پی آئی اے کی آسٹریلیا کیلئے روانہ ہونے والی پہلی براہ راست پرواز موخر

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی آسٹریلیا کیلئے روانہ ہونے والی پہلی براہ راست پرواز موخر کر دی گئی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پہلی براہ راست پرواز 22 اپریل کو لاہور سے سڈنی روانہ ہونی تھی، آخری موقع پر آسٹریلوی وزارت داخلہ نے لاہور، کراچی ایئرپورٹ کی سکیورٹی صورتحال کا ازسر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا۔
آسٹریلوی وزارت داخلہ کی جانب سے پی آئی اے کو پرواز موخر کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے جائزہ مکمل ہونے تک پہلی دو پروازیں موخر کررہا ہے، پاکستانی سکیورٹی صورتحال اور ایئر پورٹس نظام کا ازسر نو جائزہ لینے کے تناظر میں فیصلہ کیا گیا۔
پی آئی اے اور پاکستانی سفارت خانہ آسٹریلوی حکام سے رابطے میں ہے، پہلی دو پروازوں کے مسافروں کو کال سینٹر کے ذریعے مطلع کیا جارہا ہے۔

جنرل ندیم رضا سے نائیجیرین ہم منصب کی ملاقات، دوطرفہ دفاعی تعلقات کا اعادہ

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے نائیجیرین ہم منصب نے ملاقات کی، جنرل ندیم رضا نے نائیجیریا اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور دیرینہ دوطرفہ دفاعی تعلقات کا اعادہ کیا گیا جبکہ نائیجیرین چیف نے جے ایف 17 لڑاکا طیاروں کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نائیجیریا کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل لکی ایلونئے نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا، جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے جنرل لکی ایلوونی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے نائیجرین ہم منصب سے ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون کے امور بشمول سکیورٹی، فوجی تبادلوں، تربیت اور موجودہ علاقائی ماحول پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نائیجیرین چیف نے کہا کہ باہمی مفید بات چیت اور رابطوں سے دو طرفہ دفاعی تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں، دونوں افواج کے درمیان باہمی تعاون اورمفاہمت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
جنرل ندیم رضا نے نائیجیریا اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور دیرینہ دوطرفہ دفاعی تعلقات کا اعادہ کیا جبکہ نائیجیرین چیف نے جے ایف 17 لڑاکا طیاروں کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جے ایف 17 طیارہ اپنی منفرد جنگی صلاحیتوں کے ساتھ نائیجیریا کی سکیورٹی ضروریات پورا کر رہا ہے۔

میرا تحفہ، میری مرضی نہیں چلے گی، عمران خان منی ٹریل دیں: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے وزیراعظم کی کرسی کو کاروبار بنا رکھا تھا، انہوں نے 58 تحائف بیچ کر توشہ خانہ سے جتنا پیسہ کمایا، پوری زندگی میں نہیں کمایا، 4 کروڑ کی گھڑی لے کر 18 کروڑ میں فروخت کی گئی، میرا تحفہ، میری مرضی نہیں چلے گی، پی ٹی آئی چیئرمین منی ٹریل دیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے، کہا جارہا ہے میرا تحفہ میری مرضی، یہ پاکستان کے وزیراعظم کا تحفہ تھا، یہ تحفہ ضرور تھا لیکن آپ کی دکان نہیں تھی، تحفے کو بازاروں میں بیچا نہیں جاتا، ان کو وزیراعظم کی کرسی کے وقار کا نہیں پتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان چار سال میڈیا، پارلیمان کی آواز بندی کرتے رہے، چار کروڑ کی گھڑی لیکر 18 کروڑ میں بیچی گئی، عمران خان عوام سے سچ بول دیں 18 کروڑ کی گھڑی بیچی، توشہ خان سے عمران خان کی آمدنی میں اضافہ ہوا، عمران خان نے وزیراعظم کی کرسی کو کاروبار کی کرسی بنایا ہوا تھا، جتنا پیسہ آپ نے توشہ خانہ سے کمایا اتنا ساری زندگی نہیں کمایا، دو مہینے کی انکم 85 ملین اور چار سال میں 142 ملین ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان کی اہلیہ کا ایف بی آر میں اندراج 2018 میں ہوا، پہلے دو ماہ میں توشہ خان کے اندر 85 ملین کا اضافہ ہوا، توشہ خانہ سے چارسال کی کل آمدن 142 ملین کی انکم ہوئی، گھڑی خریدنے کی تین کروڑ کی منی ٹریل دیدیں، اس میں آپ کی مرضی نہیں چلے گی، عمران خان صاحب رسیدیں تو دینی پڑیںگی، عمران خان کی کل آمدن41 سال میں اتنی نہیں بڑھی جتنی توشہ خانہ سے بڑھی، توشہ خانہ سے 58 گفٹ بیچ کرعمران خان کی انکم بڑھی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن، اسٹیٹ بینک نے آج تک (ن) لیگ کی فنڈنگ پر کوئی اعتراض نہیں لگایا، میری مرضی نہیں آپکو منی ٹریل دینا ہوگی، وزیراعظم کی کرسی کو موصوف نے کاروبار بنایا ہوا تھا، تحفے خود لیے جا سکتے ہیں بیچے نہیں جا سکتے۔

