قرآن کی لازمی تعلیم سےمتعلق سیکرٹری ایجوکیشن کی رپورٹ غیرتسلی بخش قرار

لاہور ہائی کورٹ نے قرآن مجید کو لازمی تعلیم قرار دینے کے لیے دائر انٹرا کورٹ اپیل پر سیکرٹری ایجوکیشن کی رپورٹ کو مسترد کردیا اوران سے اساتذہ کے تقرر کے حوالے سے رپورٹ دوبارہ طلب کرلی۔

لاہورہائیکورٹ میں قرآن مجید کو لازمی تعلیم قرار دینے کے لیے دائر انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت ہوئی۔

جسٹس شاہد وحید کی سربراہی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے اپیل پر سماعت کی۔سیکرٹری ایجوکیشن نے اساتذہ کی بھرتی سے متعلق رپورٹ جمع کروا دی۔

عدالت میں سیکرٹری ایجوکیشن غلام فرید،ایم ڈی پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس سمیت دیگر افسران بھی پیش ہوئے۔

عدالت نے سیکرٹری ایجوکیشن کی رپورٹ کو مسترد کردیا اوران سے اساتذہ کے تقرر کے حوالے سے رپورٹ دوبارہ طلب کرلی۔

اس سے قبل عدالت سے سیکرٹری ایجوکیشن سے استفسار کیا کہ  کیا 37 ہزار آرٹس اور سائنس کے اساتذہ بچوں کو قرآن مجید پڑھائیں گئے۔ اس پر سیکریٹری ایجوکیشن نے جواب دیا کہ ان میں سے جو قرآن مجید پڑھانا جانتے ہیں،وہ پڑھا سکتے ہیں۔

سیکرٹری ایجوکیشن سے سوال کیا گیا کہ آپ کے پاس کتنے اساتذہ کی آسامیاں خالی ہیں۔ اس پر انھوں نے بتایا کہ پنجاب میں کل 90 ہزار اسکولوں کی آسامیاں خالی ہیں۔

سیکرٹری ایجوکیشن سے مزید استفسار کیا گیا کہ پھر ان تمام خالی آسامیاں کو پورا کیوں نہیں کیا جارہا ہے۔

انھوں نےعدالت کو بتایا کہ مالی مشکلات کے باعث بھرتیاں نہیں کررہے ہیں۔

انھوں نے مزید بتایا کہ ایم اے اسلامیات کے لیے 35 ہزار پرائمری اسکول کے لیے اساتذہ ہیں جن کی ٹریننگ کی جارہی ہے۔

درخواست گزار نےعدالت میں موقف اختیار کیا ہے کہ مسلمانوں کے نوجوان بچوں کو قرآنی تعلیمات دے کر معاشرے کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔

پنجاب کمپلسری ٹیچنگ آف ہولی قرآن ایکٹ 2017 منظور کیا گیا گیا تھا۔

دو ماہ قبل لاہورہائی کورٹ کے جسٹس شاہد وحید اور جسٹس محمد اقبال پر مشتمل بینچ نے3 صفحات پر مشتمل عبوری حکم جاری کیا تھا۔

جسٹس شاہد وحید نے کہا تھا کہ تمام اسکولوں میں قرآن پاک کو لازمی  مضمون کے طور پر پڑھانے سے متعلق عدالتی حکم پر عمل کیا جائے۔

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے ہر ضلع کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کا دورہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

جسٹس شاہد وحید نے کہا کہ ضلع کا چیف ایگزیکٹو دورے کے بعد رپورٹ تیار کرے گا کہ قرآن پاک کولازمی مضمون کےطور پر پڑھایا جا رہا ہے یا نہیں۔

سیکریٹری تعلیم چیف ایگزیکٹو آفیسر سے رپورٹ لے کرعدالت جمع کرائے گا، سیکریٹری اسکول عدالت کو بتائیں گے کہ قرآن پاک کی کلاس کے لیے کتنے پریڈ مختص کیے گئے۔

