروڑ روپے خرچ ہوئے، وزیراعظم آفس سے بنی گالہ کا سفر 15 کلومیٹر ہے، ہیلی کاپٹر کے استعمال پر اوسطاً 8 لاکھ روپے یومیہ خرچ ہوا۔
اس حوالے سے حکومتی دستاویز میں مزید بتایا گیا کہ عمران خان نے تقریباً ایک ارب روپے خرچ کیے گئے جبکہ ہیلی کاپٹر کا ایک گھنٹے کا استعمال 2 لاکھ 75 ہزار روپے میں پڑتا ہے۔ Continue reading عمران خان کے ہیلی کاپٹر پر تقریباً ایک ارب روپے خرچ ہوئے: حکومتی دستاویز

زخم تیزی سے مندمل کرنے والی برقی پٹی

لاس اینجس: (ویب ڈیسک) تمام ترقی کے باوجود بعض ایسے زخم اور ناسور ہوتے ہیں جو بہت مشکل سے مندمل ہوتے ہیں۔ اب ایک برقی پیوند (اسٹیکر) کی بدولت زخموں کو تیزی سے ٹھیک کیا جاسکتا ہے۔
ٹیراساکی انسٹی ٹیوٹ آف بایومیڈیکل انوویشن کے ماہرین نے بڑھاپے، موٹاپے، جلنے یا ذیابیطس کے شکار ایسے مریضوں کے لیے برقی رو والا پیوند بنایا ہے جسے لگا کر زخم بھرنے کے عمل کو تیزترکیا جاسکتا ہے۔ اس سے معیارِ زندگی بہتر ہوتا ہے، مریض کو آسانی ہوتی ہے اور علاج پر غیرضروری اخراجات میں کمی ہوتی ہے۔
زخم گہرا یو معمولی، اس کے مندمل ہونے کے چار مراحل ہوتے ہیں، اول خون کے بہاؤ کو روکنے کے لیے پلیٹیلیٹس آگے آتے ہیں، بعد ازاں پروٹین کا تانا بانا بنتا ہے جس سے خون کی رگیں بنتی ہیں اور وہاں کھال کے کئی درجے بننا شروع ہوجاتے ہیں۔ اس کے بعد جلد کا آخری حصہ تشکیل پاتا ہے۔ پھر حتمی مرحلے میں پوری کھال بنتی ہے اور یوں زخم کی جگہ ایک معمولی نشان رہ جاتا ہے۔
اگرچہ ہم منفی پریشر والی پٹیاں، گروتھ فیکٹر والی روئی، سوزش دور کرنے والے پھائے، اور الٹراساؤنڈ سے بھی زخموں کا علاج کرتے ہیں لیکن بہترین طریقے میں بھی کم سے کم 12 ہفتے لگتے ہیں۔
اب لاس اینجلس کے ٹیراساکی انسٹی ٹیوٹ نے اسمارٹ اور لچکدار برقی پیچ بنایا ہے جسے ’ای پیچ‘ کا نام دیا گیا ہے جو برقی فیلڈ (ای ایف) سے زخم ٹھیک کرتا ہے۔ اس کے لیے چاندی کے انتہائی باریک یعنی نینوتار استعمال کئے گئے ہیں جو بیکٹیریا سے بچاتے ہیں اور زخم پر ہلکا کرنٹ بھی ڈالتے ہیں۔ اس میں الگنیٹ نامی ایک جزو بھی شامل کیا گیا ہے جو ناسور کی جگہ کو نم رکھتا ہے اور اسے بدن کے لیے موزوں بھی بناتا ہے۔
اگلے مرحلے میں ای پیچ میں کیلشیئم شامل کرکے اس میں برقیرے کی کارکردگی بہتر بنائی گئی ہے۔ اب الگنیٹ پر مبنی ایک بایو جل بنایا گیا جسے آسانی سے زخم کی گہرائی اور شکل کے مطابق ڈھالا جاسکتا ہے۔ جیسے ہی اسے زخم پر رکھا جاتا ہے کیلشیئم زخم کی جگہ حرکت کرتا ہے اورخون کی نئی باریک نالیاں پیدا ہونے میں مدد دیتا ہے۔ خون کی نالیاں بننے سے وہاں لہو اور غذائی اجزا پہنچنا شروع ہوتے ہیں اور یوں زخم بھرنے کا عمل تیز تر ہوجاتا ہے۔
اس ایجاد کا سب سے اہم پہلو بہترین اجزا کا انتخاب ہے جنہیں بار بار ایک دوسرے کے ساتھ استعمال کرکے آزمائش کی گئ ہے۔ لیکن اس کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ پیوند برقی فیلڈ سے ہی زخم ٹھیک کرتا ہے اور یوں خلیات کو متحرک کرکے گہرے ناسور کو بھی مندمل کیا جاسکتا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان

ابوظبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی وزارت افرادی قوت نے عید الفطر کی سرکاری تعطیلات کا اعلان کردیا۔
عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی فیڈرل اتھارٹی کی جانب سے عید الفطر پر 30 اپریل 29 رمضان سے 4 مئی تین شوال تک چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔
ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ رواں برس عید الفطر دو مئی کو ہوگئی جب کہ چھٹیوں کا آغاز 29 رمضان سے ہوگا تاہم چاند نکلنے کے امکانات 30 رمضان کو ہے۔
ماہرین فلکیات کے پیش کردہ اعداد و شمار کے اعتبار سے اگر چاند 30 تاریخ کو نکلا تو اماراتی شہری عید الفطر پر پانچ روز کی تعطیلات سے لطف اٹھائیں گے۔
واضح رہے کہ ان تعطیلات کا اعلان متحدہ عرب امارات کے وفاقی سرکاری ملازمین کےلیے کیا گیا ہے۔

مشن لندن، بلاول کی نواز سے ملاقات، سلیکٹڈ حکومت کے خاتمے پر مبارکباد

لندن: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کا مشن لندن، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات، شیری رحمان، نوید قمر، قمر زمان کائرہ اور قاسم گیلانی بھی شریک ہوئے، صدر مملکت، چیئرمین سینیٹ اور گورنر پنجاب کے عہدوں کے حوالے سے مشاورت ہوئی۔
نواز شریف سے ملاقات کے لئے بلاول بھٹو زرداری حسن نواز کے دفتر پہنچے، حسن اور حسین نواز نے باہر آکر استقبال کیا جبکہ سابق وزیراعظم نے چیئرمین پی پی پی کو خوش آمدید کہا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میاں نواز شریف کو تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے نتیجے میں سلیکٹڈ حکومت کے خاتمے، وزیراعظم اور پنجاب کے وزیراعلیٰ کے انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال ہوا جبکہ بلاول بھٹو زرداری اور میاں نواز شریف نے قومی سیاسی معاملات میں افہام و تفہیم اور اتفاق رائے سے ساتھ چلنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
ملاقات میں بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بیرونی سازش نہیں جمہوری سازش تھی، ہم جمہوری طریقے سے عدم اعتماد لے کر آئے، عمران خان کا بیانیہ ہے کہ مجھے کیوں نہیں بچایا، پاکستان کا کوئی شہری نہیں جو چاہتا ہوں ادارے اپنے دائرے سے باہر آکر کام کریں، پاکستان کی ترقی کیلئے جو کام پیپلز پارٹی کے حصے میں آئے گا وہ کریں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف کا جمہوریت کیلئے کردار بے مثال ہے، چارٹر آف ڈیمو کریسی کے تحت پاکستان ایک صحیح سمت میں چل رہا تھا، میاں صاحب سے بہت ضروری ملاقات ہے، ہم نے ایک بار پھر پاکستان کو جمہوریت کی بحالی کی طرف لے کر جانا ہے۔
نواز شریف سے ملاقات سے قبل پیپلز پارٹی کا اہم اجلاس ہوا، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شیری رحمٰن، نوید قمر اور قمر زمان کائرہ کے درمیان اہم مشاورت ہوئی۔
بلاول بھٹو کی ہوٹل میں وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل سے بھی ملاقات ہوئی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کہہ رہا ہے مجھے کیوں نہیں بچایا، شہید بینظیر بھٹو اور میاں نواز شریف کے تعلق سے پاکستان میں جمہوریت بحال ہوئی، اسی ورکنگ ریلیشن شپ کی بدولت اٹھارویں ترمیم ممکن ہوئی، عوامی حقوق کے جو کام 10سال میں ہوئے کبھی نہیں ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خارجہ پالیسی سمیت مختلف چیلنجز ہیں، ہمیں مل کر مسائل حل کرنا ہیں، پاکستان کو ہم نے جمہوریت کی بحالی کی طرف لے کر جانا ہے، 2007 سے قبل بھی ہمارے تمام ادارے متنازع بن چکے تھے۔