حکومت کا ایگزٹ کنٹرول لسٹ کے قوانین میں ترمیم کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) کے غیر ضروری استعمال کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے قوانین میں ترمیم کی جائے گی۔
کابینہ اس حوالے سے کمیٹی برائے ای سی ایل نے قوانین میں ترمیم کی سفارش کردی ہے۔ نئے قوانین کے تحت انتہائی ضروری ہونے پر ہی نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ای سی ایل سے نام نکالنے کے کیسز نمٹانے کا وقت مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے، وقت مقرر کرنے کی تجویز کئی کئی سال سے زیر التوا درخواستوں کے باعث دی گئی۔
ذرائع وزرات قانون کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد رولز میں ترمیم کا نوٹی فکشن جاری ہوگا۔
دریں اثنا وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران نیازی سیاست کے میدان سے بھاگے ہوئے ہیں، معاشی دہشت گرد قومی مجرم ہیں ، ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) دوبارہ مرتب ہو رہی ہے، جنہوں نے معاشی دہشت گردی کی ہے، انہیں بھاگنے نہیں دیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی نے قربانیاں دے کر بھی ہمیشہ اداروں کا ساتھ دیا، چیف جسٹس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے ہیں کہ پیپلز پارٹی نے قربانیاں دے کر بھی ہمیشہ اداروں کا ساتھ دیا۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بنچ نے آرٹیکل 63اے کی تشریح سےمتعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت کی۔
رضا ربانی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ صدارتی ریفرنس کے بعد آئینی عہدیداروں نے آئین کی خلاف ورزی کی، آئین کیلئے کھڑے ہونے پر ہی اداروں کے خلاف مہم چلی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ آئین کی بالادستی کیلئے کھڑی ہے، آئین کو ماننے والے جب تک ہیں تنقید سے فرق نہیں پڑتا، عدالت کے دروازے ناقدین کیلئے بھی کھلے ہیں، عدالت کا کام سب کے ساتھ انصاف کرنا ہے، تاریخ بتاتی ہے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں، قربانیاں دے کر بھی پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اداروں کا ساتھ دیا ہے، قربانیاں دینے والوں کا بہت احترام کرتے ہیں، کوئی ہمارے بارے میں کچھ بھی سوچے ملک کی خدمت کرتے رہیں گے۔
رضا ربانی نے کہا کہ لازمی نہیں کہ پارٹی سے وفا نہ کرنے والا بے ایمان ہو، کاغذات نامزدگی میں دیا گیا حلف پارٹی سے وابستگی کا ہوتا ہے، اصل حلف وہ ہے جو بطور رکن قومی اسمبلی اٹھایا جاتا ہے، آرٹیکل تریسٹھ اے ارکان کو پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ نہ دینے کا خوف دلاتا ہے، پاکستان میں چند دن پہلے وزیراعظم آئین کی سنگین خلاف ورزی کے لیے تیار تھا، لیکن استعفی نہیں دیا، پارٹی سے انحراف پر آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق نہیں ہوتا، آرٹیکل 63 اے کے تحت منحرف رکن ڈی سیٹ ہوتا ہے، نااہل نہیں، انحراف کی سزا رکنیت کا خاتمہ ہے مزید کچھ نہیں۔
جسٹس منیب اختر نے رضا ربانی سے کہا کہ فوجی عدالتوں کے حق میں ووٹ دیکر آپ رو پڑے تھے، آپ نے تقریر میں کہا تھا کہ ووٹ پارٹی کی امانت ہے، اگر مستعفی ہوجاتے تو کیا خیانت ہوتی؟آپ نے کسی خوف کا اظہار نہیں کیا تھا۔
رضا ربانی نے کہا کہ استعفی دینے کے بعد حالات کا سامنا نہیں کرسکتا تھا، استعفی دینے کے لیے اخلاقی جرات نہیں تھی، استعفی دینے کا مطلب سیاسی کیرئیر کا خاتمہ ہے۔
تحریک انصاف کے وکیل علی ظفر نے کہا ریفرنس میں دو بنیادی سوالات اٹھائے گئے ہیں، ایک آرٹیکل 63 اے کے تحت ملنے والی سزا اور دوسرا کیا منحرف رہنما کی نااہلی تاحیات ہو گی یا نہیں۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کردی۔