انہوں نے کہا تھا کہ رپورٹ میں یہ بھی بتایا جائے گا کہ قرآن پاک کی تعلیم کے لیے کتنے اساتذہ مختص کیے گئے ہیں اور ان کی تعلیمی قابلیت کیا ہے، رپورٹ میں یہ بھی درج ہوگا کہ اسکولوں میں پڑھائی جانے والی کتابیں پنجاب کریکلم ٹیکسٹ بورڈ سے منظور شدہ ہیں یا نہیں۔

پیپلزپارٹی اسپیکر قومی اسمبلی کو ہٹانے کے لیے ن لیگ سے تعاون کرنے کو تیار

کراچی: پیپلزپارٹی اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو ہٹانے کے لیے ن لیگ سے تعاون کرنے کو بھی تیار ہے۔ 

 پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیرصدارت  پی پی پی کور کمیٹی کا اجلاس بلاول ہاؤس میں جاری ہے، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور پیپلزپارٹی کی حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی گئی، جب کہ حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور فیڈرل کونسل کے اجلاسوں میں مشاورت کے بعد دی گئی تجاویز کو حتمی شکل دینے پر غور کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں ہونے والے پی پی پی کور کمیٹی کے اجلاس میں ملک گیر احتجاج کے حوالے سے لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع کا کنا ہے کہ پیپلزپارٹی اراکین پی پی اسپیکر اسمبلی اسد قیصر کے رویے سے نالاں ہیں، اور اسپیکر قومی اسملبی اسد قیصر کو ہٹانے کے لیے (ن) لیگ سے تعاون کرنے کو بھی تیار ہیں، جب کہ ہم خیال جماعتوں سے بھی رابطے کیے جائیں گے۔

فرانس نے گوگل اور فیس بک پر بھاری جرمانہ کردیا

فرانس نے ٹیکنالوجی کمپنی گوگل اور فیس بک پر کوکیز  استعمال کرنے پر بھاری جرمانہ عائد کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کے نیشنل کمیشن برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی(سی این آئی ایل) کی جانب سے گوگل پر 150 ملین یورو اور فیس بک پر 60 ملین یورو کا جرمانہ کیا گیا ہے۔

سی این آئی ایل کی سربراہ کیرن کیفر کے مطابق ان دونوں کمپنیوں نے کوکیز قبول کرنے کے مرحلے کو انتہائی آسان بنارکھا ہے جو صرف ایک کلک پر ہوجاتا ہے اور اگر کوئی صارف اسے قبول نہ کرنا چاہے تو اسے بڑی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں کمپنیوں کے پاس اس مسئلے کے حل کے لیے تین ماہ کا وقت ہے بصورتِ دیگر تاخیر پر یومیہ ایک لاکھ  یورو کے اضافی جرمانے کی ادائیگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

کوکیز کیا ہیں؟

بنیادی طور پر کوکیز آپ کے ڈیٹا پر مشتمل چھوٹی فائلز ہوتی ہیں، اکثر ویب سائٹ کھولنے پر آپ کے سامنے کوکیز کا ایک آپشن آتا ہے، کوکیز میں آپ کی معلومات بذریعہ ٹریکنگ شامل ہوتی ہیں،کوکیز سے ویب سائٹ کا سرور آپ کی ڈیوائس مثلاً موبائل یا لیپ ٹاپ کی پہچان کرلیتا ہے۔

کچھ ویب سائٹس کوکیز کے آپشن کو قبول کرنے کی پابندی نہیں لگاتیں جب کہ کچھ ویب سائٹ کوکیز کو قبول کرنا لازمی قرار دیتی ہیں ورنہ آپ اس سائٹ تک رسائی حاصل نہیں کر پاتے۔

تاہم فرانس کےجرمانے کے بعد گوگل نے کوکیز کے استعمال سے متعلق تبدیلی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

گوگل کے مطابق فرانسیسی ریگولیٹری کے فیصلے کے بعد اس سیٹنگ پر نظر ثانی کی جائے گی۔

کوئٹہ؛ گھر میں گیس لیکج کے باعث دھماکے سے 6 افراد زخمی

کوئٹہ: گھر میں گیس لیکج کے باعث دھماکے سے خواتین اور بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔

کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ غفورٹاؤن میں گھر میں گیس لیکج سے دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 6 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔

