لندن قیام مدت ختم، نوازشریف کی سعودی مشیر سے ملاقات

لندن(ویب ڈیسک)لندن میں نوازشریف سے سعودی حکومت کے مشیرعلی عواد العیسری کی اہم ملاقات، سعودی مشیر نے نواز شریف سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا، نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نون کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف سے لندن میںسعودی عالمی امور سے متعلق حکومتی مشیر علی عواد العیسری نے ملاقات کی ہے، ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات پر بھی تبادلہ خیال ہوا،سابق وزیراعظم نواز شریف اور سعودی حکومت کے مشیرعلی عواد العیسری نے اس اہم ملاقات کے دوران پاکستان کی سیاسی،داخلی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔ نوازشریف نے موجود ہ حکومت کے بارے میں بھی اپنے موقف سے آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کے لندن میں قیام کی مدت ختم ہونے کے تناظر میں اس ملاقات کو اہم قرار دیا جارہا ہے۔

قومی ٹیم کو پاور ہٹنگ کوچ کی ضرورت ہے، وسیم اکرم

قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان وسیم اکرم نے زور دیا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو پاور ہٹنگ (جارحانہ بلے بازی والے) کوچ کی ضرورت ہے۔
کراچی میں این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پاور ہٹنگکا تصور بڑھ رہا ہے، پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بھی پاور ہٹنگ کوچ کی ضرورت ہے، جس کے لیے امریکا اور انگلینڈ کے کوچز موزوں ہوسکتے ہیں۔
وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان کے لیے ڈراپ ان پچز کا خیال اور تجربہ اچھا ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ اب دنیا بھر میں تیز پچز پر کرکٹ کھیلی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں کرکٹ بورڈ کے فیصلوں سے بالکل لاعلم ہوں البتہ غیر ملکی کوچ کی تعیناتی کا فیصلہ پی سی بی کا اختیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ثقلین مشتاق کی کوچنگ نے بہت متاثر کیا، کرکٹ میں وقت کے ساتھ تبدیلیوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ کرونا ایک بار پھر دنیا میں بہت تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے، ہمیں وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے بہت زیادہ اختیاط کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ویسے تو دنیا بھر میں لاتعداد کرکٹ لیگز ہورہی ہیں، جس کی وجہ سے سپر لیگ کا متاثر ہونا لازمی بات ہے مگر پی ایس ایل اب ایک بڑا پروڈکٹ بن چکا ہے۔

دسمبر2021 میں تجارتی خسارہ 4 ارب ڈالرز سے زائد رہا

گزرے سال کے آخری مہینے تجارتی خسارہ 4 ارب 13کروڑ 90لاکھ ڈالر اور برآمدات میں 14کروڑ 20لاکھ ڈالر کمی ریکارڈ کی گئی۔
وزارت تجارت نےدسمبر 2021 کے تجارتی اعدادو شمار جاری کردیئے ہیں جس کے مطابق گزشتہ سال کے آخری ماہ خسارہ 4 ارب 13 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز رہا ،دسمبر میں نومبر کے مقابلے برآمدات میں 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز کی کمی ریکارڈ کی گئی اور برآمدات مقررہ ہدف سے 3 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز کم رہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا دسمبر تجارتی خسارہ 24 ارب 78 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز تک پہنچ گیا،جولائی تا دسمبر درآمدات 39 ارب 91 کروڑ ڈالرز سے تجاوز کرگئیں، دسمبر میں برآمدات کا حجم 2 ارب 76 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز رہا ۔
وزارت تجارت کے مطابق دسمبر کیلئے برآمدات کا ہدف 2 ارب 80 کروڑ ڈالرز مقرر تھا ، دسمبر 2021 میں دسمبر 2020 کے مقابلے برآمدات 16.7 فیصد بڑھیں ، دسمبر 2020 میں برآمدات 2 ارب 36 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز تھیں۔
مشیر تجارت کے مطابق دسمبر میں درآمدات 6 ارب 90 کروڑ ڈالرز رہیں ، نومبر کے مقابلے دسمبر میں درآمدات میں ایک ارب ڈالر کی کمی ہوئی ، دسمبر کیلئے درآمدات کا تخمینہ 6 ارب 20 کروڑ ڈالرز تھا، جولائی تا دسمبر برآمدات میں 25 فیصد کا اضافہ ہوا۔
عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ پہلی ششماہی میں 15 ارب 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی برآمدات رہیں ، گزشتہ سال اسی عرصے میں برآمدات 12 ارب11 کروڑ ڈالرز تھیں اور جولائی تا دسمبر برآمدات کا ہدف 15 ارب ڈالرز مقرر تھا۔