مراکشی نوجوان دنیا کا بہترین قاری قرآن قرار

ریاض: (ویب ڈیسک) مراکشی نوجوان نے سعودی عرب میں منعقدہ تلاوت قرآن پاک کا مقابلہ جیت کر 13 لاکھ ڈالرز سے زائد انعامی رقم اپنے نام کرلی۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی حکام کی جانب سے قرآن پاک کو خوش لحن انداز میں پڑھنے کے مقابلوں کا انعقاد کئی برسوں سے کیا جارہا ہے جس میں دنیا بھر سے قاری قرآن شرکت کرتے ہیں انتہائی خوبصورت لحن میں تلاوت قرآن پاک کرتے ہیں۔
رواں برس 80 ممالک سے 40 ہزار قاری قرآن نے شرکت کی، جس میں تمام امیدواروں نے بہترین ادائیگی اور خوش لحانی سے قرآت کی لیکن فاتح کا تاج مراکش کے یونس مصطفیٰ غربی نے اپنے سر سجایا اور 13 لاکھ 30 ہزار ڈالرز کا پہلا انعام جیتا۔
مقابلے میں دوسری پوزیشن برطانیہ کے محمد ایوب آصف نے حاصل کی جنہیں 5 لاکھ 33 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم دی گئی، 2 لاکھ 76 ہزار ڈالرز کی تیسری رقم بحرین کے محمد مجاہد نے جیتی جب کہ ایران کے سیّد جاسم موسوی نے چوتھی حاصل کی اور 1 لاکھ 33 ہزار ڈالرز کا انعام جیتا۔
عرب میڈیا کے مطابق مقابلے کے فاتحین کا فیصلہ کرنے والے 13 رکنی بینچ میں مسجد نبوی اور مسجد الحرام کے مؤذن، دنیا کے بہترین قاری قرآن شامل تھے۔

روس کا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بین البراعظمی جوہری بیلیسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق روس نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل سرمت کا تجربہ کیا ہے۔روس کا نیا میزائل فرانس کے رقبے کے برابر علاقے کوتباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اورریکارڈ 18 ہزارکلومیٹرتک ہدف کونشانہ بنا سکتا ہے۔
روسی وزارت دفاع کا بیان میں کہنا ہے کہ سرمت دنیا کا سب سے طاقتور میزائل ہے جس کی رینج سب سے زیادہ ہے۔نیا میزائل روس کی اسٹریٹجک نیوکلیئر فورسز کی صلاحیت میں مزید اضافہ کرے گا۔
سرمت دیگر قسم کے وار ہیڈز کے ساتھ ہائپرسونک گلائیڈ گاڑیاں لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
روس کے صدر ولادمیر پیوٹن نے نئے میزائل کوسب سے طاقت ور میزائل اور اسٹریٹیجک اثاثہ قرار دیا ہے۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا کہنا ہےکہ روس کا میزائل تجربہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کے لیے خطرے کا باعث نہیں۔

مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی،نوجوان شہید

سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسزنے ریاستی دہشتگردی کرتے ہوئے نوجوان کوشہید کردیا۔
کشمیری میڈیا کے مطابق قابض بھارتی فوجیوں نے بارہ مولا کے علاقے میں فائرنگ کرکے نوجوان کوشہید کردیا۔ بھارتی فورسزنے نوجوان کوحریت پسند تنظیم کا کارکن ہونے کا الزام لگا کرجعلی مقابلے میں شہید کیا۔
بھارتی فورسزنے بارہ مولا کا محاصرہ کرلیا اورگھرگھرتلاشی میں متعدد نوجوانوں کوگرفتارکرلیا۔ نوجوان کی شہادت کے بعد بھارتی مظالم کیخلاف احتجاج کرنے والے سیکڑوں افراد پربھارتی فوجیوں نے تشدد کیا جس کے باعث کئی افراد زخمی ہوگئے۔
بارہ مولا اورنواحی علاقوں کا محاصرہ جاری ہے اورموبائل اورانٹرنیٹ سروس بھی بند ہے۔بھارتی فورسزنے لوگوں کوگھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔قابض بھارتی فوج کا نام نہاد آپریشن جاری ہے۔