واقعے کے بعد ریسکیو ٹیموں کو اطلاع دی گئی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر خواتین اور بچوں کو  بی ایم سی کے برن یونٹ وارڈ منتقل کردیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

دنیا بھر میں اومیکرون کے وار جاری: بھارت میں 90 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلاؤ کے باعث دنیا بھر میں انفیکشنز کی تعداد یکدم عروج پر پہنچ گئی ہے جس کے باعث ہزاروں پروازوں کی منسوخی اور پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

غیر ملکی خبررساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں اومیکرون ویرینٹ کے باعث صرف 2 روز میں مصدقہ کیسز کی تعداد 3 گنا بڑھ گئی جس کے پیشِ نظر مہاراشٹرا میں آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں ریلیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

متعدد شہروں میں کورونا کے سلسلے میں کرفیو کے نفاذ اور ماہرین کی جانب سے انفیکشن کے پھیلاؤ کے انتباہات کی وجہ سے سیاسی جماعتوں نے اپنی انتخابی مہم روک دی ہے۔

اس کے علاوہ متعدد ریاستوں میں تعلیمی ادارے بند، دفاتر میں عملے کی حاضری، ٹرانسپورٹ میں مسافروں اور بند احاطے میں تقریبات میں شرکت کرنے والے افرادکی تعداد محدود کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس بھارت میں ڈیلٹا ویرینٹ کے بدترین پھیلاؤ کے سبب 2 لاکھ سے زائد افراد لقمہ اجل بنے تھے، ہسپتالوں میں گنجائش ختم ہوگئی تھی اور شمشان گھاٹوں کے دلسوز مناظر سامنے آئے تھے۔

تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں کورونا کیسز میں ایک دم بڑا اضافہ دیکھا گیا اور 90 ہزار 928 کووڈ کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 325 افراد انتقال کر گئے۔

دوسری جانب امریکا میں انفیکشن کی صورتحال بے قابو ہوتی دکھائی دے رہی ہے جہاں دو روز قبل یومیہ کیسز کی تعداد ریکارڈ 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی تھی۔

ایسے میں ماہرین صحت نے امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) کو 12 سے 15 سال کی عمر کے نوجوانوں کے لیے بھی فائزر، بائیو این ٹیک کے بوسٹر شاٹس کی تجویز دی ہے۔

خیال رہے کہ امریکا میں انفیکشن کی شرح میں اس وقت تیزی آئی جب تعطیلات کے بعد ورکرز اور اسکولوں کے طالبعلم واپس آئے جس سے نظامِ صحت پر گنجائش سے زیادہ دباؤ پڑنے، کاروبار اور تعلیمی اداروں کی بندش کا امکان ہے۔

فاریسٹ اسکول آف میڈیسن کا کہنا تھا کہ ’کووڈ ہمارے اور بچوں کے ہسپتالوں کو بھر رہا ہے، (بوسٹر شاٹ) وہ چیز ہے جسے ہمیں استعمال کرنے اور بچوں کو اس وبا سے گزرنے میں مدد دینے کے لیے ضروری ہے۔

ادھر آسٹریلیا میں بھی یومیہ کورونا کیسز نئی بلندی پر پہنچ گئے جس سے ہسپتالوں پر دباؤ، آئسولیشن کی وجہ سے افرادی قوت کی کمی کے سبب کاروبار اور سپلائی چینز معطل ہورہی ہیں۔

جمعرات کو موصول ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق آسٹریلیا میں 72 ہزار 392 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ایک روز قبل سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 64 ہزار 774 تھی۔

ایسے میں وزیراعظم اسکاٹ موریسن کو اینٹیجن ٹیسٹس کے اسٹاک کی قلت اور ٹیسٹنگ مراکز پر طویل انتظار کے باعث تنقید کا سامنا ہے۔

ادھر وبا کی پہلے لہر کے دوران سب سے زیادہ متاثر ہونے والے اٹلی 50 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے کورنا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانا لازمی قرار دے دیا ہے تا کہ اموات کی شرح کم رہے اور نظام صحت پر دباؤ نہ پڑے۔

