سویڈن کو مسلمانوں کے عقائد کا احترام کرنا چاہیے، چین

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن مجید کے نسخوں کو نذر آتش کرنے کے حالیہ واقعے کے بعد سویڈن کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
چینی روزنامہ گلوبل ٹائمز کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بِن نے اس افسوسناک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں ثقافتی یا مذہبی امتیاز کو ہوا دینے یا معاشرے میں انتشار پھیلانے کی کوشش نہیں کرنی چایے۔
وزارت خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ سویڈن مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتی گروہوں کے مذہبی عقائد کا بھی احترام کرے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سویڈن میں انتہا پسند دائیں بازو اسٹرام کرس گروپ کے رہنما راسمس پالوڈن نے سویڈن کے جنوبی لنکوپنگ شہر میں قرآن پاک کے ایک نسخے کو جلایا تھا جس کے بعد راسمس نے آئندہ ریلیوں میں بھی اس ناپاک عمل کو دہرانے کی دھمکی دی تھی۔
ترکی، سعودی عرب اور دیگر مسلم ممالک نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے خلاف شدید اشتعال انگیزی قرار دیا ہے۔

بھارت میں 13 سالہ کمسن لڑکی سے 80 سے زائد افراد کی اجتماعی زیادتی

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے علاقے گنٹور میں ایک ہولناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں 13 سالہ کسمن لڑکی کو 8 ماہ کے دوران 80 سے زائد مردوں نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق 13 سالہ کمسن لڑکی سے 8 ماہ کے دوران 80 سے زائد مردوں نے اجتماعی عصمت دری کی جبکہ پولیس تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ نابالغ لڑکی کو جسم فروشی پر مجبور کیا گیا اور اسے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے مختلف قحبہ خانوں پر بھی لے جایا گیا۔
پولیس نے سورنا کماری کی شناخت مرکزی ملزم کے طور پر کی جس نے نابالغ کو جسم فروشی پر مجبور کیا۔ سورنا کماری نے جون 2021 میں کوویڈ-19 کی عالمی وبا کے دوران اسکی والدہ کی ہلاکت کے بعد اسکے والد کے علم میں لائے بغیر اپنے ساتھ لے گئی۔ س کے بعد خاتون نے کمسن بچی کو آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے مختلف کوٹھوں پر بھیجا گیا تاکہ اسے گوشت کے کاروبار میں استعمال کیا جاسکے۔
اگست 2021 میں لڑکی نے پولیس سے رجوع کیا اور شکایت درج کرائی۔ اس کے بعد پولیس نے سورنا کماری سمیت 80 ملزمان کی شناخت کی اور انہیں گرفتار کرنا شروع کردیا ہے۔ اس کیس میں پہلی گرفتاری جنوری 2022 میں کی گئی تھی۔
اپریل 19 کو بی ٹیک کے طالبعلم سمیت 10 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا، پولیس نے اس جرم میں ملوث تمام 80 افراد کو بھی گرفتار کر لیا ہے اور مزید ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

موبائل فون نے یوکرینی سپاہی کی زندگی بچالی، ویڈیو وائرل

کیف: (ویب ڈیسک) روسی فوجیوں کے چیک پوسٹ پر حملے کے دوران یوکرینی سپاہی کے جیب میں رکھے موبائل فون نے ان کی زندگی بچالی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین میں روسی حملے تواتر سے جاری ہیں۔ روس نے ایک اور شہر پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے جب کہ یوکرینی فوج نے کیف اور لیووف کے کئی علاقوں کا قبضہ واگزار کرا لیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چیک پوسٹ پر موجود یوکرینی فوج کا ایک اہلکار اپنی جیب سے موبائل فون نکال کر دکھاتا ہے جس میں ایک گولی پھنسی ہوئی ہوتی ہے۔
موبائل فون پر گولی اس وقت لگی تھی جب روسی افواج نے اس چیک پوسٹ پر حملے کے دوران اندھادھند فائرنگ کی تھی۔ اگر یوکرینی اہلکار کی جیب میں موبائل فون نہیں ہوتا تو گولی جان لیوا ثابت ہوسکتی تھی۔
سوشل میڈیا صارفین نے یوکرینی فوج کے سپاہی کی ہمت اور عزم و استقلال کی تعریف کی۔

