بدعنوان قیادت ہی کرپشن کو قابل قبول بناتی ہے، وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بدعنوان قیادت ہی کرپشن کو قابل قبول بناتی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے عالمی اسکالرز کے ساتھ مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں جنسی جرائم میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور معاشرے کو کرپشن اور جنسی جرائم کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادتی کے واقعات کے خلاف ہمیں لڑنا ہو گا اور بدعنوان قیادت ہی کرپشن کو قابل قبول بناتی ہے اس لیے ہمیں کرپشن کو بھی ناقابل قبول بنانا ہو گا۔ عمران خان نے کہا کہ موبائل فون کی وجہ سے ہمیں مسائل کا سامنا ہے کیونکہ موبائل فون سے معلوماتی مواد کے ساتھ فحش مواد بھی ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادتی کے واقعات خواتین کے ساتھ بچوں کے ساتھ بھی ہو رہے ہیں اور بہت سارے معاشروں کو اس صورت حال کا سامنا ہے۔ پاکستان سمیت مسلم ممالک کو ایک جیسے مسائل درپیش ہیں۔

عثمان بزدار کی بچت پالیسی، وزیراعلیٰ آفس کے اخراجات میں 9 کروڑ 60 لاکھ روپے کمی

بچت اورکفایت شعاری میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا، وزیراعلیٰ آفس کے اخراجات میں نمایاں کمی کی مثال قائم کر دی۔ وزیراعلیٰ آفس کے مطابق شہباز شریف کے دور میں آفس کے مجموعی اخراجات 23 کروڑ 90 لاکھ روپے تھے جبکہ بزدار دور کے مالی سال 2020-21 میں مجموعی اخراجات 14کروڑ 30لاکھ روپے رہے، اس طرح وزیراعلیٰ آفس کے اخراجات میں واضح کمی آئی۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ آفس سمیت پنجاب بھر میں شاہ خرچیوں کا کلچرختم کر دیا ہے، ہم قومی وسائل کی پائی پائی کے امین ہیں۔

چند روز سے مجھ پر حملہ کرنے سے متعلق دھمکی آمیز کالز آ رہی ہیں: حلیم عادل

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحلیم عادل شیخ کہتے ہیں کہ گزشتہ تین چار روز سے ایک نمبر سے دھمکی آمیز کالزآرہی ہیں، اسلحے کی تصاویربھی بھیجی جا رہی ہیں، بتایا گیا ہےکہ مجھ پرحملہ ہوسکتا ہے۔ اپنے ویڈیو بیان میں حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ دھمکی آمیز کالز سے متعلق میرے پی ایس نے ایف آئی اے کو درخواست بھی جمع کرائی ہے، کل رات سے ایک اور ویڈیو مختلف گروپس میں وائرل ہورہی ہے، ویڈیو میں دکھانے کی کوشش کی جارہی کہ سندھ پولیس مجھ سے ناراض ہے، میں پولیس کے ہاتھوں مارے جانے والے بے گناہوں کی آواز بنتا ہوں، میری کوئی پولیس سے دشمنی نہیں ہے، کسی پولیس والے کے ساتھ ظلم ہوتا ہے تو میں پولیس کے ساتھ کھڑا ہوتا ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اوباوڑو میں ہیڈ کانسٹیبل سلطان رند کو مارا گیا میں ان کے گھر پہنچا تھا، سہراب گوٹھ میں ایس ایچ او اور ٹیم نے ڈاکوؤں کو مارا ، میں نے تھانے جا کر انہیں شاباش اور انعام دیا، پہلے کلاشنکوف آئی، پھر سرکاری جی تھری آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ، مراد علی شاہ معاملے کی کھوج نکالنے کے ذمے دار ہیں، میری اگر سیاسی مخالفت ہے تو وہ پی پی سے ہے جسے دشمنی بنا دیا گیا ہے، میں عمران خان کا سپاہی ہوں، صرف اللہ کی ذات سے ڈرتا ہوں، ان ظالموں کے خلاف مظلوموں کی جنگ لڑتا رہوں گا۔

سندھ واحد صوبہ ہے جہاں شہری صحت کارڈ سے مستفید نہیں ہوں گے: فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سندھ واحدصوبہ ہے جس کے شہری صحت کارڈ سے مستفید نہیں ہوں گے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے لوگوں سے نجانے کس چیز کا بدلہ لے رہی ہے، سندھ میں اسپتالوں کا جو حال ہیں اس سے عام آدمی متاثر ہو رہا ہے۔

