افغانستان سمیت خطے میں امن کےلیے کوششیں جاری رکھیں گے:حنا ربانی کھر

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر سے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان‏ ایمبیسڈر محمد صادق نے ملاقات کی ہے۔
انہوں نے افغانستان اورخطے میں امن وامان کی صورتحال پربریفنگ دی۔ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان کی آزادی، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔
حنا ربانی کھرنے کہا کہ افغانستان سے پاکستانی سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے واقعات باعث تشویش ہیں۔پاکستان کیلئے مستحکم اور پرامن افغانستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔۔

کابینہ اجلاس سے پہلے، وزیر اعظم ہاؤس کو سب جیل قرا دے دیں، فواد چوہدری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس سے پہلے آئی جی اسلام آباد کے دفتر کو چاہئے وزیر اعظم ہاؤس کو سب جیل قرا دے دیں۔
فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں کہا کہ اتنے ملزمان اکٹھے ایک جگہ خطرناک ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے گزشتہ روز فواد چوہدری نے شہباز شریف کی کابینہ کی تشکیل ہونے کے بعد ٹوئٹ کی تھی کہ وزیراعظم سمیت کابینہ کے چوبیس ممبران ضمانتوں پر رہا ملزمان ہیں۔
نئی کابینہ سے چیرمین سینٹ کی بجائے آئی جی جیل خانہ جات اگر حلف لیتا تو دنیا کو زیادہ اچھا اور واضح پیغام دیا جا سکتا تھا. کلبوشن یادیو ہی جیل میں رہ گیا، باقی تو سب وزیر بن گئے ہیں۔

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا پمز ہسپتال کا اچانک دورہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل صبح سویرے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع پمز اسپتال پہنچ گئے۔
عبدالقادر پٹیل نے اسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا، پمز کی فارمیسی کے ساتھ انہوں نے اسپتال میں ادویات کی فراہمی کا جائزہ بھی لیا۔
قادرپٹیل نے عملے کو ہدایت کی کہ عوام کوبہترین طبی سہولیات کی فراہمی کویقینی بنایا جائے، اسٹاف دکھی انسانیت کی خدمت میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کرے۔
عبدالقادر پٹیل نے یہ بھی کہا کہ مریضوں کے علاج میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، اسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

تیل سے بھرا روسی بحری جہاز سمندر میں روک لیا گیا

یونان : (ویب ڈیسک) یونان نے تیل سے بھرا روسی بحری جہاز سمندر میں روک لیا۔
یونانی حکام نے روس کے خلاف یورپی یونین کی عائد کردہ پابندیوں کے تحت ایک روسی آئل ٹینکر کو بحیرہ ایجیئن میں روک لیا ہے۔
یونانی کوسٹ گارڈز کے مطابق بحری آئل ٹینکر کو 15 اپریل کوروکا گیا۔ اس بحری جہاز پر روسی پرچم لگا ہوا ہے اور اس کا نام پیگاس ہے۔
مال بردار بحری جہاز پر روسی عملے کے19 ارکان بھی سوار ہیں اور اس وقت یہ ٹینکر یونانی جزیرے ایویا کے ساحل کے قریب خلیج کارِسٹوس میں لنگر انداز ہے۔
یاد رہے کہ یوکرین پر روسی فوجی حملے کے بعد یورپی یونین نے روس کے خلاف سخت پابندیاں عائد کی تھیں۔
ان پابندیوں میں مختلف سامان کی درآمد اور برآمد کے علاوہ روسی پرچم والے بحری جہازوں کی یورپی یونین کی بندرگاہوں تک رسائی پر پابندی بھی شامل ہے۔