میسنجراورانسٹاگرام نے یومِ ارض کے لیے تھیم اور اسٹیکر پیش کردیئے

پالو آلٹو، کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) فیس بک کی مرکزی کمپنی میٹا نے 22 اپریل کو یومِ ارض پر میسنجر پر خوبصورت سرسبز تھیم، اسٹیکر اور ری ایکشن پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بالخصوص بچوں کے لیے بھی مختلف موضوعات پر تصاویر اور خاکے بنائے گئے ہیں جو فطرت اور زمین سے ہمارے تعلق کو بیان کرتے ہیں۔
آج سے ہی ان پرعمل شروع ہوگیا ہے تاکہ بچے ہوں یا بڑے ہمارے مشترکہ گھر کرہِ ارض کی اہمیت کی کو سمجھ سکیں۔ دوسری جانب زور دیا گیا ہے کہ ہم عمل کی بنیاد پر آگے بڑھیں اور زمین کو بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
ایوری ڈے ارتھ کی اس تھیم کے خالق مشہور اینی میٹر اور ڈجیٹل آرٹست ایرن کوئن ہیں جنہوںنے کیمرہ اسٹیکر بنائے ہیں جو بچوں کو بہت پسند آئیں گے۔ روزمرہ زندگی میں فطرت اور ماحول کے کردار پر یہ تمام تصاویر انسٹاگرام، اور میسنجر کے لیے بھی ریلیز کی جارہی ہیں۔
ارتھ چیٹ تھیم میں تھری ڈی اوتار کے اسٹیکر بھی ہیں جن میں نیچر، کلائمٹ، زمین، کلائمٹ ایکشن، ری سائیکل اور پائیدار ترقی کے موضوعات شامل کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ الفاظ کو بھی انہی تھیم اور اثرات کے تحت بیان کیا جاسکتا ہے جو دیکھنے میں بہت بھلے لگتے ہیں۔
اسی طرح میسنجر اور انسٹاگرام ویڈیو کال میں بھی گروپ ایفیکٹ کا انتخاب کیا جاسکتا ہے جس کی بدولت ویڈیو گفتگو کی پوری تھیم حیات و ارض کا موضوع بن جاتی ہے۔ اس کے علاوہ سائنس لیب نامی ڈجیٹل کارڈ کا ایک مجموعہ بھی پیش کیا جارہا ہے جسے اگلے کئی ماہ تک جاری رکھنے کا ارادہ ظاہر کیا گیا ہے۔
فیس بک میسنجر کے بچوں کے ورژن میں بچے اپنی تصاویر کو ارتھ ڈے فریم، اسٹیکر اور آگمینٹڈ ریئلٹی ماسک سے بھی سجاسکیں گے۔
اسی طرح چیٹ کے اندر استعمال ہونے والے ایموجیز کے لیے اسٹیکرز کا پورا مجموعہ دستیاب ہے جسے انسٹاگرام اسٹوریز میں بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ اینی میٹڈ جی آئی ایف بھی شامل کی گئی ہیں۔
لگتا ہے کہ میٹا نے رسمی کی بجائے شعوری طور پر یومِ ارض کی تشہیر کا ارادہ کیا ہے اور اس کے لیے ورڈ افیکٹ، چیٹ تھیم، تھری ڈی اوتار، تھری ڈی اسٹیکر، اینی میٹڈ ایموجی اور بہت کچھ تیار کیا ہے۔ یہ تمام سہولیات متعلقہ آپشن میں سرگرم ہوچکی ہیں۔

پریانکا چوپڑا اور نک جونس کی بیٹی کا نام سامنے آگیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا اور ان کے گلوکار شوہر نک جونس کے گھر سروگیسی کے ذریعے بیٹی پیدا ہوئی تھی تاہم اس کا نام اب تک میڈیا میں سامنے نہیں لایا گیا تھا۔
جوڑے کی جانب سے جہاں باضابطہ بیٹی کا نام سامنے لانا اب بھی باقی ہے وہیں بھارتی میڈیا کو اس کا پیدائشی سرٹفکیٹ مل گیا ہے۔
پیدائشی سرٹفکیٹ کے مطابق پریانکا چوپڑا اور نک جونس نے اپنی بیٹی کا نام مالتی میری چوپڑا جونس رکھا ہے۔
واضح رہے کہ نک جونس اور پریانکا چوپڑا دونوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر 22 جنوری کو اعلان کیا تھا کہ ان کے ہاں بیٹی پیدا ہوئی ہے۔