ملک میں مہنگائی سے متعلق سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں مہنگائی ہے لیکن پاکستان میں معاشی استحکام واپس آ رہا ہے، اب صورت حال میں بہتری آنا شروع ہو گی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی واپسی کے لیے وزیراعظم نے اٹارنی جنرل کوہدایت جاری کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف نواز شریف کو واپس لائیں یا جعلی حلف نامے پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے،  یہاں موٹر سائیکل چوری ہونے پر  بھی پولیس بہو اور  بیٹیوں کو بھی اٹھا کر لے جاتی ہے، ہائی کورٹ کو اس معاملے پر ازخود نوٹس لے کر شہباز شریف کو بلاناچاہیے۔

فنانس ترمیمی بل کے حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ فنانس ترمیمی بل 15 سے 20 جنوری تک پاس ہو جائے گا، ہم نے 5 سالوں میں 55 بلین ڈالر واپس کرنے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی نہیں رکھا بلکہ اسٹیٹ بینک کا آزاد ہونا پاکستان کے مفاد میں ہے۔

جنوبی افریقہ کی پارلیمنٹ میں آتشزدگی، آگ بجھانے کی کوششیں جاری

جنوبی افریقہ کی پارلیمنٹ میں آتشزدگی سے دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں،فائر بریگیڈ کی جانب سے آگ بجھانے سمیت امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ خبرایجنسی کے مطابق جنوبی افریقہ کی پارلیمنٹ میں لگی آگ بےقابو ہو گئی،فائر بریگیڈ کی متعدد ٹیمیں آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں تاہم تاحال کامیابی نہیں ملی۔ آگ بڑے پیمانے پر پھیلنے کے سبب قومی اسمبلی کی دیواروں میں دراڑیں پڑگئیں۔ حکام کی جانب سے آگ لگنے کی وجوہات نہیں بتائی گئیں۔

سال 2021: بھارتی فوج کے ہاتھوں 210 کشمیری شہید

مقبوضہ کشمیر میں سال 2021 کے دوران قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں 210 کشمیری شہید ہو گئے۔ کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے صرف گزشتہ ماہ دسمبر 2021 میں 31 کشمیریوں کو شہید کیا جس میں ایک بڑی تعداد نوجوانوں کی تھی۔ گزشتہ سال بھی قابض بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری رہا اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی دہشتگردی کے خلاف عالمی میڈیا بھی بول اٹھا۔ سال بھر مظاہرین پر بھارتی فوج اور پولیس کی جانب سے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔ بھارتی حکام نے ڈیڑھ مہینے سے جامع مسجد سری نگر میں جمعہ کی نماز ادا کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ 33 برسوں کے دوران 95 ہزار 948 کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔

ملک میں کورونا کی نئی لہر کے آثار نمایاں ہیں، اسد عمر

سربراہ این سی اوسی اسد عمر نے نے کورونا کی نئی لہر شروع ہونے کا خد شہ ظاہر کر دیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے سربراہ اسد عمر نے خطرے کی گھنٹی بجادی۔ انہوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کورونا کی نئی لہر کے آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ملک میں کورونا کی نئی لہر کے آثار نمایاں ہیں جس کا پچھلے چند ہفتوں سے خطرہ تھا۔ انہوں نے کہا ہے کہ خاص طور پرکراچی میں اومی کرون ویرینٹ کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔ کورونا کی نئی لہر سے بچنے کا بہترین حل ماسک پہننا ہے۔