11 برس پرانے مضمون کا الزام، عبد الاعلیٰ فضلی کو بھارتی فورسز نے گرفتار کرلیا

سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ جموں و کشمیر میں 11 برس پرانے مضمون کے الزام میں پی ایچ ڈی سکالر عبد الاعلیٰ فضلی کو قابض بھارتی فورسز نے گرفتار کر لیا۔
2011 میں عبد الاعلیٰ فضلی کا مضمون آن لائن میگزین کشمیر والا میں چھپ گیا تھا۔
بھارتی حکام کے مطابق مضمون میں آزادی کے حق میں دلائل دیے گئے ہیں اور نوجوانوں کو ریاست کے خلاف کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
اعلیٰ فضلی کشمیر یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی سکالر ہیں اور پڑھاتے بھی رہے ہیں۔ آن لائن میگزین کشمیر والا کے مدیر فہد شاہ کو پہلے ہی پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کر کے جیل میں ڈالا گیا ہے۔

نسیم شاہ انجری کے باعث انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ سے باہر ہوگئے

لندن: (ویب ڈیسک) پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ کندھے کی انجری کے باعث اگلے ماہ کے آخر تک کاؤنٹی چیمپئن شپ سے آؤٹ ہوگئے ۔
گلوسسٹرشائرکاؤنٹی کے مطابق نسیم شاہ گزشتہ دنوں کندھے کی انجری کا شکار ہوئے جس کی وجہ سے وہ اگلے ماہ تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔
کاؤنٹی بیان کے مطابق وہ نسیم شاہ کی فٹنس پر پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطے میں ہیں۔
رپورٹس کے مطابق نسیم شاہ ایک ماہ برسٹل میں اپنی ری ہیب پر کام کریں گے جس کے بعد وہ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کیلئے اپنی کاؤنٹی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ نیدرلینڈز کا شیڈول جاری کردیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ نیدرلینڈز کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی ) کے مطابق پاکستان اور نیدرلینڈز کے مابین دو طرفہ ون ڈے انٹرنیشنل سیریز اگست میں روٹرڈم میں کھیلی جائے گی۔ سیریز میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز 16، 18 اور 21 اگست کو کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یہ سیریز جولائی 2020 میں کھیلی جانی تھی لیکن کورونا وائرس کے باعث سیریز غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی تھی ، تینوں میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں ون ڈے کرکٹ میں آخری مرتبہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2003 میں مدمقابل آئی تھیں۔
آئی سی سی مینز ورلڈ کپ سپر لیگ میں پاکستان نے اپنے 12 میں سے 6 میچز جیت رکھے ہیں جبکہ نیدرلینڈز کی ٹیم 10 میں سے صرف 2 میچز ہی جیت سکی ہے۔
ڈائریکٹر انٹرنیشنل پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ مجھے خوشی ہے کہ میزبان بورڈ کے تعاون سے وہ اس سیریز کو ری شیڈول کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ یہ سیریز نیدرلینڈز میں کرکٹ کے فروغ اور ترقی کے لیے بہت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کا سیزن 22-2021 شاندار رہا ہے، وہ پر اعتماد ہیں کہ قومی کھلاڑی بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے نیدرلینڈز کے فینز کو بہترین تفریح فراہم کریں گے۔

