گورنر کے پی نے ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق بل پر دستخط کر دئیے

پشاور: (ویب ڈیسک) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق بل پر دستخط کر دئیے۔
گورنر خیبر پختونخوا غلام علی کا کہنا ہے کہ بل پر دستخط کر دئیے ہیں لیکن اختلافی نوٹ بھی لکھا ہے، اختلافی نوٹ لکھا ہے کہ یہ فنانس بل نہیں ہے۔
حاجی غلام علی نے لکھا کہ جو لوگ اس سے متاثر ہو رہے ہیں وہ عدالت جائیں گے تب ہی صحیح فیصلہ آئے گا۔
خیال رہے کہ صوبائی اسمبلی نے ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق بل منظوری کے بعد گورنر کو دستخط کے لیے بھیجا تھا، گورنر کے پی نے دستخط کیے بغیر بل پر اعتراضات لگا کر واپس سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو بھیج دیا تھا۔
سپیکر نے گورنر کو ان کے اختیارات کے حوالے سے بل پر اپنا نوٹ لکھ کر واپس بھیجا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ صوبائی اسمبلی سے منظور بل کے تحت 2008 سے ہیلی کاپٹر کے استعمال کو قانونی تحفظ دیا گیا ہے۔

ملک دیوالیہ پن کی نہج پرہے، خزانے خالی کرنیوالوں کا احتساب ہونا چاہئیے : مسرت جمشید

لاہور : (ویب ڈیسک) ترجمان حکومتِ پنجاب اوررہنما پی ٹی آئی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ ملک کے بھرے ہوئے خزانے کو خالی کرکے دیوالیہ کی نہج پر لانے پر ان قومی مجرموں کا احتساب ہونا چاہیے۔
ترجمان حکومتِ پنجاب اوررہنما پاکستان تحریک انصاف مسرت جمشید چیمہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مزید کم ہوکر اب 5.8ارب ڈالر رہ گئے ہیں ، صرف 8 ماہ میں 10 ارب ڈالر سے زائد اسحاق ڈار اور پی ڈی ایم جماعتیں ڈکار چکی ہیں۔
مسرت جمشید چیمہ کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں فوری الیکشن کراؤ اور ملک بچاؤ۔

کراچی میں فائرنگ، عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہنما شیر خان جاں بحق

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مقامی رہنما شیر خان جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن نمبر 4 قبرستان کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
پولیس نے کہا ہے کہ مقتول کی شناخت شیر خان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ مقتول کا تعلق اے این پی سے ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق مقتول کو سر میں گولی مار کر قتل کیا گیا، واقعہ سے متعلق تفتیش کررہے ہیں، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج، اہم شاہرائیں بند

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹرویز سمیت اہم شاہراؤں کو بند کر دیا گیا جبکہ موٹروے پولیس نے سفر کرنے والے شہریوں کیلئے اہم ہدایات بھی جاری کر دیں۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم الیون لاہور تا سیالکوٹ جبکہ لاہور ملتان موٹروے فیض پور سے درخانہ تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے۔
ترجمان موٹرویز سید عمران احمد نے بتایا کہ موٹر وے ایم ٹو کو لاہور سے کوٹ مومن تک جبکہ موٹروے ایم فور کو گوجرہ سے عبدالحکیم تک بند کیا گیا ہے۔
سید عمران احمد کا کہنا تھا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، روڈ یوزرز آگے اور پیچھےدھند والی لائٹس کا استعمال کر یں اورغیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
عمران احمد نے مزید کہا کہ روڈ یوزرز معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں جبکہ موٹروے پولیس ہمسفر ایپ سے بھی معلومات لی جاسکتی ہیں۔

سعودی عرب، اسپین کا مشترکہ تیار کردہ جنگی بحری بیڑہ جدہ پہنچ گیا

ریاض :(ویب ڈیسک) سعودی عرب اور اسپین کا مشترکہ تیارکردہ جنگی بحری جہاز ’’الدرعیۃ‘‘ جدہ پہنچ گیا ہے ۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ” الدرعیۃ ” بحری جنگی جہاز جدہ کے کنگ فیصل نیول بیس پر پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ اس بحری جنگی جہاز کو جدید دفاعی ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا ہے، یہ جہاز دنیا میں اپنی نوعیت کا جدید ترین بحری جنگی جہاز ہے۔ افتتاحی تقریب میں سعودی نیوی اور اسپینش نیوی کے اعلیٰ افسران بھی شریک ہوئے۔ اس حوالے سے سعودی حکام کا کہنا ہے کہ وژن 2030 کے تحت آئندہ چند سال میں سعودی عرب بحری جنگی جہاز کی تیاری میں پچاس فیصد مہارت حاصل کر لے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان پانچ جنگی بحری جہاز تیار کرنے کا معاہدہ 2018 میں ہوا تھا جس میں سے دوسرا بحری جہاز ’’الدرعیۃ‘‘ جدہ پہنچا ہے۔ خیال رہے کہ ستمبر 2018 میں سعودی عسکری اتحاد کی جانب سے یمن میں حملوں کے پیش نظر اسپین نے سعودی عرب کو بموں کی فروخت روک دی تھی۔