یوکرینی مہاجرین نے واپس وطن لوٹنا شروع کر دیا

پولینڈ : (ویب ڈیسک) یوکرینی مہاجرین نے واپس وطن لوٹنا شروع کر دیا۔
یوکرین پر روسی حملے کے باعث یوکرین سے ہجرت کرنے والے شہری اب واپس اپنے وطن لوٹنا شروع ہو گئے ہیں۔
ہمسایہ ملک پولینڈ کے حکام نے بتایا کہ یوکرین جنگ کے بعد سے بڑی تعداد میں یوکرینی شہری سرحد پار کر کے پولینڈ میں داخل ہو رہے تھے۔لیکن اب بڑی تعداد میں مہاجرین نے واپس جانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
پولینڈ کے سرحدی محافظین کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تقریباً 19300 یوکرینی باشندے پولینڈ سے واپس یوکرین کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق ابھی بھی مہاجرین مک چھوڑ کر پولینڈ میں داخل ہو رہے ہیں ۔ انہیں چوبیس گھنٹے کے دوران تقریباً 17300 مہاجرین سرحد پار کر کے پولینڈ میں داخل ہوئے۔

دادو میں خوفناک آتشزدگی، 4 بچوں سمیت 9 افراد جھلس کر جاں بحق

پشاور: (ویب ڈیسک) دادو کی تحصیل خیرپورناتھن شاہ میں مٹی کے طوفان نے تباہی مچا دی، مختلف مقامات پر آتشزدگی سے ایک سو سے زائد گھر جل گئے۔
آگ میں جھلس کر 4 بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔ آگ لگنے سے 200 سے زائد جانور بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔
نواحی گاؤں فیض محمد چانڈیو میں مٹی کے طوفان سے ایک گھر میں لگنے والی آگ نے سو سے زائد گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق آگ میں جھلس کے 4 بچے موقع پر ہی جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔
تمام زخمیوں کو لاڑکانہ اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے مزید 4 افراد چل بسے، اسسنٹ کمنشر مہڑ واقعہ کے اٹھارہ گھنٹے بعد پہنچے تو متاثرین نے ان کا گھیراو کرلیا اور احتجاج کیا۔ بعد میں پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں نے متاثرہ گاؤں میں امدادی کام شروع کردئیے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے تحصیل میہڑ کے دو دیہات میں آگ لگنے کے واقعے پر اظہار افسوس کیا ہے ۔ انہوں نے دیہات کے مکینوں اورمتاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی امداد کے لئے وفاقی حکومت اقدامات کرے گی، وزیر اعظم نے کہا سندھ کی صوبائی حکومت سے بھی متاثرین کی مالی امداد کے لئے بات کروں گا۔ شہباز شریف نے این ڈی ایم اے اور متعلقہ حکام کو متاثرہ خاندانوں کی بحالی کیلیے بھرپور مدد کی ہدایات دے دیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے بھی آگ لگنے کے واقعے میں معصوم جانوں کے ضیاع پردکھ کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پارٹی کے مقامی عہدیدار اور کارکن غمزدہ خاندانوں کی ہر ممکن امداد کریں۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے متاثرین کے لیے امداد ی سامان بھجوا دیا، سامان میں پانچ سو ٹینٹ، پندرہ سو کمبل، ایک ہزار فولڈنگ بیڈ ، ایک ہزار تکیے، نو سو بیڈ شیٹس شامل ہیں۔ سامان میں ایک ہزار مچھر دانیاں ، پانچ سو واٹر کولر ، چار سو میٹریس اور پانچ سو کچن سیٹ شامل ہیں۔