سندھ کابینہ میں بھی تبدیلیاں، شرجیل میمن کو صوبائی وزیر بنانے کا نوٹیفکیشن جاری

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ کابینہ میں بھی تبدیلیاں، شرجیل میمن کو صوبائی وزیر بنانے کا نوٹیفکیشن جاری، جمعہ کو حلف اٹھائیں گے جبکہ وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ سے قلمدان واپس لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، دوسری طرف پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی شرجیل انعام میمن صوبائی کابینہ کا حصہ بن گئے وہ جمعہ کو صوبائی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے، چیف سیکریٹری سندھ سہیل راجپوت کی جانب سے اویس قادر شاہ کو ڈی نوٹیفائی کرنے اور شرجیل انعام میمن کی بطور صوبائی وزیر تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے گورنر سندھ کو اویس قادر شاہ سے قلمدان واپس لینے اور شرجیل انعام میمن کی صوبائی وزیر کی حیثیت سے تقرری کی سفارش کی تھی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے دو ارکان اسمبلی کو اپنا معاون خصوصی مقرر کردیا، نوٹیفکیشن کے مطابق ٹھٹھِہ سے تعلق رکھنے والے ریاض حسین شاہ شیرازی اور خیر پور سے منتخب رکن اسمبلی احمد رضا شاہ جیلانی کو معاون خصوصی مقرر کیا گیا ہے۔

میہڑ میں آتشزدگی کا المناک واقعہ، جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کا تحقیقات کا آغاز

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ کے ضلع دادو کی تحصیل میہڑ میں آتشزدگی کے المناک واقعے پرقائم جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
سیکرٹری داخلہ سندھ سعید احمد منگریو کی قیادت میں تحقیقاتی ٹیم نے 8 متاثرہ دیہاتوں میں مقامی افراد کے بیانات قلمبند کئے۔
جے آئی ٹی پولیس، ریونیو افسروں، ڈاکٹرز اور ٹی ایم او ذمہ داران کے بھی بیانات قلمبند کئے جائیں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی ایک روز پہلے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا تھا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اداروں نے بروقت رسپانس نہیں دیا، متاثرہ افراد کے مطالبے پر واقعہ کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔

پنجاب کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات روکنے کیلئے حکم امتناع جاری

ملتان: (ویب ڈیسک) پنجاب کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات روکنے کیلئے حکم امتناع جاری کردیا گیا، الیکشن آرڈیننس 2021 کیخلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے بڑا فیصلہ سناتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیا ہے۔
پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ہائیکورٹ ملتان بنچ کا بڑا فیصلہ، ہائیکورٹ کے جسٹس شان گل نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں لوکل گورنمنٹ انتخابات روکنے کا سٹے آرڈر جاری کر دیا ہے، عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے27 اپریل کو جواب طلب کر لیا۔
عدالت میں خانیوال کے محمد اسلم کمبوہ، وہاڑی کے دلاور خان اور ساہیوال کے غلام عباس ڈوگر نے درخواست دائر کی، درخواست کونسل رانا آصف سعید کے ذریعے الیکشن آرڈیننس 2021ء کے خلاف دائر کی گئی، لوکل گورنمنٹ کے انتخابات آرڈیننس 2021 کے تحت کرائے جانے ہیں جس میں قانونی بے ضابطگیاں ہیں، آرڈیننس کی مدت ختم ہوچکی اور اسے ایکٹ کی شکل نہیں دی گئی۔
درخواستگزار نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس میں توسیع کا نوٹیفیکیشن بھی غیر قانونی ہے، پہلے مرحلے میں لیبر کونسل اور ویلج کونسل کے انتخابات ہونا تھے، بعدازاں ضلع کونسل چیئرمین اور میونسپل کارپوریشن میئر کے ہونا تھے، الیکشن کا ہر اقدام غیر قانونی طور پر اٹھایا گیا، آرڈینینس میں الیکشن کی ووٹنگ بذریعہ مشین کرائی جانی تھی لیکن ایسا کوئی سسٹم موجود ہی نہیں ہے، انتخابات کو روکا جائے۔
ایڈووکیٹ رانا آصف سعید نے کہا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 25 اپریل تک کاغذات نامزدگی جمع ہونے تھے،27 اپریل سے 9 مئی تک سکروٹنی ہونی تھی، 9 جون کو انتحابات تھے۔