کوئٹہ:سی ٹی ڈی کی کارروائی،3مبینہ دہشتگرد گرفتار

ادارہ برائے انسداد دہشتگردی(سی ٹی ڈی ) نےڈیرہ مرادجمالی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 3 مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاع پر مسافر وین سے مبینہ دہشتگردوں کو گرفتا رکرکے اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پکڑے جانےوالے سامان میں 2ہزار400گرام بارود،پرایماکارڈ،ڈیٹونیٹز،نٹ بولٹ اورنقدی شامل ہے جبکہ ملزمان قومی تنصیبات کو نقصان پہنچانے جارہے تھے ۔

بلاول کا زخمی لیگی رکن اسمبلی بلال یاسین کو ٹیلیفون، خیریت دریافت کی

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں زخمی ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین کو ٹیلیفون کیا۔ بلال یاسین کے مطابق ٹیلیفونک رابطے میں بلاول نے خیریت دریافت کی اور حملے کی مذمت بھی کی۔ ان کا کہنا تھاکہ اسپتال میں اسلم گل نے بھی عیادت کی۔ بلال یاسین کے مطابق بیگم نصرت شہباز اور سلمان شہباز نے بھی فون پر خیریت دریافت کی۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور کے موہنی روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ میں رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین زخمی ہوگئے تھے اور وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

کابل ائیرپورٹ حملے میں بھارت کے ملوث ہونے کا انکشاف؟

ودکش بمبار لوغاری رَچنا یونیورسٹی نیو دہلی کا طالب علم تھا۔ انتہا پسند اور دہشتگرد ہندوستان کا چہرہ دُنیا کے سامنے ظاہر ہونے لگا ہے، 26اگست 2021 کابل ائیرپورٹ پر حملے کے چشم کُشا انکشافات سامنے آگے ، نیو یارک ٹائمز نے اس حوالے سے مفصل رپورٹ جاری کر دی ہے۔ نیویارک ٹائمز کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خودکش بمبار لوغاری رَچنا یونیورسٹی نیو دہلی کا طالب علم تھا، اس دوران وہ داعش میں رہتے ہوئے کئی تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھا، امریکی CIAنے اس کی نشاندہی کی تھی۔لوغاری نے کابل ائیرپورٹ کے دھماکے میں 13امریکیوں سمیت 200لوگوں کو خودکش حملے میں ہلاک کیا تھا۔ نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ شدت پسندی ہی نہیں دہشتگردی کو ہوا دینے میں ہندوستان کا بہت بڑا ہاتھ ہے، داعش اور بھارتی گٹھ جوڑ کے حالیہ دہشت گردکارروائیوں خاص کر2019میں سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر بم دھماکے، 2017میں نئے سال کے موقع پر ترکی میں کلب پر حملہ اور 2017میں نیو یارک اورسٹاک ہوم حملے نے دُنیا کو ششدر کر دیا، ان حملوں کی پلاننگ میں بھارتی ہاتھ انتہائی پریشان کُن ہے۔