مرغی پال پروگرام میں 1 ارب روپے کی مبینہ مالی بے قاعدگیوں کا انکشاف

پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور، خیبرپختونخوا مرغا مرغی پیکج پروگرام میں مالی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، محکمہ لائیوسٹاک میں ایک ارب روپے کی مبینہ مالی بے قاعدگیاں رپورٹ ہوئی ہیں۔
آڈٹ رپورٹ میں ”مرغا مرغی پیکج“ پروگرام میں 27کروڑ44لاکھ بے قاعدگیوں کی نشاندہی ہوئی ہے، مرغیوں کی زیادہ قیمت پر خریداری سے خزانہ کو 9 کروڑ 74لاکھ 35 ہزار روپے کا نقصان پہنچا۔
دستاویزات کے مطابق قبائلی اضلاع میں ترقیاتی پروگرام کے تحت مشینری اور ویکسین خریداری کی مد میں خزانہ کو 17لاکھ57ہزار روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
آڈٹ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ آف پراجیکٹ کی تنخواہوں اور الاؤنسز کا ریکارڈ غائب ہے، وزیر اعلیٰ کی ہدایت اور مروجہ طریقہ کار کے برعکس تنخواہوں اور دیگر اخراجات کی مد میں ایک کروڑ 98لاکھ روپے نکلوائے گئے، سوات میں کرایہ کی عمارت میں قائم ویٹرنری ڈسپنسری کیلئے پراجیکٹ ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں خزانہ سے75لاکھ12ہزار روپے نکلوائے گئے۔
گائے بھینسوں کیلئے خریدی گئی خوراک کی مد میں غیر قانونی طور پر خزانہ کو48لاکھ29ہزار روپے کا نقصان ہوا۔
ترجمان حکومت بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ محکمہ زراعت و لائیو سٹاک کے کسی بھی پراجیکٹ میں کوئی مالی خردبرد نہیں ہوا. یہ بنیادی طور پر آڈٹ آبزرویشنز کی تفصیلات ہیں، آڈٹ رپورٹ میں ان آبزرویشنز پر روشنی ڈالی گئی ہے. آڈٹ پیراز کے پی ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں طے پاگئے ہیں.

خفیہ خط و کتابت: گورنر پنجاب کا پرنسپل سیکٹری کو عہدے سے ہٹانے کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا۔ گورنر پنجاب نے پرنسپل سیکٹری کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔
ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے حمزہ شہباز کی حلف برداری اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی کی رپورٹ کے معاملے پر اپنے پرنسپل سیکرٹری کے خطوط لکھنے اور پھر انہیں فاش کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ گورنر کی جانب سے پرنسپل سیکرٹری راشد منصور کے خط لکھنے کی تحقیقات کی گئی ہیں، جس کے بعد گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے پرنسپل سیکٹری کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا ہے اور اس ضمن میں چیف سیکرٹری کو خط لکھ دیا ہے۔ پرنسپل سیکرٹری راشد منصور کی جگہ اسپیشل سیکرٹری کو عہدے کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گورنر کی جانب سے اعتراض کیا گیا ہے کہ پرنسپل سیکرٹری گورنر کو کیسے دباؤ میں لانے کے ہتھکنڈے استعمال کر سکتا ہے، جس معاملے پر رائے مانگی ہی نہیں اس پر پرنسپل سیکرٹری از خود کیسے خط لکھ سکتا ہے۔ پرنسپل سیکرٹری کیسے خط لکھ کر سیاسی مخالفین کو سیاست کے لئے خط لیک کرسکتا ہے۔ گورنر نے پرنسپل سیکرٹری کے خطوط منظر عام پر آنے کے بعد انکوائری کی اور خفیہ خطوط میڈیا تک پہنچنے کے معاملے پر چیف سیکرٹری کو تحقیقات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ابتدائی طور پر خود انکوائری کے بعد گورنر نے پرنسپل سیکرٹری کو عہدے سے ہٹانے کے لئے خط لکھ دیا۔
یاد رہے کہ پرنسپل سیکرٹری نے گورنر کو دو خطوط لکھے، ایک خط میں پرنسپل سیکرٹری نے گورنر کو حمزہ شہباز سے حلف لینے کا کہا جبکہ دوسرے خط میں پرنسپل سیکرٹری نے گورنر کو موصول ہونے والی سیکرٹری اسمبلی کی رپورٹ کو ازخود مسترد کیا اور گورنر کو بھی مختلف معاملات پر ایڈوائس کیا۔