مذکورہ اقدام فوری طور پر نافذ کردیا گیا ہے جو 15 جنوری تک جاری رہے گا۔

فروری 2020 میں وبا کے آغاز سے اب تک اٹلی میں کورونا وائرس سے ایک لاکھ 38 ہزار اموات ہوچکی ہیں جو یورپ میں برطانیہ کے بعد اموات کی دوسری بڑی تعداد ہے۔

بھارتی فلموں میں کام سے انکار پر پاکستان میں مشکلات کا سامنا کیا، شان کا دعویٰ

ماضی کے مقبول ہیرو شان شاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ پڑوسی ملک بھارت میں کام کرنے سے انکار پر انہیں پاکستان میں کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

شان شاہد حال ہی میں نعمان اعجاز کے  شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور ذاتی زندگی پر کھل کر باتیں کیں۔

دو حصوں پر مشتمل پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے شان شاہد نے ملک میں سینیئر اداکاروں کا احترام نہ کرنے کا شکوہ بھی کیا اور کہا جو اداکار اکیڈمی کی حیثیت رکھتے ہیں، آج انہیں کوئی پوچھنا والا نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ آج بھی اپنے سینیئر اداکاروں سے ملتے رہتے ہیں اور انہوں نے مصطفیٰ قریشی اور ندیم جیسے اداکاروں کے ساتھ دوستی کرلی ہے اور انہوں نے ان سے بہت کچھ سیکھا۔

دوران پروگرام انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ فلمی ایوارڈز کے معاملے پر ایک شارٹ اسٹوری بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور جلد ہی اس پر کام شروع کردیں گے۔

شان شاہد کا کہنا تھا کہ وہ سینیئر اداکار ندیم کے ساتھ ایوارڈز پر مختصر فلم بنائیں گے،جس میں ندیم کو ملنے والے ایوارڈز دکھائے جائیں گے اور یہ پیغام دیا جائے گا کہ ایوارڈز جیتنے والے افراد کو عزت نہیں دی جاتی۔

انہوں نے پاکستان میں ایوارڈز دیے جانے کے معاملے پر بھی کھل کر باتیں کی اور کہا کہ ’لائیف اچیومنٹ ایوارڈ‘ دیے جانے پر بھی اداکار کو کوئی رقم نہیں دی جاتی، بس لکڑی کا ایک تحفہ دے کر انہیں گھر روانہ کیا جاتا ہے۔

رواں مالی سال کے پانچ ماہ میں حکومتی قرض میں 6 فیصد اضافہ

حکومتی قرض اور واجبات میں رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران 5.9 فیصد اور گزشتہ 12 ماہ (نومبر 2020 سے نومبر 2021 تک) کے دوران 14.4 فیصد کا اضافہ ہوا۔

 رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے جاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ نومبر میں حکومتی قرض اور واجبات بڑھ کر 409 کھرب 73 ارب روپے ہوگئے جو جون 2021 کے آخر میں 386 کھرب 99 ارب روپے تھے، یہ 22 کھرب 74 ارب روپے یا 5.87 فیصد زیادہ ہے۔

نومبر2021 کے دوران اکتوبر 2021 کے مقابلے میں قرض میں 694 ارب روپے کا اضافہ ہوا جو مالی سال 22 کے دوران ایک ماہ میں 454 ارب روپے کے اوسط اضافے سے کافی زیادہ ہے۔

حکومتی قرض اور واجبات نومبر2021 میں بڑھ کر 409 کھرب 73 ارب روپے ہوگئے جو نومبر 2020 میں 358 کھرب 24 ارب روپے تھے، یعنی 12 ماہ میں ان میں 51 کھرب 49 ارب روپے یا 14.4 فیصد اضافہ ہوا۔

رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ میں مقامی قرض اور واجبات میں بھی تقریباً 2 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔

نومبر 2021 میں قرض اور واجبات 274 کھرب 61 ارب روپے رہے جو جون 2021 کے آخر میں 269 کھرب 58 ارب روپے تھے، جو 503 ارب روپے یا 1.86 فیصد زیادہ ہے۔