روسی حمایت یافتہ علیحدگی پسند ملیشیا سے جھڑپ میں یوکرین کا ایک فوجی اہلکار ہلاک

روس کی حمایت یافتہ علیحدگی پسند ملیشیا سے جھڑپ میں یوکرین کا ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوگیا۔ یوکرین کی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ روس کے حمایت یافتہ جنگجوؤں نے گشت پر مامور اہلکاروں پر حملہ کرکے ایک اہلکار کو ہلاک کردیا۔ روس یوکرین کو اپنا حصہ قرار دیکر ایک حصے پر قبضہ بھی کرچکا ہے، یوکرین میں روس علیحدگی پسند مسلح جماعت کے ذریعے مداخلت جاری رکھے ہوئے اور باقی ماندہ علاقے پر علیحدگی پسندوں کی مدد سے قابض ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔اس پر روس کو عالمی دباؤ کا بھی سامنا ہے۔ اس کے جواب میں مغربی ممالک کے دفاعی اتحاد نیٹو نے یوکرین کی مدد کا فیصلہ کیا اور سرحد پر فوجی تعینات کرنا شروع کردیئے۔ روس کے صدر ویلادیمیر پوٹن نے نیٹو کے اس اقدام پر عالمی قوتوں کو بھرپور جوابی وار کی دھمکی بھی دی ہے۔

سابق کپتان مصباح الحق کورونا وائرس کا شکار

کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مصباح الحق کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آگئی ہے۔ کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے کے بعد عالمی شہرت یافتہ بلے باز نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔ سابق کپتان مصباح الحق نجی دورے پر امریکہ گئے تھے جہاں سے واپسی پر ان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مصباح الحق نے جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے قوم سے دعا کرنے کی اپیل کی ہے۔

گریٹر اقبال پارک میں برقع پہن کر خواتین کو ہراساں کرنے والے 2 نوجوان گرفتار

لاہور کےگریٹر اقبال پارک میں برقع پہن کر خواتین کو ہراساں اور تنگ کرنے والے 2 نوجوانوں کو گرفتارکر لیا گیا۔ پولیس کےمطابق ملزم سبحان اور عثمان برقع پہن کرگریٹر اقبال پارک میں آئی فیملیز کو ہراسا ں کر رہے تھےکہ اینٹی رائٹ فورس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ ملزموں کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ لاری اڈا منتقل کردیا گیا، ایس پی اینٹی رائٹ فورس کا کہنا ہےکہ ملزموں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائےگی۔

فیصل آباد: 2 بہنوں کا قتل، ملزم کی نشاندہی پر ایک کے شوہر کی لاش بھی برآمد

فیصل آباد میں دو بہنوں کے قتل کے الزام میں گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر قتل ہونے والے تیسرے شخص کی لاش بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ گرفتار ملزمان نے قتل ہونے والی ایک بہن کے شوہر کو بھی قتل کرکے نعش نہر میں بہانے کا اعتراف کیا تھا۔ پولیس کے مطابق فیصل آباد کے علاقے ماموں کانجن کے سیم نالہ میں تیرتے پلاسٹک ڈرم سے دو بہنوں زینب اور آمنہ کی لاشیں ملی تھیں، خواتین کی شناخت کے بعد ان کے موبائل فون ڈیٹا سے انہیں قتل کرنے والے تین ملزمان کو دو روز قبل گرفتار کر لیا گیا تھا۔ تفتیش میں ملزم عمر فاروق نے آمنہ سے سوشل میڈیا کے ذریعے دوستی کے بعد اس کے شوہر وہاڑی کے رہائشی ظفر کو قتل کرنے اور لاش کو ٹرنک میں بند کر کے نہر میں بہانے کا اعتراف کیا۔ ملزم کی نشاندہی پر گزشتہ روز مقتول ظفر کی لاش تلاش کرلی گئی جبکہ دونوں بہنوں کی لاشیں بھی ورثا نے وصول کرکے تدفین کردی۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے دونوں بہنوں کو قتل کرنے کے بعد ان کے تین کم سن بچوں کو ماموں کانجن سے لے جاکر دریا پار ساہیوال کے علاقے میں ریلوے پٹری کے قریب چھوڑ دیا تھا جنہیں مقامی پولیس نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو لاہور کی تحویل میں دے دیا ہے۔