ووٹ سے خوفزدہ حکومت عوام اور آئین کا مذاق اڑا رہی ہے: فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں عدالتی احکامات کے باوجود انتخابات روک دیئے گئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چودھری نے لکھا کہ ووٹ سے خوفزدہ حکومت اپنے کٹھ پتلی الیکشن کمشنر کے ساتھ مل کر عوام اور آئین کا مذاق اڑارہی ہے، اسلام آباد میں ووٹر پولنگ سٹیشن کے باہر کھڑے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ عدالت اپنے فیصلے پر عملدرآمد کروائے اور توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، امپورٹڈ حکومت کو ملک پر مسلط کرنے کا بھیانک کھیل ملک کیلئے تباہ کن ثابت ہوا۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ 2022 کا سال پاکستان کی معیشت کیلئے تباہ کن ثابت ہوا، تمام اعشاریے منفی ہوگئے، معیشت کی تباہی کی بنیادی وجہ سیاسی عدم استحکام ہے۔

نان بائیوں کا ازخود ہی روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں نان بائیوں نے انتظامیہ کی منظوری کے بغیر ہی روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔
نان بائیوں کے من مانے اضافے کے بعد 20 روپے والا نان 25 اور 15 روپے والی روٹی 20 روپے کی ہوگئی ہے۔
دوسری جانب لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے نان اور روٹی کی قیمت بڑھانے سے انکار کر دیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے اجازت نہ دینے پر نان بائی ایسوسی ایشن نے اجلاس بلا لیا، نان بائی ایسوسی ایشن نے نان کی قیمت 35 روپے اور روٹی کی قیمت 25 روپے مقرر کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔
اسلام آباد میں روٹی کی قیمت میں 2 روپے، نان کی قیمت میں 5 روپے اور پراٹھے کی قیمت میں 10 روپے کا اضافہ کردیا گیا جبکہ روٹی 20 روپے اور پراٹھا 50 روپے کا ہوگیا۔

اسلام آباد میں شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کرانے کا سنگل بنچ کا فیصلہ چیلنج

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد میں شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کرانے کا سنگل بنچ کا فیصلہ چیلنج کر دیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ہائیک ورٹ فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی، درخواست میں رہنما جماعت اسلامی میاں اسلم اور علی نواز اعوان کو فریق بنایا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے انٹرا کورٹ اپیل پر آج ہی سماعت کی استدعا کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے موقف اختیار کیا ہے کہ اتنے کم وقت میں بلدیاتی انتخابات کرانا ممکن نہیں، 14 ہزار سے زائد عملہ، سکول ٹیچرز اور دیگر ملازمین سرما کی تعطیلات پر ہیں۔

اسلام آباد بلدیاتی الیکشن: عدالتی حکم کے باوجود پولنگ شروع نہ ہو سکی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ کے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی الیکشن کرانے کے حکم کے باوجود شہر اقتدار میں پولنگ سٹیشنز پر مکمل سناٹا ہے جبکہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ شروع نہیں ہو سکی۔
الیکشن کمیشن کا عملہ بھی متعلقہ پولنگ اسٹیشنز تک نہ پہنچ سکا جبکہ اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ 8 بجے شروع ہونی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق 31 دسمبر کو ہی کرانے کا حکم دیا تھا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کی درخواستوں پر مختصر تحریری فیصلہ جاری کیا، فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کا 27 دسمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے، اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق کرائے جائیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلے میں کہا کہ وفاقی حکومت انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کو مکمل معاونت فراہم کرے، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کی درخواست پر محفوظ شدہ فیصلہ جسٹس ارباب محمد طاہرنے پڑھ کر سنایا۔

شمالی کوریا کے مزید 3 بیلسٹک میزائل تجربات، جنوبی کوریا ،جاپان کی مذمت

پیانگ یانگ: (ویب ڈیسک) شمالی کوریا نے جاپان کی ساحلی حدود میں کم فاصلے تک مار کرنے والے 3 بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کے فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ ہفتے کی صبح شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ کے جنوب سے تین میزائل فائر کئے گئے۔ فوجی ترجمان کے مطابق شمالی کوریا کے مسلسل میزائل تجربات کے بعد انہوں نے اپنے سرحدی علاقوں کی نگرانی مزید سخت کردی ہیں جبکہ امریکا کے ساتھ مشقیں جاری رہیں گی۔ دوسری جانب جاپان کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ شمالی کوریا کے مشتبہ بیلسٹک میزائل مشرقی ساحل کی طرف پانی میں گرے ، میزائل گرنے سے کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔ جاپانی وزارت دفاع کے مطابق داغے گئے میزائلوں نے تقریباً 100 کلومیٹر کی بلندی تک پرواز کی اور 350 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ جنوبی کوریا اورجاپان کی جانب سے شمالی کوریا کے میزائل تجربات کی شدید مذمت کی گئی ہے ۔ خیال رہے کہ شمالی کوریا نے بین الاقوامی پابندیوں کے باوجود رواں سال 90سے زائد کروز اور بیلسٹک میزائل تجربات کیے ہیں ، ان میزائل تجربات میں ایک بین البراعظمی بیلسٹک میزائل بھی شامل ہے جو امریکی سرزمین تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