تاہم نومبر 2021 میں مقامی قرض اور واجبات میں 44.4 فیصد یا 28 کھرب 18 ارب روپے کا اضافہ ہوا جو نومبر 2020 میں 246 کھرب 43 ارب روپے تھا۔

کرپشن کے خلاف ہماری جنگ لازم ہے، شاہ محمود قریشی

 اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے 2030 کے ایجنڈے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے کرپشن کے خلاف ہماری جنگ لازم ہے۔ 

’اوآئی سی‘ کے خودمختار مستقل انسانی حقوق کمیشن کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف جنگ اور جملہ انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا، ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں سرفہرست ہے، کرپشن کے خاتمے کے لئے پاکستان کا عزم اور عہد واضح اور مضبوط ہے، اقوام متحدہ کے 2030 کے ایجنڈے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے کرپشن کے خلاف ہماری جنگ لازم ہے، سیاسی، معاشی، سماجی، ثقافتی اور ترقی کے حق سمیت تمام انسانی حقوق کو شرمندہ تعبیر کرنے کی راہ میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ کرپشن ہے، یہ اچھی حکمرانی اور جمہوریت کی جڑوں پر ضرب لگاتی ہے اور ریاستی اداروں پر عوامی اعتماد کو مجروح کرتی ہے، قانون کی حکمرانی پر اثرانداز ہوتی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کرپشن، شفافیت، احتساب وجوابدہی، انصاف اور منصفانہ ویکساں مواقع کی فراہمی کی اقدار کے خلاف ہے، یہ معاشی شرح نمو کو متاثر، عدم مساوات میں اضافے اور خوش حالی کی راہ میں رکاوٹ بن کر پائیدار ترقی کے تمام 17 اہداف پر کامیاب عمل درآمد پر اثرانداز ہوتی ہے، کرپشن خاص طور پر غریب اور محروم طبقات کے لئے راہیں مسدود کرتی اور ان کی زندگیوں کو اذیت اور غیرمساوی برتاؤ کے زہر سے بھر دیتی ہے، اس کے نتیجے میں ترقی پزیر ممالک سے ناجائز دولت بڑی مقدار میں بیرون ملک چلی جاتی ہے، اس پر مستزاد معاشی خساروں کا بھاری بوجھ پیدا ہوتا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ مالیاتی جوابدہی، شفافیت اور ساکھ پر اقوام متحدہ کے اعلی سطحی پینل نے تخمینہ لگایا ہے کہ لوٹ کی7 کھرب ڈالر کی خطیر رقم مالیاتی طور پر دوردراز ”محفوظ ٹھکانوں“ میں چھپائی گئی ہے، منظم لوٹ مار اور ناجائز اثاثوں کی غیرقانونی منتقلی کے ترقی پزیر اقوام پر بے پناہ منفی اثرات ونتائج مرتب ہوئے ہیں، اس بات میں کوئی مبالغہ آرائی نہیں کہ عوامی خزانے سے لوٹی گئی اس دولت سے تعمیر و ترقی کیلئے درکار، ضروریات کو پورا کیاجاسکتا تھا، عوام کو غربت سے چھٹکارا دلایاجاسکتا تھا، بچوں کو تعلیم فراہم ہوسکتی تھی، ان رقوم سے، خاندانوں کو ضروری ادویات فراہم کی جاسکتی تھیں اور ہر روز موت کے منہ میں جاتے ہزاروں افراد کوبچایا جا سکتا تھا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا عالمی وبا نے موجودہ عدم مساوات کی خلیج کو مزید بڑھادیا ہے، لاکھوں لوگوں کو بدترین غربت میں دھکیل دیا ہے اور لاکھوں لوگ اس کے نتیجے میں روزگار سے محروم ہوچکے ہیں، ان حالات میں کرپشن اور ناجائز سرمائے کے بہاؤ کو جاری رہنے دینا کسی جرم سے کم نہیں، قومی اور عالمی سطح پر فوری اور بھرپور کارروائی کی ضرورت ہے تاکہ ترقی پزیر ممالک کا بہتا لہو بند ہوسکے۔