ملکہ کوہسار مری میں برفباری، ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری جاری کردی

مری : (ویب ڈیسک) ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، اس حوالے سے ٹریفک پولیس مری نے سیاحوں کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی ہے۔ مری اور گلیات میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ، ایوبیہ ، نتھیا گلی، چھانگلہ گلی اور باڑیاں میں 3 سے چار انچ برفباری ہوچکی ہے ، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے جاری ٹریفک ایڈوائزری میں ایس پی ٹریفک مری کا کہنا ہے کہ مری جانے کے لیے سیاح اچھی گاڑی کا انتخاب کریں ، صرف لائسنس ہولڈر ڈرائیور کو مری داخلہ کی اجازت دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ منفی درجہ حرارت کے باعث شہری گاڑی میں اینٹی کولنگ لیکوئڈ کا استعمال کریں، برفباری کے دوران گاڑی کے ٹائروں پر چین کا استعمال کیا جائے۔ ڈی ایس پی ٹریفک نے کہا کہ گاڑی میں ہیٹر کے استعمال کی صورت میں شیشے مکمل بند نہ کریں، برفباری کے دوران گاڑی کی رفتار کم اور اوور ٹیکنگ سے گریز کیا جائے۔

پی ٹی آئی کا آج سے ملک بھر میں مہنگائی کیخلاف احتجاج کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) عمران خان کی سربراہی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر لیڈر شپ کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے تحت مہنگائی کے خلاف (جمعے) آج سے ملک بھرمیں احتجاج شروع کیا جائے گا۔ سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں مظاہروں کی قیادت کریں گے۔ واضح رہے کہ زمان پارک لاہور میں عمران خان کی زیر صدارت سینئر پارٹی قیادت کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پی ٹی آئی جمعے سے احتجاجی تحریک دوبارہ شروع کرے گی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ابتر معاشی حالات، گیس، بجلی کی لوڈشیڈنگ، آسمان سے باتیں کرتی کچن آئٹمز کی قیمتوں کے خلاف تحریک انصاف جمعے سے ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تین ہفتوں کے بعد انشاءاللہ عمران خان اس تحریک کو جوائن کریں گے اور اس حکومت کے خاتمے تک ہم سڑکوں پر ہوں گے۔

ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کا مشن، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک سے دہشتگردی کی حالیہ لہر کے خاتمے کا مشن اور لڑکھڑاتی معیشت کے سد باب کے لیے وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کااہم اجلاس آج طلب کر لیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اہم اجلاس میں سیاسی اور عسکری قیادت شرکت کرے گی۔ اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کو افغان سرحد کی صورتِ حال اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں دہشتگردی کی حالیہ لہر اور اس کے تدارک کیلئے اقدامات پر بھی بریف کیا جائے گا جبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار قومی سلامتی کمیٹی کو ملک کی معاشی صورتِ حال پر بریفنگ دیں گے۔

عالمی وباء کورونا ایک بار پھر سر اٹھانے لگا، مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں عالمی وباء کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں اضافہ ہونے لگا ہے جبکہ 24 گھنٹوں میں 25 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 3 ہزار 523 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 25 مریضوں میں وباء کی تشخیص ہوئی ہے۔ این آئی ایچ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 0.71 فیصد رہی ہے۔ عالمی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے مطابق 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں عالمی وباء سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی جبکہ ابھی بھی 18 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

دھند کے باعث موٹر وےمختلف مقامات پر ٹریفک کیلئے بند 

لاہور: (ویب ڈیسک) دھند کے باعث موٹر وے کومختلف مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ۔
ترجمان موٹر وے پولیس سید عمران احمد کے مطابق لاہور ملتان موتر وے کو فیض پور سے درخانہ جبکہ ایم فور کو گوجرہ سے عبدالحکیم تک دھند کے باعث بند کر دیا گیا ۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر ویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے ۔ روڈ یوزرز بھی گاڑیوں کے آگے اور پیچھے دھند والی لائٹیں استعمال کریں ،غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں ، تیز رفتاری سے پرہیز اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں ۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق روڈ یوزرز معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں ، موٹر وے پولیس کی ہمسفر ایپ سے بھی معلومات لی جا سکتی ہیں ۔