جمہوریت کا راگ الاپنے والے سب سے بڑے آمر ثابت ہوئے ہیں: مسرت جمشید

لاہور: (ویب ڈیسک) ترجمان حکومتِ پنجاب اور رہنما پاکستان تحریک انصاف مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے قانون کو مذاق بنا دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مسرت جمشید چیمہ نے لکھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود الیکشن کمیشن کا عملہ غائب ہے، جمہوریت کا راگ الاپنے والے سب سے بڑے آمر ثابت ہوئے ہیں۔ ترجمان پنجاب حکومت کا مزید کہنا تھا کہ عدالتی حکم کی یوں خلاف ورزی پر عوام کا عدالتی نظام سے اعتبار اٹھ جائے گا۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں موسم شدید سرد رہے گا، پنجاب، خیبر پختونخوا، بالائی سندھ کے میدانی علا قوں میں شدید دھند پڑنے کی توقع ہے جبکہ خطۂ پوٹھوہار میں کہرا پڑنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک جبکہ صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے، جہلم، لاہور، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، فیصل آباد میں شدید دھند پڑنے کی توقع ہے۔ جھنگ، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، ساہیوال، بھکر، لیہ میں شدید دھند پڑے گی، بہاولپور، بہاولنگر،ملتان، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان میں شدید دھند پڑنے کی توقع ، خطۂ پوٹھوہار میں صبح کے اوقات میں چند مقامات پر کہرا پڑنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، سکھر، لاڑکانہ، حیدر آباد اور موہنجوداڑو میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، پشاور، رشکیئ ، نوشہرہ، مردان، صوابی، چارسدہ اور ڈی آئی خان میں شدید دھند پڑنے کا امکان جبکہ گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کشمیر میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا، کشمیر میں صبح کے اوقات میں چند مقامات پر کہرا پڑنے کا امکان ہے۔

اساتذہ کے پنجاب حکومت کیساتھ مذاکرات کامیاب، دھرنا ختم

لاہور: (ویب ڈیسک) میں پانچ دن سے احتجاج کرنے والے اساتذہ کے پنجاب حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ اساتذہ کی تنظیم کے میڈیا کوآرڈی نیٹر نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا حکومت نے یقین دلایا ہے کہ گریڈ 16 کے کنٹریکٹ اساتذہ کی مستقلی کا نوٹی فکیشن جلد جاری ہو جائے گا۔ لاہور میں زمان پارک کے سامنے اساتذہ کی جانب سے دیے گئے دھرنے میں شدید سردی کے باوجود بچے اور خواتین بھی شامل رہے۔ اساتذہ کا مطالبہ تھا کہ پنجاب حکومت اساتذہ کو نوکریوں پر مستقل کرے، دھرنے کے باعث مال روڈ، مغل پورہ اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک جام رہا۔ پنجاب بھر کے اساتذہ پانچ دن سے کلب چوک، مال روڈ اور کینال روڈ پر زمان پارک کے باہر دھرنا دے رہے تھے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ 10 ہزار سے زائد اساتذہ 14 سال سے کنٹریکٹ پر کام کر رہے ہیں، حکومت وعدے کرتی ہے لیکن مستقل نہیں کرتی۔ شام کو بھی خون جما دینے والی سردی میں مظاہرین نے زمان پارک کے باہر دھرنا دیا، خواتین کمسن بچوں کے ہمراہ دھرنے میں شریک رہیں۔

کورونا کے مزید 12 کیسز مثبت، 26 مریضوں کی حالت تشویشناک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 899 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 899 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 12 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.24 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 26 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے ایم پی ایز سمیت 8 رہنما پیپلزپارٹی میں شامل

کراچی: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے سابق صوبائی وزیر سمیت تین اہم سیاسی شخصیات نے سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کے بعد پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
بلوچستان کی اہم شخصیات نے سابق صدر آصف علی زرداری سے بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کی اور اُن کی مفاہمتی پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے ملک کی موجودہ صورت حال میں کردار کو سراہا۔
ملاقات کے بعد بلوچستان کے سابق صوبائی وزیر خزانہ اور تعلیم ظہور بلیدی، میر اصغر رند اور بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما عبد الرؤف رند نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
علاوہ ازیں بلوچستان عوامی پارٹی کے اراکین اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر میر سلیم کھوسو، عارف محمد حسنی اور سابق صوبائی وزیر میر فائق جمالی اور سابق ضلعی چیئرمین شکیل دُرانی بھی پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے۔
شمولیت کے اعلان پر سابق صدر نے تینوں رہنماؤں کو خوش آمدید کہا اور اُن کو پارٹی پرچم والے مفلر پہنائے۔