وزیرخارجہ نے  مزید کہا  کہ کرپشن کے خلاف اقوام متحدہ کے کنونشن کو منظور ہوئے 15 سال گزر چکے ہیں، یہ کنونشن اس وقت انسداد رشوت ستانی کا واحد عالمی قانون ہے، انسداد رشوت ستانی پر اقوام متحدہ کے اس کنونشن کی واضح شقوں کے باوجود بدقسمتی سے لوٹی گئی دولت اور اثاثہ جات کی برآمدگی اور ان کی متعلقہ ممالک کو تیز رفتار واپسی کے عمل میں بہت سی رکاوٹیں حائل ہیں، ناجائز دولت کے بہاؤ کو روکنے، برآمدگی اور لوٹے گئے اثاثوں کی واپسی پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں وسائل کی فراہمی کی صورت نہایت کارآمد ثابت ہوسکتی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم یہ زور دیتے آرہے ہیں کہ جن ممالک میں لوٹی گئی دولت رکھی گئی ہے، وہ ممالک برآمد ہونے والے اثاثے شرائط کے بغیر ان ممالک کو واپس لوٹائیں جہاں سے یہ دولت لوٹی گئی ہے، ہمیں اقوام متحدہ کے انسداد رشوت ستانی کے کنونشن کے تحت برآمد ہونے والی ناجائز دولت کے ضمن میں اضافی پروٹوکول (ضابطے) کے امکان کی راہ بھی تلاش کرنی چاہئے تاکہ اس عالمی قانون کی معاونت ممکن ہوسکے۔

تحریک انصاف کی سکروٹنی کمیٹی رپورٹ بارش کا پہلا قطرہ ہے: حمزہ شہباز

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس میں سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ بارش کا پہلا قطرہ ہے۔

فارن فنڈنگ سکروٹننی کمیٹی کی رپورٹ پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے اپنے ردعمل میں کہا کہ پچھلے سات سالوں سے ان تحقیقات کو رکوانے کی تگ و دو میں مصروف عمران خان کے کارنامے قوم کے سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ دوسروں پر من گھڑت الزامات عائد کرنے والوں کے خلاف مستند رپورٹ چوری ، خورد برد اور مشتبہ ذرائع سے فنڈنگ کی نشاندہی کرتی ہے۔ اس ہیر پھیر کی تہہ تک پہنچنا اشد ضروری ہے، قوم کے سامنے حقائق آنے چاہئیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ یہ فراڈ کروڑوں سے شروع ہوا ہے اور اربوں روپے تک جائے گا، تبدیلی کا اصل چہرہ سامنے آنے پر لوگوں کے ہوش اڑ جائیں گے۔ تہلکہ خیز رپورٹ میں تصدیق ہو گئی کہ پی ٹی آئی نے غیر ملکی شہریوں اور کمپنیوں سے فنڈز حاصل کیے، فنڈز کو کم دکھایا اور درجنوں بینک اکاؤنٹس چھپائے۔

خاتون مداح کا آریز احمد سے شادی کے روز انوکھی خواہش کا اظہار

اداکار آریز  احمد سے خاتون مداح نے شادی کے روز انوکھی خواہش کا اظہار کردیا۔

انسٹاگرام اسٹوری پر اداکار آریز احمد کی جانب سے ایک اسٹوری شیئر کرتے ہوئے خاتون مداح کی خواہش پر رد عمل کا اظہار کیا گیا۔

انسٹا اسٹوری پر خاتون نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا کہ حبا آپی آپ اپنی شادی والے دن آریز بھائی سے کہنا کہ ہمیں ہاتھ پکڑ کر گول گول گھمائیں کیوں کہ ہمیں ایک بہت اچھی ویڈیو بنانی ہے لہٰذا آریز بھائی ہمیں ہاتھ پکڑ کر گول گول گھمائیں۔

اداکار آریز احمد نے انسٹا اسٹوری پر  مداح کی خواہش کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ  ’ جی ٹھیک ہے ‘۔

خیال رہے کہ اداکارہ حبا بخاری اور آریز احمد کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے، سوشل میڈیا پر  دونوں اداکاروں کی مایوں سے لی گئی تصاویر وائرل ہیں ۔