روس اور بیلاروس کے کھلاڑی ومبلڈن اوپن ٹینس میں نمائندگی سے محروم

لندن: (ویب ڈیسک) یوکرین پر حملے کے باعث روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں کو ومبلڈن اوپن ٹینس میں نمائندگی سے محروم کر دیا گیا ہے۔
روسی گولہ باری کے اثرات کھیلوں پر بھی جاری ہیں، ٹینس سیزن کے دوسرے گرینڈ سلیم ’’ومبلڈن اوپن‘‘ حکام نے روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں کی شرکت پر پابندی عائد کر دی ہے۔
روس سے تعلق رکھنے والے عالمی نمبر ایک ڈینیئل میدویدف اور نمبر چار اریانا سیبالینکا کو میگا ایونٹ میں نمائندگی سے محروم کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ومبلڈن کے گراس کورٹ پر ٹینس کا میلہ 27 جون سے 10 جولائی تک سجے گا۔

عمران خان کی امریکی عہدیداروں سے ملاقات سازش ہے یا مداخلت؟ رانا ثناء اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے الہان عمر سے ملاقات کرنے پر عمران خان سے سوالات کئے ہیں کہ امریکی حکومتی عہدیداروں سے ملاقات سازش ہے یا مداخلت، قوم کو جواب دیں۔
امریکی رکن کانگریس الہان عمر سے عمران خان کی ملاقات پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ الہان عمر سے ملاقات میں کون سی امریکی سازش پر بات ہوئی، قوم جاننا چاہتی ہے؟ اپوزیشن سے امریکیوں کی ملاقات کو سازش کہنے والا اپوزیشن میں جاکر امریکیوں سے کیوں مل رہا ہے؟ کون سی سازش تیار ہو رہی ہے؟ اگر آپ نے قوم کو نہ بتایا تو میں تحقیقات کراؤں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہا کہ قوم کو سچائی کا پتہ چلنا چاہیے، یہ نہ ہو کہ عمران نیازی اپنی روایت کے مطابق چند دنوں بعد ایک اور خط سامنے لے آئے، قوم کو امریکہ کے خلاف بھڑکانے والا آج امریکیوں سے ہنس ہنس کر باتیں کر رہا تھا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جلسوں میں ” ابسولیٹلی ناٹ ” کے نعروں سے قوم کو بھڑکانے والے نے امریکیوں سے ملاقات کے لئے ” ابسولیٹلی یس” کیوں کہا؟۔

’اللہ نے ہمیں اپنے گھر بلا لیا‘ وقار یونس نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

ریاض: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور ہیڈ کوچ وقار یونس نے اہلیہ فریال وقار کے ساتھ عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سابق فاسٹ بولر اور ہیڈ کوچ وقار یونس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اہلیہ کے ساتھ تصاویر شیئر کیں جن وہ مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی میں موجود ہیں۔
وقار یونس نے تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ الحمدللہ، اللہ نے ہمیں اپنے گھر پر بلا لیا۔
قومی کرکٹر نے چند گھنٹوں قبل یہ تصاویر شیئر کی جس میں انہیں عمرہ ادا کرنے کے بعد مسجد نبوی میں بھی دیکھا جاسکتا ہے، تصویر میں ان کا بیٹا بھی موجود ہیں۔
وقار یونس کو عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر مداحوں اور قومی کرکٹرز کی جانب سے مبارک باد دی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیم کے لیگ اسپنر شاداب خان نے بھی عمرے کی ادائیگی کی تصاویر شیئر کی تھیں، یاد رہے کہ رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں متعدد کرکٹرز اور شوبز ستارے عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) عمران خان کے جانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے پیٹرن انچیف رہنے والے عمران خان کی حکومت ختم ہونے کے بعد یہ باتیں کی جارہی تھیں کہ چیئرمین رمیز راجہ کا عہدہ بھی ختم ہونے والا ہے۔
اس حوالے سے اب ذرائع نے بتایا ہے کہ نئی حکومت کے آنے کے بعد چیئرمین پی سی بی رمیزراجہ کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ہے، گورننگ باڈی کے اجلاس میں 2 نئے نام مانگ لئے گئے۔
ادھر رمیز راجہ پرعزم دکھائی دیتے ہیں اور کام جاری رکھنے کا اشارہ ملنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ میری چیئرمین شپ کو کوئی خطرہ نہیں۔