پی ٹی آئی کے 26 منحرف ارکان کیخلاف ریفرنس الیکشن کمیشن میں جمع

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلی پنجاب کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دینے پر تحریک انصاف کے 26 منحرف ارکان کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کر دیا گیا۔ سپیکر پرویز الہی کی جانب سے ریفرنس الیکشن کمیشن کو جمع کرائے گئے۔
تحریک انصاف کے 26 منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے۔ ریفرنس آج سپیکر کے نمائندے نے الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیئے۔ 26 منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس آرٹیکل 63 اے کے تحت الیکشن کمیشن کو جمع کرائے گئے، ان منحرف ارکان نے وزیراعلی کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دیکر 63 اے کی خلاف ورزی کی۔ ان منحرف ارکان کے خلاف آرٹیکل 63 اے کے تحت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
منحرف ارکان راجہ صغیر، ملک غلام رسول سنگھا، سعید اکبر نوانی، محمد اجمل، فیصل حیات جبوانہ، مہر محمد اسلم، خالد محمود، عبد العلیم خان کے خلاف ریفرنس جمع کرایا گیا ہے۔ نذیر چوہان، محمد امین ذوالقرنین، نعمان لنگڑیال، نعیم سلمان، زوار حسین وڑائچ، نذیر احمد خان، فدا حسین، زہرہ بتول، محمد طاہر، عائشہ چودھری، ساجدہ یوسف، ہارون گل، عظمی کاردار، ملک اسد کھوکھر کے خلاف بھی ریفرنس جمع کرا دیا گیا ہے۔ اعجاز مسیح گل، سبطین رضا، جاوید اختر، محسن عطا کھوسہ کے خلاف بھی ریفرنس الیکشن کمیشن میں جمع ہوگئے ہیں۔
خیال رہے تحریک انصاف کے تمام ارکان پنجاب اسمبلی کو لیٹر جاری کر کے پابند کیا تھا کہ وہ وزیراعلی کے الیکشن میں پرویز الہی کو ووٹ دیں، مگر ان 26 ارکان نے پارٹی پالیسی کے خلاف حمزہ شہباز کو وزارت اعلی کا ووٹ دیا۔

تیز رفتار موسمیاتی تبدیلیاں: مارچ اور اپریل کے دوران ہی گرمی نے تیور دکھا دئیے

لاہور: (ویب ڈیسک) تیز رفتار موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث رواں موسم گرما شدید ترین رہنے کا امکان سامنے آگیا۔ مارچ اور اپریل کے دوران ہی گرمی نے اپنے بھرپور تیور دکھا دئیے ہیں۔ مون سون کے دوران معمول سے کم بارشیں ہونے کے خدشات بھی ظاہر کئے جا رہے ہیں۔
ہمارے ملک میں ہرگذرنے دن کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں کا عمل تیز ہوتا جا رہا ہے۔ اِسی تناظر میں مارچ اور اپریل کے دوران وقت سے پہلے اور زیادہ پڑنے والی گرمی نے پوری طرح سے واضح کر دیا ہے کہ موسم گرما کے باقی مہینوں کے دوران کیا صورت حال رہنے والی ہے۔
اندازہ اِسی سے لگا لیجئے کہ 1961 سے اب تک رواں برس مارچ کا مہینہ 9 واں بڑا خشک سالی کا مہینہ رہا جس دوران اوسط درجہ حرارت تقریباً چار ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہی صورت حال ماہ اپریل کے دوران بھی جاری ہے۔ متوقع طور پر اِس سال مون سون کے دوران بھی معمول سے کم بارشیں ہوں گی، جس وجہ سے موسم گرما زیادہ شدید اور طویل ہوگا۔
کلائمیٹ چینج کے باعث ہی ملک میں گرمیوں کا اوسط دورانیہ 145 سے بڑھ کر 170 دنوں تک پہنچ چکا ہے۔