فرانس: 132 ٹن وزنی پتھر جسے اکیلا شخص بھی ہلا سکتا ہے

شمالی مشرقی فرانس میں ایک ایسا 132 ٹن وزنی پتھر ہے جسے کوئی بھی اکیلا شخص ہلا سکتا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فرانس میں ایک جنگل ایسا بھی ہے جو رنگ برنگی چٹانوں سے بھرا پڑا ہے اور جہاں لاتعداد ارضیاتی عجوبے پائے جاتے ہیں۔ اسی جنگل میں ایک پتھر ایسا بھی ہے جو 132 ٹن وزنی ہے تاہم اسے اکیلا شخص بھی ہلا سکتا ہے لیکن اس کے لیے شرط یہ ہے کہ اسے پتھر کو ہلانے کے لیے درست مقام کا پتہ ہو۔ ویل گوت نامی جنگل میں پڑا یہ پتھر بہت مشہور ہے اور بظاہر وہ اتنا بڑا ہے کہ اسے دیکھ کرگمان ہوتا ہے کہ یہ ناقابلِ جنبش ہے اور دیکھنے والا یہی سوچتا ہے کہ کوئی بھی اسے نہیں ہلا سکتا ہے لیکن یہ چٹان نما پتھر بہت آسانی سے ہلایا جاسکتا ہے۔ پتھر کو ہلانے کے لیے شرط ہے کہ آپ کو اس کے ہلانے کے درست مقام کا معلوم ہو کیونکہ وہ پتھر کے مرکزِ ثقل پر اثرانداز ہوتی ہے۔ یہ پتھر نیچے سے تنگ ہے اور اوپر سے قدرے وسیع ہے۔ اس پتھر کو لوگان کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ جو لوگ بھی اس پتھر کو ہلاتے ہیں وہ خود کو بہت طاقتور تصور کرتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہے۔ اگرچہ اس پتھر کی اونچائی انسان سے بھی بلند ہے اور اگر اس پتھر کے نچلے حصے پر دونوں ہاتھوں سے اسے اٹھائیں تو یہ واضح طور پر ہلتا ہے۔

بلال یاسین پر حملے کیلئے پستول نیلا گنبد مارکیٹ سے خریدا گیا، 3 اسلحہ ڈیلر زیرحراست

بلال یاسین پر حملے میں استعمال ہونے والا پستول لاہور کی نیلا گنبد مارکیٹ سے خریدا گیا، پولیس نے تین اسلحہ ڈیلرز کو حراست میں لے لیا۔ لیگی رہنما بلال یاسین پر حملے کی تحقیقات میں پیش رفت، تازہ تحقیقات کے مطابق لیگی ایم پی اے پر اجرتی قاتلوں نے فائرنگ کی، ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ملزمان نے جس پسٹل سے فائرنگ کی وہ فرار ہوتے ہوئے ان سے گر پڑا تھا، ملزمان کے فرار کے دوران کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی پسٹل گرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ کے قریب ملنے والے پسٹل کو فرانزک کے لیے بھجوادیا ہے، پسٹل کس نام پر رجسٹرڈ ہے، تحقیقات کی جارہی ہیں۔ علاوہ ازیں بلال یاسین نے حملہ آوروں کےخلاف اندراج مقدمہ کےلیے پولیس کو درخواست دیدی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق کونسلر میاں اکرم کو ملنے موہنی روڈ آیا تھا، ان کے گھر کے باہر بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل پر دو حملہ آور آئے، جنہوں نے جینز کی پینٹ اور جیکٹس پہن رکھیں تھیں، انہوں نے موٹر سائیکل سے اتر کر جان سے مارنے کےلیے فائرنگ کردی، ایک فائر پیٹ اور دوسرا بائیں ٹانگ پر لگا تو میں گرگیا۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بلال یٰسین سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔ لیگی ایم پی اے نے عثمان بزدار کو فائرنگ سے متعلق واقعہ سے آگاہ کیا۔ لیگی ایم پی اے بلال یاسین کا کہنا تھا کہ کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اس طرح حملہ ہوگا، کبھی کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا، میری کسی سے کوئی دشمنی نہیں، حملہ آوروں کو پولیس والاسمجھ رہا تھا۔

روسی طیاروں کی شام پر بمباری میں خاتون اور بچہ جاں بحق، 10 زخمی

روس کے لڑاکا طیاروں نے شام کے ایک گاؤں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے جن میں سے 4 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لازکیہ کے خمیمیم بیس سے اڑان بھرنے والے روسی جنگی طیاروں نے گاؤں نہرولبیاد پر بمباری کی جس میں کئی گھر تباہ ہوگئے۔ بمباری کے نتیجے میں ایک خاتون اور ایک بچہ جاں بحق جب کہ دیگر 10 افراد زخمی ہوگئے۔
روسی فوج کا کہنا ہے کہ حملہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کیا گیا تاہم سیریئن آبزرویٹری کے مطابق فضائی حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے شہری تھے۔ شہریوں کے املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب بشار الاسد کی حکومتی فورسز نے بھی حلب کے مغربی دیہی علاقوں کینفرا، کیفرتال اور بینین کے دیہاتوں پر چھاپہ مار کارروائی کیں جس میں بڑے پیمانے پر اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ترکی اور روس کے درمیان 5 مارچ 2020 کو ہونے والے معاہدے کے باوجود کئی علاقے اب بھی شورش زدہ ہیں۔